چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ چیونٹی چال

ہر شخص نے ہزاروں چیونٹیاں ادھر اُدھر رينگتی دیکھی ہیں ۔ اللہ نے بچپن سے ہی ہر چیز پر غور کرنے کی عادت مجھے عطا کی ۔ فارغ وقت میں چرندوں ۔ پرندوں اور زمین پر رینگتی چیونٹیوں کو ديکھتا رہتا کہ وہ کیا کرتی ہیں ۔ آج ذکر چيونٹيوں کا

پہلی چیز جو میں نے دیکھی یہ تھی کہ چیونٹی جس راستے سے آتی ہے بالکل اُسی راستے کی لکیر پر چلتی ہوئی واپس جاتی ہے ۔ اگر وہ جاتے ہوئے ایک میز پر چڑھی تھی اور دوسری طرف سے اُتری تھی تو واپسی پر بھی وہ دوسری طرف سے میز پر چڑھے گی اور واپس اس طرف اُتر کر آئے گی جس طرف سے وہ چڑھی تھی ۔ اگر وہ ایسا نہ کرے یعنی چیونٹی کے دوسری طرف اُتر جانے کے بعد میز ہٹا دی جائے تو چیونٹی پریشانی میں اِدھر اُدھر بھاگ کر اپنا راستہ تلاش کرے گی ۔ میں نے بچپن میں اس کو چیونٹی چال کا نام دیا تھا

سبق

چيونٹی کی حدِ نظر بہت قليل ہوتی ہے اسلئے وہ اپنے راستہ کے نشانات مقرر کر ليتی ہے تاکہ بھٹک نہ جائے
انسان کو بھی اصول بنانا اور اُن پر کاربند رہنا چاہیئے تاکہ آگے بڑھنے کیلئے اُسے خود مشقت اُٹھانا پڑے تو اُٹھا لے لیکن دوسرں کیلئے مشکل کا باعث نہ بنے

میں سب جانتا ہوں

ہمارے مُلک میں ایسے لوگوں کی اکثریت ہے جو کہتے رہتے ہیں “میں سب جانتا ہوں”۔ میرا ذاتی خیال ہے کہ ہماری قوم کے انحطاط کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے جس کے نتیجہ میں لوگ کچھ سیکھتے نہیں یا پھر صحیح طور سیکھ نہیں پاتے ۔ لیکن ہمیشہ ایسا نہیں تھا ۔ میں نے بی ایس سی انجنیئرنگ کی سند حاصل کرنے تک یہ فقرہ نہیں سُنا تھا ۔ 1962ء میں ملازمت شروع کی اور پہلی بار یہ فقرہ میں نے 1964ء میں ایک مستری سے سُنا جب میں پاکستان آرڈننس فیکٹریز میں اسسٹنٹ ورکس منیجر تھا ۔ اُس دور میں اس قسم کے لوگ بہت کم تعداد میں تھے اسلئے کوئی پریشانی نہ ہوئی ۔ 1967ء کے بعد ایسے لوگوں کی تعداد بڑھنے لگی اور 1972ء کے بعد تو دن دوگنی رات چوگنی ترقی کی ۔ فی زمانہ یہ حال ہے کہ ہماری قوم کی اکثریت کا یہی دعوٰی ہے کہ اُنہیں سب کچھ معلوم ہے ۔ حال یہ ہے کہ جس نے عِلم حاصل نہیں کيا یا حاصل کیا تو اسے عملی طور پر استعمال نہیں کیا مگر دعوٰی ہے کہ وہ سب کچھ جانتا ہے

