Category Archives: روز و شب

حفظانِ صحت اور لمبی دوڑ

ہمارے مُلک میں تقریباً ہر چیز مُخَلّط کر دی گئی ہے یعنی اشیاء يا فرائض يا ذمّہ داريوں کی ایسی ملاوٹ کہ سمجھ نہ آئے اصل کونسی ہے ؟ آج بات لمبی دوڑ [Marathon Race] کے متعلق جو ایک ایسا سوال بنا دی گئی کہ لوگوں کے دماغ اُلجھ کر رہ گئے ۔ بحث میں ملوّث ہونے سے پہلے اپنے عْلم اور تجربہ کا مُختصر بیان ۔

میری عمر 65 سال سے زیادہ ہے ۔ قد 5 فٹ ساڑھے 9 اِنچ ۔ وزن آجکل 65 کیلو گرام ہے اور 72 کیلو گرام سے زیادہ کبھی نہیں ہوا ۔ میری کمر [Belt Size] آجکل 35 اِنچ ہے ۔ سکول اور کالج میں 28 اِنچ تھی ۔ درمیان میں زیادہ عرصہ 32 اور 34 اِنچ کے درمیان رہی ۔ میں اپنے سکول اور کالج میں اتھلِیٹ [Athlete] تھا اور 100 مِیٹر کی دوڑ میں اول یا دوم آیا کرتا تھا ۔ سکول میں ہاکی کا اور کالج میں باسکٹ بال کا کھلاڑی بھی تھا ۔ اِس کے علاوہ بہن بھائیوں اور دوستوں کے ساتھ چِڑی چھِکّا [Badminton] کھیلتا تھا ۔ 1956 سے 1971 عیسوی تک میں نے پِنگ پانگ [Table Tennis] بھی کھیلی ۔ 1965 سے 1976 عیسوی تک میں نے سکواش [Squash] کھیلی ۔ نویں اور دسویں جماعتوں میں سائکل دوڑ میں بھی حصّہ لیا اور چوتھے اور تیسرے نمبر پر رہا [ آگے سے ۔ پیچھے سے نہیں ۔ ہی ہی ہی] ۔

سکول اور کالج میں ہماری تربیت والٹن سکول کے گریجوئیٹ [Graduate] قومی اتھلیٹک ٹیم کے رُکن اور بعد میں کوچ رہنے والے تجربہ کار اساتذہ نے کی ۔ اُنہیں پی ٹی آئی [Physical Training Instructor] کہا جاتا تھا ۔ اُس زمانہ میں دوڑیں 100 ۔ 200 ۔ 1625 ۔ 3250 اور 6500 میٹر ہوتی تھیں ۔ 6500 میٹر کو کراس کنٹری [Cross Country] کہا جاتا تھا ۔ خیال رہے کہ اُس زمانہ میں طلباء کے لئے پی ٹی [Physical Training] لازمی ہوتی تھی اور اس سے چھٹکارے کی صرف ایک ہی صُورت تھی کہ طالب علم سکول یا کالج کے کِسی کھیل کی باقاعدہ ٹیم کا رُکن ہو ۔ میں نے متذکّرہ بالا کھیلوں کے علاوہ سکول اور کالج میں پی ٹی بھی باقاعدہ کی ۔ 200 میٹر سے زیادہ کی دوڑیں صرف طلباء کے لئے ہوتی تھی طالبات کے لئے نہیں ۔ دیگر لمبیِ دوڑوں کے لئے پی ٹی آئی خود خاص قسم کے طلباء کا اِنتخاب کرتے تھے ۔ ہر کِسی کو اِس میں حصّہ لینے کی اجازت نہ تھی ۔ اِن منتخب طلباء کا خاص طِبّی معائینہ [Medical examination ] ہوتا اُس کے بعد طِبّی امتحان [Physical Test] ہوتا سب میں سے کامیاب ہونے کے بعد وہ لمبی دوڑ میں حصّہ لے سکتے ۔

ہمارے پی ٹی آئی سکول والے اور کالج والے بھی ہم سے کوِک مارچ [Quick march] کرواتے تھے اور کبھی کبھی تھوڑا دوڑاتے تھے مگر ڈبل مارچ [Jogging] سے منع کرتے تھے ۔

