گیت کیوں ؟

قارئین سوچتے ہوں گے کہ مجھے اس عمر میں گیت گانے کی کیا سوجی ؟  شائد کچھ منچلے یہ بھی سوچ رہے ہوں “ہمیں تو دین اسلام کی باتیں سناتا ہے اور گانے گاتا ہے”۔ میرے حساب سے آدمی کا گانے کو جی اس وقت چاہتا ہے جب وہ دُکھی یا لاچار ہو ۔ کیا آجکل ہماری قوم کے ایک قابلِ قدر حصے کا رونے کو جی نہیں چاہتا ؟  فرق یہ ہے کہ کچھ گالی گلوچ کر کے بھڑاس نکال لیتے ہیں ۔ کچھ آنسو بہا کر دل کی آگ بجھا لیتے ہیں اور کچھ آگ کو بجھانے کی کوشش میں گیت گا کر اور بھڑکا لیتے ہیں ۔

وجہ یہ ہے کہ مُلک میں آئے دن عالِموں کا قتل ایک معمول بن چکا ہے ۔ کبھی عالِمِ دین نشانہ بنتا ہے اور کبھی سائنس یا کسی اور شعبہ کا عالِم ۔ ابھی چند دن قبل جیّد عالِم دین حسن جان صاحب کو ہلاک کیا گیا ۔ کل طِب کے عالِم جناح پوسٹ گریجوئیٹ میڈیکل سنٹر کے شعبہ پیتھالوجی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر مبشّر صاحب کو ہلاک کر دیا گیا ۔

ہمارے حکمرانوں کو سوائے پرویز مشرف کی اور اپنی کرسیوں کی حفاظت کے اور کوئی کام نہیں ۔ اس کیلئے 10 ستمبر کو نوز شریف کا استقبال روکنے کیلئے پشاور سے لاہور تک شاہراہ شیر شاہ سوری [G T Road] کو ملنے والے تمام راستے 9 اور 10 مارچ کو بلاک کئے گئے اور راولپندي اسلام آباد میں ایئر پورٹ کو جانے والی تمام سڑکیں بلاک کرنے کے علاوہ 10000 سے زائد سیاسی لیڈر اور کارکن 10 مارچ کی صبح تک گرفتار کر لئے گئے تھے ۔

بدھ 26 مارچ کو اسلام آباد کی شاہراہ دستور کنوینشن سینٹر سے خیابانِ اقبال [مارگلہ روڈ] تک 4 دن کیلئے استعمال کیلئے ممنوعہ قرار دے دی گئی ۔ صرف اس سڑک پر واقع دفاتر مین کام کرنے والے اپنا دفتر کا شناختی کارد دکھا کے دفتر جا سکتے ہیں ۔ عدالت عظمٰی بھی اسی سڑک پر ہے ۔ سوائے ان وکلاء اور ان کے مؤکلوں کے جن کے اس دن مقدمے پیش ہوں کسی کو عدالتعظمٰی جانے کی اجازت نہیں ۔

جسٹس وجیہ الدین بھی بدھ 26 مارچ کو اسلام آباد پہنچے ۔ ان کے استقبال کو روکنے کیلئے ایئر پورٹ جانے والے تمام راستے بلاک کر دیئے گئے تھے اور راولپنڈی میں وکلاء پر تشدد کیا گیا ۔

گذشتہ رات راولپنڈی اور دیگر شہروں سے اسلام آباد جانے والے تمام راستوں کو روکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا جس کے نتیجہ میں ہزاروں لوگ اپنے دفتروں یا کاروبار پر نہ پہنچ سکے ۔ صبح مجھے سیٹیلائیٹ ٹاؤن راولپنڈی سے ٹیلیفون آیا کہ تمام سڑکوں پر ہر قسم کی ٹریفک رُکی پڑی ہے ۔ سکولوں کو جانے والے چھوٹے چھوٹے بچے اپنی ٹریفک میں پھنسی ویگنوں میں پریشان ہیں ۔ کئی ایمبولنسیں جن میں شدید بیمار مریض بھی ہیں ٹریفک میں پھنسی ہوئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق حکام کی جانب سے سڑکوں کی بندش کے اقدامات اس لئے اٹھائے گئے ہیں تاکہ الیکشن کمیشن میں پرویز مشرف کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کراتے وقت سیاسی کارکنوں کو مظاہر ے اور احتجاج سے بازرکھا جاسکے۔

