Category Archives: روز و شب

بيوياں

“اے بھلے لوگو ۔ آپ کی بيوياں آپ کی محبت کی حقدار ہيں ۔ يہ محبت کا مجسمہ ہيں ۔ اِن سے پيار کا سلوک رکھا کرو ۔ يہ نرم دل رکھتی ہيں ۔ ان سے سخت بات نہ کيا کرو ۔ اگر کوئی اُونچی نيچی بات کہہ ديں تو غُصہ نہ کيا کرو مُسکرا ديا کرو ۔ ان کی ضروريات کا خيال رکھا کرو ۔ ان کی چھوٹی چھوٹی خواہشات ہوتی ہيں ۔ جائز طريقہ سے پوری ہوتی ہوں تو پوری کر ديا کرو ورنہ بعد میں آرام سے سمجھا ديا کرو”

ميں نے اللہ کے فضل سے شادی شُدہ زندگی کے 42 سال 4 ماہ اس پر عمل کيا ہے ليکن يہ الفاظ ميرے نہيں ہيں بلکہ مولوی عبدالعزيز کے ہيں جو اُنہوں نے ايک جمعہ کے دن سب مقتديوں کو مخاطب کر کے کہے تھے اور ميں بھی مقتديوں ميں شامل تھا

ہاں جناب ۔ وہی عبدالعزيز جسے پرويز مشرف نے دہشتگرد ظاہر کرتے ہوئے لال مسجد اور جامعہ حفصہ پر فوج کشی کا حُکم ديا تھا پھر امريکی ڈرون نے تصاوير لے کر بتايا کہ عمارت کے اندر کہاں کہاں انسان موجود ہيں پھر سينکڑوں بے قصور انسانوں کو بھُون کے رکھ ديا تھا ۔ ان ميں بھاری اکثريت 4 سے 17 سال کی يتيم و نادار بچيوں کی تھی اور عبدالعزيز کی بوڑھی والدہ ۔ 17 سالہ بيٹا اور ايک بھائی بھی شامل تھا ۔ عبدالعزيز کے بھائی کے علاوہ کسی کی لاش بھی نہ مل سکی تھی ۔ صرف کيپيٹل ڈويلوپمنٹ اتھارٹی کے غير مسلم خاکروبوں اور دوسرے مزدوروں کی زبانی معلوم ہوا تھا کہ اُنہيں بھاری معاوضہ کے عوض رات کے وقت ڈيوٹی پر بُلايا گيا تھا اور اُنہوں نے ہاتھوں پر تھيلے چڑھا کر اور ناک پر کپڑا باندھ کر لال مسجد اور جامعہ حفصہ میں جلی ہوئی لاشوں اور ہڈيوں کو سميٹ کر رات کے اندھيرے ميں ٹرکوں پر لادا تھا مگر اُنہيں يہ معلوم نہيں تھا کہ وہ ٹرک کہاں گئے تھے

تاريخ ۔ مُولد النبی صلی اللہ عليہ و آلہ و سلّم

ميں اس سے قبل اس سلسلہ ميں مندرجہ ذيل تحارير لکھ چکا ہوں ۔ تاریخ ولادت سيّدنا محمد صلی اللہ عليہ و آلہ و سلّم کے متعلق تاريخی خلاصہ نقل کر رہا ہوں
ربيع الاول ہی نہيں ہر ماہ ہر دن
عشقِ رسول
جشنِ عيد ميلادُالنبی کی تاریخ

اميرالدين مدرسہ تعليم القرآن نواں شہر ملتان ۔ سيرت طيّبہ ۔ ص76 ۔ لکھا ہے کہ قول مختار يہ ہے کہ 5 ربيع الاول کو آپ صلی اللہ عليہ و آلہ و سلّم پيدا ہوئے

