مندرجہ ذيل خبريں پڑھيئے اور اپنی قيمتی رائے کا اظہار کيجئے
لاہور ۔ امریکی قونصلیٹ سے منسلک امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس جمعرات کو اپنی گاڑی نمبر ایل ای جی 5445-10 پر کھانا کھانے کیلئے بادشاہی مسجد کے عقب میں واقع ایک ہوٹل جا رہا تھا جب وہ قرطبہ چوک پہنچا تو اس نے محسوس کیا کہ دو موٹرسائیکل سوار جنہوں نے اپنے جسم کے ساتھ اسلحہ لگایا ہوا ہے اور جیسے ہی ان کی موٹرسائیکل امریکی باشندے کی گاڑی کے سامنے آئی تو ریمنڈ ڈیوس نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہلاک ہوگیا اور دوسرا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال ميں چل بسا
ان میں سے ایک کی شناخت فیضان حیدر کے نام سے کی گئی اور وہ ٹمبر مارکیٹ راوی روڈ کا رہائشی تھا جبکہ اس کے بڑے بھائی کا کہنا ہے کہ فیضان کبھی بھی ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث نہیں رہا ہے ۔ شاہدرہ میں اس کا بھائی کچھ عرصہ قبل قتل ہو گیا تھا جس کی وجہ سے فیضان اپنے پاس پستول رکھتا تھا وہ پستول لائسنس پر تھا
ریمنڈ ڈیوس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والا دوسرا نوجوان 17 سالہ مزدور فہیم شمشاد بیگم کوٹ کا رہائشی تھا ۔ اس کی شادی 6 ماہ قبل ہوئی تھی ۔ اس کی بیوی شمائلہ ہلاکت کا سنتے ہی بیہوش ہو گئی ۔ فہیم سیکورٹی گارڈ شمشاد علی کے 5 بیٹوں اور 2 بیٹیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔ فہیم کے والد شمشاد اور بھائی وسیم کا کہنا ہے کہ فہیم کسی غلط کام میں ملوث نہیں تھا ۔ اسے بے قصور مارا گیا اور ان کے ساتھ انصاف کیا جائے
بعد ازاں امریکی باشندے ریمنڈ ڈیوس نے فوری طور پر امریکی قونصلیٹ کوا طلاع دی جس پر اس کی حفاظت کیلئے ایک گاڑی میں سوار امریکی قونصلیٹ کے دو افراد تیز رفتاری سے قرطبہ چوک کی طرف آنے لگے تو ٹریفک بلاک ہونیکی وجہ سے ڈرائیور نے گاڑی ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوسری سڑک پر ڈال دی جس سے امریکی شہری کی گاڑی سامنے سے آنے والے موٹرسائیکل سوار سے ٹکرا گئی موٹر سائيکل سوار شدید زخمی ہوگیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال ميں چل بسا ۔
امریکی قونصلیٹ کی جس گاڑی کی ٹکر سے نوجوان عباد الرحمان جاں بحق ہوا اس پر جعلی نمبر پليٹ لگی تھی جس پر نمبر ایل زیڈ این 6970 لکھا تھا ۔ ذرائع کے مطابق یہ جس کار کا نمبر ہے وہ ساہیوال کے ایک شہری محمد ولدصوفی منور حسین کے نام رجسٹرڈ ہے
گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہونے والے موٹر سائیکل سوار عبادالرحمن کا تعلق گلشن راوی سے ہے ۔ وہ شاہ عالم مارکیٹ میں پلاسٹک کی بوتلوں کا کاروبار کرتا تھا اس کے سات بہن بھائی ہیں
موقعہ پر موجود لوگ مشتعل ہوگئے جنہوں نے اس گاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو گاڑی میں سوار ایک شخص نے اپنی گن نکال لی جس سے لوگ خوفزدہ ہو کر پیچھے ہٹ گئے
اس دوران سو سے زائد افراد موقع پر جمع ہوگئے جنہوں نے دونوں کاروں کو گھیرے میں لینے کی کوشش کی لیکن پولیس نے ان کو روکا ۔ مشتعل ہجوم نے پرانی انارکلی تھانے کا گھیراؤ کیا اور امریکا اور پولیس کیخلاف نعرے لگائے اور ٹائروں کو آگ لگا کر ٹریفک بلاک کر دی
پولیس نے امریکی باشندے کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا
پولیس ذرائع کی ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ موٹر سائیکل سوار افراد نے امریکی شہری کو لوٹنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے فائرنگ بھی کی پولیس کو جائے وقوعہ سے دو پستول ملے ہیں جس میں ایک کی میگزین خالی جبکہ دوسرے کی میگزین میں گولیاں تھیں
وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دیدیا
لاہور میں امریکن کونسل خانے کے اہلکار ریمنڈ ڈیوس کو 2 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے الزام میں آج عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ایف آئی آر نمبر 48/11کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔ آج ریمنڈ ڈیوس کو ماڈل ٹاؤن کچہری میں سول جج کے سامنے پیش کیا جائے گا