تازہ ترین

چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے داخلی راستوں کی ناکہ بندی اور رکاوٹوں کا از خود نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کو دن ساڑھے گیارہ بجے عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا ہے۔ سپریم کورٹ کے
رجسٹرار آفس کے مطابق چیف جسٹس جناب جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ازخود نوٹس جسٹس سید جمشید علی کی جانب سے تحریری نوٹ پر لیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے جن افسران کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں ان میں چیف کمشنر اسلام آباد۔ آئی جی اسلام آباد، ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ۔ ڈپٹی کمشنر اولپنڈی ۔ ڈی آئی جی راولپنڈی سمیت انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداران شامل ہیں۔ رجسٹرار آفس کے مطابق ناکہ بندی اور رکاوٹوں کی وجہ سے سپریم کورٹ کا بیشتر اسٹاف عدالت نہیں پہنچ سکا جس کی وجہ سے عدالتی کام متاثر ہوا ہے

نہ جانے کیوں

نہ جانے کیوں آج میرا دل یہ آدھی صدی پرانا گیت گانے کو چاہ رہا ہے ۔

اے میرے دل کہیں اور چل
غم کی دنیا سے دل بھر گیا
ڈھونڈ لے اب کوئی شہر نیا
اے میرے دل کہیں اور چل

چل جہاں غم کے مارے نہ ہوں
جھوٹی آشا کے تارے نہ ہوں
ان بہاروں سے کیا فائدہ ؟
جن میں دل کی کلی جل گئی
زخم پھر سے ہرا ہو گیا
اے میرے دل کہیں اور چل

چار آنسو کوئی رو دیا
پھیر کے منہ کوئی چل دیا
لُٹ رہا تھا کسی کا جہاں
دیکھتی رہ گئی یہ زمیں
چُپ رہا بے رحم یہ زماں
اے میرے دل کہیں اور چل

ماہر بلاگر کی مدد درکار ہے

ضرورت ہے ضرورت ہے ضرورت ہے ۔ ایک سمجھدار ماہر بلاگر کی جو مجھے یہ سمجھائے کہ

[1] ۔ میں اپنے بلاگ کے تبصرہ کے خانے میں لکھائی کے ڈبے ڈبے کیسے دُور کروں ؟
[2] ۔ تبصرہ کے خانے میں فونٹ کا سائز کیسے بڑا کروں ؟

میرا بلاگ ورڈپریس پر ہے ۔

کام ٹھیک ہو گیا تو میرے گھر آنے پر کھلا پلا دوں گا ۔ بصورتِ دیگر دعا دوں گا ۔

ترقی پسند حکومت کا ایک اور وار

خبر ملی ہے کہ پی ٹی سی ایل نے ملک بھر میں انٹرنیٹ ڈائل اَپ کے کال غیر محدود دورانیہ کے موجودہ نظام کو ختم کر کے نئے ریٹس کے تحت فی کال 15 منٹ کرنے کیلئے پی ٹی اے سے اجازت طلب کرلی ہے جس کے مطابق انٹرنیٹ صارفین کو 15 منٹ کال یونٹ چارج کی جائے گی اور فی یونٹ 21 روپے کال ریٹ مقرر کیا ہے جو ٹیکس ملا کر 24 روپے 15 پیسے ہو جائے گا ۔ یعنی ہر 15 منٹ کے 24 روپے 15 پیسے چارج ہوں گے جیسے آجکل لوکل کال کے ہر 5 منٹ کے 2 روپے 30 پیسے چارج ہوتے ہیں ۔ پی ٹی سی ایل کے اس فیصلہ پر اتھارٹی نے تمام نجی کمپنیوں سے اس حوالے سے 30 ستمبر تک سفارشات طلب کرلی ہیں ۔ اندازہ ہے کہ اس سے ملک بھر کے 45 لاکھ سے زائد انٹرنیٹ صارفین کو براہ راست نقصان ہوگا اور اس سے ملک کے دور دراز علاقوں کے عوام انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم ہو جائیں گے ۔

