
اللہ سُب٘حانُہُ و تَع٘الی آپ سب کے لئے سینکڑوں خوشیوں بھری عیدیں لائے۔ آمین ۔
اُمید کی جاتی ہے کہ آپ اِس عید پر زلزلہ کے متاءثرین کو بھی اپنی خوشیوں اور صحبت کا کچھ حِصّہ عطا فرمائیں گے

اللہ سُب٘حانُہُ و تَع٘الی آپ سب کے لئے سینکڑوں خوشیوں بھری عیدیں لائے۔ آمین ۔
اُمید کی جاتی ہے کہ آپ اِس عید پر زلزلہ کے متاءثرین کو بھی اپنی خوشیوں اور صحبت کا کچھ حِصّہ عطا فرمائیں گے
پنجاب کے رہنے والے اگر اِن صداؤں سے واقِف نہیں تو پھر وہ کچھ نہیں جانتے ۔برفاں دے گولے ۔ ٹھنڈے تے مِٹھے ۔ پیئو تے جیو ۔ ۔ ۔ ملائی دی برف اے
پُرانی بات ہے ۔ ہم چند دن پہلے شمالی علاقوں میں کچھ دن قیام کے بعد واپس آئے تھے ۔ ہمارے ہاں کچھ مہمان آ گئے ۔ اُن کے چھوٹے چھوٹے بچوں کو میں برفانی پہاڑوں کی تفصیل بتا رہا تھا کہ ایک بچّہ بولا “پھر تو وہاں کے بچّے خوب برف کے گولے اور آئس کریم کھاتے ہوں گے” ۔
آجکل حارث بن خُرّم اور قدیر احمد رانا صاحبان بھی برف کے گولے اور آئس کریم کھا رہے ہوں گے ۔ چند دن قبل حارث بن خُرّم صاحب کی ای میل ملی کہ ملتان میں بہت سردی پڑ رہی ہے ۔ اُن کی ڈھارس بندھانے کے لئے سرفراز شاہد صاحب کے یہ شعر
لبوں پہ آ کے قلفی ہو گئے اشعار سردی ميں
غزل کہنا بھی اب تو ہو گیا دشوار سردی میں
محلے بھر کے بچوں نے دھکیلا صبح دم اس کو
مگر ہوتی نہیں اسٹارٹ اپنی کار سردی میں
کئی اہل نظر اس کو بھی ڈسکو کی ادا سمجھے
بچارا کپکپایا جب کوئی فنکار سردی ميں
کِسی زمانہ میں ملکہءترنّم نورجہاں کا ایک گانا بہت مشہور ہوا تھا
۔تیرے مکھڑے تے کالا کالا تِل وے
وے مُنڈیا سیالکوٹیا
سو میں سیالکوٹی مُنڈے (سیالکوٹ کے لڑکے) کی شادی خانہ آبادی میں شرکت کے لئے سیالکوٹ اور لاہور گیا تھا ۔ میں شائد سات آٹھ سال بعد سیالکوٹ گیا ۔ شادی کا احوال اور سفر کی روئیداد انشاء اللہ جلد
ماضی کی یادوں کے متعلق ایک شاعر نے کہا “یادِ ماضی عذاب ہے یارو چھین لے کوئی حافظہ میرا ” ۔ مگر میرا خیال ہے کہ ماضی کے لمحات خواہ کتنے ہی تلخ رہے ہوں سالہا گذر جانے کے بعد جب انسان کو اُن کی یاد آتی ہے تو ایک عجیب سی مٹھاس محسوس ہوتی ہے ۔آج صبح سویرے بیٹا زکَرِیّا بہو بیٹی اور میری پیاری پوتی مشَیل اٹلانٹا روانہ ہو گئے ۔ دو ہفتے ماشا اللہ خوب رونق لگی رہی ۔ چند دن قبل ہم سب لاؤنج میں بیٹھے تھے کہ میری بیوی نے ہمیں متوجہ کیا اور سٹیریو پلیئر چلا دیا ۔ 