Category Archives: ذمہ دارياں

یومِ یکجہتیءِ کشمیر

انشاء اللہ العزيز
سِتم شَعَار سے تُجھ کو چھُڑائيں گے اِک دن
ميرے وطن تيری جنّت ميں آئيں گے اِک دن
ميرے وطن ۔ ميرے وطن ۔ ميرے وطن
ہم کيا چاہتے ہيں ؟ آزادی آزادی آزادی

آج یومِ یکجہتیءِ کشمیر ہے ۔ یہ دن پہلی مرتبہ 5 فروری 1990ء کو منایا گیا

کوئی کراچی یا اسلام آباد میں رہتا ہے یاپشاور یا لاہور یا کوئٹہ میں بالخصوص وہ جو جموں کشمیر کی جد وجہد آزادی میں کوشاں لوگوں کو انتہاء پسند یا دہشتگر کہتا ہے دماغ کی کھڑکی اور آنکھیں کھول کر پڑھ لے اور یاد رکھے کہ تحریک آزادی جموں کشمیر انسانی حقوق کی ایسی تحریک ہے جو نہ صرف اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے بلکہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی تین قرار دادوں اور جنرل اسمبلی کی کئی قرار دادوں کے مطابق ہے

رنگ لائے گا شہيدوں کا لہو اور ظُلم کی تلوار ٹوٹے گی
جموں کشمير ہو کر رہے گا آزاد اِن شاء اللہ اِن شاء اللہ

قوموں کی زندگی میں ایک وقت فیصلہ کا آتا ہے کہ

“جھُکے سر کے ساتھ چند روز عیش قبول کرلیں”
یا
“سرفروشی کے ساتھ سرفرازی کی راہ اپنائیں”

جَبَر کرنے والے اذِیّتوں سے اور موت سے ڈراتے ہیں
راہِ حق میں جد و جہد کرنے والوں کو موت کا خوف نہیں ہوتا بلکہ لذت ہوتی ہے اور جذبہءِ ایثار کا کَیف اس لذّت کو نِکھارتا ہے۔ اہلِ جموں کشمیر اس لذّت سے سرشار ہو چکے ہیں ۔ یہ اللہ کا کرم ہے اہلِ جموں کشمیر پر اور اہل پاکستان پر بھی

اہلِ جموں کشمیر صرف جموں کشمیرکیلئے حق خودارادیت کی جنگ نہیں لڑ رہے ہیں وہ پاکستان کے استحکام اور بقاء کی جنگ بھی لڑ رہے ہیں ۔ حُرِیّت کی داستانیں اِسی طرح رَقَم ہوتی ہیں ۔ بھارت کی جارحانہ طاقت اس جذبے کا مقابلہ کب تک کرے گی ؟
بھارتی فوج پوری طرح مسلح ہے لیکن وہ انسانی قدروں سے نہ صرف محروم بلکہ ان سے متصادم ہے اس لئے اِن شاء اللہ ناکامی اس کا مقدّر ہے ۔ بھارت جموں کشمیر کے لوگوں کی حق خودارادیت کے حصول کی جنگ کو ”دہشت گردی“ کہتا ہے جبکہ خود بھارت انسانیت کو پامال کر رہا ہے ۔ بھارتی معاندانہ پروپيگنڈہ سے بھونچکا ہوئے ہموطن بھی دشمن کی بانسری بجانے لگے ہيں

یومِ یکجہتیءِ کشمیر کیوں اور کیسے ؟
آج یومِ یکجہتیءِ کشمیر ہے ۔ یہ دن پہلی مرتبہ 5 فروری 1990ء کو منایا گیا ۔ میں نے اپنے دوسرے يعنی انگريزی بلاگ پر ستمبر 2005ء میں لکھا تھاکہ جموں کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کے لئے دوسری مسلح جدوجہد 1989ء میں شروع ہوئی ۔ اس تحریک کا آغاز کسی منصوبہ بندی کا نتیجہ نہیں تھا اور نہ ہی یہ کسی باہر کے عنصر کی ایما پر شروع کی گئی تھی ۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہر دن کے مظالم سے مقبوضہ جموں کشمیر کے مسلمان تنگ آ چکے تھے اور سب سے مایوس ہونے کے بعد پاکستان سے بھی مایوسی ہی ملی – بےنظیر بھٹو نے 1988ء میں حکومت سنبھالتے ہی بھارت سے دوستی کی خاطر نہ صرف جموں کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ دغا کیا بلکہ بھارت کے ظلم و ستم کے باعث سرحد پار کر کے پاکستان آنے والے بے خانماں کشمیریوں کی امداد بند کر دی ۔ اِس صورتِ حال کے پیشِ نظر پاکستان کی چند سیاسی جماعتوں نے جن میں جماعتِ اسلامی پیش پیش تھی جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ ہمدردی کے اِظہار کے لئے 5 فروری 1990ء کو یومِ یکجہتیءِ کشمیر منانے کا فیصلہ کیا جو اُس وقت کی حکومت کی مخالفت کے باوجود عوام نے بڑے جوش و خروش سے منایا ۔ بعد میں نواز شریف کی حکومت نے 5 فروری کو چھٹی قرار دیا اور اسے سرکاری طور پر منایا اور آج تک 5 فروری کو چھٹی ہوتی ہے

