ہفتہ بلاگستان ۔ بچپن کی آزاد دنیا

منظرنامہ کے منتظمین کا شکریہ کہ مجھے چھ سات دہائيوں کا واپسی کا سفر طے کرنے کیلئے تھوڑا سا وقت عنائت کر دیا

مجھے اپنے بچپن کے دو واقعات یاد ہیں ۔ اس کے علاوہ میرے پہلی اور دوسری جماعت کے دو واقعات ہیں جو مجھ سے 7 سال بڑی میری پھوپھی زاد بہن نے بتائے

مارچ 1947ء میں فسادات شروع ہو گئے اور سکول بند ہو گئے ۔ ستمبر میں ہم بچوں کو حفاظت کی خاطر کسی کے ساتھ چھاؤنی بھیجا گیا نتیجہ اپنے بزرگوں سے جدائی بن گیا ۔ 18 دسمبر کو پاکستان پہنچنے پر باقی ماندہ بزرگوں سے ملاقات ہوئی ۔ مجھے جنوری 1948ء میں خاص رعائت کے تحت امتحان لے کر سکول میں داخل کر دیا گیا ۔ مارچ 1948ء میں سالانہ امتحان ہوا ۔ سارا سال پڑھائی کی بجائے 10 ماہ خوف و دہشت اور 2 ماہ بے یقینی میں گذرے تھے ۔ نتیجہ نکلا تو ہماری جماعت کے طلباء کے نام پکار پکار کر کامیاب قرار دیا گیا ۔ آخر میں اعلان ہوا کہ افتخار اجمل جسے رعائتی طور پر داخل کیا گیا تھا وہ فیل ہے اور دوسرا افتخار اجمل اوّل آیا ہے ۔ افتخار اجمل فیل کا سن کر میرا دماغ بند ہو گیا تھا اسلئے شاید میں دوسرے افتخار اجمل کا سن نہ سکا ۔ میں بھاری قدموں سے گھر کو روانہ ہوا ۔ 2 کلو میٹر کا فاصلہ 20 کلو میٹر بن چکا تھا ۔ گھر پہنچ کر سب سے نظریں چُرا کر ایک کمرے میں گھُس گیا ۔ بیس تیس منٹ بعد ہمارے سکول کا ایک طالب علم ہمارے گھر آیا اور مبارک دے کر مٹھائی کا مطالبہ کیا تب گھر والوں نے مجھے ڈھونڈا ۔ میں پھُوٹ پڑا ۔ مجھے روتا دیکھ کر وہ لڑکا بولا ”تم اوّل آئے ہو تو رو کیوں رہے ہو ؟“ میری جماعت میں ایک اور افتخار اجمل تھا جو فیل ہو گیا تھا

یہ 1946ء کی بات ہے جب میں چوتھی جماعت میں پڑھتا تھا ۔ ہم بچے مغرب کے بعد ایک کھیل میں مشغول تھے جس میں آدھے لڑکے چھُپتے ہیں اور باقی آدھے انہیں ڈھونڈتے ہیں ۔ جب ہماری ٹیم کی ڈھونڈنے کی باری آئی تو ہم بھاگ بھاگ کر تھک چکے تھے ۔ ہمارے ایک ساتھی نے بہانہ بنایا کہ اُس نے جِن دیکھا ہے اسلئے گھر چلنا چاہیئے ۔ میں چونکہ جھوٹ نہیں بوتا تھا اسلئے مجھے چُپ رہنے کا کہا گیا ۔ جب اس لڑکے نے دوسرے لڑکوں کو جِن کا بتایا تو انہوں نے میری طرف دیکھا ۔ میں چُپ رہا ۔ بلاتوقف اسی لڑکے نے کہا ”اجمل کو معلوم ہے جِن کیسا ہوتا ہے“۔ اس پر کئی لڑکوں نے کہا ”اجمل بتاؤ جِن کیسا ہوتا ہے ؟“ میں نے کہا ۔ ”میں نے سُنا ہے کہ اس کے لمبے دانت ہوتے ہیں اور آنکھیں جیسے آگ نکل رہی ہو“۔ سب لڑکے ڈر گئے اور گھر کی راہ لی