زادالمعاد ۔ ج 1 ص 68 مترجم رئيس احمد جعفری ۔ حافظ ابن قيم متوفی 751ھ نے لکھا ہے کہ جمہور قول يہ ہے کہ 8 ربيع الاول کو آنحضرت صلی اللہ عليہ و آلہ و سلّم کی ولادت ہوئی

رحمت للعالمين ۔ قاضی سليمان منصور پوری ۔ ج 1 ص 43 ۔ لکھا ہے کہ ہمارے نبی موسم بہار دوشنبہ کے دن 9 ربيع الاول کو پيدا ہوئے

تاريخ اسلام ۔ اکبر شاہ نجيب آبادی ۔ حصہ اول ص 72 ۔ لکھا ہے کہ 9 ربيع الاول 571ء بروز سوموار بعد از صبح صادق اور قبل از طلوع آفتاب آنحضرت صلی اللہ عليہ و آلہ و سلّم پيدا ہوئے

تاريخ اسلام ۔ معين الدين احمد ندوی ۔ ج 1 ص 25 ۔ لکھا ہے کہ عبداللہ کی وفات کے چند مہينوں بعد عين موسم بہار اپريل 571ء 9 ربيع الاول کو عبداللہ کے گھر فرزند تولد ہوا ۔ بوڑھے اور زخم خوردہ عبدالمطلب پوتے کی پيدائش کی خبر سن کر گھر آئے اور نومولود کو خانہ کعبہ لے جا کر اس کيلئے دعا مانگی

محبوب خدا ۔ چوہدری افضل حق ۔ ص 20 ۔ لکھا ہے کہ 20 اپريل 571ء بمطابق 9 ربيع الاول دوشنبہ کی مبارک صبح کو قدسی آسمان پر جگہ جگہ سرگوشيوں ميں مصروف تھے کہ آج دعائے خليل اور نويد مسيحا مجسم بن کر دنيا ميں ظاہر ہو گی

رسول کامل ۔ ڈاکٹر اسرار احمد ۔ ص 23 ۔ لکھا ہے کہ 9 ربيع الاول کو پيدائش کا دن ٹھہرايا

قصص القرآن ۔ حفظ الرحمٰن سوہاری ۔ ج 4 ص 9 ۔ لکھا ہے کہ 9 ربيع الاول کو پيدائش کا دن ٹھہرايا

الطبقات الکبری لا بن سعد ۔ 1/100مطبوعہ بيروت ۔ لکھا ہے کہ ماہ ربيع الاول کی 10 راتيں گذری تھيں کہ دو شنبہ کے دن رسول اللہ صلی اللہ عليہ و آلہ و سلّم پيدا ہوئے

دين مصطفٰی ۔ محمود احمد رضوی ۔ ص 84 ۔ لکھا ہے کہ واقعہ فيل کے پچپن روز بعد 12 ربيع الاول مطابق 20 اپريل 571ء حضور صلی اللہ عليہ و آلہ و سلّم کی ولادت ہوئی

ضياء القرآن ۔ پير کرم شاہ الازہری ۔ ج 5 ص 665 ۔ لکھا ہے کہ 12 ربيع الاول کو حضور صلی اللہ عليہ و آلہ و سلّم رونق افروز گيتی ہوئے

تبرکات صدرالافاضل مرتبہ حسين الدين سواداعظم لاہور ۔ لکھا ہے کہ 12 ربيع الاول کی صبح صادق کے وقت مکہ مکرمہ ميں آپ کی ولادت ہوئی

چودہ ستارے ميں سيّد نجم الحسن کراروی ۔ص 28 ، 29 میں لکھا ہے کہ نے پيدائش کا دن 17 ربيع الاول ہے

البشر لاہور ہادی انسانيت نمبر فروری 1980 ص 50 مضمون چودہ معصومين کے مطابق فقہ جعفريہ کے علماء کے نزديک طے شدہ تاريخ ولادت 17 ربيع الاول ہے

