کیا آپ جانتے ہیں کہ حکومتی کارندوں نے مولوی عبدالعزیز کو مذاکرات کے بہانے باہر بُلایا اور باہر آنے پر اُسے گرفتار کر لیا گیا ۔ بعد میں زبردستی اسے کالا برقعہ پہنایا دیا گیا ؟
آپریشن سائلنس یا خاموش سازش
ریٹائرڈ لیفٹنٹ جنرل راحت لطیف نے کہا کہ جذباتیت کی ابتداء لال مسجد والوں نے کی اور انتہا حکومت نے کر دی۔انہوں نے کہا کہ حکومت چند لوگوں کو معافی دیکر اس خوں خرابے سے بچ سکتی تھی لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے ہندوستان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے تین سو مسافروں کی جان بچانے کے لیے مولانا مسعود اظہر اور ان کے ساتھیوں کو رہا کر دیا تھا حالانکہ وہ لوگ ہندوستان کی نظر میں بہت بڑے مجرم تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے مقابلے میں پاکستان نے اپنے لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے اپنے ہی ملک کے لوگوں کو معاف کرنا مناسب نہیں سمجھا۔
متحدہ مجلس عمل کے صدر قاضی حسین احمد نے لال مسجد آپریشن کو قتلِ عام اور ایک سانحہ قرار دیا اور کہا کہ پوری فوج کو ضمیر کا مجرم بنا دیا گیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ متعدد گواہیاں آ گئی ہیں کہ ’مذاکرات ایوان صدر نے ناکام بنائے اور مسجد اور خواتین کا تقدس خاک میں ملا دیا گیا‘۔انہوں نے الزام لگایا کہ مذاکرات کے عین دوران حکومتی مذاکراتی ٹیم کی موجودگی میں حملے کا آغاز کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لال مسجد میں قتل عام کر کے قوم اور فوج کے درمیان ایک خونی لکیر کھینچ دی گئی ہے اور جنرل مشرف کی سربراہی نے پوری قوم کو فوج کے روبرو لا کر کھڑا کر دیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ جب مذاکرات کامیاب ہوچکے تھے عین اس وقت نادیدہ قوت نےاپنا کام دکھایا اور نتیجے کے طور پر اسلام آباد کو خون میں نہلا دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر مشرف پاکستان میں امریکی رٹ قائم کرنے میں لگے ہوئے ہیں اور اسے خوش کرنے کے لیے ملک کے مستقبل سے کھیلا جا رہا ہے۔انہوں نے صدر مشرف کو مشورہ دیا کہ وہ امریکی رٹ قائم کرنےکی بجائے اللہ کی رٹ قائم کرنے کی کوشش کریں۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ لال مسجد کے واقعہ کے بعد ملک کے انتشار میں اضافہ ہوگا۔
جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید نے کہا کہ مسلم لیگ( ق) کے سربراہ شجاعت حسین، علماء کمیٹی اور لال مسجد انتظامیہ کے درمیان ہونے والے معاہدے کو ایک سازش کےتحت سبوتاژ کر کے پورے اسلام آباد کو خاک و خوں میں نہلا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عدم استحکام بڑھے گا۔
دُعا
میں مندرجہ ذیل دعا مانگتا ہوں اور دیکھتا ہوں کتنے قارئین ہیں جو اس پر آمین لکھتے ہیں ۔
اے خالق و مالکِ حقیقی ۔ رحمٰن و رحیم ۔ قادر و کریم ۔ یومِ جزا کے مالک آپ ہمشہ انصاف کرتے ہیں ۔ آپ یومِ جزا کو تو انصاف کریں گے ہی ۔ میری آپ سے انتہائی انکساری سے استدعا ہے کہ جھُوٹوں اور ظالموں کو خواہ وہ حکومت میں ہیں یا نہیں ہیں اس سزا کا کچھ حصہ اس دنیا میں بھی دے دے تا کہ وہ بے قصور لوگوں پر ظلم کرنے سے ڈرنے لگیں ۔
موزونیت
اگر یہ صحیح ہے تو ۔ ۔ ۔