جب میں دوسری جماعت میں پڑھتا تھا سکول سے گھر پہنچا تو میری متذکرہ پھوپھی زاد بہن نے میرے بستے کی تلاشی لی اور میری اُردو کی کاپی نکال کر کہنے لگی ”آج 10 میں سے 9 نمبر کیوں ؟“ میرا جواب تھا ”کرنا تھی برکت پر ہو گئی حرکت“۔ استاذ صاحب نے اِملا لکھائی تھی جب اُنہوں نے برکت بولا تو مجھ سے کافی دور تھے ۔ مجھے حرکت سمجھ آیا اور میں نے حرکت لکھ دیا جس پر ايک نمبر کٹ گیا

پہلی جماعت کا نتیجہ سُن کر میں مُنہ بسورے گھر پہنچا ۔ پوچھا گیا ”فیل ہو گئے ہو ؟“ میں نے کہا ”نہیں“۔ پھر پوچھا ”پاس ہو گئے ہو تو منہ کیوں بنایا ہوا ہے ؟“ میرا جواب تھا ”میں پاس نہیں ہوا“۔ پھر کہا گیا ”نہ فیل ہوئے نہ پاس ہوئے تو پھر کیا ہوا ؟“ میں نے جواب دیا ”فرسٹ آيا ہوں“۔

ہم ایک ہیں

image001آج وہ دن ہے جس دن ہم ایک قوم کی حیثیت سے متعارف ہوئے لیکن ہم نے اس دن کی قدر نہ کی ۔ کوتاہ اندیشی اور خودغرضی کو اپنایا اور ہر ممکن طریقہ سے ثابت کرنے کی کوشش کی کہ ہم قوم نہیں بلکہ بھانت بھانت کی لکڑیوں کا انبار ہیں یا بھیڑوں کا ریوڑ کہ جو چاہے ہمیں چولہے میں جھونک دے یا ہانک کر لے جائےgo-green

گیت ہم نے بہت لکھ کر گانے شروع کر دیئے جنہیں ہم ایک عام فلمی گانے کے برابر بھی حیثیت نہیںimage015 دیتے ۔
جب گیت بجتا ہے
تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہم خود اپنا مذاق اُڑاا رہے ہیں
اگر آپ واقعی پاکستانی ہیں تو پاکستان کو اپنی ایسی پہچان بنایئے کہ دنیا کے لوگ آپ کو پاکستانی جان کر آپ کا احترام کریں اور آپ پر اعتماد کریں جیسے آج سے چار پانچ دہائیاں قبل ہوا کرتا تھا

سب سے پہلے اپنی پہچان اپنے بلاگ پر لگایئے کہimage0021my-id-pak1

اللہ میرے ہموطنوں کو یہ سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے کہ وطن کیا ہوتا ہے ؟ قوم کیا ہوتی ہے ؟ اور ان کے لئے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی بھی توفیق دے

جب صبح طلوع ہو گی

لاہورہائی کورٹ کے چیف جسٹس ،جسٹس خواجہ محمدشریف نے چیف ٹریفک افسر لاہورکی اہلیہ کی سہیلی کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر روکنے کے جُرم میں معطل کئے گئے ایک ٹریفک وارڈن کو بحال اوردیگر دوکے خلاف انکوائری ختم کرنے کاحکم دیدیا

