Yearly Archives: 2015

روئیداد مجلس بلاگراں

میں نے 14 اپریل 2015ء کو ایک درخواست شائع کی جسے پڑھ کر لاہور سے ایک صاحب نے رابطہ کیا اور اس مجلس میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی ۔ میں نے خوش آمدَید کہا

گو 25 اپریل تک 250 سے زائد قارئین میری تحریر پڑھ چکے تھے پھر بھی سوچا کہ شاید کسی مقامی بلاگر نے میری تحریر نہ پڑھی ہو چنانچہ جن کے متعلق معلوم تھا کہ راولپنڈی یا اسلام آباد میں رہائش رکھتے ہیں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی ۔ کافی کوششوں کے بعد کل 10 حضرات سے رابطہ ہو سکا جن میں سے 4 نے آنے کا عندیہ دیا ۔ باقی بہت مصروف تھے

میں 3 مئی کو ان صاحبان کی انتظار میں پونے 5 بجے سہ پہر بیٹھ گیا ۔ 5 بج کر 20 پر سعد صاحب جو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم ہیں تشریف لائے ۔ ان کے پاس ذریعہ رسل و رسائل نہیں ہے اسلئے 20 منٹ کی تاخیر معاف کر دی ۔ ویسے مجھے تو تعلیم سعد صاحب کے زیر لگتی ہے کیونکہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں آنے سے قبل وزیر اعلٰی پنجاب سے لیپ ٹاپ لیا تھا ۔ اب نامعلوم نواز شریف سے کیا لینے کا ارادہ رکھتے ہیں

خیر اب ہم دونوں باقی 3 حضرات کی انتظار میں مبتلاء ہو گئے ۔ 6 بج گئے تو ٹیلیفون کھڑکانے شروع کئے ۔ لیکن شاید تینوں صاحبان کو ہماری غریبی پر ترس آ گیا کہ کہیں موبائل ٹیلیفون کے بیلنس سے کچھ روپے کم نہ ہو جائیں اسلئے کسی نے ٹیلیفون نہیں سُنا ۔ ٹیلیفونوں کی بیچاری گھنٹیاں بجتے بجتے خاموش ہو جاتی رہیں

کہتے ہیں کہ اللہ جو کرتا ہے بہتر کرتا ہے

1 ۔ تہذیب بیکرز کے چِکن ششلِک ۔ رولز ۔ کیک ۔ سموسے اور بسکٹ بلاگران کے نام پر آئے تھے جو سوائے سعد صاحب کے اور کسی کی قسمت میں نہ ہوئے ۔ سعد صاحب اور میں نے پیٹ بھر کر کھائے ۔ میری بیگم نے بھی کھائے ۔ ملازمہ کو دے کر دعائیں لیں ۔ باقی فریزر میں رکھ دیئے ۔ دو تین دن دیکھیں گے کوئی مہمان آیا تو اُسے خوش کریں گے ورنہ ہم اپنے آپ کو ایک دفعہ پھر خوش کریں گے

2 ۔ میرا ارادہ ایک اچھے ہوٹل میں انتظام کرنے کا تھا ۔ کسی خیر اندیش نے مشورہ دیا کہ ہمارے لوگ عام طور پر وقت کی پابندی نہیں کرتے اسلئےگھر پر کروں تاکہ ہوٹل میں شرمندگی سے بچ سکوں ۔ میں شرمندگی کے ساتھ بھاری خرچ سے بھی بچ گیا

3 ۔ مجھے عِلم ہو گیا کہ مجھ میں وہ چیز نہیں جس کی وجہ سے لوگ مجھے عزت بخشیں ۔ اب کبھی راہ و رسم کے بغیر کسی پر بھروسہ نہیں کروں گا ۔ غلطی میری ہے کہ ماضی کو بھول گیا کہ جسے ڈوبنے سے بچایا اُس نے میری کشتی ڈبونے کی کوشش کی