اہل جموں کشمیر سے یکجہتی کا اظہار محض روایتی نوعیت کی اخلاقی ہمدردی کا مسئلہ نہیں، جموں کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اسی اہمیت کی وجہ سے برطانوی حکومت نے 1947ء میں پاکستان اور بھارت کی آزاد مملکتوں کے قیام کے ساتھ ہی پوری منصوبہ بندی کے تحت یہ مسئلہ پیدا کیا۔ قیام پاکستان کے بعد کوئی ایسی دشواری نہیں تھی جو برطانوی حکومت اور برصغیر میں اس کے آخری وائسرائے نے ہمارے لئے پیدا نہ کی ہو اور سب سے زیادہ کاری ضرب جو پاکستان پر لگائی جاسکتی تھی وہ مسئلہ جموں کشمیر کی صورت میں لگائی گئی۔ جموں کشمیر کا مسئلہ دو مملکتوں کے درمیان کسی سرحدی تنازع کا معاملہ نہیں بلکہ جموں کشمير کے باشندوں کی ”حق خودارادیت“ کی جدوجہد پاکستان کی بقا کی جنگ ہے ۔ جموں کشمیر کا مسئلہ برطانوی حکومت نے پیدا کرایا ۔ وہ برصغیر سے جاتے جاتے رياست جموں کشمیر کو بھارت کی جارحیت کے سپرد کر گئے اور اس سروے میں دلال [Middle Man] کا کردار برصغیر میں برطانیہ کے آخری وائسرائے اور آزاد بھارت کے پہلے گورنر جنرل لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے ادا کیا جس کا مقصد یہ تھا کہ اسلام کے نام پر قائم ہونے والی اس مملکت کے جسم پر ایک ناسور بنا دیا جائے اور اُس کے بعد بھارت محض اسلحہ کی طاقت کے زور پر جموں کشمير کے باشندوں پر اپنی بالادستی قائم رکھے ہوئے ہے اور پاکستان کے تین بڑے دریا راوی چناب اور جہلم بھارت کے قبضہ میں ہیں جن پر کئی ڈيم بنا کر بھارت انہيں خُشک کرنے کے در پۓ ہے

جموں کشمیر کی جد و جہد آزادی کا مختصر جائزہ لینے کیلئے یہاں کلِک کیجئے

بندے دا پُتر

یہ 3 لفظ ہیں
”بندہ“ معنی ”اللہ کا بندہ“ مطلب ”اللہ سے ڈرنے والا“
”دا“ پنجابی ہے اُردو میں ”کا“
”پُتر“ مطلب ”بیٹا“۔ ”پُتر“ ویسے اُردو میں بھی کہتے ہیں

آدھی صدی پر محیط تجربہ سے میں نے سیکھا ہے کہ آدمی چاہے پڑھا لکھا ہو یا اَن پڑھ اگر ”بندے دا پُتر“ ہو تو

1 ۔ درخواست کرنے یا مشورہ یا ھدائت دینے پر بات اُس کی سمجھ میں آ جاتی ہے اور درست کام کرتا ہے
2 ۔ پھر اگر اُس سے غلطی ہو جائے تو اپنی غلطی مانتا ہے
3 ۔ اگر پہلے وہ محنتی نہ ہو تو مشورہ یا ھدائت ملنے پر محنت کرتا ہے

1963ء میں جب میں نے پاکستان آرڈننس فیکٹریز میں ملازمت شروع کی تو وہاں میرے سنیئر نے چپڑاسی سے میرا تعارف کرا کے اُسے باہر بھیجنے کے بعد کہا ”یہ میری قوم ہے ۔ میں انہیں اچھی طرح جانتا ہوں ۔ یہ کسی کیلئے اپنا دماغ استعمال نہیں کرتے کہ کہیں خرچ نہ ہوجائے (یعنی ختم نہ ہو جائے)“ ۔ آج میں وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ اُن کا تجزیہ بالکل درست تھا

جو ”بندے دا پُتر“ نہیں ہوتے ۔ ان میں اَن پڑھ ۔ پڑھے لکھے ۔ غریب ۔ امیر ۔ مزدور اور بڑے عہدیدار یعنی کوئی بھی ہو سکتا ہے لیکن میں بات کرنا چاہتا ہوں گھریلو ملازموں کی ۔ ان لوگوں کو آپ لاکھ سمجھائیں ۔ کریں گے وہ اپنی مرضی ۔ آپ کا چاہے بڑا نقصان ہو جائے وہ اپنا پیسہ تو کیا ایک منٹ ضائع نہیں ہونے دیں گے ۔ دوسری بات کہ یہ لوگ اپنی غلطی کسی صورت نہیں مانتے ۔ بہت دبایا جائے تو کسی اور کے سر ڈال دیں گے

سات آٹھ سال سے ہم کھانا پکانے کیلئے عورت (باورچن) ملازم رکھتے ہیں ۔ ہر باورچن کو میری بیگم سمجھاتی ہیں کہ گیس اتنی کھولو کہ شعلہ دیگچی کے پیندے سے باہر نہ نکلے ۔ ہر باورچن زبانی ثابت کرنے کوشش کرے گی کہ وہ اس سے بھی زیادہ محتاط ہے