اُن دنوں رائفل جی ۔ 3 کا پروجیکٹ شروع تھا ۔ انچارج تھے ورکس منیجر صاحب مگر وہ الیکٹریکل انخنیئر تھے [یہ انگریزوں کا کمال تھا اِن شاء اللہ پھر کبھی بیان کروں گا] اسلئے ساری مغز کھپائی مجھے ہی کرنا پڑتی تھی ۔ اللہ کا شکر ہے ہمارے ماتحت فورمین حضرات سمجھدار اور محنتی تھے ۔ متعلقہ فورمین کے مشورے پر میں نے ایک مستری کو جی ۔ 3 پراجیکٹ کا کوئی کام نہیں دیا تھا ۔ اُس نے میرے ورکس منیجر سے شکائت کی تو جواب ملا کہ “بھوپال صاحب سے بات کرو” تو اُس نے میرے جنرل منیجر [جسے اُس دور میں سپرنٹنڈنٹ کہا جاتا تھا] سے کہا کہ اُس کا علم اور تجربہ ضائع ہو رہا ہے ۔ جنرل منیجر صاحب کے کہنے پر میں نے اُس مستری کو بُلایا اور کام سمجھانے لگا تو وہ بولا “صاب ۔ کیا بات کر رہے ہیں مجھے سب پتہ ہے ۔ میرا 25 سال کا تجربہ ہے ۔ بس یہ ڈرائینگ مجھے دے دیں”۔ میں نے اُسے ڈرائینگ دے کر کہا “یہ کام ایک ہفتہ کا ہے لیکن آپ نے ایک ہفتہ بعد مجھے دِکھانا ہے اور پھر دو ہفتہ کے اندر مکمل کرنا ہے”۔

میری چھٹی حِس نے کہا کہ اس کام کا متبادل بندوبست کر لو ۔ کہیں مستری یہ جُوگاڑ [fixture] نہ بنا سکے اور اس کے بعد والا سارا کام رُکنے کی وجہ سے پراجیکٹ کی تکمیل میں تاخیر ہو ۔ میں نے ایک نیم ہُنرمند مزدور [semi skilled worker] جو فارغ تھا کو بھی وہی کام دیا اور کہا “جتنا جتنا میں بتاتا جاؤں اتنا اتنا کرتے جاؤ “۔ ایک ہفتہ بعد اُس نیم ہُنرمند نے کامیابی سے جُوگاڑ بنا لی ۔ میں نے اُسے ایک ترقی کا وعدہ دیا اور اگلے کام پر لگا دیا ۔ پھر میں اُس مستری کے پاس گیا اور کام کا پوچھا تو جواب ملا “صاب ۔ میں نے ڈرائینگ سٹڈی [study] کر لی ہے اور یہ بیس پلیٹ [base plate] بنا لی ہے”۔ میں نے پلیٹ اُٹھا کر دیکھی اور مستری کو چڑانے کیلئے کہا “اس میں تو ٹیپر [taper] ہے”۔ مستری بولا “کتنا”۔ میں نے ایسے ہی کہہ دیا “دو تین تھَو [between 0.002 and 0.003 inch] کا”۔ مستری بولا “کیا کہہ رہے ہیں تھَو آنکھ سے کہاں نظر آتے ہیں ؟” میں نے کہا “نکالو پریسیشن کمپیریٹر [precision comparator] ۔ ناپ لیتے ہیں”۔ کہتے ہیں کہ نیت نیک ہو تو اللہ مدد کرتا ہے ۔ ناپا تو پورے 2 تھَو کا فرق نکلا چوڑائیوں میں ۔ مزيد دو ہفتے تک وہ کام مکمل نہ کر سکا اور ميں نے اُسے واپس بھيج ديا

سو یہ ہے داستان اُس آدمی کی جسے سب کچھ معلوم تھا ۔ اس کے ذہنی انحطاط کا سبب اُس کا غرور اور یہ استدلال تھا کہ وہ سب کچھ جانتا تھا لیکن اللہ نے ایسا کیا کہ اُس دن کے بعد وہ میرے سامنے آنکھ اُونچی نہ کر سکا

اللہ ہمیں اس “میں” سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے

کسی کو خبر بھی نہ ہوئی

ہاں جی ۔ قاريات و قارئين ۔ اپ کو خبر بھی نہ ہوئی ۔ ہم نے 12 فروری کو لاہور ميں رختِ سفر باندھنا شروع کيا اور 14 فروری کو سارا سامان روانہ کرنے کے بعد ہم 15 فروری کو اللہ کے فضل و کرم سے اسلام آباد پہنچ گئے ۔ کل کمپيوٹر وغيرہ کے ڈبے کھولے تھے ۔ آج کچھ وقت ملا ہے تو سوچا کہ کہ اپنے ابھی تک زندہ ہونے کی خبر نشر کی جائے