سٹرائیک کا مطلب کیا ؟

منگل بتایخ 28 اپریل قریبی مارکیٹ المعروف ”اللہ والی مارکیٹ“ تنّور (مقامی زبان میں تندور)گیا تو تنّور بلکہ پوری مارکیٹ بند ۔ پھر اپنے لئے دوائی لینے ایف 8 مرکز المعروف ”ایوب مارکیٹ“ گیا ۔ سب دکانیں بند ۔ سوچا بلیو ایریا میں دوائیوں کی دکانیں بڑی (شاہین اور ڈی واٹسن) ہیں وہاں سے لاتا ہوں ۔ وہاں پہنچا سب دکانیں بند ۔ منہ لٹکائے واپس ہوا ۔ راستہ میں سیٹَورَس کے پاس سے گذرا ۔ وہ بھی بند اور داخلے کے راستہ پر ایک بینر لگا تھا ”دُکانیں 8 بجے بند کرنا ۔ نامنظور“۔

پچھلے چند سالوں سے دیکھ رہا ہوں کہ سیاسی جماعتیں ہوں یا غیر سیاسی ادارے یا گروہ سب نے ایک ہی وطیرہ اختیار کر رکھا ہے ”سٹرائیک (strike)“ جسے اُردو میں ہڑتال کہتے ہیں لیکن آجکل انگریزی پڑھی ہو یا نہ پڑھی ہو سب ”سٹرائیک“ ہی کہتے ہیں ۔ سٹرائک (strike) کے معنی ڈکشنری کے مطابق ہیں ”مارنا ۔ پیٹنا ۔ ٹھونکنا“۔ اور حقیقت یہی ہے کہ ہمارے ہاں سٹرائیک اسی معنی میں استعمال ہو رہا ہے ۔ کل کی سٹرائیک شاید تعلیمیافہ لوگوں کی تھی ورنہ سٹرائیک ایک سیاسی جماعت کرے یا کرائے یا کوئی گروہ کرے یا کوئی خاندان ۔ توڑ پھوڑ کرنا اپنا حق سمجھا جاتا ہے ۔ کوئی نہیں سوچتا کہ جس کار کے شیشے توڑے گئے اُس کے مالک کے پاس شاید کار مرمت کرانے کیلئے بھی پیسے نہ ہوں ۔ کوئی بھی تکلیف پہنچے جس کا سبب چاہے کوئی بھی ہو سڑکیں بند کرنا اور بے قصور لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچاناہمارا مشغلہ بن چکا ہے ۔ محسوس ایسا ہوتا ہے کہ اصل مقصد دوسروں کو نقصان پہچانا ہی ہے ۔ ہر کوئی ایک نیا ریکارڈ بنانے میں لگا ہے ۔ اس سے ملک و قوم کو ہونے والے نقصان کی کسی کو پرواہ نہیں ۔ ایک ریکارڈ 7 ماہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے باسیوں کی زندگیاں اجیرن کرنے کا ریکارڈ بھی بن چکا ہے ۔ آج سے شاید 85 سال قبل علامہ صاحب نے کہا تھا

وائے ناکامی ۔ متاعِ کارواں جاتا رہا
کارواں کے دل سے احساس زیاں جاتا رہا

یہ شعر صحیح معنوں میں ہم پر منطبق ہوتا ہے ۔ منگل کی ہڑتال بجلی کی بچت کی حکومتی کوشش کے خلاف تھی ۔ دکانداروں کا یہ بہانہ بالکل غلط ہے کہ افسروں کو 5 بجے چھٹی ہوتی ہے ۔ اسلام آباد کی سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں اسلئے افسران شام 7 بجے گھر پہنچتے ہیں تو وہ شاپنگ کب کریں ؟ جی 9 المعروف کراچی کمپنی میں شاپنگ کرنے والوں میں عورتوں کی نسبت مرد زیادہ ہوتے ہیں لیکن وہاں دکانیں مغر ب کے وقت بند ہو جاتی ہیں ۔ بلیو ایریا۔ ایف 6 ۔ ایف 7 اور ایف 10 میں شاپنگ کرنے والوں میں 90 فیصد سے زائد عورتیں ہوتی ہیں