ہم پونے 2 سال لاہور میں رہے ۔ اللہ کی مہربانی سے وہاں ملازمہ جو ہمیں ملی وہ ”بندے دا پُتر“ قسم کی تھی ۔ اسلام آباد میں سوا 5 سال میں 4 دیگچیوں اور 2 پریشر کُکروں کی دستیاں جلائی گئیں ۔ میں نے کچھ روز قبل”حق حلال“ کے عنوان کے تحت ایک چمچے اور دیگچی کا ذکر کیا تھا ۔ اس دیگچی کی سخت پلاسٹک (Bakelite) جو آگ نہیں پکڑتا کی بنی ہوئی دستی جلنے کے باعث اُتر گئی تھی ۔ اتفاق سے میری نظر پڑ جانے کی وجہ سے دستی تباہ ہونے سے بچ گئی ۔ نمعلوم مزید کب تک چلے گی

اکتوبر کے شروع میں کچھ بھائی بہن آئے ۔ چاول زیادہ پکانےتھے ۔ بڑا چمچہ نکالا تو دستی کی ایک چفتی غائب ۔ باورچن کی جانے بلا کہ کہاں گئی ۔ کوئی جِن یا بھُوت چفتی اُتار کر لے گیا ہو گا

ایک پرانی بات یاد آئی ۔ اُس زمانہ میں صرف گھر کی صفائی اور برتن دھونے کیلئے ملازمہ ہوتی تھی ۔ دیکھنے میں اچھے خاصے مضبوط جسم کی مالک تھی ۔ میری بیگم نے کہا ”گاجریں کدوکش (shred) کر دو“۔ بولی ”میرے بازوؤں میں طاقت نہیں“۔ بیگم جو سنگل پسلی ہیں خود کرنے لگیں ۔ کچھ دن بعد بیگم نے ملازمہ سے کہا ”اُوپر جا کر پائپ کا والو (valve) بند کر آؤ تاکہ تمہارے ہاتھ دھونے کی ٹُوٹی ٹھیک کر دیں“۔ وہ بند کر کے آ گئی پھر بھی پانی بہہ رہا تھا۔ میں دیکھنے گیا تو معلوم ہوا کہ والو کو اُلٹی طرف گھُما کر توڑ دیا ہے ۔ اللہ رے یہ کیسے کمزور بازو تھے ۔ میں ایڑھی سے چوٹی تک کا زور لگاتا مگر والو اُلٹا نہیں گھُما سکتا تھا۔ اس محترمہ کمزور کے ہاتھوں مزید ہماری 2 چھُریاں اور 2 ریفریجریٹر کی برف جمانے والی ٹرے ٹوٹیں ۔ ہِیٹ پروف شیشے کی بنی کیتلی براہِ راست گرم چولہے پر رکھ کر توڑ دی ۔ درجنوں کے حساب کھانے والے اور چائے کے چمچے اور گلاس غائب ہوئے ۔ باورچی خانے میں ایک دراز میں فروٹ سلاد وغیرہ کے ٹین کے ڈبوں کے کٹے ہوئے گول ٹین کے ٹکڑے پڑے تھے ۔ بیگم نے کہا ”یہ کیا گند اکٹھا کیا ہوا ہے ۔ اسے پھینکو“۔ اگلے ماہ معلوم ہوا کہ وہ ٹین کےٹکڑے تو وہیں ہیں البتہ میں نے ایک الماری میں پیتل کا بنا ہوا مٹی کے تیل کا سٹوو ۔ سنگر سیونگ مشین کا انگلینڈ سے لایا ہوا تیل کا بھرا ہوا ڈبہ اور کئی اور کارآمد اشیاء رکھی ہوئی تھیں وہ غائب ہیں ۔ پوچھا تو نہائت معصومیت سے کہا ”آپ ہی نے تو کہا تھا پھینک دو“۔ کھانے اور چائے کی چمچیوں ۔ پانی پینے والے گلاسوں اور چائے کی پیالیوں کی الگ داستان ہے ۔ ہمیں پتہ ہی نہیں چلتا کہ کب ٹوٹا یا کب گم ہوا

کہاں تک سُنو گے کہاں تک سناؤں ۔ ۔ ۔ بس کرتا ہوں

(در پردہ بیان ۔ ہماری بیگم صاحبہ کا اصول ہے کہ ہم کسی پر چوری کا الزام اُس وقت تک نہیں لگا سکتے جب تک ہم خود اُسے چوری کرتے نہ پکڑیں ۔ چنانچہ ہم ملازمہ کے کمرے کی تلاشی لے کر مسروقہ مال بھی برآمد نہیں کر سکتے ۔ مزید یہ کہ جس عورت کو ایک بار ملازم رکھ لیا اُسے نکالنا نہیں ہے جب تک وہ کوئی انتہائی مُخربُ الاِخلاق حرکت نہ کرے ۔ چنانچہ ایسا ہوتارہتا ہے کہ جن دنوں ہمیں ملازمہ کی اشد ضرورت ہوتی ہے عام طور پر اُنہی دنوں میں ملازمہ اپنے گاؤں چلی جاتی ہے ۔ مجھے اپنی بیگم سے کوئی گلہ نہیں کیونکہ یہ اُس کی بہت سی اچھائیوں میں سے ایک چھوٹی سی اچھائی ہے ۔ شاید اللہ تعالٰی نے اسلام آباد کا سارا رحم میری بیگم کے دل میں ڈال دیا ہے ۔ جون 2012ء سے ہمارے پاس ماں بیٹی ملازم ہیں ایک بیٹا ہے جو ساتھ رہتا ہے اور محلہ میں کسی کا ڈرائیور ہے ۔ ماں بیٹا 6 ہفتے سے مکان بنانے گاؤں گئے ہوئے ہیں ۔ کہہ کر 2 ہفتے کا گئے تھے ۔ عید والے دن بھائی آ کر بہن کو بھی ایک دن کیلئے لے گیا تھا جو 4 دن بعد واپس آئی تو طبیعت کچھ مضمحل تھی ۔ چند دن بعد زکام ۔ گلا خراب وغیرہ ہوا ۔ ہفتہ بھر وہ بستر پر لیٹی رہی اور بیگم کھانا پکا کر اور دوائیاں تینوں وقت ملازمہ کو کوارٹر میں دے کر آتی رہیں ۔ اسے کھانا دینے کیلئے بیگم جو برتن اور روٹیوں کے رومال اسے دے کر آتیں وہ وہیں اکٹھے ہوتے رہے ۔ بعد میں بیگم نے لا کر دھلوائے)