“اتنے دن کيا کرتے رہے ؟”
“جناب ہم آئے تو گيس کی ترسيل بند تھی ۔ پلمبر کو بلايا تو اُس نے سارے گھر کی پائپ لائين کا معائنہ کر کے بتايا کہ ميٹر سے آگے گيس نہيں آ رہی ۔ ہيلپ لائن پر اطلاع کی ۔ ميٹر بدلانے والے آئے تو معلوم ہوا ميٹر کا نمبر کچھ اور ہے اور بل پر ميٹر کا نمبر کچھ اور لکھا ہے ۔ جس پر پہلے اس تفاوت کو درست کروانے کا حکم ملا ۔ فدوی نے دو دن سوئی نادرن گيس پائپ لائنز لمٹڈ کے ہيڈ آفس ميں گذارے ہين اور بغير جنرل منيجر عامر نسيم صاحب کے حکم دينے کے بات آگے نہيں بڑھ رہی تھی ۔ آج ميں جا نہيں سکا ۔ اب پير کو جا کر وہاں سے درست ميٹر نمبر والی بل کی کاپی نکلوا کر لاؤں گا اور پھر ہيلپ لائن والوں سے رابطہ کروں گا”

“تو کھاتے پيتے کيا ہوٹل سے ہيں ؟’
نہيں جناب ۔ اتفاق ميں برکت ہے ۔ اللہ خوش رکھے ميرے بہن بھائيوں کو ۔ ابھی تک چھوٹے بھائی کے گھر کھاتے پيتے ہيں ۔ کل تک سوتے بھی وہيں تھے ۔ ابھی صرف ايک رات اپنے گھر مين سوئے ہيں”

اللہ حافظ
پھر مليں گے اللہ کے حُکم سے

دوغلا پن یا منافقت ؟

آج کی دنیا میں قدریں بدل چکی ہیں۔ کوئی وقت تھا جب کہا جاتا تھا

سیرت کے ہم غلام ہیں صورت ہوئی تو کیا
سرخ و سفید مٹی کی مورت ہوئی تو کیا

لیکن مادیّت اور دکھاوے نے آدمی کو اتنا گھیر لیا ہے کہ قدریں مٹ چکی ہیں یا خلط ملط ہو کے رہ گئی ہیں۔ آج قابلیت سے زیادہ سندوں کی قیمت ہے اور اس سے بھی زیادہ بے ڈنگ فیشن اور اثر و رسوخ کی۔ آدمی دوغلا پن یا منافقت کا شکار ہو چکا ہے۔ دین کو بھی مذاق بنا کر رکھ دیا گیا ہے ۔ آدمی یہ بھول چکا ہے کہ اس کی پیدائش کیسے ہوئی اور وہ کسی کے آگے جواب دہ بھی ہے

کئی سال قبل ایک محلہ دار کے ہاں سے میری بیوی کو دعوت ملی کہ بیٹے کی شادی سے ایک دن پہلے قرآن خوانی کرنا ہے اس لئے آپ بھی آئیں ۔ میری بیوی چلی گئی ۔ میری بیوی واپس منہ پھُلائے گھر آئی تو وجہ پوچھی ۔ کہنے لگی ” قرآن خوانی کے اختتام پر چائے کیک مٹھائی وغیرہ سے تواضع شروع ہوئی اور ساتھ ہی اُونچی آواز میں پاپ موسیقی لگا دی گئی ۔ میں تو ایک دم اُٹھ کے چلی آئی”

ایک محترمہ اپنی عزیز خواتین کے ہمرا ایک کھاتے پیتے تعلیم یافتہ گھرانہ میں اپنے بیٹے کے لئے رشتہ لینے گئیں اور لڑکی کی ماں سے مخاطب ہوئیں”۔ ہم مذہبی لوگوں کو پسند کرتے ہیں ۔ آپ کا کسی نے بتایا کہ آپ نیک لوگ ہیں تو آ گئے”۔ پھر باتوں باتوں میں کہنے لگیں ” آپ کی بیٹی جسم اور سر اچھی طرح ڈھانپ کے رکھتی ہے ۔ اچھی بات ہے لیکن دیکھیں نا ۔ میرا بیٹا افسر ہے ۔ اس نے دوستوں سے ملنا اور پارٹیوں میں جانا ہوتا ہے ۔ ہائی سوسائٹی میں تو پھر ان کے مطابق ہی کپڑے پہننا ہوتے ہیں نا ”

