وہ ہمیں کیوں ماریں گے؟ وہ ہمارے مسلمان بھائی ہیں ۔ ۔ ۔ فوجی تو کٹر مسلمان ہوتے ہیں

کچی عمروں میں یقینا اِن کی آنکھیں بھی خواب دیکھتی ہوں گی ۔ اِن کا دل بھی کبھی اچھے رشتوں کی آس میں دھڑکتا ہو گا ۔ اِن کا بھی عید پر نئے کپڑے سلوانے ۔ ہاتھوں میں حِنا سجانے اور چوڑیاں پہننے کو جی للچاتا ہو گا ۔ لیکن آرزوئیں،خواہشات اور تمنائیں ناکام ہو کر برقعوں کے پیچھے اس طرح جا چھپیں کہ پھر نہ چہرے رہے۔۔ نہ شناخت صرف آوازیں تھیں۔۔ جو اب تک میرے کانوں میں گونجتی ہیں اِنہی میں ایک چھوٹی بچی ۔ یہی کوئی آٹھ دس برس کی ۔ حجاب میں اس طرح ملبوس کی چہرہ کُھلا تھا ۔ گفتگو سے مکمل ناواقفیت کے باوجود مسلسل ہنسے جاتی تھی کہ شاید یہی ۔ مباحثہ ۔ اُس کی تفریح کا سبب بن گیا تھا ۔ “بیٹی آپ کا نام کیا ہے ؟” میرے سوال پر پٹ سے بولی “اسماء ۔ انکل” پیچھے کھڑی اس کی بڑی بہن نے سر پر چپت لگائی”انکل نہیں ۔ بھائی بولو ۔ “خُدا جانے اس میں ہنسنے کی کیا بات تھی کہ چھوٹے قد کے فرشتے نے اس پر بھی قہقہہ لگا کر دہرایا”جی بھائی جان”۔ “آپ کیا کرتی ہیں؟” میں نے ننھی اسماء سے پوچھا ۔ “پڑھتی ہوں”۔ “کیا پڑھتی ہو بیٹا ؟” جواب عقب میں کھڑی بہن نے دیا “حفظ کر رہی ہے بھائی”۔ “اور بھی کچھ پڑھا رہی ہیں؟” میں نے پوچھا ۔ “جی ہاں کہتی ہے بڑی ہو کر ڈاکٹر بنے گی” بہن نے جو کہ یہی کچھ پندرہ سولہ برس کی مکمل حجاب میں ملبوس تھی، جواب دیا ۔ “آپ دو بہنیں ہیں؟” میں نے سوال کیا ۔ “جی ہاں بھائی” بڑی بہن نے اسماء کو آغوش میں لیتے ہوئے کہا “تین بھائی گاؤں میں ہیں ۔ ہم بٹہ گرام سے ہیں نا ۔ کھیتی باڑی ہے ہماری”۔

میں جامعہ حفصہ اور لال مسجد میں ایک پروگرام کی ریکارڈنگ کی سلسلے میں موجود تھا۔۔طالبات اور عبدالرشید غازی صاحب سے گفتگو کے بعد میں نے بچیوں کو خُدا حافظ کہہ کر غازی صاحب کے ساتھ اُن کے حجرے کی طرف قدم بڑھایا تو ننھی اسماء پیچھے بھاگتی ہوئی آئی “بھائی جان ۔ آٹوگراف دے دیں”۔ ہانپ رہی تھی “میرا نام اسماء اور باجی کا نام عائشہ ہے”۔ میں نے حسبِ عادت دونوں کیلئے طویل العمری کی دُعا لکھ دی ۔ آگے بڑھا تو ایک اور فرمائش ہوئی”بھائی جان ۔ اپنا موبائل نمبر دے دیں ۔ آپ کو تنگ نہیں کروں گی”۔ نہ جانے کیوں میں نے خلافِ معمول اُس بچی کو اپنا موبائل نمبر دے دیا ۔ اُس کی آنکھیں جیسے چمک اُٹھیں ۔ اسی دوران غازی صاحب نے میرا ہاتھ کھینچا “ڈاکٹر صاحب یہ تو ایسے ہی تنگ کرتی رہے گی”۔ [واپسی پر] دروازے سے باہر قدم رکھتے وہی شیطان کی خالہ اسماء اچھل کر پھر سامنے آ گئی”بھائی جان ۔ میں آپ کوفون نہیں کروں گی ۔ وہ کارڈ باجی کے پاس ختم ہو جاتا ہے نا ۔ ایس ایم ایس کروں گی ۔ جواب دیتے رہیے گا ۔ پلیز بھائی جان”۔ اُس کی آنکھوں میں معصومیت اور انداز میں شرارت کا امتزاج تھا ۔ “اچھا بیٹا ۔ ضرور۔۔۔اللہ حافظ”۔ جاتے جاتے پلٹ کر دیکھا تو بڑی بہن بھی روشندان سے جھانک رہی تھی کہ یہی دونوں بہنوں کی کُل دُنیا تھی ۔

گزرے تین ماہ کے عرصے میں وقفے وقفے سے مجھے ایک گمنام نمبر سے ایس ایم ایس موصول ہوتے رہے ۔ عموماً قرآن شریف کی کسی آیت کا ترجمہ یا کوئی حدیثِ مبارکہ یا پھر کوئی دُعا ۔ رومن اُردو میں ۔ اور آخر میں بھیجنے والے کا نام ۔ “آپ کی چھوٹی بہن اسماء” یہ سچ ہے کہ ابتداء میں تو مجھے یاد ہی نہیں آیا کہ بھیجنے والی شخصیت کون ہے؟ لیکن پھر ایک روز پیغام میں یہ لکھا آیا کہ “آپ دوبارہ جامعہ کب آئیں گے؟” تو مجھے یاد آیا کہ یہ تو وہی چھوٹی نٹ کھٹ ۔ حجاب میں ملبوس بچی ہے ۔ جس سے میں جواب بھیجنے کا وعدہ کر آیا تھا ۔ میں نے فوراً جواب بھیجا “بہت جلد”۔ جواب آیا “شکریہ بھائی جان”