اسلامی نظامِ حکومت قسط ۔ 1

”اسلامی نظامِ حکومت کیا ہے ؟“
یہ ہے وہ سوال جو وقفہ وقفہ سے مجھے کئی بار پوچھا جا چکا ہے اور میں بارہا عرض کر چکا ہوں کہ میں عالِمِ دین ہونا تو بڑی بات ہے ، عالِم بھی نہیں ہوں ۔ میں اپنے تئیں اس قابل نہ پاتے ہوئے کچھ لکھنے سے گُریز کرتا رہا ۔ دوسری وجہ یہ تھی کہ میں پہلے اپنے ملک پاکستان کے بارے میں وضاحت کر لوں ۔ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی جو مجھ پر ہمیشہ مہربان رہا ہے کی مزید مہربانی سے میں اس قابل ہوا اور یہ مضامین قارئین کی نظر سے گذرے ہوں گے

تقسیم قائد اعظم کی خواہش تھی یا مجبوری ؟
قائدِ اعظم پاکستان کو سیکولر ریاست بنانا چاہتے تھے ؟
کیا پاکستان ایک مسلم ریاست ہے اسلامی نہیں ؟

اسلامی نظامِ حکومت پر کئی علماء اور مفکرین نے کتابیں لکھی ہیں جو بازار میں دستیاب ہیں ۔ لمبی تحاریر پڑھنے کیلئے عام طور پر وقت کی قلت ہوتی ہے ۔ اگر انسان صرف اپنا طور طریقہ درست کر لے اور انصاف پر کاربند ہو تو بھی اسلامی نظام قائم ہو جائے

طور طریقہ
سورت ۔ 2 ۔ البقرۃ ۔ آیت 263 ۔ ایک میٹھا بول اور کسی ناگوار بات پر ذرا سی چشم پوشی اس خیرات سے بہتر ہے جس کے پیچھے دکھ ہو ۔ اللہ بے نیاز ہے اور بردباری اس کی صفت ہے

سورت ۔ 4 ۔ النسآء ۔ آیت 36 ۔ اور تم سب اللہ کی بندگی کرو ۔ اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ بناؤ ۔ ماں باپ کے ساتھ نیک برتاؤ کرو ۔ قرابت داروں اور یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آؤ ۔ اور پڑوسی رشتہ دار سے ۔اجنبی ہمسایہ سے ۔ پہلو کے ساتھی اور مسافر سے اور ان لونڈی غلاموں سے جو تمہارے قبضہ میں ہوں احسان کا معاملہ رکھو ۔ یقین جانو اللہ کسی ایسے شخص کو پسند نہیں کرتا جو اپنے پندار میں مغرور ہو اور اپنی بڑائی پر فخر کرے

سورت ۔ 4 ۔ النسآء ۔ آیت 86 ۔ اور جب تم کو کوئی سلام کرے تو (جواب میں) تم اس سے بہتر (کلمے) سے (اسے) سلام کرو یا انہیں الفاظ میں سلام کرو ۔ بےشک اللہ ہر چیز کا حساب لینے والا ہے

سورت ۔ 4 ۔ النسآء ۔ آیت 148 ۔ اللہ اس بات کو پسند نہیں کرتا کہ کوئی کسی کو اعلانیہ بُرا کہے مگر وہ جو مظلوم ہو۔ اور اللہ (سب کچھ) سنتا (اور) جانتا ہے

سورت ۔ 5 ۔ المآئدہ ۔ آیت 2 ۔ اور (دیکھو) نیکی اور پرہیزگاری کے کاموں میں ایک دوسرے کی مدد کیا کرو اور گناہ اور ظلم کی باتوں میں مدد نہ کیا کرو اور خدا سے ڈرتے رہو

سورت ۔ 25 ۔ الفرقان ۔ آیت 63 ۔ اور اللہ کے بندے تو وہ ہیں جو زمین پر آہستگی سے چلتے ہیں اور جب جاہل لوگ ان سے (جاہلانہ) گفتگو کرتے ہیں تو سلام کہتے ہیں