ہمارا دورِ حاضر کا معاشرہ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کا نام لینے والوں کو جاہل اور گنوار کا لقب دیتا ہے ۔ مگر کامیاب وہی ہے جو اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی سے محبت کرتا ہے اور اُسی سے ڈرتا ہے ۔ میں ان لوگوں کی حمائت نہیں کرتا جو بظاہر تو مذہبی ہوتے ہیں نماز روزہ بھی کر لیتے ہیں مگر باقی معاملات میں اللہ سُبحانُہُ تعالٰی کے احکام کی پیروی نہیں کرتے

نظر آتے نہیں ۔ بے پردہ حقائق ان کو
آنکھ جن کی ہوئی محکومی و تقلید سے کور

گلستاں میں نہیں حد سے گذرنا اچھا
ناز بھی کر تو باندازہءِ رعنائی کر
پہلے خود دار تو مانند سکندر ہو لے
پھر جہاں میں ہوّسِ شوکتِ دلدائی کر

فروغِ مغربیان خیرہ کر رہا ہے تجھے
تری نظر کا نگہباں ہو صاحب مازاغ
وہ بزمِ عیش ہے مہمان یک نفس دو نفس
چمک رہے ہیں مثال ستارہ جس کے ایاغ
کیا تجھ کو کتابوں نے کور ذوق اتنا
صبا سے بھی نہ ملا تجھ کو بوئےگل کا سُراغ

علامہ اقبال

تعليم

عصرِ حاضر ميں تعليم کا بہت چرچہ ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ تعليم کا معيار بہت بلند ہو چکا ہے ۔ پرانے زمانہ کے لوگ تو کچھ نہيں جانتے تھے ۔ مگر کبھی کبھی سمندر ميں اچانک مچھلی کے اُبھرنے کی طرح عصرِ حاضر کے پردے کو پھاڑ کر پرانی کوئی ياد نماياں ہو جاتی ہے تو ميں سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہوں کہ تعليم وہ تھی جس ميں سے ہم پانچ چھ دہائياں قبل گذرے يا وہ ہے جہاں ايک ايم اے انگلش کو انگريزی ميں ايک صفحہ غلطی سے پاک لکھنا نہيں آتا ؟

ميں نے پنجاب يونيورسٹی لاہور سے 1953ء ميں دسويں کا امتحان اول آ کر نہيں صرف ايسے پاس کيا تھا کہ مجھے دو سال وظيفہ حکومت کی طرف سے ملتا رہا تھا ۔ ہمارے انگريزی کے پرچہ ميں ايک اُردو کے بند کو بامحاوہ [ideomatic] انگريزی ميں ترجمہ کرنا تھا اور اسی طرح بورڈ کے بارہويں کے امتحان ميں بھی تھا

دسويں کا اُردو ميں بند [paragraph] جس کا ترجمہ بامحاورہ انگريزی ميں کرنا تھا [کل نمبر 10]

دودھ والا دودھ لئے چلا آ رہا ہے ۔ دودھ کم پانی زيادہ ۔ پوچھو تو کہتا ہے “صاحب ۔ قسم کرا ليجئے جو دودھ ميں پانی ڈالا ہو “۔ ٹھيک ہی تو کہتا ہے ۔ وہ دودھ ميں پانی نہيں پانی ميں دودھ ڈالتا ہے ۔ مگر کيا کريں يہ چائے کی جو لت پڑ گئ ہے ۔ اسے بھی تو نبھانا ہوتا ہے ۔ چائے بھی کيا چيز ہے ۔ جاڑے ميں گرمی اور گرمی ميں ٹھنڈک پہنچاتی ہے اور ہميں دودھ ملا پانی دودھ کے بھاؤ خريدنے پر مجبور کرتی ہے

