پہلے دھماکے ابھی ذہن سے محو نہیں ہو پا رہے مگر اسلام آباد میں رہنے والوں کیلئے میریئٹ ہوٹل کا دھماکہ بھُولنا بہت مشکل ہو گا ۔ اب تک کچھ حقائق اور کچھ افواہیں ذرائع ابلاغ کے ذریعہ سب تک پہنچ چکی ہیں مگر میں ابھی تک اس گورکھ دھندے میں پھنسا ہوں کہ اس تباہی کی ذمہ داری کسی پر عائد ہوتی ہے ؟
ہوٹل کے سکیورٹی سٹاف بالخصوص گارڈز نے تو اپنا فرض خُوب نبھایا اور تعریف اور دعائے خیر کے مستحق ہیں کہ آخر وقت تک وہ ڈمپر ٹرک کے انجن میں لگی آگ کو بجھاتے رہے اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر دیا ۔ اللہ اُنہیں جنت میں جگہ دے اور اُن کے پسماندگان پر بھی اپنی رحمتیں نازل کرے ۔ آمین
معمول سے ہٹ کر اس بار حکومت نے طالبان کی بجائے کسی تحریک جہاد اسلامی پر شُبہ ظاہر کیا ہے ۔ جس نے بھی دھماکہ کروایا وہ پاکستان کا دشمن ہے ۔ دشمن کی کاروائی کیلئے دفاعی نظام مضبوط ہونا ضروری ہے ۔ لیکن ہر دھماکہ پر دفاعی نظام غائب محسوس ہوتا ہے ۔
دھماکہ میں استعمال ہونے والی تین چیزیں ہیں ۔ ایک شخص ۔ دھماکہ خیز مواد اور گاڑی جس پر لایا گیا ۔ چوتھی مگر بڑی اہم چیز دھماکہ ہو جانے کے بعد بچانے کا عمل ہوتا ہے ۔
1 ۔ ٹرک بیریئر سے ٹکرانے کے تین چار منٹ [بقول حکومتی ترجمان 7 منٹ] بعد دھماکہ ہوا ۔ اس دوران کسی حکومتی سکیورٹی والے نے نہ ٹرک کی آگ بُجھانے کی کوشش کی اور نہ ٹرک چلانے والے تک پہنچ کر اسے دیکھنے کی کوشش نہ کی کہ تفتیش میں آسانی ہوتی
2 ۔ بتایا گیا ہے کہ اس دھماکہ میں 600 کلو گرام ٹی این ٹی اور آر ڈی ایکس استعمال کیا گیا ہے ۔ اتنی بڑی مقدار میں یہ ہائی ایکسپلوسوز دھماکہ کرنے والے لوگ کہاں سے لاتے ہیں ؟ سرکاری ادارے پاکستان آرڈننس فیکٹریز میں ایکسپلوسوز بنتے ہیں لیکن اُنہیں وہاں بننے والے گولوں اور بموں میں بھرا جاتا ہے جو کہ افواجِ پاکستان کو بھیجے جاتے ہیں ۔ کوئی ایکسپلوسِو کھُلا یا پیکٹوں میں کسی کو نہیں دیا جاتا ۔ اگر یہ درآمد کیا جا رہا ہے تو کیسے ؟ کیا یہ شک نہیں کیا جا سکتا کہ جو ٹرک افغانستان میں موجود امریکی فوج کو لاجسٹک سپورٹ دینے کیلئے استعمال کئے جا رہے ہیں واپسی پر ان ٹرکوں پر ایکسپلوسِوز اور دھماکہ کرنے کے دیگر آلات پاکستان بھیجے جا رہے ہیں ؟
3 ۔ ڈمپر ٹرک ۔ یہ ٹرک صرف بڑے پیمانے کی تعمیرات میں استعمال کیا جاتا ہے ۔ میریئٹ ہوٹل کے گرد و نواح میں کوئی تعمیراتی کام نہیں ہو رہا تو یہ ڈمپر ٹرک اس ہائی سکیورٹی زون میں پولیس اور خفیہ والوں کی نظروں سے بچ کر کیسے آ گیا ؟ بالخصوص جبکہ اس پر بجری یا ریت کی بجائے ڈبے لدے ہوئے تھے ۔ ڈمپر ٹرک مٹی ۔ ریت ۔ بجری اور اینٹیں گرانے کیلئے استعمال کئے جاتے ہیں ۔
4 ۔ ہوٹل کی پانچویں منزل میں آگ لگی اور بڑھتی چلی گئی ۔ فائر بریگیڈ دیر سے پہنچی اسلئے آگ پھیل چکی تھی ۔ اس کے دیر سے پہنچنے کا کیا جواز ہے ؟ پہنچنے کے بعد بھی وہ اپنی مہارت کا مظاہرہ نہ کر سکے لیکن اس میں اُن کا قصور نہ تھا ۔ فائر ٹینڈر تو جدید ترین منگوا لئے گئے لیکن ان کے استعمال کی کسی کو تربیت نہ دی گئی تھی اور نہ ان سب کو منظم کرنے والا کوئی نہ تھا ۔ ہر فائر ٹنڈرز کا عملہ خود مختار تھا جو جس کی سمجھ میں آیا اْس نے کیا ۔
آگ بجھانے میں ناکامی کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ اُن کے پاس اِنٹرسٹیج بُوسٹر پمپ ہی نہ تھے جن کی مدد سے پانچویں منزل اور اس سے اُوپر پانی پھینکا جا سکتا ۔ سوال پیدا ہوتا ہے کہ یہ سب انتظامات کسی کی ذمہ داری تھی ؟ کیا حکومت کا یہ فرض نہیں ؟
یہ بات بھی سمجھ سے باہر ہے کہ آگ بجھانے کیلئے ہیلی کاپٹر کیوں استعمال نہ کئے گئے ؟ جب کہ دو منٹ کی اُڑان پر راول جھیل موجود تھی جو پانی سے بھری ہوئی تھی ۔ کیا کوئی نشان مٹانا مقصود تھا ؟
اپنی ذمہ داری نہ نبھانے والے اہلکار سارا ملبہ کبھی طالبان ۔ کبھی جہادیوں اور کبھی مُلا پر ڈال دیتے ہیں ۔ جب تک متعلقہ ادارے اور حکمران امریکہ کی حسب منشاء الزام تراشی چھوڑ کر اپنا کام درست طریقہ سے نہیں کریں گے یہ دھماکے رُک نہیں سکتے ۔