حکومت پاکستان اور لال مسجد کی انتظامیہ کے درمیان غلط فہمیاں پیداکرنے والاسرکاری افسر کو گرفتار کرلیا گیا ہے تاہم ابھی اس کا نام صیغہ راز میں رکھا جارہا اورمزید تحقیقات کی جارہی ۔ذرائع کے مطابق جب بھی حکومت اورلال مسجد کے درمیان مفاہمت ہوتی نظر آتی تو یہ سرکاری افسر دونوں طرف غلط فہمیاں پیداکردیتا اورمعاملات پھر تعطل کا شکار ہوجاتے ۔ یہ بھی بتایا گیاہے کہ اسی سرکاری افسر نے لال مسجد کے مہتمم اعلی مولانا عبدالعزیز غازی کو برقعہ پہن کر باہر آنے کامشورہ دیا اور کہا کہ حکومت اور آپ کے درمیان ڈائیلاگ کروا دوں گا جس پر مولانا عبدالعزیز برقعہ پہن کر باہر نکل آئے اور گرفتار ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق حکمران جماعت کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اوروفاقی وزیر اعجاز الحق جب بھی لال مسجد کی انتظامیہ سے معاملات طے پاکر باہر نکلتے تو یہ افسر لال مسجد جا کر حکومت کی غلط پلاننگ بتاکر دونوں بھائیوں کو مشتعل کردیتا لیکن ابھی حکومت اس گرفتار شخص کانام بتانے سے گریز اں ہے جبکہ لال مسجد کی انتظامیہ بھی اس شخص کا نام نہیں بتا رہی ۔لیکن یہ حقیقت ہے کہ حکومت اور لال مسجد کی درمیان تنائو پیدا کرنے میں کوئی نہ کوئی خفیہ ہاتھ موجود تھا جسکے مذموم ارادے کامیاب ہوئے اور پاکستان کا دارالخلافہ اسلام آباد آج میدان جنگ بناہوااور پاکستان کے مدارس دنیا بھر میں اپنا مقام کھو چکے ہیں
اردو محفل کے ماہرین کی خدمت میں
مبارک ہو کہ آپ نے اردو محفل کو بہت خوبصورت اور محفوظ بنا دیا ۔
میں آج اُردو محفل میں کچھ لکھنا چاہ رہا تھا مگر پوری کوشش کے باوجود اپنی ماضی میں لکھی تحاریر تک نہ پہنچ سکا ۔ نہ بہبودِ عامہ لکھ کر اور نہ اپنا نام لکھ کر اور نہ مجھے کوئی اور طریقہ سمجھ میں آیا ۔ بہت بہت شکریہ آپ کا ۔ میرے پاس اتنا زیادہ فالتو وقت نہیں کہ میں ہر بار آدھا پونا گھنٹہ اپنی تحریر تلاش کرنے پر لگاؤں ۔ بخشو بی بلی ۔ چوہا لنڈورا ہی بھلا ۔
ہینگ لگے نہ پھٹکری ۔ رنگ چوکھا آئے
بہبودِ عامہ کے کاموں کیلئے مالدار ہونا ضروری نہیں ۔ ایسے بہت سے کام ہیں جو ہر شخص کی دسترس میں ہوتے ہیں ۔ ایسے بھی بہت سے بہبودِ عامہ کے کام ہیں جن پر کوئی پیسہ خرچ نہیں ہوتا ۔ یہ کام باہمی مشورہ سے ہو سکتے ہیں اور انفرادی طور پر بھی ۔ چند مثالیں پیشِ خدمت ہیں ۔
درخت لگانا ۔ صرف اپنے گھر میں نہیں بلکہ کھُلی زمین پر اور اس کی پرورش کرنا ۔ پہلے سے لگے درختوں کی پرورش اور حفاظت کرنا ۔
سڑک ۔ محلے یا گلی میں پانی کا نلکا لگا ہے اور کوئی کھُلا چھوڑ گیا جس سے پانی ضائع ہو رہا ہے ۔ اسے بند کر دینا اور اپنے جاننے والوں سے ادب کے ساتھ ذکر کرنا کہ نلکا کھُلا نہیں چھوڑنا چاہیئے اس سے ہمارا ہی نقصان ہوتا ہے ۔
زیرِ زمین پانی کا پائپ پھٹ جانے سے پانی ضائع ہو رہا ہو تو متعلقہ محکمہ تک اطلاع پہنچائی جائے اور اس وقت تک یاد دہانی کرائی جائے جب تک پائپ کی مرمت نہ کر دی جائے ۔
کوئی شخص کوڑا کرکٹ کی مخصوص جگہ کی بجائے کسی اور جگہ کوڑا وغیرہ پھینکے تو اسے اُٹھا کر مخصوص جگہ پر پھینک دیا جائے اور اپنے جاننے والوں کو مؤدبانہ طریقہ سے وقتاً فوقتاً یاد دہانی کرائی جائے کہ کوڑا مخصوص جگہ پر ہی پھینکنا چاہیئے ۔ اگر کسی کو غلط جگہ کوڑا پھینکتے دیکھ لیا جائے تو اس کے سامنے ہی اُٹھا کر مخصوص جگہ پھینکا جائے اور اسے مؤدبانہ طریقہ سے کہا جائے کہ آئیندہ مخصوص جگہ پر کوڑا پھینکا کیجئے ۔
کوئی گالی گلوچ کر رہا ہو تو اسے پیار سے سمجھایا جائے کہ آپ تو بڑے اچھے انسان ہیں ۔ ضروری بات ہے کہ آپ کو تکلیف پہنچی جس کی وجہ سے آپ غلط الفاظ کہنے پر مجبور ہوئے لیکن اس سے دوسرے کا کچھ نہیں بگڑتا ۔ آپ دوسرے کو اپنے اچھے سلوک سے متأثر کر سکتے ہیں ۔
کوئی بچہ یا بچی یا عمر رسیدہ خاتون یا مرد یا نابینا سڑک کے کنارے کھڑا ہے اور سڑک عبور کرنا چاہتا ہے ۔ ٹریفک کو روک کر اور اس کا ہاتھ پکڑ کر سڑک پار پہنچا دیا جائے ۔
ایسے اور بہت سے عمل ہیں جو بہبودِ عامہ کے دائرہ میں آتے ہیں اور ان کیلئے پیسہ درکار نہیں ۔ اور سبحان اللہ ۔ ایسی تمام اچھائیاں کارِ ثواب ہیں اور اللہ ان کا بہت اجر دیتا ہے ۔