میں نے 1962 میں ملازمت شروع کی جو مقابلہ کے امتحان میں کامیابی کے بعد یکم مئی 1963 سے پکّی ہو گئی ۔ اُس زمانہ میں کلاس وَن آفیسروں کا ہر سال مکمل طِبّی معائنہ ہوتا تھا جو 1976 سے 1983 عیسوی تک میری مُلک سے باہر پوسٹنگ [Posting] کی وجہ سے نہ ہوا ۔ میں نے 1984 عیسوی میں زیادہ تفصیلی معائنہ کروایا اور اپنے میڈیکل سپیشیلِسٹ [Medical Specialist] سے کہا کہ مجھے ماہرِ امراضِ قلب کے پاس بھی تفصیلی معائنہ کے لئے بھیجے ۔ معائنہ مشہور ماہر امراضِ قلب کرنل ذوالفقار [ اب جنرل ریٹائرڈ] نے کیا ۔ اُس نے کہا “واک کرتے ہو ؟” میں نے ہاں میں جواب دے کر پوچھا “جاگِنگ کیا کروں ؟” اُس نے سختی سے کہا “بالکل نہیں”۔ میں نے کہا “لوگ جاگِنگ کرتے ہیں کہ دِل کے لئے ٹھیک ہوتی ہے”۔ اُس نے کہا “اخباروں اور رسالوں میں پڑھ کر کرتے ہیں ۔ جاگِنگ دِل کے لئے مُضِر ہے”۔

دین اِسلام سے قطعءِ نظر لمبی دوڑ [Marathon Race] کے حامیوں نے کبھی سوچا کہ لمبی دوڑ حِفظانِ صحت کے اُصُولوں کے مطابِق ہے بھی یا نہیں ؟ يا اُس کيلئے مناسب ہے يا مُضر ؟ جن لوگوں کی ہم نقّالی کرنے لگے ہیں اُن کے ہاں تو حفظانِ صحت کا ایک جامع نظام کئی دہائیوں سے مروّج ہے اِس لئے وہ لوگ سمجھتے ہیں کہ اُنہیں کیا کرنا ہے اور کیا نہیں ۔ ہم بغیر سوچے سمجھے اُن کی تقلید کرنے لگ جاتے ہیں ۔ اگر امریکن یا یورپی لوگوں کا چہرہ سُرخ دیکھیں اور اپنا تھپّڑ مار مار کر یا بھیڑوں سے کٹوا کر سُرخ کر لیں ۔ یہ کہاں کی عقلمندی ہے ؟

کسوٹی

عُنوان ميں لکھا لفظ اب کسَوٹی بولا جاتا ہے ۔ فيروزاللغات ميں بھی اسے کسَوٹی لکھا جا چکا ہے گو ترجمہ صحيح کيا گيا ہے ۔ يہ ايک چھوٹا سا پتھر يعنی وَٹی ہوتا ہے جس پر سُنار جنہيں آجکل سَنيارے کہا جاتا ہے سونا گھِس کر اس کا کَھرا ہونا پرکھتے ہيں ۔ چنانچہ اس کا نام کَس وَ ٹی تھا ۔ خير آمدن برسرِمطلب ۔ آج اپنے مسلمان ہونے کے عمل کو کَسوَ ٹی پر پرکھتے ہيں .

يہ صدا عام ہے کہ مسلمان کيوں ہر طرف ذليل ہو رہا ہے ؟ کچھ لوگ دين اسلام کو ہی ناقابلِ عمل قرار دينے لگ گئے ہيں ۔ جبکہ حقيقت يہ ہے کہ اسلام ميں کوئی خامی نہيں ہے ۔ آج کا مسلمان اس وجہ سے ذليل و خوار ہے کہ وہ دين اسلام پر عمل ہی نہيں کرتا ۔

ہم لوگ جو اپنے آپ کو مُسلمان کہتے ہيں اگر ہر ماہ کی پہلی تاريخ کو گذشتہ ماہ کے اپنے عمل پر غور کريں تو معلوم ہو گا کہ محظ شغل اور بھولپن ميں ہم اللہ کے واضح احکام کی کھُلے عام خلاف ورزی کرتے ہيں ۔

صرف چند مثاليں:

کار فنانسنگ جسے کار لِيزنگ کا نام ديا گيا ہے ۔ يہ سود کا کاروبار ہے جس ميں اپنی شان بنانے کی خاطر لوگ شامل ہوتے جا رہے ہيں ۔

ساڑھے سات ہزار روپے کا انعامی بانڈ خريديئے اور ايک کروڑ روپے انعام پايئے ۔ وغيرہ ۔ يہ جُواء ہے جو برسرِعام کھيلا جارہا ہے اور گناہ کا احساس نہيں ۔

فلاں تاريخ تک کار خريديئے اور مُفت ٹی وی سيٹ کے علاوہ لکی ڈرا ميں حصہ ليجئے ۔ پہلا انعام ايک کلوگرام سونا ۔ وغيرہ ۔ يہ بھی جُواء ہے جو برسرِعام کھيلا جارہا ہے اور احساسِ گناہ نہيں ۔