[مندرجہ بالا حوالوں کے مطابق تاریخ ولادت مبارک ربی الاول کی 5 يا 8 يا 9 يا 10 يا 12 يا 17 ہے يعنی درست تاريخ کا تعيّن مشکل ہے

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ عادت

ایک کچھوا دریا میں تیر رہا تھا کہ اسے “بچاؤ بچاؤ” کی آواز آئی ۔ اُس نے دیکھا کہ ایک بچھو ڈُبکیاں کھاتا بہتا جا رہا ہے ۔ کچھوے نے بڑھ کر اُسے اپنی پیٹھ پر اُٹھا لیا اور دریا کے کنارے کی طرف تیرنے لگا ۔ لمحے بعد کچھوے کو ٹُک ٹُک کی آواز آئی تو پوچھا “یہ میری کمر پر کیا مار رہے ہو ؟” بچھو نے کہا “ڈنک مارنا میری عادت ہے”۔ کچھوے نے کہہ کر”اور میری عادت ڈُبکی لگانا ہے” ڈُبکی لگائی اور بچھو ڈوب گیا

شیخ سعدی

میرا دوسرا بلاگ ” حقیقت اکثر تلخ ہوتی ہے ۔ Reality is often Bitter
” پچھلے ساڑھے پانچ سال سے معاشرے کے کچھ بھیانک پہلوؤں پر تحاریر سے بھر پور چلا آ رہا ہے ۔ اور قاری سے صرف ایک کلِک کے فاصلہ پر ہے

چھوٹی چھوٹی باتيں ۔ بُزدلی اور بہادری

بہادر یا دلیر کا مفہوم وطنِ عزیز میں اتنا بگاڑ دیا گیا ہے کہ اصل مفہوم عوام کے ذہنوں سے ماؤف ہو چلا ہے ۔ عصرِحاضر میں بہادر مرد اُسے سمجھا جاتا ہے جو کسی کو تھپڑ مار دے ۔ گھونسہ جَڑ دے یا گولی مار دے ۔ اور کچھ نہیں تو کھڑے کھڑے کسی کی بے عزتی کر دے ۔ کچھ ناہنجار تو سڑک پر جاتی لڑکی یا عورت پر آوازہ کسنے يا اُس کے جسم پر ہاتھ پھیرنے کو بہادری سمجھتے ہیں ۔ اس کے برعکس کچھ عورتیں مردوں کو کھری کھری سنانا يا بے عزتی کرنے کو بہادی سمجھتی ہیں ۔ کچھ مرد و زن ایسے ہیں کہ دوسرے کو نیچ ذات یا کم عِلم کہنے کو بہادری سمجھتے ہیں ۔ صاحبِ فہم لوگ ان حرکات کو بُزدلی کی نشانی قرار دیتے ہیں اور نفسیات کے ماہرین اسے نفسیاتی مرض احساسِ کمتری سے تعبیر کرتے ہیں گو ايسے لوگوں کو احساسِ برتری ہوتا ہے

سوال پیدا ہوتا ہے کہ بہادری کیا ہے ؟ سب سے بڑی بہادی اپنی غلطی کو بغیر کسی دباؤ کے ماننا اور اگر اُس غلطی سے کوئی متاءثر ہوا ہو تو اُس سے صدق دِل سے غیر مشروط معافی مانگنا ہے ۔ اس سلسلہ میں مجھے دو واقعات یاد آئے ہیں ۔ دونوں کے وقوع پذير ہونے کا عمل ايک ہی تھا جو ہوا تو بے خبری ميں تھا ليکن نتائج بھيانک تھے