میں اپنے موبائل فون سے پیغام مٹاتا چلا گیا تھا چنانچہ چند روز قبل جب لال مسجداور جامعہ حفصہ پر فوجی کارروائی کا اعلان ہوا تو میں نے بے تابی سے اپنے فون پر اُس بچی کے بھیجے پیغامات تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن بد قسمتی سے میں سب مٹا چُکا تھا ۔ اُمید تھی کہ اسماء بڑی بہن کے ساتھ نکل گئی ہو گی لیکن پھر بھی بے چینی سی تھی ۔ کوئی آیت،حدیث،دُعا بھی نہیں آ رہی تھی ۔ اس تصور کے ساتھ خود کو تسلی دی کہ ان حالات میں، جب گھر والے دور گاؤں سے آ کر دونوں کو لے گئے ہوں گے تو افراتفری میں پیغام بھیجنے کا موقع کہاں؟ جب بھی اعلان ہوتا کہ “آج رات کو عسکری کارروائی کا آغاز ہو جائے گا”۔ “فائرنگ،گولہ باری کا سلسلہ شروع”۔ “مزید طالبات نے خود کو حکام کے حوالے کر دیا”۔ “ابھی اندر بہت سی خواتین اور بچے ہیں”۔ “یرغمال بنا لیا گیا ہے” وغیرہ وغیرہ تو میری نظر اپنے موبائل فون پر اس خواہش کے ساتھ چلی جاتی کہ کاش! وہ پیغام صرف ایک بار پھر آ جائے ۔ میں نے جسے کبھی محفوظ نہ کیا ۔

آخر 8 جولائی کی شب اچانک ایک مختصر ایس ایم ایس موصول ہوا “بھائی جان ۔ کارڈختم ہو گیا ہے ۔ پلیز فون کریں”۔ میں نے اگلے لمحے رابطہ کیا تو میری چھوٹی پیاری اسماء زاروقطار رو رہی تھی “بھائی جان، ڈر لگ رہا ہے ۔ گولیاں چل رہی ہیں ۔ میں مر جاؤں گی”۔ میں نے چلا کر جواب دیا “اپنی بہن سے بات کراؤ”۔ بہن نے فون سنبھال لیا “آپ دونوں فوراً باہر نکلیں ۔ معاملہ خراب ہو رہا ہے ۔ کہیں تو میں کسی سے بات کرتا ہوں کہ آپ دونوں کو حفاظت سے باہر نکالیں”۔ دھماکوں کی آوازیں گونج رہی تھیں ۔ مجھے احساس ہوا کہ بڑی بہن نے اسماء کو آغوش میں چھپا رکھا ہے لیکن چھوٹی پھر بھی بلک رہی ہے ۔ رو رہی ہے”۔

“بھائی وہ ہمیں کیوں ماریں گے؟ وہ ہمارے مسلمان بھائی ہیں ۔ وہ بھی کلمہ گو ہیں ۔ اور پھر ہمارا جُرم ہی کیا ہے؟ آپ تو جانتے ہیں بھائی ۔ ہم نے تو صرف باجی شمیم کو سمجھا کر چھوڑ دیا تھا ۔ چینی بہنوں کے ساتھ بھی یہی کیا تھا بھائی ۔ یہ سب ان کی سیاست ہے ۔ ہمیں ڈرا رہے ہیں”۔ بہن پُر اعتماد لہجے میں بولی ۔ “دیکھیں ۔ حالات بُرے ہیں ۔ میں بتا رہا ہوں ۔ آپ فوراً نکل جائیں خدا کیلئے”۔ مجھے احساس ہوا کہ میں گویا اُنہیں حکم دے رہا ہوں ۔ “بھائی ۔ آپ یونہی گھبرا رہے ہیں ۔ غازی صاحب بتا رہے تھے کہ یہ ہمیں جھکانا چاہ رہے ہیں ۔ باہر کچھ بھائی پہرہ بھی دے رہے ہیں ۔ کچھ بھی نہیں ہو گا، آپ دیکھیے گا ۔ اب فوج آ گئی ہے ۔نا ! یہ بدمعاش پولیس والوں کو یہاں سے بھگا دے گی ۔ آپ کو پتہ ہے ۔ فوجی تو کٹر مسلمان ہوتے ہیں ۔ وہ ہمیں کیوں ماریں گے ۔ ہم کوئی مجرم ہیں ۔ کوئی ہندوستانی ہیں ۔ کافر ہیں ۔ کیوں ماریں گے وہ ہمیں !”۔ بہن کا لہجہ پُر اعتماد تھا اور وہ کچھ بھی سُننے کو تیار نہ تھی ۔ “ڈاکٹر بھائی مجھے تو ہنسی آ رہی ہے کہ آپ ہمیں ڈرا رہے ہیں ۔ آپ کو توپتہ ہے کہ یہ سلسلہ اسی طرح چلتا رہتا ہے ۔ یہ اسماء تو یونہی زیادہ ڈر گئی ہے”۔ “اور ہاں آپ کہیں ہم بہنوں کا نام نہ لیجئے گا ۔ ایجنسی والے بٹہ گرام میں ہمارے والد،والدہ اور بھائیوں کو پکڑ لیں گے ۔ سب ٹھیک ہو جائے گا بھائی ۔ وہ ہمیں کبھی نہیں ماریں گے”۔

میں نے دونوں کو دُعاؤں کے ساتھ فون بند کیا اور نمبر محفوظ کر لیا ۔ اگلے روز گزرے کئی گھنٹوں سے مذاکرات کی خبریں آ رہی تھیں اور میں حقیقتاً گُزرے ایک ہفتے سے جاری اس قصے کے خاتمے کی توقع کرتا، ٹی وی پر مذاکرات کو حتمی مراحل میں داخل ہوتا دیکھ رہا تھا کہ احساس ہونے لگا کہ کہیں کوئی گڑبڑ ہے۔ میں نے چند شخصیات کو اسلام آباد فون کر کے اپنے خدشے کا اظہار کیا کہ معاملہ بگڑنے کو ہے تو جواباً ان خدشات کو بلا جواز قرار دیا گیا لیکن وہ دُرست ثابت ہوئے اور علماء کے وفد کی ناکامی اور چوہدری شجاعت کی پریس کانفرنس ختم ہوتے ہی وہ عسکری کارروائی شروع ہو گئی جس کی قوت کے بارے میں، موقع پر موجود ایک سرکاری افسرکا بیان تھا “لگتا ہے پوری بھارتی فوج نے چھوٹے ملک بھوٹان پر چڑھائی کر دی ہے ۔ فائرنگ ۔ دھماکے ۔ گولہ باری ۔ شیلنگ ۔ جاسوس طیارے ۔ گن شپ ہیلی کاپٹرز ۔ خُدا جانے کیا کچھ! اور پھر باقاعدہ آپریشن شروع کر دینے کا اعلان ۔