ان دنوں شام 7 بجے سے 11 بجے تک بہت زیادہ بجلی استعمال ہوتی ہے ۔ آجکل ایک ایک دکان پر درجنوں قمقمے 100 سے 500 واٹ کے لگے ہوتے ہیں ۔ کئی دکانوں میں ایئر کنڈیشنر بھی لگے ہوتے ہیں ۔ اگر دکانیں جلدی بند ہو جائیں تو لوگوں کے گھروں کو زیادہ بجلی مہیاء کی جا سکتی ہے ۔ وزیر پانی و بجلی کے مطابق اگر دکانیں شام 8 بجے بند ہو جائیں تو لوڈ شیڈنگ میں 2 گھنٹے کی کمی آ سکتی ہے ۔ میرے علم میں ایسا ملک نہیں جہاں دکانیں شام 7 بجے کے بعد کھلی رہتی ہوں ۔ یورپ ۔ امریکہ ہو یا بھارت ۔ جرمنی اور انگلینڈ میں میں دکانیں شام ساڑھے 6 بجے بند ہو جاتی ہیں ۔ بھارت میں بھی دکانیں ساحے 7 بجے تک بند ہو جاتیں ہیں۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں 1970ء تک سب دکانیں شام 8 بجے تک بند ہو جاتی تھیں ۔ میرا خیال ہے لاہور کراچی میں بھی ایسا ہی تھا ۔ پھر ناجانے کس قسم کی ترقی قوم نے کی کہ لوگ رات کو جاگنے اور دن کو سونے لگے ۔ دوسری طرف یہ حال ہے کہ کبھی غلطی سے دوپہر 12 بجے سے قبل کسی کے گھر چلے جائیں تو سوئے ہوئے ہوتے ہیں یا کرم نوازی کریں تو آنکھیں ملتے ہوئے سونے کے لباس میں دروازہ کھولتے ہیں ۔ سکول میں ایک محاورہ پڑھا تھا ”اُونٹ رے اُونٹ تیری کون سی کل سیدھی“ تو مطلب سمجھ میں نہیں آیا تھا ۔ جو سمجھ آ گیا ہے

اللہُ اللہُ ۔ اللہُ اللہُ کا اثر

میں سر کے بال کٹوانے حجام کی دُکان پر گیا ۔ وہاں ایک خاتون ایک ڈیڑھ ماہ کے بچے کو گود میں لئے بیٹھی تھیں اور حجام بچے کے سر کے پورے بال اُسترے سے اُتا رہا تھا ۔ خاتون بچے کی دادی دکھائی دیتیں تھیں ۔ بچے نے رونا شروع کر دیا تو خاتون نے اللہُ اللہُ ۔ اللہُ اللہُ کا ورد شروع کر دیا ۔ بچہ خاموش ہو گیا ۔ خاتون کے خاموش ہونے کے چند لمحے بعد بچہ پھر رونے لگا اور اس بار چِلانے لگا ۔ خاتون نے پھر اللہُ اللہُ ۔ اللہُ اللہُ کا ورد شروع کر دیا اور جب تک بچہ بھر پور نینڈ نہ سو گیا وہ خاموش نہ ہوئیں

اس سے مجھے یاد آیا ۔ ہمارے ہاں ایک عورت ڈیڑھ دو ماہ کے بچے کے ساتھ آئی ۔ کچھ دیر بعد بچہ بھوک سے رونے لگا ۔ اُ کی ماں نے اُسے تھپکاتے ہوئے 4 بار اللہ اور ایک بار پہلا کلمہ کا ورد شروع کیا ۔بچہ دو تین منٹ کے اندر سو گیا

اللہ کے کلام کا بہت خوشگوار اثر ہوتا ہے ۔ شاید اسی لئے مسمان گھرانوں میں اللہ کے کلام کو لوری کیلئے استعمال کیا جاتا ہے

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ تعلیم اور پڑھائی

تعلیم بہت سی اسناد (ڈگریاں) یا سرٹیفیکیٹس حاصل کر لینے کا نام نہیں ہے گو انہیں پڑھائی کے ثبوت کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے

تعلیم نام ہے
عملی زندگی میں رکھ رکھاؤ ۔ رویّہ ۔ طریقہءِ کار ۔ طرزِ گفتگو اور برتاؤ کا

یہاں کلک کر کے پڑھیئے ” Hindu Mahasabha leader advocates forced sterilization to restrict Muslim, Christian population “