سورت ۔ 25 ۔ الفرقان ۔ آیت 67 ۔ اور وہ جب خرچ کرتے ہیں تو نہ بےجا اُڑاتے ہیں اور نہ تنگی کو کام میں لاتے ہیں بلکہ اعتدال کے ساتھ۔ نہ ضرورت سے زیادہ نہ کم

سورت ۔ 33 ۔ الاحزاب ۔ آیت 58 ۔ اور جو لوگ مومن مردوں اور مومن عورتوں کو ایسے کام (کی تہمت سے) جو انہوں نے نہ کیا ہو ایذا دیں تو انہوں نے بہتان اور صریح گناہ کا بوجھ اپنے سر پر رکھا

سورت ۔ 49 ۔ الحجرات ۔ آیات 11 ، 12 ۔ اے لوگو جو ایمان لاۓ ہو ۔ نہ مرد دوسرے مردوں کا مذاق اڑائیں ۔ ہو سکتا ہے کہ وہ ان سے بہتر ہوں ۔ اور نہ عورتیں دوسری عورتوں کا مذاق اڑائیں ۔ ہو سکتا ہے کہ وہ ان سے بہتر ہوں ۔ آپس میں ایک دوسرے پہ طعن نہ کرو اور نہ ایک دوسرے کو بُرے القاب سے یاد کرو ۔ ایمان لانے کے بعد فسق میں نام پیدا کرنا بہت بُری بات ہے ۔ جو لوگ اس روش سے باز نہ آئیں وہ ظالم ہیں ۔
اے اہل ایمان ۔ بہت گمان کرنے سے احتراز کرو کہ بعض گمان گناہ ہیں اور ایک دوسرے کے حال کا تجسس نہ کیا کرو اور نہ کوئی کسی کی غیبت کرے۔ کیا تم میں سے کوئی اس بات کو پسند کرے گا کہ اپنے مرے ہوئے بھائی کا گوشت کھائے؟ اس سے تو تم ضرور نفرت کرو گے۔ اور اللہ کا ڈر رکھو بےشک اللہ توبہ قبول کرنے والا مہربان ہے

سورت ۔ 61 ۔ الصف ۔ آیت 2 اور 3 ۔ اے لوگو جو ایمان لاۓ ہو ۔ تم کیوں وہ بات کہتے ہو جو کرتے نہیں ہو ؟ اللہ کے نزدیک یہ سخت نا پسندیدہ حرکت ہے کہ تم کہو وہ بات جو کرتے نہیں

عدل و انصاف

سورت ۔ 2 ۔ البقرہ ۔ آیت 42 ۔ باطل کا رنگ چڑھا کر حق کو مُشتبہ نہ بناؤ اور نہ جانتے بُوجھتے حق کو چھپانے کی کوشش کرو

سورت ۔ 2 ۔ البقرہ ۔ آیت 188 ۔ اور ایک دوسرے کا مال ناحق نہ کھاؤ اورنہ اس کو (رشوت کے طور) حاکموں کے پاس پہنچاؤ تاکہ لوگوں کے مال کا کچھ حصہ ناجائز طور پر کھا جاؤ اور (اسے) تم جانتے بھی ہو

سورت ۔ 4 ۔ النّسآء ۔آیت 58 ۔ اللہ تم کو حُکم دیتا ہے کہ امانت والوں کی امانتیں ان کے حوالے کردیا کرو اور جب لوگوں میں فیصلہ کرنے لگو تو انصاف سے فیصلہ کیا کرو اللہ تمہیں بہت خوب نصیحت کرتا ہے ۔ بےشک اللہ سنتا اور دیکھتا ہے

سورت ۔ 4 ۔ النّسآء ۔ آیت 135 ۔ اے لوگو جو ایمان لاۓ ہو ۔ انصاف کے علمبردار اور خدا واسطے کے گواہ بنو اگرچہ تمہارے انصاف اور تمہاری گواہی کی زد خود تمہاری اپنی ذات پر یا تمہارے والدین اور رشتہ داروں پر ہی کیوں نہ پڑتی ہو ۔ فریق معاملہ خواہ مالدار ہو یا غریب ۔ اللہ تم سے زیادہ ان کا خیرخواہ ہے ۔ لہٰذا اپنی خواہش نفس کی پیروی میں عدل سے باز نہ رہو ۔ اور اگر تم نے لگی لپٹی بات کہی یا سچائی سے پہلو بچایا تو جان رکھو کہ جو کچھ تم کرتے ہو اللہ کو اس کی خبر ہے

سورت ۔ 16 ۔ النّحل۔ آیت 126 ۔ اور اگر تم بدلہ لو تو اُسی قدر لے لو جس قدر تم پر زیادتی کی گئی ہو لیکن اگر صبر کرو تو یقیناً یہ صبر کرنے والوں کے حق ہی میں بہتر ہے

سورت ۔ 17 ۔ الاسراء یا بنی اسرآئیل ۔ آیت 35 ۔ اور جب (کوئی چیز) ناپ کر دینے لگو تو پیمانہ پورا بھرا کرو اور (جب تول کر دو تو) ترازو سیدھی رکھ کر تولا کرو۔ یہ بہت اچھی بات اور انجام کے لحاظ سے بھی بہت بہتر ہے

وما علينا الالبلاغ ۔ اللہ مجے اچھے کاموں کی توفیق عطا فرمائے اور بُرائی سے بچائے

یاد رکھنا ۔ خیال رکھنا

زندگی میں دو چیزوں کو یاد رکھنا اور ان کا خیال رکھنا
مبادا کہ وقت گذر جائے اور پچھتانا پڑے