اس دوران عبد الرشید غازی سے بھی ایک بار ٹی وی پر گفتگو کا موقع ملا ۔ اور پھر پتہ چلا کہ اُن کی والدہ آخری سانسیں لے رہی ہیں ۔ اور تبھی صبح صادق فون پر ایس ایم ایس موصول ہوا “پلیز کال”۔ یہ اسماء تھی ۔ میں نے فوراً رابطہ کیا تو دوسری طرف چیخیں ۔ شور شرابہ ۔ لڑکیوں کی آوازیں “ہیلو۔۔اسماء ۔ بیٹی ! ہیلو”۔ خُدا جانے وہاں کیا ہو رہا تھا ۔ “ہیلو بیٹی آواز سُن رہی ہو ؟” میں پوری قوت سے چیخ رہا تھا “بات کرو کیا ہوا ہے ؟” وہ جملہ آخری سانسوں تک میری سماعتوں میں زندہ رہے گا ۔ ایک بلک بلک کر روتی ہوئی بچی کی رُک رُک کر آتی آواز “باجی مر گئی ہے ۔ مر گئی ہے باجی”۔ اور فون منقطع ہو گیا۔

اسٹوڈیوز سے کال آ رہی تھی کہ میں صورتحال پر تبصرہ کروں لیکن میں بار بار منقطع کال ملانے کی ناکام کوشش کر رہا تھا ۔ کچھ کہنے یا سُننے کی ہمت نہ تھی ۔ کسی کمانڈو جیسی طاقت، اعجازالحق جیسی دیانت اور طارق عظیم جیسی صداقت نہ ہونے کے باعث مجھے ٹی وی پر گونجتے ہر دھماکے میں بہت سی چیخیں ۔ فائرنگ کے پیچھے بہت سی آہیں اور گولہ باری کے شور میں”بھائی جان ! یہ ہمیں کیوں ماریں گے؟” کی صدائیں سُنائی دے رہی تھیں ۔ چھوٹے چھوٹے کمروں میں دھواں بھر گیا ہو گا ۔ اور باہر فائرنگ ہو رہی ہو گی ۔ بہت سی بچیاں تھیں ۔ فون نہیں مل رہا تھا ۔ پھر عمارت میں آگ لگ گئی ۔ اور میں اسماء کو صرف اُس کی لا تعداد دُعاؤں کے جواب میں صرف ایک الوداعی دُعا دینا چاہتا تھا ۔ ناکام رہا ۔ فجر کی اذانیں گونجنے لگیں تو وضو کرتے ہوئے میں نے تصور کیا کہ وہ جو سیاہ لباس میں ملبوس مجھ سے خواہ مخواہ بحث کر رہی تھیں ۔ اب سفید کفن میں مزید خوبصورت لگتی ہوں گی ! جیسے پریاں۔

قحبہ خانوں کے سر پرستوں کو نوید ہو کہ اب اسلام آباد پُر سکون تو ہو چکا ہے لیکن شاید اُداس بھی ! اور یہ سوال بہت سوں کی طرح ساری عمر میرا بھی پیچھا کرے گا کہ وہ کون تھیں ؟ کہاں چلی گئیں؟

دونوں مرحوم بچیوں سے وعدے کے مطابق اُن کے فرضی نام تحریر کر رہا ہوں ۔ ڈاکڑ شاہد مسعود
پورا مضمون یہاں کلک کر کے پڑھئے

آنکھوں دیکھا حال ۔

لال مسجد کے خلاف فوجی آپریشن کے دوران منگل کو باہر آنے والی طالبات کا کہنا ہے کہ آٹھ روزہ آپریشن کے دوران انہوں نے ہر لمحہ موت کا ذائقہ چکھا ہے اور انہیں درختوں کے پتے کھاکر گزارا کرنا پڑا۔

گزشتہ ایک سال سے اپنی چھوٹی بہن کے ساتھ جامعہ حفصہ میں زیر تعلیم نزہت جمیل نے بتایا کہ مدرسوں میں تو وہ پہلے بھی پڑھتی رہی ہیں مگر اس طرح کی صورتحال کا سامنا انہیں پہلی مرتبہ ہوا۔ آپریشن کے دوران یہ طالبات کیسے اور مدرسے کے کس حصے میں قیام کئے ہوئے تھیں اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہم کمروں کی بجائے چھوٹے چھوٹے سٹورز میں چلے گئے تھے۔ ہر سٹور میں تقریبا پندرہ پندرہ لڑکیاں تھیں ۔لیٹنے کی جگہ نہیں تھی ہم بس سیدھی بیٹھی رہتی تھیں۔باہر دھماکوں کی آوازیں سن کر ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے ہم فلسطین میں ہوں۔ تیسرے دن پانی بجلی اور گیس سب کچھ بند ہوگیا تھا لہذا مشکل اور بڑھ گئی تھی۔‘

جامعہ حفصہ میں موجود یتیم بچیوں کے بارے میں نزہت جمیل کا کہنا تھا ’ہمیں اس حوالے سے کچھ معلوم نہیں۔ البتہ باقی جو چھوٹی بچیاں ہمارے ساتھ تھیں وہ کچھ بھی نہیں بولتی تھیں۔ نہ کھانے کو کچھ مانگتی تھیں اور نہ ہی پینے کو۔ان کا بڑا حوصلہ تھا۔ پولیس والوں کو جب بھی کہیں برقعہ نظرآتا تھا تو وہ بہت بمباری شروع کر دیتے تھے۔‘

غسل خانوں کی سہولت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پانی نہیں آرہا تھا اور صفائی نہ ہونے کی بناء پر بہت بدبو پھیلی ہوئی ہوتی تھی لیکن کوئی کچھ نہیں کر سکتا تھا۔

