کل دنیا میں ماں کا دن [Mothers Day] منایا گیا ۔ جب کوئی قوم مادہ پرست یا مردہ پرست ہو جائے تو زندگی کی عمدگیوں سے محروم ہو جاتی ہے اور بظاہر ترقی دراصل اُس کا بحثیت انسان تنزل ہوتی ہے ۔ والدین بالخصوص ماں کی خدمت بنی نوع انسان پر ہر لمحہ فرض ہے اور والدین کی حُکم بجا آوری کا اللہ سُبحانہُ و تعالٰی نے متعدد بار حُکم دیا ہے سوائے اس کے کہ کفر یا شرک کا حُکم دیں ۔ دین سے دور ہو جانے والے لوگوں کی اکثریت مادی دنیا میں کھو کر ماں جیسی عظیم ہستی کی خدمت میں ملنے والی نعمتوں سے نا آشنا ہو چکی ہے اور رسمی طور پر اپنی پردہ پوشی کیلئے ماں کی یاد کو صرف ایک دن پر محمول کر دیا ہے ۔ بدقسمتی ہے ہماری قوم کی کہ اب میرے ہموطن بھی اُن کے ساتھ شامل ہوناشروع ہو گئے ہیں ۔
میں یہ نہیں کہتا کہ ماں کا دن نہ منایا جائے ۔ ایسا کریں گے تو انفرادی طور پر مجھے اور میری بیگم کو نقصان ہو گا یعنی ہمارے بیٹے ۔ بہو بیٹی اور پیاری پوتی کا بھیجا ہوا جو کیک ہم نے کل کھایا ہے اور جو تحفے پچھلے سالوں میں اِنہوں نے ۔ بیٹی نے ۔ چھوٹے بیٹے اور چھوٹی بہو بیٹی نے ہمیں بھیجے یا دیئے وہ ملنا بند ہو جائیں گے ۔ ۔ اللہ کی مہربانی سے ہمارے بچے ہمیشہ سے ہمارا بہت خیال و خدمت کرتے ہیں اور اس طرح کے دنوں کا بھی بھرپور استعمال کرتے ہیں ۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ ہم پر اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کی بڑی رحمت ہے اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ سب کو ایسی اولاد دے ۔ میرا بڑا بیٹا زکریا ۔ بڑی بہو بیٹی اور ہماری پیاری پوتی امریکہ میں ہیں ۔ چھوٹا بیٹا فوزی اور چھوٹی بہو بیٹی سوا سال سے دبئی میں ہیں اور بیٹی ہمارے پاس ہے
کچھ لوگ ماں کی قبر پر کتبہ لکھ کر اس کمی کو پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں
دن منانے کے ساتھ ساتھ ماں کا ہمیشہ خیال رکھنا اور خدمت کرنا چاہیئے ۔ ماں کی زندگی میں اس کی خدمت کا نہ صرف بہت اجر ہے بلکہ اس سے خدمت کرنے والے بچے کو سکون بھی ملتا ہے اور میرا یقین ہے کہ اللہ ایسے بچوں کی بالخصوص مدد کرتا ہے ۔ اسی لئے کہا گیا ہے کہ ماں کے پاؤں میں جنت ہے ۔ رسول اللہ سیْدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا تھا “غارت ہو وہ جس نے بوڑھے والدین پائے اور اُس کی بخشش نہ ہوئی” ۔ مطلب یہ ہے کہ والدین کی خدمت کر کے جنت حاصل نہ کر سکا
سورت ۔ 4 ۔ النسآء ۔ آیت ۔ 36 ۔ ۔ اور اللہ ہی کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ بناؤ اور ماں باپ اور قرابت والوں اور یتیموں اور محتاجوں اور رشتہ دار ہمسائیوں اور اجنبی ہمسائیوں اور رفقائے پہلو اور مسافروں اور جو لوگ تمہارے قبضے میں ہوں سب کے ساتھ احسان کرو کہ اللہ تکبر کرنے والے بڑائی مارنے والے کو دوست نہیں رکھتا
سورت ۔ 6 ۔ الانعام ۔ آیت ۔ 151 ۔ ۔ کہو [لوگو] آؤ میں تمہیں وہ چیزیں پڑھ کر سناؤں جو تمہارے پروردگار نے تم پر حرام کر دی ہیں ۔ کسی چیز کو اللہ کا شریک نہ بنانا اور ماں باپ [سے بدسلوکی نہ کرنا بلکہ] سلوک کرتے رہنا ۔ ۔ ۔