بارہويں جماعت کا اُردو کا بند جس کا ترجمہ بامحاورہ انگريزی ميں کرنا تھا [کل نمبر 10]
“اسم شريف ؟”
“ناچيز تنکا”
“دولتخانہ ؟”
“جناب ۔ نہ دولت نہ خانہ ۔ اصل گھر جنگل ويرانہ تھا مگر حال ہی ميں احمدآباد ميں بستی بسائی ہے اور سچ پوچھئ تو يہ ننھا سا کاغذی ہوٹل جو آپ کی انگليوں ميں دبا ہے ميرا موجودہ ٹھکانہ ہے”
“مگر آپ کا نام تو ؟”
” جی ہاں لوگ مجھے ديا سلائی کہتے ہيں اور ميں بھی ان کی خوشی ميں خوش ہوں”

ريمنڈ ڈيوس کون ہے ؟

ريمنڈ ڈيوس کے قاتل بننے کے بعد سے امريکی سفارتخانہ اور امريکی حکومت شور مچا رہے ہيں کہ ريمنڈ ڈيوس سفارتکار ہے جبکہ ريمنڈ ڈيوس کے قاتل بننے سے قبل امريکی سفارتخانے کی پاکستان کی وزارتِ خارجہ کو بھيجی گئی دستاويزات ريمنڈ ڈيوس کو سفارتکار ثابت نہيں کرتيں

امریکی سفارت خانے کی طرف سے ریمنڈ ڈیوس سے متعلق وزارت خارجہ کو فراہم کردہ دستاویز میں واضح طورپر غیرسفارتی شناختی کارڈ کے اجرا کی درخواست کی گئی تھی

20جنوری 2010ء کوامریکی سفارت خانے کی طرف سے وزارت خارجہ کو بھیجی گئی دستاویز میں بتایا گیا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کی امریکی سفارت خانے میں ذمہ داری انتظامی اور تکنیکی سٹاف کی ہے

ريمنڈ ڈيوس 18 اکتوبر 2009ء کو پاکستان پہنچا اور امریکی سفارت خانے کے کمپاؤنڈ اپارٹمنٹس میں رہائش پذیر ہوا

پاکستان کی طرف سے ریمنڈ ڈیوس کو سرکاری ملٹی پل ویزا جاری کیا گیا ہے جس کی میعاد 14 جون 2010 ء تا 6 جون 2012ء ہے

دستاویزکے مطابق امریکی سفارت خانے کی طرف سے 25 جنوری 2011ءکو وزارت خارجہ کو بھیجی جانے والی سفارت کاروں کی فہرست میں ریمنڈ ڈیوس کا نام شامل نہیں تھا

فہرست میں امریکی سفارت خانے کے شناختی کارڈ میں ریمنڈ ڈیوس کو ڈی او ڈی ۔ ڈپارٹمنٹ آف ڈیفنس کا کنٹریکٹر ظاہر کیا گیا ہے

اس سے پہلے ریمنڈ ڈیوس پشاور میں امریکی قونصلیٹ کے اہلکار کے طور پر کام کرتا رہا ہے ۔ اس سلسلے میں جاری شدہ کارڈ میں اسے امریکی ڈپارٹمنٹ آف ویٹرن افیئرز [Department of Veteran Affairs] کا اہلکارظاہرکیاگیا تھا

بشکريہ ۔ جنگ اخبار

ريمنڈ ڈيوس کی کہانی

”ریمنڈ ڈیوس“ بدنام زمانہ امریکی سیکیورٹی کمپنی ”بلیک واٹر“ کا کارندہ اور سی آئی اے کا سابق ملازم ہے۔ یہ بظاہر لاہور میں قائم امریکی قونصلیٹ میں بطور تکنیکی مشیر فرائض انجام دے رہا تھا، مگر دراصل لاہور میں بلیک واٹر کا آپریشنل کمانڈر ہے جو گزشتہ کئی دنوں سے لاہور اور اس کے گردونواح میں جرائم پیشہ افراد کی خدمات حاصل کررہا تھا، جنہیں پاکستان کے اندر مختلف تخریب کاری کے منصوبوں میں استعمال کرنا تھا۔ وہ کرنسی نوٹوں سے بھرا سوٹ کیس لئے جرائم پیشہ افراد سے معاملات طے کرتا تھا۔ ڈیوس کی گاڑی میں جدید ترین اسلحہ ہوتا۔ وہ ہر وقت جدید وائرلیس سیٹس کے ذریعے شہر میں پھیلے بلیک واٹرز کے دوسرے ایجنٹوں سے رابطہ میں رہتا۔ ڈیوس اردو کے علاوہ روانی سے پشتو بھی بول سکتا ہے جس کے باعث وہ مقامی جرائم پیشہ عناصر کے جذباتی نوجوانوں سے رابطے قائم کرنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ ڈیوس پشاور میں بھی منفی اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے

یہ پہلا واقعہ نہیں ہے کہ پاکستان کے بڑے شہروں میں بلیک واٹر کے اہلکار مختلف سرگرمیوں ملوث پائے گئے ہیں
اسلام آباد میں بلیک واٹر کے 56 مراکز ہیں
پورے پاکستان میں 11 امریکی تنظیمیں سرگرم ہیں

ستمبر 2009ء میں امریکا میں پاکستان کے سفیر نے کہا تھا: ”بلیک واٹر کا پاکستان میں کوئی وجود نہیں۔ بلیک واٹر کی موجودگی محض افواہ ہے۔ عوام ان افواہوں پر ہرگز کان نہ دھریں۔ اگر کسی کے پاس بلیک واٹر کی موجودگی کے ثبوت ہیں تو وہ فراہم کرے۔ حکومت پاکستان سخت کارروائی کرے گی“
اس سے چند روز قبل اسی قسم کے الفاظ وزیراعظم نے بھی کہے تھے کہ “بلیک واٹر کا پاکستان میں کوئی وجود نہیں ہے۔ اگر اس کی موجودگی کے کسی کے پاس ثبوت ہیں تو وہ پیش کرے، ہم کارروائی کریں گے“

حیرت کی بات ہے کہ حکومت پاکستان بار بار تردید کررہی ہے کہ بلیک واٹر کا وجود نہیں ہے لیکن پاکستان کے بچے بچے کو معلوم ہے بلیک واٹر کی مشکوک سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں۔ ہماری معلومات کے مطابق اس وقت بلیک واٹر کا نہ صرف وجود ہے بلکہ وہ پاکستان کو افغانستان اور عراق سمجھ کر بلکہ اس سے بھی بڑھ کر بڑے منظم اور مربوط طریقے سے اپنا مشن آگے بڑھارہے ہیں۔ یہ بالکل سچ ہے افغانستان اور عراق کے بعد بلیک واٹر کا سب سے مضبوط گڑھ اب پاکستان میں ہے

پاکستان میں بلیک واٹر کی سرگرمیوں کا آغاز بہت پہلے کیا جاچکا ہے۔ اس کا ثبوت یہ ہے کہ وزارت داخلہ نے 2007ء ميں خبردار کیا تھا کہ اس کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے لیکن اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ بلیک واٹر نے پاکستان میں اپنی جڑیں مضبوط کرلیں۔ یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے کہ بلیک واٹر کے دفاتر اس وقت پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں موجود ہیں۔ صرف اسلام آباد اور پشاور میں ہی اس کے 700 افراد موجود ہیں جن کی رہائش کے لئے 200 سے زائد گھر کرائے پر لئے گئے ہیں جس کی تصدیق سابق امریکی سفیر بھی کرچکی ہیں

کراچی کے مختلف علاقوں میں 500 سے زائد امریکی موجود ہیں جن کو خفیہ طور پر ملک کے مختلف حصوں میں بھیجا جاتا ہے۔ 19 اگست 2009ء کو اخبارات میں ہموی بکتر بند کے بارے میں رپورٹ چھپی۔ یہ گاڑیاں شہروں میں آپریشن کرنے کے لئے انتہائی کارآمد ہوتی ہیں۔ یہ جدید اسلحے سے لیس ہوتی ہیں۔ یہ پاکستانی کرنسی میں ایک کروڑ 40 لاکھ روپے کی ہوتی ہیں۔ حاصل یہ کہ کراچی میں بلیک واٹر کی سرگرمیاں بڑھتی جارہی ہیں۔ یہاں اس نے باقاعدہ اپنے دفاتر قائم کرلئے ہیں

(جاری ہے)

بشکريہ ۔ جنگ اخبار