یہ پوچھنے پر کہ کیا آپریشن کے دوران طالبات جاں بحق ہوئیں اور کیا انہیں مدرسے کے احاطے میں دفن کیا گیا، کشمیر کے علاقے باغ سے تعلق رکھنے والی نزہت نے کہا کہ ’تیس شہید طالبات کو بڑا سا گڑھا کھود کر اس میں ڈال دیا گیا تھا۔ بالکل ویسے ہی جیسے کشمیر میں زلزلہ آنے کے بعد کیا گیا تھا۔‘ تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ ایسی کوئی قبر نہیں ملی۔ ’ہمیں ان کے جنازے کے حوالے سے کچھ پتہ نہیں ۔ہمیں تو مجاہد بھائیوں کا بھی کچھ پتہ نہیں ہوتا تھا کہ وہ کہاں کہاں ہیں ۔کبھی کبھی ایک دو نظر آجاتے اور پھر غائب ہو جاتے تھے۔‘

عائشہ لیاقت جامعہ حفصہ کی معلمہ ہیں اور ان کا تعلق ملتان سے ہے۔ آٹھ روز مسلسل محاصرے میں رہنے کے بعد اب وہ اپنے گاؤں روانہ ہو چکی ہیں۔رابطہ کرنے پر ان کی آواز سے ان کے رتجگوں کا اندازہ لگانا کوئی مشکل کام نہ تھا۔ جامعہ حفصہ کے اندر گزری آخری رات کا حال بتا تے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یہ بڑی خاموش رات تھی۔کوئی گولہ باری نہیں ہوئی۔جب یہ سلسلہ طویل ہوا تو میں نے اپنی ساتھی طالبات کو یہ مصرع سنایا

جو آج کی شب سکوں سے گزری تو کل کا موسم خراب ہوگا۔

اور پھر میں نے کہا ’مجھے اس خاموشی کے بعد کے کل سے ڈر لگ رہا ہے۔اور پھر اگلی صبح ٹھیک پونے چار بجے ہماری آنکھ سیکیورٹی فورسز کے حملے سے کھلی۔گولوں کی آوازیں بہت قریب سے آرہی تھیں۔‘ ’میں تو بس دروازے کے ساتھ لگ کر بیٹھ گئی۔چھ بجے مجھے لگا کہ فوجی اندر آگئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مجاہد بھائیوں کی آوازیں بھی آئیں کہ اندر مت آؤ ورنہ گولی مار دیں گے۔ آخر کار ہمیں باہرآنے کو کہا گیا اور فورسز نے ہمیں کہا کہ اب نقاب اُلٹ دیں۔ ہم نے ان کو اللہ کا واسطہ دیا کہ ہمیں بے پردہ مت کریں ۔شکر ہے انہوں نے پھر زیادہ زور نہیں دیا۔‘

مصباح طارق کی عمر اٹھارہ سال ہے وہ پچھلے پانچ سال سے جامعہ حفصہ میں زیرتعلیم تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ شہادت کے جذبے سے سرشار آخری وقت تک جامعہ حفصہ کے اندر رہنا چاہتی تھیں لیکن اندر رہنا کوئی آسان کام نہیں تھا۔انہوں نے بتایا ’ہمارے کھانے کے سٹور پر انہوں نے گولہ باری کی تو ہمارے پاس پتے کھانے کے سوا کوئی راستہ نہ تھا۔ بعد میں مجاہد بھائی کہیں سے شہد لے آئے۔ ہم اس کا شربت بنا کر درختوں کے پتوں کے ساتھ پیتے رہے۔سات دن اسی طرح گزرے۔‘

’آخری دن ہمارا کمرہ دھوئیں سے بھر چکا تھا ۔ہمارا دم گھٹ رہا تھا۔ ہم نے سوچا کہ گھٹ کر مرنے سے بہتر ہے کہ ہم سینے پر گولی کھا کر مر جائیں۔ مگر مجاہد بھائیوں نے ہمیں باہر نکلنے سے منع کر دیا۔ بعد میں پولیس والوں [فوجیوں] نے کہا کہ باہر آجاؤ ورنہ دب کر مر جاؤگے تو تب ہم باہر نکل آئے۔میں تو اب بھی یہ کہتی ہوں کہ یہ دن مجھے کبھی نہیں بھولیں گے۔‘

بی بی سی

سوالوں کے جواب ندارد

بی بی سی کے ہارون رشید لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس کے دورہ کے بعد کیا کہتے ہیں

لال مسجد اور مدرسہ حفصہ میں کوئی زیر زمین سرنگ نہیں، غیرملکیوں کی موجودگی کی بھی تصدیق نہیں ہوسکی، ابو زر جیسے شدت پسند کیا ہوئے، یرغمالیوں کی تعداد آیا صرف چھاسی تھی یہ بھی واضح نہیں، وہ کہاں تھے اور کہاں چلے گئے؟ مسجد اور مدرسے کے دورے کے بعد بھی ان سوالات کے جواب نہیں مل سکے۔

مسجد و مدرسہ میں صرف رینجرز اور گولیوں سے چھلنی در و دیوار تھے۔ جن دیواروں پر آیات یا نظمیں لکھی تھیں وہاں اب گولیوں نے عجیب و غریب نقوش چھوڑے تھے۔ مسجد کا مرکزی ہال تو محفوظ رہا تاہم اس کے برآمدے کی ٹین کی چھت بےشمار سوراخوں اور در و دیوار آگ سے سیاہ ہوچکے تھے۔ دو میناروں کو بھی گولیوں سے نہیں بلکہ بظاہر راکٹوں سے نقصان پہنچا ہے۔

رینجرز بوٹوں میں جب مسجد میں گھومتے دیکھے گئے تو چند صحافیوں کی شکایت پر فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ اس وقت یہ مسجد نہیں رہی۔ مسجد کے احاطے میں سکیورٹی فورسز نے خاردار تار لگا کر صحافیوں کی تقل وحرکت محدود رکھی گئی تھی۔

مدرسے کے فرش ٹوٹے ہوئے شیشیوں، طالبات کے جوتوں، پتھروں، پلاسٹک کے برتنوں اور ملبے سے بھرے پڑے تھے۔ مدرسے کی حالت سے صاف ظاہر تھا کہ میدان جنگ مسجد سے زیادہ یہ چار منزلہ عمارت رہی۔ کوئی کمرہ کوئی دیوار محفوظ نہیں رہی۔