ایک ۔ وہ شخص جس نے تمہاری جیت کیلئے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اپنا سب کچھ ہار دیا

دوسرا ۔ وہ ہستی جس کی محنت اور دعاؤں سے
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تم جِیتتے رہے اور بلاؤں سے بچتے رہے

پہلا شخص تمہارا باپ ہے
اور دوسری ہستی تمہاری ماں

رمضان المبارک ۔ کچھ غور طلب باتیں

1 ۔ رمضان کا روزہ فاقہ کشی نہیں ہے کہ کھایا پیا کچھ نہیں اور وہ سب کچھ کرتے رہے جس سے اللہ نے منع فرمایا ہے

2 ۔ روزہ اسلئے نہیں رکھنا چاہیئے کہ اردگرد سب کا روزہ ہے یا نہ رکھوں گا تو لوگ کیا کہیں گے یا یہ کہ سلِمِنگ ہو جائے گی

3 ۔ روزہ صرف اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے رکھنا چاہیئے

4 ۔ رمضان کوئی تہوار نہیں بلکہ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے ہمیں اپنی تطہیر کا موقع دیا ہے

5 ۔ یہ حدیث یاد رکھنا چاہیئے ۔ جبریل علیہ السلام نے کہا ” تباہی ہو اُس پر جس نے ماہِ رمضان پایا اور اُس کی بخشش نہ ہوئی” ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے کہا ” آمین”۔

6 ۔ سونے کیلئے گیارہ ماہ کافی ہیں ۔ رمضان میں فرض نمازوں کے ساتھ ساتھ نماز تراویح اور تہجد بھی پڑھنا چاہیئے اور جتنا ہو سکے تلاوتِ قرآن شریف بھی کرنا چاہیئے ۔ یہ برکات کا مہینہ ہے اس کا ایک پل ضائع نہیں ہونا چاہیئے ۔ ساری نمازیں نہ پڑھی جائیں تو صرف ستائیسویں پوری رات نماز پڑھتے رہنا کوئی فائدہ نہیں دے گا

7 ۔ سحری کھانا چاہیئے ۔ اگر کسی وجہ سے دیر ہو جائے تو امساک سے قبل پانی کا ایک گھونٹ ہی پی لیا جائے ۔ اور اگر آنکھ نہ کھلے اور امساک کا وقت ہو جائے تو بغیر کھائے پیئے روزہ پورا کرنا چاہیئے ۔ اگر روزہ نہ رکھا تو کفارہ لازم ہو گا

8 ۔ مغرب کا وقت ہوتے ہی روزہ افطار کر لینا چاہیئے ۔ تاخیر سے روزہ مکروہ ہو جاتا ہے ۔ اگر گھر سے باہر ہوں اور ڈر ہو کہ روزہ ایسی جگہ افطار ہو جائے گا جہاں افطار نہ کیا جا سکے تو اپنے پاس افطار کیلئے کچھ رکھ لینا چاہیئے

9 ۔ افطار کے وقت اتنی دیر تک نہیں کھاتے رہنا چاہیئے کہ مغرب کی نماز ہی قضا ہو جائے ۔ افطاری پارٹیوں میں ایسا دیکھنے میں آیا ہے

10 ۔ کسی کا روزہ افطار کرانا خواہ وہ رشتہ دار یا دوست ہو ثواب کا کام ہے لیکن شان و شوکت کیلئے افطاری پارٹی کرنا گناہ بن سکتا ہے کیونکہ اللہ نے نمائش اور اسراف دونوں سے منع فرمایا ہے

لڑکپن کی باتيں قسط 2 ۔ وطن

ميں قسط 1 ميں اپنے ہی مقرر کردہ اُن اصولوں کو نقل کر چکا ہوں جن کا ميری کاميابی ميں کچھ حصہ تو ضرور رہا ہو گا ۔ لڑکپن ميں وطن سے ميرے لگاؤ کی ايک جھلک ان اشعار ميں ملتی جو ميں نے اپنی عام استعمال کی بياض پر نقل کئے ہوئے تھے

وطن وہ مرکزِ صِدق و صَفا حريمِ جمال ۔ وطن وہ کعبہءِ عِلم و ہُنر عروجِ کمال
وطن کہ سرمہ چشم طلب ہے خاک اسکی ۔ وطن شہر نغمہ نکہت ديارِ حُسن و خيال
وطن جہاں ميری اُمنگوں کا حُسنِ تاباں ہے ۔ وطن کہ جہاں ميری شمع وفا فروزاں ہے
وطن جہاں ميری يادوں کے ديپ جلتے ہيں ۔ وطن جو يوسف بے کارواں کا کنعاں ہے

ميرے خلوصِ سُخن پہ جو اعتبار آئے ۔ روِش روِش پہ چمن ميں کوئی پکار آئے
ہميں بھی باغِ وطن سے کوئی پيام آئے ۔ ہميں بھی ياد کرے کوئی جب بہار آئے

ديارِ شوق سے تيرا اگر گذر ہو صبا ۔ گُلوں سے کہنا کہ پيغمبر بہار ہوں ميں
ميرے نفس سے ہيں روشن چراغِ لالہ و گُل ۔ چمن کا روپ ہوں ميں حُسنِ لالہ زار ہوں ميں