ڈی آئی جی ٹریفک محمد عثمان خٹک ۔چیف ٹریفک افسر مرزاشکیل احمد اورتینوں وارڈنز چیف جسٹس ،جسٹس خواجہ محمدشریف کے روبروپیش ہوئے ۔چیف ٹریفک افسر نے عدالت کو بتایا کہ ٹریفک وارڈنز نے ایک حساس ادارے کے افسراوران کے اہل خانہ کو غیر قانونی طورپر روک کر ان سے بدتمیزی کی جس پر اس آفیسر کی بیٹی جوان کی اہلیہ کی سہیلی ہیں نے انہیں اطلاع دی اور باقاعدہ انکوائری کے بعد ایک ٹریفک وارڈن سرفراز کو معطل کیا گیا ۔ٹریفک وارڈن غلام مرتضی اورحافظ سرفراز نے عدالت کو بتایا کہ حساس ادارے کے ایک افسرکو ممنوعہ علاقے میں کوسٹر لانے سے روکاگیاتھا جس پر ان کی بیٹی نے چیف ٹریفک افسر کی اہلیہ کو بلا لیا اور انہوں نے ہمیں دھمکیاں دیں کہ اگرانہیں نہ چھوڑا توتمہاری وردیاں اتروادوں گی۔ عدالت نے اس معاملے پر افسوس کا اظہار کیا اورمعطل وارڈن کو بحال کرنے اورانکوائری ختم کرنے کا حکم دیدیا۔

زندگی کی حقیقت

ہر کوئی اپنے دوست سے کہتا ہے “ہم ہمیشہ دوست رہیں گے”۔ یہ وعدہ کتنا دیرپا ہوتا ہے ؟ کبھی کسی نے سوچا ؟

ایک وقت دو بہت گہرے دوست ہوتے ہیں ۔ کچھ عرصہ بعد دوست ہوتے ہیں ۔ مزید کچھ عرصہ بعد صرف ملنا جُلنا رہ جاتا ہے اور پھر کبھی ملتے بھی نہیں

عام طور پر تو ایسے ہوتا ہے کہ اِدھر آمنا سامنا ختم ہوا ۔ اُدھر دوستی ہِرن ہو گئی جسے کہتے ہیں آنکھ اَوجھل پہاڑ اَوجھل

لیکن ہر شخص کو دوست کی ضرورت ہوتی ہے اور دوست کی مدد بھی درکار ہوتی ہے

دوستی کو اگر بے غرض اور مُخلص رکھ کر وقت اور جغرافیہ میں قید نہ کیا جائے تو دوستی کا ہمیشہ قائم رہنا ممکن ہو سکتا ہے ۔ دوست تو ہوتا ہی وہ ہے جو آڑے وقت کام آئے لیکن دوستی کی بنیاد غرض ہو تو پھر ایسا نہیں ہوتا

کبھی کبھی ایسے بے مروت شخص سے بھی واسطہ پڑتا ہے کہ آپ اُس کے آڑے وقت کام آئیں لیکن وہ آپ کا دوست نہ بنے اور بعض اوقات آپ کو زِک پہنچائے ۔ یہ تجربہ بھی ایک لحاظ سے اچھا ہوتا ہے کہ دوست پہچاننے میں مدد دیتا ہے

ہر شخص کی زندگی میں ایسا لمحہ آتا ہے کہ کوئی دوست نہ ہونے کا احساس اُس کیلئے کرخت اور بعض اوقات وبالِ جان بن جاتا ہے
صرف اتنا سوچنا کہ میرا دوست ہے انسان کو بڑی بڑی پریشانیوں سے بچا لیتا ہے یا راحت کا باعث ہوتا ہے

بے لوث بھلائی کیجئے کہ بُرے وقت میں کئی لوگوں کی حقیقی دوستی کا تصور انتہائی خوشگوار اثرات کا حامل ہوتا ہے

سورت ۔ 41 ۔ سُورة فُصِّلَت یا حٰم السَّجْدَہ ۔ آیات 34 و 35 ۔ ۔ ۔ اور نیکی اور بدی برابر نہیں ہو سکتے، اور برائی کو بہتر [طریقے] سے دور کیا کرو اس کے نتیجہ میں وہ شخص کہ تمہارے اور جس کے درمیان دشمنی تھی گویا وہ گرم جوش دوست ہو جائے گا ۔ اور یہ [خوبی] صرف اُنہی لوگوں کو عطا کی جاتی ہے جو صبر کرتے ہیں، اور یہ [توفیق] صرف اسی کو حاصل ہوتی ہے جو بڑے نصیب والا ہوتا ہے