26 سال پہلے کی میری اور میرے تینوں بچوں کی بولنے اور ہنسنے کی آوازیں ۔ بہت لطف آیا ۔ اُس وقت زکَرِیّا تقریباً ساڑھے آٹھ سال کا تھا ۔ زکَریّا تینوں میں بڑا ہے ۔ ٹیپ چلتے چلتے ایک گانا آ گیا جسے سن کر سوچ کی اُڑان مجھے ماضی بعید میں تقریباً چھیالیس سال پیچھے لے گئی جب میں نے پہلی بار یہ گانا گایا تھا ۔
میں ابھی انجنیئرنگ کالج میں داخل نہیں ہوا تھا کہ میرے والد صاحب بیمار ہو گئے ۔ راولپنڈی میں سال بھر علاج سے کوئی فائدہ نہ ہوا ۔ بیماری کی تشخیص نہیں ہو رہی تھی ۔ لاہور میں ڈاکٹر توفیق جنہیں فادر آف میڈیسن کہا جاتا تھا اُن سے علاج کے لئے والد صاحب کو گنگا رام ہسپتال لاہور میں داخل کرا دیا ۔ چھ ماہ وہاں رہ کر تشخیص ہو گئی تو گھر آ گئے ۔ مزید دو سال بیمار رہنے کے بعد وہ ٹھیک ہوئے ۔ اِن ساڑھے تین سالوں میں والد صاحب کے بزنس مینجر نے منافع کو نقصان میں بدل دیا ۔ گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہونے پر میں کالج روانہ ہونے لگا تو والد صاحب کے پاس میرے اخراجات کے لئے رقم نہ تھی ۔ میری بڑی بہن جو ڈاکٹر ہیں اوراُن کی شادی ہو چکی تھی نے مجھے 9 ماہ کا خرچ 900 روپیہ دیا ۔ میرا دل جیسے بیٹھ گیا مگر اس وقت پڑھائی کو خیرباد کہنا خاندان کے مفاد میں نہ تھا۔ میں بوجھل دِل لئے لاہور پہنچ گیا۔ کلاسز شروع ہونے میں چند دن باقی تھے اسی دن کئی لڑکے ہوسٹل میں پہنچ گئے ۔ کمرہ الاٹ کروا کر صفائی کروائی ۔ میس ابھی چالُو نہ ہوا تھا ۔ گڑھی شاہو جا کر کھانا کھایا اور سو گئے ۔ دوسرے دن پانچ سات ہم جماعت اکٹھے بیٹھے تھے ۔ وقت گذارنے کے لئے تجویز ہوا کہ سب باری باری گانا گائیں ۔ میری باری آئی ۔ میرا دل افسردا تھا اور بولنے کو بھی نہیں چاہ رہا تھا کُجا گانا ۔ میں نے کہا “مجھے گانا نہیں آتا” تو ایک طوفان مچ گیا “جھُوٹ جھُوٹ ۔ ہر پکنک پر تم نے گایا ۔ راوی میں کشتی رانی کرتے تم نے گایا ” ۔ جان کی خلاصی نہ ہو رہی تھی ۔ اچانک مجھے ایک حسبِ حال گانا یاد آیا اور میں نے نظریں نیچی کر کے گانا شروع کیا ۔ گا چُکا تو کچھ ایسا احساس تھا کہ کہیں میری چوری تو نہیں پکڑی گئی ۔ اچانک ایک ہم جماعت مجھ سے لپٹ گیا اور کہنے لگا “اجمل ۔ سچ بتاؤ کیا بات ہے ؟ تم نے تو ہمیشہ ہمیں ہنسایا ہے آج رُلا کیوں دیا ؟ “۔ میں نے بڑی مشکل سے نظریں اُٹھا کر دیکھا تو دو لڑکے اپنی آنکھیں پونچھ رہے تھے ۔ کسی نے سچ کہا تھا ۔ “جب دِل کو ٹھیس لگتی ہے تو موسیقی کے تار خود بخود بجنے لگتے ہیں”۔