سرکاری اداروں میں دھونس اور دھاندلی (Bluff & Corruption) کیسے شروع ہوئی

میں 3 وجوہات کی بنیاد پر آج اپنی 14 مارچ 2009ء کی تحریر دہرا رہا ہوں
1 ۔ یہ تحریر آج بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی 6 یا زیادہ سال قبل تھی
2 ۔ پچھلے 6 سال میں بلاگستان پر بہت سے نئے چہرے طلوع ہوئے ہیں اور بہت سے پرانے نظر نہیں آتے
3 ۔ عصرِ حاضر کی پڑھی لکھی نسل کو ان حقائق سے اِن کے اساتذہ نے کم ہی متعارف کرایا ہو گا

نوکری ۔ چاکری یا ملازمت ۔ کچھ کہہ لیجئے ۔ ویسے آجکل رواج جاب [job] کہنے کا ہے ۔ ملازمت نجی ادارے کی ہو یا سرکاری محکمہ کی اس کے کچھ اصول و قوانین ہوتے ہیں جن کی پاسداری ہر ملازم کا فرض ہوتا ہے ۔ دورِ حاضر میں ہماری قوم کی خواری کی بنیادی وجہ ادارے کے قوانین کی بجائے حاکم کی ذاتی خواہشات کی تابعداری ہے جس کی پنیری 1973ء میں لگائی گئی تھی اور اب یہ جنگلی پودا تناور درخت بن چُکا ہے

میں نے جب 1962ء میں ملازمت اختیار کی تو سرکاری ملازمین پر 1955ء میں شائع کئے گئے اصول و ضوابطِ ملازمت کا اطلاق ہوتا تھا ۔ اس میں قائداعظم کی 25 مارچ 1948ء کو اعلٰی سرکاری عہدیداروں کو دی گئی ہدایات پر مبنی اہم اصول یا قوانین مندرجہ ذیل تھے

(الف) ۔ ہر عہدیدار قوم کا حاکم نہیں بلکہ خادم ہے ۔ حکومت کا وفادار رہے گا اور اس سلسلہ میں دوسرے عہدیداران سے تعاون کرے گا
(ب) ۔ تعاون کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ دوسرے عہدیدار کے ہر عمل میں تعاون کرےگا یا اپنے اعلٰی عہدیدار کے ہر حُکم کو مانے گا بلکہ اگر دوسرا عہدیدار کوئی کام مروجہ قانون کے خلاف کرے یا اعلٰی عہدیدار کوئی ایسا حُکم دے جو قانون کے مطابق نہ ہو تو ان سے عدمِ تعاون وفاداری اور تعاون ہو گا
(ج) ۔ اوسط کارکردگی ہی مطلوب ہے ۔ اس سے اُوپر اور نیچے معدودے چند ہوتے ہیں جن کی طلب نہیں ہے
(د) ۔ ترقی کیلئے کارکردگی کی سالانہ رپورٹ (Annual Confidential Report)کے تمام حصوں کو برابر التفات (consideration/ weightage) دی جائے
(قارئین کی سہولت کیلئے قائداعظم کے متذکرہ خطاب کا متن اس تحریر کے آخر میں بھی نقل کیا گیا ہے)

زمیندار ۔کاشتکار ۔ باغبان اور وہ لوگ جنہوں نے اپنے گھر میں چھوٹے چھوٹے باغیچے بنا رکھے ہیں جانتے ہیں کہ اگر ایک جنگلی پودہ اُگ جائے اور اسے نکالا نہ جائے اور وہ بڑھتے بڑھتے درخت بن جائے تو پھر اسے تلف کرنا اگر ناممکن نہیں تو نہائت مُشکل ضرور ہو جاتا ہے ۔ اگر اس درخت کو کاٹ دیا جائے تو زیرِزمین اس کی جڑیں پھیلی ہونے کی وجہ سے کئی جگہ سے وہ پھوٹ پڑتا ہے اور ایک کے کئی درخت بن جاتے ہیں ۔ ہمارے مُلک میں اب یہی حالت ہو چکی ہے

