گھر بیٹھے پیرس کی سیر

محاورہ ہے “نہ ہینگ لگے نہ پھٹکری اور رنگ بھی چوکھا آوے”
ہاں جناب ۔ نہ ہوائی سفر کے ٹکٹ پر رقم خرچ کرنے کی ضرورت اور نہ ویزہ حاصل کرنے کا جھنجھٹ

بٹن دبایئے اور گھر بیٹھے پیرس کی سیر کیجئے اور ایفل منار (Eiffel Tower) بھی دیکھئے

پیرس کی سیر پر کلِک کیجئے اور پیرس مع ایفل منار آپ کے سامنے آ موجود ہو گا
وسط میں جو کھڑکی (Menu) تصویر کو چھُپا دیتی ہے تلاش کے گُر (Browsing Tips) جان لینے کے بعد اسے بند کر دیجئے اور پیرس کا نظارہ لیجئے
داہنے ۔ بائیں ۔ اُوپر اور نیچے جانے کیلئے تیر کے نشانوں کو استعمال کیجئے
فضائی نظارہ کرنے کیلئے یا قریب سے دیکھنے کیلئے + اور – کے نشانات استعمال کیجئے
آئی (i) کے نشان پر کلک کر کے متعلقہ جگہ کی تاریخ سے آگاہ ہویئے

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ پانی

میں نے 8 مئی 2012ء کو لاہور کے دورے کا ذکر کیا تھا اور ایک عمل “سلام” کی طرف توجہ دلائی تھی ۔ میں نے جان بوجھ کر یہ بات مخفی رکھی کہ درست سلام کس طرح لکھا جاتا ہے ۔ میری متذکرہ تحریر پر صرف ایک قاری “سعید” صاحب نے اپنے تبصرے میں توجہ دلائی ۔ سلام لکھنے کا درست طریقہ یہ ہے ۔ ۔ ۔ اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ ۔ ۔ ۔ جسے سادہ طریقہ سے یو ں لکھا جا سکتا ہے ۔ ۔ ۔ السلام علیکم ۔ سوائے ل کے باقی سب حروف پر اعراب ہیں اور س پر تشدید ( ّ ) ہے اسلئے ل نہیں بولا جاتا یعنی بولا اُس طرح جائے گا جیسامتذکرہ خط میں لکھا گیا ہے

سب جانتے ہیں کہ پانی انسانی زندگی کی اشد ترین ضرورت ہے ۔ اللہ کی بہت بڑی مہربانی ہے اُن لوگوں پر جنہیں پانی گھر بیٹھے دستیاب ہے ۔ ایسے لوگ بھی اسی دنیا میں پائے جاتے ہیں جنہیں پانی حاصل کرنے کیلئے روزانہ میلوں پیدل سفر کرنا پڑتا ہے ۔ میں نے ایک صحرا میں دیکھا کہ لوگوں نے زمین پر دو طرف سے ڈھلوان بنا رکھی ہے اور اس کے بیچ میں ایک نالی جو ایک طرف کو گہری ہوتی جاتی ہے اور کچھ فاصلے پر ایک گڑا کھودا ہوا ہے جس کے گرد تنّور یا تندور کی شکل میں دیوار بنا رکھی ہے ۔ جب بارش ہوتی ہے تو اس گڑے میں پانی جمع ہو جاتا ہے جسے وہ پینے کیلئے استعمال کرتے ہیں

فی زمانہ پانی کی کمی ساری دنیا میں محسوس کی جا رہی ہے اور اس کیلئے سوائے وطنِ عزیز کے شاید سب ممالک مناسب انتظامات بھی کر رہے ہیں ۔ پانی کی کمی اور مستقبل میں مزید کمی کی تنبہہ تو سُننے کو ملتی ہے لیکن میرے ہموطنوں کی اکثریت لاپرواہی اپنائے ہوئے ہے

دوسرا خط جس کا میں نے ذکر کیا تھا وہ لاہور کے ایک ایسے علاقہ میں پانی کے بِلوں کے ساتھ تقسیم کیا گیا تھا جہاں پڑھے لکھے اور سمجھدار گردانے جانے والے لوگ رہائش رکھتے ہیں ۔ میں نے اس کی تصویر بنا لی تھی ۔ تمام قارئین سے (خواہ پاکستان کے کسی بھی حصے میں رہتے ہوں)التماس ہے کہ اس خط میں کی گئی درخواست پر غور کریں ۔ اس پر خود عمل کریں اور اپنے عزیز و اقارب کو بھی ایسا کرنے کا مشورہ دیں ۔ اس سے نہ صرف سب کا بھلا ہو گا بلکہ اُمید ہے کہ اس کا ثواب بھی ملے گا