سورت ۔ 17 ۔ بنٔی اسرآءیل ۔ آیات ۔ 23 و 24 ۔ ۔ اور تمہارے رب نے فیصلہ کر دیا ہے کہ اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور ماں باپ کے ساتھ بھلائی کرتے رہو ۔ اگر ان میں سے ایک یا دونوں تمہارے سامنے بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو اُن کو اُف تک نہ کہنا اور نہ انہیں جھڑکنا اور اُن سے بات ادب کے ساتھ کرنا ۔ اور عجزو نیاز سے ان کے آگے جھکے رہو اور ان کے حق میں دعا کرو کہ اے پروردگار جیسا انہوں نے مجھے بچپن میں [شفقت سے] پرورش کیا ہے تو بھی اُن [کے حال] پر رحمت فرما
[تبصرہ ۔ انسان اُس وقت اُف کرتا ہے جب اُسے تکلیف پہنچتی ہے ۔ سو اللہ کا حُکم ہے کہ اگر والدین سے کوئی تکلیف بھی پہنچے تو بُرا نہ مناؤ]
سورت ۔ 31 ۔ لقمٰن ۔ آیات ۔ 14 و 15 ۔ ۔ اور ہم نے انسان کو جسے اُس کی ماں تکلیف پر تکلیف سہہ کر پیٹ میں اُٹھائے رکھتی ہے [پھر اس کو دودھ پلاتی ہے] اور [آخرکار] دو برس میں اس کا دودھ چھڑانا ہوتا ہے [اپنے نیز] اس کے ماں باپ کے بارے میں تاکید کی ہے کہ میرا بھی شکر کرتا رہ اور اپنے ماں باپ کا بھی [کہ تم کو] میری ہی طرف لوٹ کر آنا ہے
اور اگر وہ تیرے درپے ہوں کہ تو میرے ساتھ کسی ایسی چیز کو شریک کرے جس کا تجھے کچھ بھی علم نہیں تو ان کا کہا نہ ماننا۔ ہاں دنیا [کے کاموں] میں ان کا اچھی طرح ساتھ دینا اور جو شخص میری طرف رجوع لائے اس کے رستے پر چلنا پھر تم کو میری طرف لوٹ کر آنا ہے۔ تو جو کام تم کرتے رہے میں سب سے تم کو آگاہ کروں گا
سورت ۔ 46 ۔ الاحقاف ۔ آیات ۔ 15 تا 18 ۔ ۔ اور ہم نے انسان کو اپنے والدین کے ساتھ بھلائی کرنے کا حکم دیا۔ اس کی ماں نے اس کو تکلیف سے پیٹ میں رکھا اور تکلیف ہی سے جنا۔ اور اس کا پیٹ میں رہنا اور دودھ چھوڑنا ڈھائی برس میں ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ جب خوب جوان ہوتا ہے اور چالیس برس کو پہنچ جاتا ہے تو کہتا ہے کہ اے میرے پروردگار مجھے توفیق دے کہ تو نے جو احسان مجھ پر اور میرے ماں باپ پر کئے ہیں ان کا شکر گزار ہوں اور یہ کہ نیک عمل کروں جن کو تو پسند کرے۔ اور میرے لئے میری اولاد میں صلاح [وتقویٰ] دے۔ میں تیری طرف رجوع کرتا ہوں اور میں فرمانبرداروں میں ہوں
یہی لوگ ہیں جن کے اعمال نیک ہم قبول کریں گے اور ان کے گناہوں سے درگزر فرمائیں گے اور [یہی] اہل جنت میں [ہوں گے]۔ [یہ] سچا وعدہ [ہے] جو ان سے کیا جاتا ہے
اور جس شخص نے اپنے ماں باپ سے کہا کہ اُف اُف! تم مجھے یہ بتاتے ہو کہ میں [زمین سے] نکالا جاؤں گا حالانکہ بہت سے لوگ مجھ سے پہلے گزر چکے ہیں۔ اور وہ دونوں اللہ کی جناب میں فریاد کرتے [ہوئے کہتے] تھے کہ کم بخت ایمان لا۔ اللہ کا وعدہ تو سچا ہے۔ تو کہنے لگا یہ تو پہلے لوگوں کی کہانیاں ہیں
یہی وہ لوگ ہیں جن کے بارے میں جنوں اور انسانوں کی [دوسری] اُمتوں میں سے جو ان سے پہلے گزر چکیں عذاب کا وعدہ متحقق ہوگیا۔ بےشک وہ نقصان اٹھانے والے تھے
اللہ کم از کم سب مسلمانوں کو ماں کی عظمت کو عملی طور پر سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے