لوری ان الفاظ کو کہتے ہيں جو ماں اپنے ننھے بچے کو سلانے کيلئے کہتی ہے ۔ يہ الفاظ منظوم بھی ہو سکتے ہيں اور نثر ميں بھی ۔ مغربی دنيا ميں يہ رسم ختم ہونے کے ساتھ ماں بچے کا وہ خاص تعلق بھی ختم ہو گيا ہے جو مشرقی قوموں ميں ابھی باقی ہے گو مغرب پرستی کی زد ميں آ کر قليل ہوتا جا رہا ہے ۔ لورياں لسانی اور علاقائی اثر سے بدل جاتی ہيں ليکن مدعا سب کا ايک ہی ہوتا ہے ۔
تمام دنيا کے مسلمانوں کا ايک اُمت ہونا بالخصوص لوريوں پر اثر انداز ہوا اور الفاظ مختلف ہونے کے باوجود ان ميں دين اسلام کی جھلک نماياں ہوتی ہے ۔ ميرے چھوٹے بہن بھائیوں کو سُلانے کيلئے ميری محترمہ والدہ [اللہ انہيں جنت ميں جگہ دے] جو لورياں سناتی تھيں وہ جتنی مجھے یاد ہیں لکھ رہا ہوں ۔
پنجابی ميں لَوری
اللہ تُوں بَيلی وی تُوں
قادر تُوں کريم وی تُوں
دِتا ای تے پالِيں وی تُوں
اللہ اللہ کريا کرو
خالی دَم نہ بھَريا کرو
مدد تيری يا رسول
دِل وِچَوں غم ہٹاؤ حضور
اللہ ای اللہ ۔ اللہ ای اللہ ۔ اللہ ای اللہ
اُردو ميں لَوری
اللہ ہی اللہ کيا کرو
دُکھ نہ کسی کو ديا کرو
جو دنيا کا مالک ہے
ياد اُسی کو کيا کرو
اللہ ہی اللہ ۔ اللہ ہی اللہ ۔ اللہ ہی اللہ
عربی ميں لَوری
نامْ ھنا يا حَلْو يا اُوت اُوت
اَنا جِبلَک جَوزً کُوت کُوت
يا حبِيبی يا مُحَمد
صَلّ اللہُ علَيہِ وَ سَلّم
اللہ ۔ اللہ ۔ اللہ ۔ اللہ
ترجمہ ۔ نام ۔ سو جا ۔ ۔ حَلْو ۔ ميٹھا مگر بہت پيارے کيلئے استعمال ہوتا ہے يہ حَلو [Helv] بولا جاتا ہے حلُو [Huloo] نہيں اگر بچی ہو تو حَلوہ [Helva] جو ہم حلوہ [Hulva] کہتے ہيں وہ نہيں ۔ ۔ اُوت اُوت ۔ ننھے مُنے يا ننھی مُنی ۔ ۔ اَنا ۔ ميں ۔ ۔ جِبلَک ۔ تمہارے لئے لاؤں گی ۔ ۔ ۔جَوزً۔ جوڑا يہ لفظ زوجً ہے مگر جوز بولا جاتا ہے ۔ ۔ کُوت کُوت بطخ کے چوزے ۔ ۔ حبِيبی ۔ ميرے پيارے