ايس ايم ايس کيجئے اور فلاں موبائل سيٹ يا فلاں ہوائی سفر کيلئے ٹکٹ کے ڈرا ميں حصہ ليجئے ۔ ايس ايم ايس کے پچيس روپے جمع ٹيکس ۔ وغيرہ ۔ يہ بھی جُواء ہے جو برسرِعام کھيلا جارہا ہے ۔ کيا يہ گناہ نہيں ؟

اخبارات ميں چند صفحے رنگين ہوتے ہيں جيسے دی نيوز ميں اِن سٹَيپ ۔ اِن صفحات ميں عورتوں کی نيم عُرياں اور جِنسی کشش والی تصاوير ہوتی ہيں جنہيں اخبار بينوں کی اکثريت ديکھتی ہے ۔ يہ فحاشی کا فروغ ہے اور يہ تصاوير چھاپنا اور ديکھنا گناہ ہے جو بلا تکلّف ہو رہا ہے ۔

ٹی وی پر ناچ گانا اور جسم کے خدوخال نماياں کئے يا نيم عُرياں عورتيں روزانہ کا معمول بن چکا ہے ۔ اس کے علاوہ مرد بھی کچھ نہ کچھ حصہ ڈالتے ہيں ۔ يہ فحاشی کا فروغ ہے اور اس ميں ملوّث ہونا گناہ ہے جو کہ کيا اور ديکھا جا رہا ہے ۔

ہماری حکومت نے پرفارمنگ آرٹس کے نام پر پاکستان کی بتيس يونيورسٹيوں کی طالبات کو الحمراء لاہور ميں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کی ترغيب دی اور اس شغل ميں قوم کے نام نہاد شرفاء اور جواں سال لڑکياں بھی شامل ہوئيں ۔ ان کے ناچ کی رنگارنگ تصادير اخبارات ميں بھی چھپيں اور ٹی وی پر بھی دکھائی گئی ہونگی ۔ يہ فحاشی کا فروغ اور گناہ ہے مگر سب اسے ديکھ کے خوش ہوتے ہيں اور بلاتکلف گناہ کا ارتکاب کرتے ہيں ۔

کمال تو يہ ہے کہ ناچنے گانے والوں يا واليوں اور مووی فلموں ميں جسم کی نمائش کرنے واليوں نے متعدد بار اپنی کاميابی پر کہا کہ اللہ کی مہربانی سے ميرا شو کامياب رہا ۔گويا ان کی فحاشی کے گناہ ميں کاميابی اللہ کی مہربانی سے ہوئی ۔ نعوذ باللہ من ذالک ۔

دين عمل سے ہے باتوں سے نہيں ۔

وما علينا الالبلاغ

خطبہ حج 2006

اس سال يعنی 9 ذوالحجہ 1427 ہجری بمطابق 29 دسمبر 2006 ميدانِ عرفات ميں امام کعبہ شيخ عبدالعزيز بن عبداللہ الشّيخ کے خطبہ سے اقتباس کا اُردو ترجمہ ۔

روشن خيالی اور سوشلِزم جيسے نعرے اسلام کی روح کے خلاف ہيں ۔ باطل قوتيں آج مسلمان عورتوں کو اپنی روِش پر ڈال کر اسے بے پردہ اور دينی روايات سے دستبردار کرانا چاہتی ہيں ۔ مسلم عورت کو اپنی حفاظت کيلئے اللہ کے مقرر کردہ احکامات ميں ہی پناہ مل سکتی ہے ۔ عالمِ اسلام کشمير ۔ فلسطين اور عراق کے مظلوم مسلمانوں کو آزادی دلانے کيلئے کردار ادا کرے ۔ باطل قوتوں نے مسلمانوں کو صحيح عقيدے سے گمراہ کرنے کيلئے خفيہ تحريکوں کا جال بچھا ديا ۔ ان سازشوں کے ذمہ دار عناصر کو بے نقاب کرنا اُمت کی سياسی قيادت پر لازم ہے ۔ اُمت اسلام کے خلاف سازشوں کا مقابلہ کرنے کيلئے متحد ہو جائے ۔ اُمتِ مسلمہ کو آپس ميں لڑانے کی سازشيں کی جا رہی ہيں ۔ ہميں اپنا اتحاد پارہ پارہ نہيں کرنا چاہيئے ۔