تہہ خانے پہنچے تو وہ اس قسم کا نہیں جو ذہن میں آتا ہے۔ زیر زمین بڑے بڑے کمرے ضرور ہیں تاہم ان میں جنوب کی جانب باقاعدہ بڑی بڑی کھڑکیاں ہیں جوکہ قریب سے گزر رہے ایک نالے کی جانب کھلتی ہیں۔ اسی جانب سے داغے گئے راکٹوں سے دیواروں میں بڑے بڑے سوراخ بھی تھے۔

مسجد و مدرسے میں اتنے زور دار دھماکے ہوئے کہ پنکھوں کے پر ان کی شدت سے آسمان کی جانب مڑ گئے تھے۔

مدرسے کے ہی ایک کمرے میں صحافیوں کو دکھانے کے لیے قبضے میں لیا گیا اسلحہ سجایا گیا تھا۔ اس میں پستول سے لے کر مشین گنز، دستی اور پیٹرول بم، استعمال شدہ اور غیراستعمال شدہ گولیوں کے ڈھیر اور راکٹ لانچر شامل تھےالبتہ ان پندرہ خودکش حملہ آوروں کی بیلٹس نظر نہیں آئیں جن کی ذرائع ابلاغ میں سرکاری ذرائع کے مطابق بات کی گئی تھی۔

مسجد و مدرسے کے باہر کئی مقامات پر دیوراوں میں شگاف ڈالے گئے تھے اور مدرسے کا آہنی دروازہ بھی گرا ہوا تھا۔ ایک جلی ہوئی گاڑی بھی باہر کھڑی تھی۔ اندر کئی کنکریٹ پلر بھی دھماکوں سے ٹوٹ چکے تھے۔ مسجد و مدرسے کے درمیان واقع بچوں کی لائبریری بھی لڑائی سے متاثر ہوئی۔ جبکہ قریب میں عبدالرشید غازی اور ان کے بھائی کی رہائش گاہ اور چند کواٹروں کا بھی حال باقی عمارتوں سے مختلف نہیں تھا۔

مدرسے کی ایک سمت عمارت میں آگ لگی تھی جس سے دھواں اٹھ رہا تھا۔ اس سے مختلف چیزوں کے جلنے سے درمیانے دھماکے بھی سننے گئے۔

اس تمام لڑائی میں مثبت بات کمروں میں ہزاروں کی تعداد میں موجود دینی کتب محفوظ دکھائی دے رہی تھی۔کہیں کہیں خون کے دھبے موجود ہیں۔ بظاہر سکیورٹی فورسز نے صحافیوں کو لانے سے قبل کافی صفائی بھی کی ہوگی۔

ایک صحافی مسعود عاصم کا کہنا تھا کہ حکومت اس دورے سے پہلے جو باتیں کر رہی تھی اور اب جو یہاں بتا رہی ہے اس میں فرق نظر آ رہا ہے۔ ’پہلے حکومت کا موقف تھا کہ یہاں انتہائی مطلوب افراد ہیں اور ابو منصور انہیں لیڈ کر رہا ہے اور دوسرا زیر زمین غار ہیں۔ مجھے لگتا ہے انہیں غلط معلومات ملی تھیں‘۔

مولوی عبدالعزیز کی گرفتاری کی وڈیو

مندرجہ ذیل مولوی عبدالعزیز کی گرفتاری کی ڈرامہ وڈیو ہے جس میں مولوی عبدالعزیز کو کالا برقعہ پہنا کر اس کا پی ٹی وی پر انٹرویو کے نام سے الزامات شو دکھایا گیا

[youtube=http://www.youtube.com/watch?v=G31wKUb9-Hc]

اصل وڈیو

[youtube=http://www.youtube.com/watch?v=UdGt4i7zvts]

مندرجہ ذیل مولوی عبدالعزیز کی گرفتاری کی اصل وڈیو ہے جس میں مولوی عبدلعزیز نے کالا برقعہ نہیں پہنا ہوا بلکہ سفید کرتا پہنا ہوا ہے ۔ ایک اور بات یہ ہے کہ حکومتی اعلان کے مطابق مولوی عبدالعزیز کو وومن پولیس نے پکڑا تھا جبکہ اصل صورتِ حال مختلف ہے ۔ اس وڈیو سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ مولوی عبدالعزیز کو اس وقت احساس نہیں تھا کہ اُسے گرفتار کیا جا رہا ہے ۔ اس سے مولوی عبدالرشید غازی اور وفاق المدارس کی مذاکراتی ٹیم کے ایک رکن کا استدلال صحیح ثابت ہوتا ہے کہ مولوی عبدالعزیز کو مذاکرات کے بہانے باہر بُلا کر گرفتار کر لیا گیا ۔

مولوی عبدالعزیز کی گرفتاری کی دونو وڈیوز حکومتِ پاکستان نے ریلیز کیں تھیں

چوری چھُپے تدفین کیوں کی گئی ؟

لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس میں شہید ہونے والوں کو فوجی حکام نے بدھ 11 جولائی اور جمعرات 12 جولائی کی درمیانی رات بڑے بڑے گڑھے کھود کر اجتماعی طور پر دفنانا شروع کر دیا تھا ۔ نہ میّتوں کی پہچان کرائی گئی اور نہ اپنے بچوں ۔ بچیوں ۔ بہنوں ۔ بھائیوں کیلئے اسلام آباد میں آپریشن ایریا کے قریب پہنچے ہوئے سینکڑوں خواتین و حضرات کو مطلع کیا گیا ۔ وہ بیچارے اِدھر سے اُدھر پریشان حال پھرتے رہے ۔ اس سے قبل لاشیں نکال کر چوری چھُپے اسلام آباد ۔ راولپنڈی ۔ ٹیکسلا سمیت مختلف مقامات پر کولڈ سٹورز میں پہنچائی گئیں تھیں اور ان کے گرد سخت حفاظتی پہرے لگا دیئے گئے تھے ۔

جب آپریشن شروع ہوا اس وقت لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس میں 2500 کے لگ بھگ افراد تھے جن میں بھاری اکثریت طالبات کی تھی ۔ زخمیوں کو ملا کر باہر نکل آنے والوں کی حکومت کی طرف سے دی گئی زیادہ سے زیادہ تعداد 1300 سے کم ہے ۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ باقی 1200 سے زائد افراد کہاں گئے جن میں بہت سی طالبات بھی شامل تھیں ؟