پہلا واقعہ بزدلی کا چار دہائیاں پیچھے کا ہے ۔ دفتر میں بیٹھے خبر ملی کہ محکمہ کے ایک سینیئر کلرک نے خود کُشی کر لی ہے ۔ ہوا يوں کہ خفیہ معاملات کی ايک فائل [Secret File] گم ہو گئی تھی جو اُس کلرک کی الماری میں ہوتی تھی ۔ کلرک کو تفتيش کيلئے کسی خفيہ ادارے کے حوالے کيا گيا تھا کہ ايک دن اُس نے خودکُشی کر لی ۔ اُس کے ساتھ کام کرنے والوں سے معلوم ہوا کہ کلرک شریف اور دیانتدار تھا ۔ اُس کا کہنا تھا کہ اُس نے وہ فائل جنرل منیجر صاحب کو دی تھی اور پھر واپس اُس کے پاس نہیں پہنچی تھی ۔ اس ڈر سے کہ اُس کے بیان کو سچ مان لیا گيا تو الزام جنرل منیجر یا کم از کم جنرل منیجر کے کوآرڈینیشن آفیسر پر آئے گا کسی نے جنرل منيجر کے دفتر کی تلاشی لينے کا نہ سوچا ۔ میں نے کوآرڈینیشن آفیسر سے پوچھا کہ “جنرل منیجر کی ميز کی ساری درازیں باہر نکال کر اور میز اُٹھا کر دیکھا تھا” ۔ اُس نے جواب دیا “الماری اور درازيں ديکھی تھيں”۔ خیر مرنے والا مر چکا تھا بات آئی گئی ہو گئی ۔ کچھ ماہ بعد جنرل منیجر کے کمرے میں رنگ روغن کرنے کیلئے میز اُٹھائی گئی تو وہ فائل میز کے نیچے سے نکلی

دوسرا واقعہ ایک غیر مسلم کا ہے ۔ مئی جون 1999ء میں امریکا کی ایک ریاست میں ایک اعلٰی معیار کی یونیورسٹی میں سالانہ امتحانات ہوئے ۔ ایک غیر ملکی مسلم طالبعلم کا پرچہ گُم [Answer sheet] ہو گیا ۔ طالبعلم کا مسلک تھا کہ پرچہ حل کرنے کے بعد اُس نے اُسی جگہ پر رکھا تھا جہاں باقی سب نے پرچے رکھے تھے ۔ انکوائری وغیرہ ہوئی ۔ آخر فیصلہ ہوا کہ چونکہ طالبعلم کی پورے سال کی کارکردگی بہت اچھی تھی اسلئے اسے پاس کر دیا جائے لیکن کچھ سزا کے ساتھ

يونيورسٹی چھوڑنے کے بعد طالبعلم امریکا کی کسی اور ریاست میں ملازم ہو گیا ۔ چند ماہ بعد اُسے اُس پروفیسر کی ای میل آئی جس کے مضمون کا پرچہ گم ہوا تھا ۔ اُس نے معذرت کی تھی اور لکھا تھا ۔ “میرے دفتر میں رنگ روغن ہوا تو چیزیں درست کرتے میز کے نیچے سے ایک پرچہ ملا جس کا پہلا صفحہ غائب ہو چکا تھا لیکن میں نے تمہارا رسم الخط پہچان لیا اور میں نے ڈین سے مل کر اس مضمون میں تمہارا گریڈ “ڈی” کی بجائے “اے” کرا دیا ہے ۔ اُن پروفيسر صاحب کو دو ماہ کی پوچھ گچھ کے بعد اُس طالبعلم کا ای میل کا پتہ ملا تھا

پروفيسر صاحب کے متذکرہ عمل کو کہتے ہیں بہادری جو وطنِ عزیز میں مفقود ہوتی جارہی ہے

ربيع الاول ہی نہيں ہر ماہ ہر دن

جب اللہ نے حکم دے ديا

إِنَّ اللَّہَ وَمَلَائِكَتَہُ يُصَلُّونَ عَلَی النَّبِيِّ يَا أَيُّہَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْہِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا

اللہ اور اس کے فرشتے نبی پر درود بھیجتے ہیں۔ اے ايمان لانے والو ۔ تم بھی اُن پر دُرود اور سلام بھیجا کرو [سورت 33 ۔ الاحزاب ۔ آيت 56]