میرے ساتھیوں نے اُس وقت میری بہت حوصلہ افزائی کی اور سارا سال میرا بہت خیال رکھا ۔ آج اُس وقت کی یاد مجھے افسردہ کم اور روح پرور زیادہ محسوس ہوئی ۔
گانا یہ تھا ۔
رات بھر کا ہے مہماں اندھیرا
کس کے روکے رُکا ہے سویرا
رات جتنی بھی سنگین ہو گی
صبح اتنی ہی رنگین ہو گی
غم نہ کر ۔ گر ہے بادل گھنیرا
کس کے روکے رُکا ہے سویرا
یونہی دنیا میں آ کر نہ جانا
صرف آنسو بہا کر نہ جانا
مسکراہٹ پہ بھی حق ہے تیرا
کس کے روکے رُکا ہے سویرا
آ۔ مل کے کوئی تدبیر سوچیں
سُکھ کے سپنوں کی تعبیر سوچیں
جو تیرا ہے وہی غم ہے میرا
کس کے روکے رُکا ہے سویرا
لب پہ شکوہ نہ لا ۔ اشک پی لے
جس طرح بھی ہو کچھ دیر جی لے
اب تو اُٹھنے کو ہے غم کا ڈیرہ
کس کے روکے رُکا ہے سویرا
جزّاکَ اللہِ خیرٌ
نئے سال کے لئے بہت سے بلاگرز نے مجھے خاص ذاتی سطح پر اچھی دعائیں اور نیک خواہشات ارسال کی ہیں ۔ انتہائی پیاری اور پُر خلوص ۔ میری دلی دعا ہے کہ اللہ سُبحَانُہُ و تَعَالی آپ سب کو اور آپ کے خاندان کے تمام افراد کو صحت و تندرستی دے رزقِ حلال واسع عطا کرے آپ میں اتفاق و محبت قائم رکھے نیک مقاصد میں کامیاب کرے اور ہمیشہ خوش و خُرم رکھے آمین

میری دلی دعا ہے اس دِن کے لئے
اللہ کرے سالِ نو مبارک سب کے
روزانہ دس منٹ قرآن شریف کی تلاوت کیجئے
اگر اپنے لئے نہیں تو دوسروں کے لئے مُسکرائیے
دوسروں کی بات ہمہ تَن گوش ہو کر سنیئے
بچوں کی نئی دریافت چوکسّی سے دیکھیئے
اپنی ناشادگی کا الزام دوسروں پر نہ رکھیئے
دوسروں کی تعریف کُشادہ دِلی سے کیجئے
جو مُشکِل میں ہو اُس کی حوصلہ اَفزائی کیجئے
دوسروں پر تنقید کم کیجئے
اچھے کام میں برغبت حصّہ لیجئے
اپنے عمل کی ذمہ داری لیجئے
اثر و رسوخ کے سامنے نہ جھکيئے اور تعصّب سے بچیئے
دعا زیادہ مانگیئے اور پریشان کم ہوئیے
دوسروں کے درگذر میں تاخیر نہ کیجئے اور خود ترسی سے باز رہیئے
جو کام بھی کیجئے بہترین طریقہ سے کیجئے
زندگی اس طرح گذاریئے کہ کبھی پچھتانا نہ پڑے
اپنی حیثیت کو قبول کیجئے اور دوسروں کی نقل نہ کیجئے
ناکامی کو تربیت کا موقع سمجھیئے
جسم اور دماغ دونوں سے بھرپور کام لیجئے
جو دوسرے کے پاس پسند آۓ اس پر خوش ہوئیے ۔ چھیننے کی خواہش نہ کیجئے