تشریح

ماحول انسان کے ذہن پر اس قدر اثر انداز ہوتا ہے کہ بعض اوقات انسان کے لئے حقیقت کو سمجھنا ہی محال ہو جاتا ہے ۔ کل میں نے اسی حوالے لکھا تھا ۔ تشریح نہ کی کہ میں اسلام آباد گيا ہوا تھا ۔ وہاں بھتیجے کا کمپیوٹر استعمال کیا جس میں اُردو نہیں تھی

ماضی کی تلخیوں کو بھُلانا دینا چاہیئے مگر ان سے سبق ضرور حاصل کرناچاہیئے
حال میں رہنے کا مطلب ہے کہ نہ تو یہ سوچا جائے کہ بڑے آدمی کی اولاد چھوٹا کام نہ کرے اور نہ یہ کہ چھوٹے آدمی کی اولاد بڑا کام نہیں کر سکتی ۔ نہ مستقبل کے لئے خیالی پلاؤ پکائے جائیں بلکہ حال میں مستقبل کیلئے جد و جہد کی جائے

گاہے گاہے باز خواں

میری تحریر “امریکا نے میری سالگرہ کیسے منائی” پر کچھ تبصرے آئے ہیں جو عصر حاضر کےجوانوں کے لئے غور طلب ہیں

پاکستان سے محمد سعد صاحب نے لکھا
بہرحال، پاکستان کے موجودہ حالات میں میں لوگوں سے اس بات پر زیادہ توجہ دینے کی گزارش کروں گا کہ جاپانیوں نے جس ہمت کے ساتھ اس تباہی کا ازالہ کیا، اس سے ہمیں بھی کچھ سیکھنا چاہيئے۔

ہسپانیہ سے جاوید گوندل صاحب نے لکھا
ویسے عجب اتفاق ہے جنگل کے اس قانون میں امریکہ کا نام ہمیشہ ہی سب سے اوپر رہا ہے ۔ اور امریکہ اپنے آپ کو اشرف اقوام اور انتہائی تہذیب یافتہ کہلوانے پہ بھی سب سے زیادہ زور دیتا ہے ۔ طرف تماشہ یہ ہے کہ یہ جانتے ہوئے بھی کہ جاپان ہتھیار پھینکنا چاہ رہا ہے اور اس بات کا ٹرومین کو علم تھا]کیونکہ جاپانیوں نے باقاعدہ طور پر ہتھیار پھینکے کا پیغام ٹرومین کو بھیجا تھا ۔ ٹرومین کو جوہری بم کی انسانیت سوز ہلاکت کا بھی علم تھا ۔ اس بم سے ہیروشیما پر پہلے حملے کے بعد پتہ چل گیا تھا کہ ایٹمی بم نے کس قدر تباہی مچائی ہے مگر اس کے باوجود ٹرومین نے تیسرے دن ناگا ساکی پہ اٹیمی بم حملے کا حکم دیا ۔ ایٹمی حملے میں جو مر جاتے ہیں وہ خوش قسمت ہوتے ہیں جو اس حملے میں زندہ رہ جاتے ہیں وہ مردوں سے برتر ہوتے ہیں اور مرنے کی التجائیں کرتے ہیں

امریکا سے ڈاکٹر وھاج الدین احمد صاحب نے لکھا
اگرچہ ٹرومن کا حکم تھا لیکن اتحادی فوجوں کے سب کمانڈر اس میں ملوث ہیں ۔ حیرت ہوتی ہے کہ اس اقدام کو تمام قومیں اچھا قرار دیتی ہیں اس لئے کہ اس کی وجہ سے جنگ عظیم کا خاتمہ ہوا ۔ مغربی اقوام کی دور اندیشی بھی ملاحظہ ہو کہ یورپ اور امریکہ سے اتنی دور یہ بم پھینکے گئے ۔ ابھی آپ نے عراق میں جو بم استعمال ہوئے ہیں کے متعلق ساری کہانیاں اور تصویریں نہیں دیکھیں اور یہ مہذب قومیں ہیں شاید کبھی ایسی تصویریں شائع کی جائیں گی جن سے معلوم ہوگا کہ عراق میں ایسی بیماریاں کہاں سے آئیں؟