مسلمان اللہ تعالٰی کی بندگی اور اطاعت کا راستہ اختيار کريں ۔ شرک سے بچيں ۔ اتحاد اور يکجہتی مسلم اُمت کی بنيادی ضرورت ہے ۔ نبی کريم صلّ اللہ عليہ و سلّم پوری انسانيت کيلئے حق لے کر آئے ۔ قرآن کا عظيم تحفہ مسلمانوں کو پيش کيا ۔ مسلمان قرآنی احکامات کی روشنی ميں زندگی بسر کريں ۔ حضور صلّ اللہ عليہ و سلّم کی زندگی مسلم اُمت کيلئے مشعلِ راہ ہے ۔ مسلمان صبر و استقامت کے ساتھ مشکلات کا مقابلہ کريں ۔ اللہ تعالٰی کا دين غالب ہونے کيلئے آيا ہے جس کيلئے مسلمانوں کو جدوجہد کرنا ہو گی ۔ اسلام امن اور بھائی چارے کا دين ہے ۔ اسلامی تعليمات پر عمل پيرا ہو کر ہم دنيا اور آخرت کی کاميابی حاصل کر سکتے ہيں ۔ مسلمان نيکی کے کاموں ميں ايک دوسرے کا ساتھ ديں اور گناہ اور ظلم کی باتوں ميں دوسروں کے ساتھ تعاون نہ کريں ۔ قانون سب کيلئے يکساں ہونا چاہيئے ۔ مسلمان فساد سے بچيں ۔ دہشت گردی کی اسلام ميں کوئی گنجائش نہيں ۔ اسلام کا نام ليتے ہوئے شرمانا نہيں چاہيئے ۔ اسلام عظيم دين ہے ۔ اس دين کے ہوتے ہوئے فرقہ واريت اور تعصب کے نعرے ختم ہو جاتے ہيں ۔

دين اسلام کا مستبل روشن ہے ۔ يہ دين قيامت تک رہے گا ۔ اس راہ ميں آنے والی رکاوٹيں ختم ہو جائيں گی ۔ عالمِ اسلام کے نشرياتی اداروں سے وابستہ افراد اسلام کے خلاف پراپيگنڈے کا توڑ کريں ۔ قرآن کے ذريعہ بتايا گيا کہ يہ دين ہر عيب سے پاک ہے ۔ چار نکاح تک جائز ہيں تاکہ تم زنا سے بچ سکو ۔ زنا ايک فحش عمل ہے ۔ اللہ کا حکم ہے کہ کنوارے کيلئے زنا کی سزا کوڑے ہيں اور شادی شدہ زانی کو رجم کيا جائے ۔ چور کے ہاتھ کاٹ دو تاکہ انسانوں کے مالوں کی حفاظت ہو سکے ۔ اللہ نے قصاص مقرر فرمايا اور کہا کہ اس ميں تمہارے لئے زندگی ہے ۔ فساديوں کے ہاتھ پاؤں کاٹنے کا حکم ديا يا انہيں علاقہ بدر کر ديا جائے ۔ اللہ نے حکم ديا کہ مومنون جادو سے بچو اور جادوگر کے پاس نہ جاؤ ۔ اپنے ايمان بچاؤ ۔ اللہ کے نظام کے بغير چين نصيب نہيں ہو سکتا ۔ جتنے بھی ديگر نظام ہيں وہ ہلاکت کی طرف لے جانے والے ہيں ۔ اُمتِ مسلمہ کے عالِمو بيدار ہو جاؤ اور مغربی تہذيب کی يلغار کو شکست دو ۔ دشمن چاہتا ہے کہ اسلامی جوان اپنی شناخت کھو ديں ۔ وہ تمہيں دين سے دور کرنا چاہتا ہے ۔ جو لوگ حق پر ہونگے اللہ انہيں تنہاء نہيں چھوڑے گا ۔ عورتوں کيلئے جہاد ميں ايک فضيلت رکھی ہے اور عورت کيلئے حج ايک جہاد ہے ۔

اللہ ہميں عذابِ جہنم سے بچائے۔ ہماری کمزورياں ختم کر دے ۔ آج ہم تيرے گنہگار بندے کھڑے ہيں ۔ تيری رحمت کے طلبگار ہيں ۔ ہمارے گناہ معاف فرما ۔ تيرے بغير کوئی معبود نہيں ۔ اے اللہ ہمارے حج کو قبول فرما ۔ ہماری خطاؤں کو معاف کر دے ۔ مسلمانوں کو اتحاد و اتفاق نصيب فرما ۔ ہمارے حکمرانوں کو ہدائت عطا فرما ۔ شاہ عبداللہ پر بھی رحم فرما ۔ اللہ اس کے ذريعہ اسلام کی مدد فرما ۔ اے اللہ دوسرے حکمرانوں پر بھی رحم فرما ۔