چمن چھُٹا تو گُل و ياسمن کی ياد آئی ۔ پہنچ کے دشت ميں صبحِ چمن کی ياد آئی

ایک معذرت ۔ ایک وضاحت

معذرت
میرے بلاگ کا سرور کل یعنی 29 مارچ بروز جمعرات صبح 6 بجے سے شام سوا 6 بجے تک بوجہ مینٹننس بند رہا

جن خواتین و حضرات کو اس بندش کے باعث کوفت کا سامنا کرنا پڑا ہو اُن سے غیر مشروط معافی
گر قبول اُفتَد زہے عز و شرف

وضاحت
میں نے عید میلادالنبی کے متعلق ایک کتبہ اور اللہ کا فرمان نقل کئے تھے ۔ اس پر ایک تبصرہ قابلِ اہم وضاحت آیا تو سوچا کہ سب قارئین و قاریات کی رائے سے مستفید ہونے کیلئے تبصرہ اور اس کا میری طرف سے جواب سرِ ورق پر شائع کر دوں

قاری کا تبصرہ
حضور صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کی سب سے بڑی نعمت ہیں اس میں کوئی شک نہیں ہے، اور ظاہر ہے کسی کو بھی نہیں‌ہوگا۔ اور قرآن کی ایک ایک آیت پر ایمان لانا فرض ہے، لہذا سورہ ضحیٰ میں جو اللہ رب کائنات نے فرمایا “واما بنعمت ربک فحدث ’’اور اپنے رب کی نعمت کا خوب چرچا کرو‘‘ تو اس آیت کو بیان کرنے میں‌کوئی حرج نہیں ہے، مزید تفصیل کے لیے اس آیت کی تفسیر پڑھ لیجیے۔
دوسری بات یہ قرآن عربی زبان میں نازل ہوا ہے، بعد میں‌اس کے مختلف مترجمین نے ترجمہ کیے، تو کچھ لوگ ترجمہ کرنے میں بھٹکے بھی ہیں اور کچھ عالم نہ ہوکر بھی ترجمہ کر بیٹھے اور صحیح ترجمہ نہیں کرپائے لہذا ترجمہ کے معنی و مفہوم میں کچھ ذرا سی تبدیلی پیدا ہوگئی، میری نظر میں امام احمد رضا کا ترجمہ ایک اچھا ترجمہ ہے کیوں کہ اُس میں ایک ایک چیز کا خیال رکھ کر ترجمہ کیا گیا ہے۔ ایک آیت بطور مثال مختلف تین مترجمین سے پیش کر رہا ہوں،

سورۃ البلد کی آیات ملاحظہ کریں أَلَمْ نَجْعَل لَّہُ عَیْنَیْنِO وَلِسَاناً وَّشَفَتَیْنِO وَہَدَیْنَاہُ النَّجْدَیْنِO (البلد:8 تا 10)

ترجمہ: ”کیا ہم نے اس کی دو آنکھیں نہ بنائیں۔ اور زبان اور دو ہونٹ۔ اور اسے دو ابھری چیزوں کی راہ بتائی۔ (کنز الایمان، اعلیٰ حضرت امام احمد رضا)
کیا ہم نے اس کو دو آنکھیں۔ اور زبان اور دو ہونٹ نہیں دیئے۔ اور پھر ہم نے ان کو دونوں دونوں رستے (خیر و شر کے) بتلادیئے۔ (مولوی اشرف علی تھانوی)
بھلا ہم نے نہیں دیں اس کو دو آنکھیں۔ اور زبان اور دو ہونٹ۔ اور دکھلادیں اس کو دو گھاٹیاں۔ (مولوی محمود الحسن دیوبندی)۔
مولوی اشرف علی تھانوی نے ”نجد” کے معنی خیر و شر کے رستے بتادیئے جبکہ مولوی محمود الحسن دیوبندی نے ”النجد” کے معنی دو گھاٹیاں (وادیاں) بتادیں۔
آیات بتارہی ہیں کہ اس کو اللہ نے دو آنکھیں دیں، ایک زبان اور دو ہونٹ، اگلی آیت میں راہ کا تعین ہے اور وہ ہے دو ابھری ہوئی جگہیں۔ یہ اصل میں اشارہ ہے اس گود کے بچے کی طرف کہ جب وہ اپنے ان دو ہونٹوں سے ماں کے سینے پر دو ابھری جگہوں میں اپنی غذا کی راہ پاتا ہے۔ ماں کا یہ پستان گھاٹیاں نہیں ہیں اور نہ ہی خیر و شر کے دو راستے بلکہ یہ اس کے سینے پر دو ابھری چیزیں ہیں جس کو ہم پستان کہتے ہیں اور عربی میں لفظ ”نجد” کے معنی ہی بلند جگہ کے ہیں اور عربی میں Plateauیعنی ابھری ہوئی زمین کو نجد کہتے ہیں۔
اعلیٰ حضرت امام احمد رضا ترجمہ کرتے وقت ایک ایک بات کا خیال رکھتے ہیں اور یہاں لفظ پستان بھی نہیں لائے بلکہ دو ابھری چیزوں کے ساتھ ترجمہ کرکے فصاحت و بلاغت کو بھی قائم رکھا اور شرم و حیا کا بھی پاس رکھا اور حسن سلاست بھی قائم ہے جبکہ دیگر مترجمین ”نجد”کی اصطلاح کی گہرائی تک ہی نہ پہنچ سکے۔ (ماخوذ از، اردو تراجم قرآن کا تقابلی مطالعہ، پروفیسر مجید اللہ قادری)