جیسا کہ میں پہلے لکھ چکا ہوں 10 جولائی کو ایدھی صاحب سے 200 کفن مانگے گئے پھر 11 جولائی کی صبح 800 یا 1000 مزید کفن مانگے گئے لیکن یہ خبر نجی ٹی وی چینلز پر نشر ہونے کے بعد ایدھی صاحب کو مزید کفن بھیجنے سے منع کر دیا گیا ۔ بعد میں ایدھی صاحب نے بتایا کہ ان سے 1200 کفنوں کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔ اس سے بھی ثابت ہوتا ہے کہ لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس میں شہید ہونے والوں کی تعداد 1200 کے لگ بھگ ہے ۔

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ایک تابوت میں صرف ایک لاش ہے ۔ اسلام آباد کے ایچ ۔ 11 قبرستان میں 12 جولائی کی صبح تدفین کے دوران جب کچھ صحافی پہنچے تو ایک تابوت کے اندر کئی لاشیں پائی گئیں ۔ اس کے بعد صحافیوں کو وہاں سے ہٹا دیا گیا ۔ صحافیوں کے پہنچنے سے پہلے بہت کچھ زیرِ زمین دبایا جا چکا تھا ۔ بعد میں قبرستان میں مزید قبروں کی کھدائی کے لئے مزید مزدوروں کو بھی بلا یا گیا تھا

مولوی عبدالعزیز اور مولوی عبدالرشید غازی کی والدہ کی میّت گم ہو گئی ۔ اگر مرنے والوں میں بے شمار عورتیں نہ ہوتیں تو ایک عورت کی میّت کیسے گم ہو تی ؟

ایک شخص 11 جولائی کی صبح سرکاری طور پر لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس کے اندر گیا تھا ۔ اُس نے بتایا کہ ہر طرف سفید چادروں میں لپٹی لاشیں ہی لاشیں پڑی تھیں جو سینکڑوں تھیں اور ان میں سے جلے گوشت کی بُو آ رہی تھی ۔ اس نے لال مسجد کی چھت پر بھی کچھ لاشیں دیکھیں جن کو پرندوں نے نوچا ہوا تھا ۔ اس نے بتایا کہ جامعہ حفصہ کی عمارت کو بہت زیادہ نقصان پہنچا تھا اور لال مسجد کی حالت بہتر تھی ۔ لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس کی چاردیواری کئی جگہوں سے گر چکی تھی ۔ لال مسجد کی عمارت میں کمانڈوز نے بارود سے اُڑا کر جو سوراخ بنائے تھے ان سے پوری مسجد کے اندر دیکھا جا سکتا ہے ۔

حکومت کے اہلکار لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس میں شہید ہونے والوں کی تعداد کبھی 73 بتاتے اور کبھی 150 سے 250 تک ۔ حکومت نے مرنے والوں کی جو فہرست لگائی اس میں ورثاء کی اکثریت کو اپنے بچوں یا بچیوں کے نام نہیں ملے ۔ اس جھوٹ کی صرف ایک ہی وجہ ہو سکتی ہے کہ 150 یا 250 کے علاوہ باقی مرنے والی طالبات اور معلمات تھیں ۔ چونکہ حکومت کے سینیئر فوجی اور سویلین اہلکاروں نے بار بار اعلان کیا تھا کہ کوئی طالبہ یا عورت ہلاک نہیں ہوئی اور اس بڑے جھوٹ کو چھپانے کا ایک ہی طریقہ تھا کہ ان کی لاشیں غائب کر دی جائیں ۔

میڈیا کے لوگوں کو 11 جولائی کو 11 بجے قبل دوپہر لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس لیجانے کا کہا گیا مگر لیجایا نہ گیا ۔ پھر 12 جولائی بعد دوپہر میڈیا کے کچھ افراد کو لے جایا گیا مگر لیجانے سے پہلے لال مسجد اور جامعہ حفصہ کی صفائی کی گئی ۔ لال مسجد کی عمارت کی کئی جگہوں کی تازہ مرمت کی گئی اور تازہ رنگ کیا گیا تھا ۔ جامعہ حفصہ کے سب کمرے جلے ہوئے تھے اور چھت کے پنکھوں کے پر  پگھل کر لٹک گئے تھے ۔ ایسے میں وہاں موجود طالبات کا کیا بچا ہو گا ؟  صحافیوں کو وضو کرنے کی جگہ ۔ تالاب اور کئی دوسری جگہوں کی طرف جانے نہیں دیا گیا ۔ اس کا مقصد سوائے اسکے کیا ہو سکتا ہے کہ میڈیا والے اندر کی اصل صورتِ حال نہ جان سکیں ۔

آپریشن سے پہلے ایک خاص قسم کا بغیر پائلٹ کے جہاز لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس کے اوپر سے گذرا تھا ۔ ایسے جہاز امریکہ کے پاس ہیں ۔ ان سے عمارت کے اندر موجود انسانوں کی تصاویر لی جا سکتی ہیں ۔ اس کے بعد جامعہ حفصہ کے اندر ایسے گولے پھینکے گئے جن سے اتنی زیادہ حرارت پیدا ہوتی ہے کہ انسانی جسم بھسم ہو جاتے ہیں ۔ ایسے گولے امریکہ نے بغداد ایئرپورٹ پر پھینکے تھے اور 2500 ریپبلیکن گارڈز بھسم ہو گئے تھے اور ان کے جسموں کا بہت کم مادہ بچا تھا جو آسانی سے وہاں سے ہٹا دیا گیا تھا ۔

اس سے واضح ہو جاتا ہے کہ صحافیوں کا دورہ کیوں 27 گھنٹے مؤخر کیا گیا اور رات کی تاریکی میں چوری چھپے کیوں اجتمائی تدفین کی گئی ۔ امریکہ تو غیروں بالخصوص مسلمانوں کو مارتا ہے لیکن ہمارے اپنے آپ کو سیّد کہنے والے صیہونی نے اپنے ہی ملک کی سینکڑوں مؤمنہ بچیوں اور مؤمن بچوں کو بھسم کر دیا ۔ اور اس پر دہشتگرد بُش کی داد وصول کی ۔