ذولفقار علی بھٹو کی حکومت کے 1973ء میں وضع کردہ انتظامی اصلاحات [Administrative Reforms] کے نفاذسے 1955ء کے سرکاری ملازمت کے قوانین کالعدم ہو گئے ۔ گو نئے قوانین کی روح بھی وہی ہے کہ سرکاری عہدیدار قوانین کے مطابق کام کرے گا لیکن اس کی تشریح اُس طرح نہیں کی گئی جس طرح 1955ء کے قوانین میں موجود تھی ۔ بالخصوص ترقی کیلئے جو اصول اُوپر (ج) کے تحت درج ہے کی بجائے کر دیا گیا
Below everage, Average, above Average, Good, Very Good, Exellant
اور ان کے نمبر رکھ دیئے گئے ۔ ترقی کیلئے جو نمبر رکھے گئے اُن کے مطابق اوسط (Average) رپورٹ پانے والا ترقی نہیں پا سکتا تھا ۔ اور ستم ظریفی یہ کہ متعلقہ افسر کو پرانے قوانین کے مطابق صرف Below Average رپورٹ کی اطلاع دی جاتی تھی چنانچہ افسر کو اپنی نااہلی کا اُس وقت پتہ چلتا ہے جب اُس کے جونیئر ترقی پا جاتے ہیں اور وہ بیٹھا رہ جاتا ہے ۔ ساتھ ہی یہ ستم بھی کہ بی پی ایس 19 کا افسر اگر 3 اوسط رپورٹیں پا لے تو وہ مستقبل میں گُڈ (Good) رپورٹیں لے کر بھی ترقی نہیں پا سکتا

(د) کے تحت لکھا گیا کی بجائے کر دیا گیا کہ
Grading and recommendation in the Fitness column given by the reporting officer shall be final

سرکاری عہدیداروں کی مُلک کے قوانین کی بجائے بڑے صاحب یا اس وقت کے حُکمران کی خوشنودی حاصل کرنے کا عمل شروع ہونے کی
دوسری بڑی وجہ مُلکی قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بغلی داخلہ (Lateral Entry) کے ذریعہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور دوسرے منظورِ نظر لوگوں کی سینکڑوں کی تعداد میں اعلٰی عہدوں پر بھرتی بھی ہے جو ذولفقار علی بھٹو کے دورِ حکومت میں کی گئی ۔ پیپلز پارٹی کے جیالے وکیل ضلعی اور اعلٰی عدالتوں میں بھی جج بنائے گئے ۔ ان عہدیداروں اور ججوں میں سے کوئی دس فیصد ہوں گے جو متعلقہ عہدوں کے قابل ہو سکتے تھے باقی سب نااہل تھے ۔ ان لوگوں نے حکومتی مشینری اور عدلیہ کو ہر جابر حکمران کے ہاتھ کا کلپرزہ بنا دیا

متذکرہ بغلی داخلہ کے ذریعہ سے وفاقی حکومت میں بھرتی کئے گئے درجنوں ڈپٹی سیکریٹریوں اور جائینٹ سیکریٹریوں سے میرا واسطہ پڑا ۔ ان میں سے صرف ایک ڈپٹی سیکریٹری کو اپنے عہدے کے قابل پایا ۔ ایک ایسے ڈپٹی سیکریٹری سے بھی واسطہ پڑا جس سے ہر شخص نالاں تھا ۔ اُسے نہ بولنے کی تمیز تھی نہ کسی اور آداب کی ۔ ماتحتوں کو گالیاں بھی دیتا تھا ۔ نہ انگریزی درست بول یا لکھ سکتا نہ اُردو ۔ اُس کے پاس بی اے ایل ایل بی کی سند تو تھی لیکن کسی قانون کا اُسے علم نہ تھا ۔ ڈپٹی سیکریٹری بنائے جانے سے پہلے وہ فیصل آباد کے کسی محلہ میں پیپلز پارٹی کا آفس سیکریٹری تھا

میری قوم کب جاگے گی یا رب ۔ میرے مولٰی ۔ جھنجھوڑ دے میری قوم کو کہ وہ جاگ اُٹھے اور اپنی بھلائی کیلئے جدوجہد کرے

DO YOUR DUTY AS SERVANTS ADVICE TO OFFICERS
Address to the Gazetted Officers of Chittagong on 25th March, 1948

I thank you for giving me this opportunity to see you collectively. My time is very limited and so it was not possible for me to see you individually. I have told you two things: I have already said what I had to say to the Gazette Officers at Dhaka. I hope you should read an account of what I said there in the newspapers. If you have not I would request you to take the trouble of reading what I said there. One cannot say something new everyday. I have been making so many speeches and I expect each one of you to know my views by now.