صلہ ہم نے کيا ديا ؟

آج برِّ صغير ہندوپاکستان کے مُسلمانوں کے عظيم رہنما قائداعظم محمد علی جناح جس کو اللہ تعالٰی نے شعور ۔ منطق اور استقلال سے نوازا تھا کا يومِ ولادت ہے ۔ اِن اوصاف کے بھرپور استعمال سے اُس نے ہميں ايک اللہ کی نعمتوں سے مالا مال ملک لے کر ديا مگر ہماری قوم نے اُس عظيم رہنما کے عمل اور قول کو بھُلا ديا جس کے باعث ہماری قوم اقوامِ عالَم ميں بہت پيچھے رہ گئی ہے

۔قائداعظم کا ايک پيغام ہے

کام ۔ کام ۔ کام اورکام

آئيے اس پر عمل کريں اور آگے بڑھيں

ذو الحجہ کی اہميت

ذو الحجہ کی پاکستان ميں آج پہلی تاريخ ہے ۔ اس ماہ کے پہلے عشرہ ميں عبادت اور اللہ کے ذکر کا بہت زيادہ اجر اللہ سُبْحَانُہُ و تعالٰی نے رکھا ہے ۔ اللہ تعالٰی نے سورت الفجر ميں جن دس راتوں کی قسم کھائی ہے مُختلف احاديث کے مطابق يہ دس راتيں ذوالحجہ کا پہلا عشرہ ہی ہے ۔ ذوالحجہ کے پہلے نو دن روزے رکھنا بہت زيادہ ثواب کا سبب بنتا ہے بالخصوص يومِ عرفات اور اس سے پچھلے دو دن کے روزے دوسرے دنوں ايک سال کے روزے رکھنے کے برابر ہيں ۔ روزے نہ رکھ سکيں تو تلاوتِ قرآن اور دوسری عبادات کيجئے ۔ اگر کچھ اور نہ کر سکيں تو يکم سے بارہ ذوالحجہ تک مندرجہ ذيل تسبيح کا ورد کرتے رہيئے ۔

اللہُ أکْبَرْ اللہُ أکْبَرْ لَا اِلَہَ اِلْاللہ وَ اللہُ أکْبَرْ اللہُ أکْبَرْ وَ للہِ الْحَمْد ۔ اللہُ أکْبَرْ کَبِیْرًا وَالْحَمْدُلِلہِ کَثِیْرًا وَ سُبْحَانَ اللہِ بُکْرَۃً وَ أصِیْلًا

اور اب امريکن لڑکی

پچھلے ماہ قارئين نے پڑھا يا سُنا ہوگا کہ ايک کينڈين لڑکی نے کينڈا سے وزيرستان پہنچ کرايک مقامی پاکستانی لڑکے سے شادی کر لی اور بيان ديا تھا کہ وزيرستان ميں دہشتگرد نہيں بلکہ محبت کرے والے لوگ رہتے ہيں ۔

اب پچھلے ہفتہ لاہور کے ايک مضافاتی علاقہ مغلپورہ ميں ايک مقامی لڑکے کے ساتھ امريکہ کی رياست ٹيکسس [Texas] کی رہنے والی ايک اُستانی کی پاکستانی روائتی طريقہ سے شادی ہوئی ۔ وہ خاص طور پر شادی کرنے کيلئے لاہور آئی تھی ۔ مغلپورہ کے لڑکے عامر سے امريکن اُستانی کا تعارف چار سال قبل انٹر نيٹ کے ذريعہ ہوا ليکن شادی کا سبب پاکستان کا روائتی فيملی سسٹم بنا ۔

امريکن خاتون نے لاہوری دُلہن والا لباس پہنا جو اسے بہت پسند آيا ۔ وہ يہ ديکھ کر بہت متأثر ہوئی کہ کس طرح پاکستانی لوگ گھُل مل کو اور بڑے شوق ولولے سے شادی ميں شريک ہوتے ہيں اور خوش ہوتے ہيں ۔ پاکستانيوں کے متعلق اس نے کہا کہ يہاں کے لوگ ايک دوسرے کا خيال رکھتے ہيں اور آؤ بھگت کرنے والے ہيں ۔ اسلام کے متعلق پوچھے گئے سوال پر دُلہن نے کہا کہ ميں نے عامر سے تعارف کے بعد اسلام کا بہت مطالعہ کيا ۔ اسلام کی تعليمات زبردست ہيں بالخصوص بچوں کی پرورش اور خاندانی تعلقات کے حوالہ سے ۔