میڈیا والوں کو اسلحہ اور ایمونیشن کے ڈھیر دکھائے گئے ۔ یہاں پر بھی حکومتی منصوبہ بندی مات کھا گئی ۔ ایمونیشن کا اتنا بڑا انبار ہوتے ہوئے جنگجو جو 100 سے زائد کہے جاتے تھے اور ان کے پاس مشین گنیں تھیں تو وہ کیسے ڈھیر ہو گئے ؟ ایک ریٹائرڈ آفیسر کہتے ہیں کہ ان کے پاس اتنا اسلحہ ۔ ایمونیشن اور صرف 50 جوان ہوتے تو وہ کم از کم ایک ماہ تک کسی حملہ آور کو لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس کے قریب بھی نہ آنے دیتے ۔ ویسے تو کون نہیں جانتا کہ ہمارے ملک میں جب پولیس والے یا سیکیورٹی ایجنسی والے کسی کو گرفتار کرتے ہیں تو اس سے ہر قسم کی چیز برآمد کر لیتے ہیں ۔ مولوی عبدالرشید غازی نے تو کہا تھا کہ ہمارے مرنے کے بعد حکومت یہاں سے ایٹم بم بھی برآمد کر سکتی ہے ۔


صحافی کیا بتاتے رہے ؟

مسجد کے شمال مشرق میں کورڈ مارکیٹ کے قریب مدرسے سے رضاکارانہ طور پر نکلنے والوں کے لیے قائم ’سرینڈر پوائنٹ‘ پر صحافیوں کی سہولت کے لیے کیمپ لگا دیا جوکہ درحقیقت سہولت کم اور ’سرینڈر‘ زیادہ تھا۔

صحافیوں کو وہاں تک محدود کر دیا گیا۔ انہیں بہترین کھانے اور ٹیلیفون کی سہولت کے علاوہ جب حکومت کا دل چاہا اور جتنی چاہی معلومات بھی فراہم کر دیں۔ یعنی صحافیوں کی انگریزی میں جو کہتے ہیں ’سپون فیڈنگ‘ کی گئی۔
حکومت نے تو جو کیا سو کیا صحافی بھی اس صورتحال میں کافی خوش اور مطمئن دکھائی دیئے۔ اسلام آباد کے صحافی میرے خیال میں ملک کے دیگر علاقوں کے صحافیوں سے زیادہ تعلیم یافتہ اور دانشمند ہیں لیکن اس ’سپون فیڈنگ‘ پر کسی نے کوئی اعتراض نہ کیا۔

ذریعہ آج اور جیو ٹی وی چینلز ۔ جنگ ۔ ڈان ۔ دی نیوز ۔ ڈان ۔ بی بی سی اُردو

حکومتی دعوے جھوٹ اور فریب نکلے

مولوی عبد العزیز نے گرفتار ہونے کے بعد کہا تھا کہ لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس کے اندر ان لوگوں کے پاس 14 بندوقیں یا کلاشنکوفیں [Klashinkov] ہیں اور مولوی عبدالرشید غازی مرحوم نے بھی کئی بار یہی کہا تھا ۔ جبکہ حکومت کا دعوٰی تھا جو کہ بار بار دہرایا جاتا رہا کہ لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس کے اندر جنگجو [Militants] مسلح ہیں اور ان کے پاس راکٹ لانچرز [Rocket Launchers] اور دوسرا بڑا اسلحہ [Heavy Weapons like Mortar] بھی ہے ۔ وہاں خود کُش بمبار [Suicide Bombers] موجود ہیں اور بارودی سرنگیں [Land Mines] بچھائی گئی ہیں ۔ اور یہ کہ انہوں نے انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کیلئے عورتوں اور بچوں کو یر غمال بنا رکھا ہے ۔ مزید یہ کہغیرملکی دہشتگرد اندر چھپے ہوئے ہیں ۔

حکومت کے سارے دعوے اس وقت جھوٹے اور فریب ثابت ہوئے جب فرض شناس فوجی افسران [جنرل یا بریگیڈیئر نہیں] لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس میں داخل ہوئے ۔ انہیں نہ تو بندوقوں یا کلاشنکوفوں کے سوا کوئی اور اسلحہ ملا ۔ نہ انہوں نے کوئی بارودی سرنگ دیکھی اور نہ ہی انہوں نے کوئی طالبہ یرغمال بنی ہوئی دیکھی ۔ اور نہ ہی حکومت غیرملکی دہشتگردوں کی موجودگی ثابت کر سکی ۔

اب واضح ہو گیا ہے کہ میڈیا کو آپریشن ایریا [Operation Area] سے اتنا دور اسلئے رکھا گیا تھا کہ حکومت کے حکم پر کئے گئے ناحق قتلِ عام کا کسی کو علم نہ ہو جائے ۔ خیال رہے کہ آپریشن کے پہلے ہی دن ایک صحافی جو آپریشن ایریا کے قریب آیا تھا رینجرز کی گولی سے ہلاک ہو گیا تھا ۔ اسی لئے کسی اور صحافی نے پھر قریب جانے کی جرأت نہ کی اور زیادہ تر حکومت کی مہیّا کردہ اطلاعات ہی نشر کرتے رہے ۔

مولوی عبدالرشید غازی مرحوم کی جانب سے بار بار کی ان درخواستوں کے باوجود کہ میڈیا کو کمپلیکس کے اندر آنے کی اجازت دیجائے تاکہ وہ صورتحال کو خود اپنی نگاہوں سے دیکھ سکے ۔ حکام نے نہ صرف میڈیا کو اندر جانے کی اجازت نہ دی بلکہ ارکان پارلیمنٹ ۔ علماء اور چوہدری شجاعت حسین سمیت حکومتی نمائندوں کو بھی کمپلیکس کے اندر جانے کی اجازت نہ دی ۔

حکا م کے دعوے کے مطابق منگل کو 27 خواتین آزاد کرائی گئی تھیں ۔ ان میں سے کسی نے اپنے یر غمالی بنائے جانے کی تصدیق نہیں کی ۔ بجائے اس کے یہ خواتین حکام سے درخواست کرتی رہیں کہ انہیں جامعہ حفصہ میں واپس جانے دیا جائے تاکہ وہ شہادت حاصل کر سکیں اور جب انہوں نے مولوی عبدا لرشید غازی کی شہادت کی خبر سنی تو پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں ۔

جامعہ حفصہ کی کئی طالبات کے والدین نے رابطہ پر بتایا تھا کہ ان کی بار بار کی درخواستوں کے باوجود طالبات اپنے گھروں کو واپس جانے کیلئے تیار نہیں ہیں ۔