میرا جواب
میرے بلاگ پر تشریف لانے اور اپنی مفید رائے سے مستفید کرنے پر مشکور ہوں
قرآن شریف کی کسی آیت کا بغیر سیاق و سباق ترجمہ لے کر رائے قائم کرنا درست نہیں ہے ۔ سورت الضحٰی کی متذکرہ آیت کو باقی آیات کے ساتھ ملا کر پڑھیئے تو وہ مطلب نہیں نکلتا جو کتبہ لکھنے والے اور آپ نے لیا ہے ۔ یہ خیال رہے کہ مخاطب سیّدنا محمد ﷺ ہیں

سورت ۔ 93 ۔ الضحٰی ۔ آیات ۔ 6 تا 11 ۔ أَلَمْ يَجِدْكَ يَتِيمًا فَآوَى 0 وَوَجَدَكَ ضَالًّا فَھَدَى 0 وَوَجَدَكَ عَائِلًا فَأَغْنَی 0 فَأَمَّا الْيَتِيمَ فَلَا تَقْھَرْ 0 وَأَمَّا السَّائِلَ فَلَا تَنْھَرْ 0 وَأَمَّا بِنِعْمَۃِ رَبِّكَ فَحَدِّثْ 0

ترجمہ ۔ بھلا اس نے تمہیں یتیم پا کر جگہ نہیں دی؟ 0 اور راستے سے ناواقف دیکھا تو سیدھا راستہ دکھایا 0 اور تنگدست پایا تو غنی کر دیا 0 تو تم بھی یتیم پر ستم نہ کرنا 0 اور مانگنے والے کو جھڑکی نہ دیں 0 اور اپنے پروردگار کی نعمتوں کا بیان کرتے رہنا 0

اب دوسرا مسئلہ جو آپ نے احمد رضا بریلوی صاحب کے نام منسوب کیا ہے
“نجد” کے معنی عورت کے پستانوں کی مانند ” اُبھری ہوئی چیز” کیسے بنے میری سمجھ میں نہیں آ رہا
” نجد” فعل اور اسم دونو طور پر استعمال ہوتا ہے ۔ سورت ۔ 90 ۔ الْبَلَدِ ۔ آیت ۔ 10 میں ” نجدین” آیا چنانچہ بطور اسم استعمال ہوا ہے ۔ ” نجد” اسم ہو تو اس کے معنی ہیں “سطح مرتفع” یا “بلند ہموار مقام” جسے انگریزی میں plateau کہتے ہیں ۔
فعل کے طور پر نجد کے معنی ہیں ۔ جان بچانا ۔ چھڑانا ۔ نجات دلانا ۔ رہا کرانا
عورت کے سینے کے اُبھاروں کو “سطح مرتفع” یا “بلند ہموار مقام” نہیں کہا جا سکتا
محمود الحسن اور اشرف علی تھانوی صاحبان کے تراجم عربی لفظ ” نجد” کے قریب ترین ہیں
سورت ۔ 90 ۔ الْبَلَدِ کی آیات ۔ 5 تا 11 پڑھیں تو عورت کے سینے کے اُبھار کسی طرح فِٹ نہیں ہوتے
نیچے طاہر القادری صاحب کا ترجمہ نقل کر رہا ہوں جو فی زمانہ بریلوی مسلک کے سب سے بڑے عالم ہیں ۔ انہوں نے بھی “دو راستے” لکھا ہے

سورت ۔ 90 ۔ الْبَلَدِ ۔ آیات ۔ 5 تا 11 ۔ 5 ۔ أَيَحْسَبُ أَن لَّن يَقْدِرَ عَلَيْہِ أَحَدٌ
کیا وہ یہ گمان کرتا ہے کہ اس پر ہرگز کوئی بھی قابو نہ پا سکے گا؟
6 ۔ يَقُولُ أَہْلَكْتُ مَالًا لُّبَدًا
وہ (بڑے فخر سے) کہتا ہے کہ میں نے ڈھیروں مال خرچ کیا ہے
أَيَحْسَبُ أَن لَّمْ يَرَہُ أَحَدٌ7 ۔
7. کیا وہ یہ خیال کرتا ہے کہ اسے (یہ فضول خرچیاں کرتے ہوئے) کسی نے نہیں دیکھا
8 ۔ أَلَمْ نَجْعَل لَّہُ عَيْنَيْنِ
کیا ہم نے اس کے لئے دو آنکھیں نہیں بنائیں
9 ۔ وَلِسَانًا وَشَفَتَيْنِ
اور (اسے) ایک زبان اور دو ہونٹ (نہیں دئیے)
10 ۔ وَہَدَيْنَاہُ النَّجْدَيْنِ
اور ہم نے اسے (خیر و شر کے) دو نمایاں راستے (بھی) دکھا دیئے
11 ۔ فَلَا اقْتَحَمَ الْعَقَبَۃَ
وہ تو (دینِ حق اور عملِ خیر کی) دشوار گزار گھاٹی میں داخل ہی نہیں ہوا