تو باقی کچھ سوچنے کو نہيں رہ جاتا ۔ اے بندے پڑھ اللہ کی تسبيح اور بھيج نبی پر درود ہر ماہ کے ہر دن

اللّٰھُمَ صَلی علٰی مُحَمْدٍ وَ علٰی آلِ مُحَمْدٍ کَمَا صَلَیْتَ علٰی اِبْرَاھِیْمَ وَ علٰی آلِ اِبْرَاھِیمَ اِنَّکَ حَمِیْدٌ مَجِیْد
اللّٰھُمَ بَارِکْ علٰی مُحَمْدٍ وَ علٰی آلِ مُحَمْدٍ کَمَا بَارَکْتَ علٰی اِبْرَاھِیْمَ وَ علٰی آلِ اِبْرَاھِیمَ اِنَّکَ حَمِیْدٌ مَجِیْد

صَلُّوا اور َسَلِّمُوا دونوں میں حُکم کا صيغہ ہے جمع متکلم کيلئے اور حُکم ديا گيا ہے اُنہيں جو اللہ ايمان لے آئے ہيں
انسان کے بنائے ہوئے قانون ميں اگر کوئی حُکم ديا گيا ہو تو اس پر عمل نہ کرنے والا مُجرم ٹھہرتا ہے اور اسے سزا دی جاتی ہے
جو نبی صلی اللہ عليہ و آلہ و سلّم پر درود و سلام نہ بھيجے وہ اللہ کا مُجرم ہے اور سزا کا مستحق ۔ ليکن ساتھ ہی اللہ نے حُکم ديا ہے کہ اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو اور نبی کو بشیراً و نذيراً قرار ديا ہے ۔ اسلئے مسلمان پر لازم ہے کہ وہی کرے جو نبی صلی اللہ عليہ و آلہ و سلّم نے کہا یا کِيا

ميں نہيں کہتا کہ جلوس نہ نکاليں ۔ ميں نہيں کہتا نعت نہ پڑھيں ۔ ميں صرف يہ کہتا ہوں کہ ساتھ يہ بھی ديکھ ليں کہ مقصد کيا ہے
اس مکالمہ پر غور کيجئے

بيٹا “ابا جان ۔ مجھے آپ سے بہت محبت ہے ۔ ميں آپ کا تابع فرمان ہوں ۔ میں آپ کی ہر خدمت کرنے کيلئے چوکس ہوں ۔ مجھے آپ کا بہت خيال رہتا ہے ۔ میں اپنے دوستوں میں بھی آپ کی تعريف کرتا رہتا ہوں”

ايک دن باپ دن بھر کا تھکا ہوا آيا ۔ اُس نے بيٹے کو آواز دی “بيٹا ۔ ذرا آنا ميرے کندھے سہلا دينا ”
بيٹا “ابا جان ۔ ميں ٹی وی ديکھ رہا ہوں بڑا دلچسپ ڈرامہ چل رہا ہے”

ايک دن باپ نے بيٹے کو آواز دی ” بيٹا ۔ پانی کا ايک گلاس لانا”
بیٹا ” ابا جان ۔ میں دوست سے چَيٹ کر رہا ہوں”

ايک دن بیٹا گھر آيا تو باپ نے کہا “بيٹا ۔ ميرا سر چکرا رہا ہے ۔ بخار بھی ہے ۔ ذرا مجھے ہسپتال لے چلو”
بيٹا ” ابا جان ميں ضرور لے جاتا مگر ميں نے دوست کے ساتھ کہيں جانے کا وعدہ کيا ہوا ہے”

کيا يہ بيٹا اپنے باپ کا تابع فرمان ہے ؟
کيا اسے اپنے باپ سے محبت ہے ؟
کيا يہ اپنے باپ کا احترام کرتا ہے ؟