ذریعہ آج اور جیو ٹی وی چینلز ۔ جنگ ۔ دی نیوز

پہلے خبریں پھر قیافے


کل یعنی 10 جولائی 2007

قبل دوپہر اعلان کیا گیا تھا کہ مولوی عبدالرشید غازی ایک تہہ خان میں چھُپے ہوئے ہیں ۔

بعد دوپہر کئی زبردست دھماکے ہوئے ۔

بعد دوپہر بتایا گیا کہ انہوں نے اپنے آپ کو حوالے نہ کیا اور گولیوں کے تبادلہ میں ہلاک ہو گئے ۔ ان کی لاش آپریشن کے مکمل طور پر ختم ہو جانے کے بعد نکالی جائے گی ۔

فوجی حکمرانوں کی طرف سے بار بار یہ اعلان کیا جاتا رہا کہ کوئی طالبہ آپریش میں ہلاک نہیں ہوئی ۔

دوپہر تک آپریشن سائلنس کا وہ حصہ مکمل ہو گیا تھا جس میں لال مسجد اور جامعہ حفصہ پر قبضہ کرنا اور وہاں موجود لوگوں کو ہلاک یا قید کرنا شامل تھا جس کے بعد متعلقہ علاقہ میں مکمل خاموشی چھا گئی تھی اور بہت ساری ایمبولنسز اور بسیں منگوائی گئی تھیں ۔

فوجی حکام نے ایدھی سے 200 کفن مانگے جو اس نے بھجوا دئیے ۔

شام تک یہ خبر پھیل گئی کہ لاشیں دھڑادھڑ گاڑیوں میں بھر کر کہیں بھیجی جا رہی ہیں ۔


آج یعنی 11 جولائی

صبح 800 مزید کفن ایدھی سے مانگے جانے کی خبر نشر کی گئی مگر ٹی وی پر یہ خبر نشر ہونے کے کچھ دیر بعد کہہ دیا گیا کہ مزید 800 کفن نہیں چاہئیں ۔

پھر خبر نشر ہوئی کہ ایدھی کی ایمبولنسز کو علاقہ سے نکل جانے کا حکم دے دیا گیا ہے ۔

دوپہر کو بتایا گیا کہ مولوی عبدالرشید کی لاش کا ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے ۔

بعد دوپہر ایک بجے کے قریب اعلان کیا گیا کہ مولوی عبدالرشید کی لاش ڈیرہ غازی خان میں اسکے آبائی گاؤں روجھان روانہ کر دی گئی ہے اور اسکی والدہ کو جامعہ فریدیہ کے پاس دفن کیا جا رہا ہے ۔

بعد دوپہر سوا دو بجے اعلان ہوا کہ مولوی عبدالرشید کی لاش اس وقت تک نہیں بھیجی جائے گی جب تک اسکی والدہ کی لاش نہیں مل جاتی ۔

گذشتہ رات یعنی 10 اور 11 جولائی کی درمیانی رات لال مسجد سے کئی زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ۔ پھر 11 جولائی کو قبل دوپہر بھی زوردار دھماکے سنے گئے ۔

دوپہر 12 بجے کے قریب اعلان کیا گیا کہ آپریشن مکمل ہو گیا ہے اور بعد دوپہر ایک بجے صحافیوں کو لال مسجد اور جامعہ حفصہ کا دورہ کرایا جائے گا ۔ مگر ایسا ابھی ہوا نہیں جبکہ بعد دوپہر کے 3 بج چکے ہیں ۔

بعد دوپہر اعلان کیا گیا کہ آپریش میں مرنے والوں کی تعداد 150 سے 250 تک ہے لیکن اصل تعدار آپریشن مکمل ہونے کے بعد معلوم ہو گی ۔

فوجی حکام کی طرف سے پھر کہا جا رہا ہے کہ آپریشن ابھی ختم نہیں ہوا ۔


قیافے

ایدھی سے مانگے ہوئے مزید 800 کفنوں سے اسلئے انکار کر دیا گیا کہ مرنے والوں کی اصل تعداد عوام کو معلوم ہو گئی تو کہرام مچ جائے گا ۔

بقول فوجی حکام مولوی عبدارشید ایک تہہ خانے میں تھا اور سخت مقابلہ ہو رہا تھا ۔ پھر زوردار دھماکے ہوئے ۔پھر ان کی میت کو بھیجنے کے متعلق متضاد بیانات ۔ کیا یہ نہیں کہا جا سکتا کہ جس کمرے میں مولوی عبدالرشید تھے اسے دھماکے سے اُڑادیا گیا جس کے نتیجہ میں مولوی عبدالرشید اور اس کے خاندان کے دوسرے لوگ جاں بحق ہو گئے ؟ اور چونکہ مولوی عبدالرشید اور اس کے ساتھ ہلاک ہونے والوں کی لاشیں یا ان کے چہرے دھماکے کی وجہ سے مسخ ہو گئے ہیں اسلئے تاخیر کی اصل وجہ یہ ہے کہ وارثوں کے حوالے کیا جائے یا پھر اسے بھی اکبر بگٹی کی طرح دفن کر دیا جائے ۔ مولوی عبدالرشید کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا تھا یا جراحی کے ذریعہ ان کی شکل بنانے کی کوشش کی جا رہی تھی جیسا کہ صدام حسین کے بیٹوں کے ساتھ امریکیوں نے کیا تھا ؟

آج جو دھماکے ہوئے ان کا مقصد شیطانی ہو سکتا ہے ۔ مثال کے طور پر خفیہ کھوہ بنا کر اس میں اسلحہ یا بارود کا انبار لگا کر بعد میں صحافیوں کو دکھا دیا جائے کہ دیکھو لال مسجد کے جنگجوؤں کا ذخیرہ ۔ یا غار نما بنا کر دکھایا جائے کہ یہ دیکھو جنگجوؤں نے لڑائی کی لمبی منصوبہ بندی کی ہوئی تھی ۔ وغیرہ

صحافیوں کو بعد دوپہر ایک بجے کے دورہ کا کہہ کر اسے مؤخر کر دینا بھی شیطانی ہو سکتا ہے جس میں مولوی عبدالعزیز اور مولوی عبدالرشید کے خاندان کو مزید کسی طریقہ سے بدنام کرنے کی منصوبہ بندی شامل ہو سکتی ہے ۔