قوم کی حالت

میرے موبائل فون پر ایک پیغام آیا ہے جس کا ترجمہ حاضر ہے ۔

صدر جنرل پرویز مشرف کمانڈو نے مرغیوں کو حُکم دیا ” اگر کل تم سب نے دو دو انڈے نہ دیئے تو سب کو لال مسجد اور جامعہ حفصہ کے طلباء و طالبات کی طرح فوج سے ذبح کروا دوں گا ”

دوسرے دن اس نے دیکھا کہ سب مرغیوں نے دو دو انڈے دئیے سوائے ایک کے جس نے ایک انڈہ دیا ۔ صدر جنرل پرویز مشرف نے اس کے پاس جا کر پوچھا ” تم نے ایک انڈہ کیوں دیا ؟ ”

جواب ملا “جناب ۔ جامعہ حفصہ کی طالبات کا جو حشر ہوا اسکے ڈر سے ایک انڈہ دیدیا ہے ۔ میں تو مرغا ہوں”

اِنّا لِلہِ و اِنّا اِلہِ رَجِعُون

شاہدہ اکرم صاحبہ نے 15 ستمبر کو میری بیاض کے تبصرہ کے خانہ کے ذریعہ مجھے اطلاع دی تھی کہ ان کی والدہ محترمہ کے بعد خالہ صاحب بھی اللہ کو پیاری ہو گئی ہیں ۔ میرے کمپیوٹر میں کچھ خرابی کی وجہ سے میں جلد اسے یہاں نقل نہ کر پایا ۔ شاہدہ اکرم صاحبہ کا رابطہ یہ ہے

shahidaakram@hotmail.com
shahidaakram1@gmail.com

محترم اجمل انکل اور جُملہ قارئين محترم

السلامُ عليکُم

آپ سب سے ايک دُکھ شيئر کرنا چاہتی ہُوں کہ کُچھ مرحلے ايسے ہوتے ہيں جہاں آنسُو ؤں کی برسات کے پيچھے سے اپنوں کی تسلی بہت بڑا مرہم محسُوس ہوتی ہے

” ميری ماں کے بعد ميری ماں سی بھی چلی گئ “

لکھتے ہُوۓ ہاتھ اتنی بُری طرح کانپ رہے ہيں کہ سمجھ ميں نہيں آ رہا دل زيادہ کپکپا رہا ہے يا جسم ،کوئ ايک بات نہيں ہزاروں باتيں ہيں جو ايک فلم کی طرح مُستقل چلتی رہتی ہيں امّی کے بعد اتنا آسرا تھا کہ ماں نہيں تو ماں کی جگہ ماں سی ہے جو ماں سے بڑھ کر سہارا ديتی تھيں ليکن اب لگتا ہے سب کُچھ ختم ہو گيا ہے گو ايک مُسلم ہونے کی حيثيت سے جانتی ہُوں کہ موت برحق ہے پھر بھی دل اپنے پياروں سے ہميشہ کی جُدائ کے لۓ کبھی بھی تيّار نہيں ہوتا ميں وہ لمحات کبھی نہيں بُھول سکتی کہ ميں نے ايک ہی زندگی ميں دو دفعہ اپنی آنکھوں کے سامنے ماں کو جاتے ديکھا ہے ايک سا حال ايک سی سچوئيشن بہت مُشکل ہے بُھول پانا کيا کہُوں کہ بند اور کُھلی آنکھوں ميں وہ منظر ٹھہر گيا ہے دل بہت بے چين اور ازحد دُکھی ہے آپ سب سے استدعا ہے کہ دُعا کريں ميرے دل کی بے قراری کو صبر ملے،سکُون ملے

مع السلام
شاہدہ اکرم