آجکل اکثر مسلمانوں کا حال متذکرہ بالا بيٹے کا سا ہے نبی صلی اللہ عليہ و آلہ و سلّم کو باپ سمجھ ليجئے ۔ عام لوگ زبانی جمع خرچ بہت کرتے ہيں مگر عمل مفقود ہے ۔ آتشبازی ۔ نعت خوانی اور جلوس پر سب تابعداری ۔ محبت اور احترام ختم ہو جاتا ہے ۔ اللہ اور اس کا رسول عمل مانگتے ہيں لفاظی نہيں ۔ اللہ کے رسول صلی اللہ عليہ و آلہ و سلّم کی خوشنودی حاصل کرنے کا صرف ايک طريقہ ہے ۔ اللہ کے فرمان اور اس کے رسول صلی اللہ عليہ و آلہ و سلّم کی سنّت پر عمل ۔ اگر يہ نہ ہو تو باقی سب عمل بيکار ہيں

اللہ ہميں حق کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفيق عطا فرمائے

سفير کا خاندانی سکول

مُلک سُوريا جسے اُردو میں شام اور انگریزی میں Syria کہتے ہيں کے شہر دمشق میں ایک پاکستانی سکول کئی سالوں سے قائم ہے جو بنيادی طور پر پاکستانی بچوں کيلئے قائم ہوا تھا اس کے اعلٰی تدريسی معيار کی وجہ سے دوسرے ممالک کے بچے بھی اس سے مستفيد ہونے لگے تھے اور طلباء و طالبات کی تعداد 600 سے بڑھ کر 1100 تک پہنچ چکی تھی

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری صاحب نے ستمبر 2009ء ميں اپنے ایک چہيتے امين اللہ رئيسانی کو شام کا سفير بنا ديا ۔ امين اللہ رئيسانی نے بغير کسی جواز اور بغير کسی پيشگی اطلاع کے متذکرہ سکول کے سارے اساتذہ اور سٹاف کو فارغ کر کے تمام اساميوں پر اپنے قريبی رشتہ داروں کو دو سے تين گنا تنخواہوں پر تعينات کر ديا جس کی کچھ تفصيل يہ ہے

اپنی بہن سعيدہ ياسمين رئيسانی کو 6500 ڈالر ماہانہ پر سکول کا پرنسپل لگا ديا جبکہ سابقہ پرنسپل 2500 ڈالر ماہانہ ليتا تھا

اپنی دوسری بہن مسز عباس کو 3500 ڈالر ماہانہ پر اُردو کی اُستانی لگا ديا
اپنی دو بيٹيوں آمنہ امين اللہ رئيسانی اور قرة العين امين اللہ رئيسانی کو فی کس 3000 ڈالر ماہانہ پر اُستانياں لگا ديا
اپنی بہن کی پوتی نائلہ عتيق کو 3000 ڈالر پر رياضی کی اُستانی لگا ديا

متذکرہ بالا اساتذہ کی اساميوں پر سابقہ اساتذہ 1700 ڈالر ماہانہ ليتے تھے

اپنے بھتيجوں يا بھانجوں عتيق الرحمٰن اور سيّد محمد علی میں سے ہر ايک کو 3000 ڈالر ماہانہ پر بزنس ٹيچر تعينات کر ديا
اپنی بہن کے داماد علی عبداللہ اور کزن محمد احسن شفيق ميں سے ہر ايک کو 3000 ڈالر ماہانہ پر اُستاذ لگا ديا

متذکرہ بالا چاروں اساميوں پر سابقہ اساتذہ 1500 ڈالر ماہانہ پر کام کر رہے تھے

اپنے بہنوئی محمد اسحاق کو 3500 ڈالر ماہانہ پر اکاؤنٹنٹ بنا ديا جبکہ سابقہ اکاؤنٹنٹ 900 ڈالر ماہانہ کے عوض کام کرتا تھا

ماخذ ۔ دی نيوز