Ladies and Gentlemen, I want you to realize fully the deep implications of the revolutionary change that has taken place. Whatever community, caste or creed you belong to you are now the servants of Pakistan. Servants can only do their duties and discharge their responsibilities by serving. Those days have gone when the country was ruled by the bureaucracy. It is people’s Government, responsible to the people more or less on democratic lines and parliamentary practices. Under these fundamental changes I would put before you two or three points for your consideration:

You have to do your duty as servants; you are not concerned with this political or that political party; that is not your business. It is a business of politicians to fight out their case under the present constitution or the future constitution that may be ultimately framed. You, therefore, have nothing to do with this party or that party. You are civil servants. Whichever gets the majority will form the Government and your duty is to serve that Government for the time being as servants not as politicians. How will you do that? The Government in power for the time being must also realize and understand their responsibilities that you are not to be used for this party or that. I know we are saddled with old legacy, old mentality, old psychology and it haunts our footsteps, but it is up to you now to act as true servants of the people even at the risk of any Minister or Ministry trying to interfere with you in the discharge of your duties as civil servants. I hope it will not be so but even if some of you have to suffer as a victim. I hope it will not happen –I expect you to do so readily. We shall of course see that there is security for you and safeguards to you. If we find that is in anyway prejudicial to your interest we shall find ways and means of giving you that security. Of course you must be loyal to the Government that is in power.

The second point is that of your conduct and dealings with the people in various Departments, in which you may be: wipe off that past reputation; you are not rulers. You do not belong to the ruling class; you belong to the servants. Make the people feel that you are their servants and friends, maintain the highest standard of honor, integrity, justice and fair-play. If you do that, people will have confidence and trust in you and will look upon you as friends and well wishers. I do not want to condemn everything of the past, there were men who did their duties according to their lights in the service in which they were placed. As administrator they did do justice in many cases but they did not feel that justice was done to them because there was an order of superiority and they were held at a distance and they did not feel the warmth but they felt a freezing atmosphere when they had to do anything with the officials. Now that freezing atmosphere must go and you must do your best with all courtesy and kindness and try to understand the people. May be sometimes you will find that it is trying and provoking when a man goes on talking and repeating a thing over and over again, but have patience and show patience and make them feel that justice has been done to them.

Next thing that I would like to impress upon you is this: I keep or getting representations and memorials containing grievances of the people of all sorts of things. May be there is no justification, may be there is no foundation for that, may be that they are under wrong impression and may be they are misled but in all such cases I have followed one practice for many years which is this: Whether I agree with anyone or not, whether I think that he has any imaginary grievances whether I think that he does not understand but I always show patience. If you will also do the same in your dealings with an individual or any association or any organization you will ultimately stand to gain. Let not people leave you with this bearing that you hate, that you are offensive, that you have insulted or that you are rude to them. Not one per cent who comes in contact with you should be left in that state of mind. You may not be able to agree with him but do not let him go with this feeling that you are offensive or that you are discourteous. If you will follow that rule believe me you will win the respect of the people.

With these observations I conclude what I had to say. I thank you very much indeed that you have given me this opportunity to say these few words to you and if you find anything good in it follow, if you do not find anything good in it do not follow.

Thank you very much.

Pakistan Zindabad

میری ڈائری ۔ خواہشات

پچھلے دنوں ایک ڈائری ملی جو اُجڑنے سے محفوظ رہی تھی اپنی لائبریری میں مل گئی ۔ اس میں 26 جنوری 1961ء کو لکھا تھا

کچھ ایسی خواہشات ہوتی ہیں جنہیں انسان اپنا پیدائشی حق سمجھتا ہے ۔ ان کی خاطر انسان پتھر کے پہاڑ کھودتا ہے دریاؤں کا سینہ چیرتا ہے اور تند لہروں سے ٹکراتا ہے
لیکن
بلند ہے وہ انسان جو اپنی ان خواہشات کو بھی دوسرے کی بہتری کیلئے قربان کر دے