سندھ کھپّے

زرداری اور اُن کے حواری نعرہ لگاتے ہیں سندھ “کھپّے” ۔ زبان پہ اُن کی سندھی کا نعرہ ہوتا ہے جس کا مطلب ہے “قائم رہے” لیکن دِل سے شاید اُن کا مطلب پنجابی کا “کھپّے” ہوتا ہے جس کا مطلب ہے “خوار ہو” (بازاری زبان میں اس کا بہت غلط مطلب بھی ہوتا ہے) ۔ کم از کم مندرجہ ذیل خبر سے تو یہی ظاہر ہوتا ہے

حکومت سندھ نے حکومت پنجاب کی طرف سے سندھ کے ذہین طلباء و طالبات کے لئے مختص کئے گئے 103 وظائف (scholarship) سُستی اور نا اہلی کے سبب ضائع کردیئے ہیں

حکومت پنجاب گزشتہ 3 سال سے سندھ، بلوچستان ، خیبر پختونخوا ، فاٹا، گلگت بلتستان ، آزاد جموں کشمیر اور اسلام آباد کے مستحق اور ذہین طلباء و طالبات کو ہر سال وظائف دے رہی ہے

حکومت سندھ نے گزشتہ سال 63 میں سے صرف 23 طلباء کو وظائف کیلئے نامزد کیا تھا ۔ اس طرح سندھ کے 40 مستحق طلباء کے وظائف ضائع ہوگئے تھے ۔ اس سال سندھ حکومت نے تاحال کسی طالب علم کو وظیفہ کیلئے نامزد نہیں کیا جس وجہ سے 63 مزید وظائف ضائع ہوگئے ہیں

حکومت پنجاب نے اس سلسلے میں حکومت سندھ کو متعدد مرتبہ یاد دہانی کے خطوط لکھے ہیں اور حکومت پنجاب نے ایک نمائندہ بھی بھیجا تھا جس نے حکومت سندھ کے نمائندے سے ملاقات کرکے وظیفوں کیلئے طلباء اور طالبات کو نامزد کرنے کیلئے کہا تھا

حکومت پنجاب گزشتہ 3 سال سے بلوچستان کے مستحق اور ضرورتمند 400 طلباء کو وظائف دے رہی ہے

معیشت کی بربادی اور کراچی میں قتل و غارتگری کا اصل سبب

یومیہ 5 ارب روپے کا نقصان
چیئرمین نیب ایڈمرل فصیح بخاری کے مطابق مُلکی معیشت کے صرف 3 شعبوں ہی میں کرپشن سے5 ارب یومیہ یعنی ایک کھرب 50 ارب روپے ماہانہ یا18 کھرب (1800000000000) روپے سالانہ نقصان ہوتا ہے

اس انکشاف سے ٹرانپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کی توثیق ہو گئی ہے جس میں کہاگیاتھا کہ پاکستان کے 94 ارب ڈالرز وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے 4سالہ حکومت میں ہونے والی بد انتظامی ،کرپشن اور ٹیکس چوری کی نذر ہو چکے ہیں

مزید یہ کہ اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق مُلکی معیشت کوگذشتہ 4 برسوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یومیہ 3ارب یعنی ماہانہ 90 ارب یا سالانہ 10 کھرب 50 ارب سے زائد کا نقصان ہوا ہے

چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ کرپشن پر قابو پانے کیلئے انتہائی ضروری ہے کہ سویلین بیوروکریسی کو سیاست سے پاک کیا جائے تاکہ سرکاری ملازمین بغیر کسی خوف و لالچ کے اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں

چیئرمین نیب نے حال ہی میں وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے 4 سیکریٹریوں کی برطرفی کا ذکر کیا جن کا جرم صرف یہ تھا کہ انہوں نے بیوروکریسی کو سیاست سے پاک کرنے کا ایجنڈا پیش کیا تھا اور یہ بات قائم علی شاہ جو ناگوار گذری ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال پر کارروائی کرینگے تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا

فصیح بخاری نے وضاحت کی کہ نیب کی اختیارات بڑے پیمانے پر محدود کر دیئے گئے ہیں ایک اندازے کے مطابق نیب کی جو طاقت پرویز مشرف کے دور میں تھی وہ اب صرف30فیصد ہی رہ گئی ہے

مفاہمت کے باعث مجرموں کی سرکوبی نہیں ہوتی
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق بدھ کو چیف منسٹر ہاؤس میں منعقد ہونے والے اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے بالآخر وہ بات کہہ دی جو وہ کسی باقاعدہ اجلاس میں اب تک نہیں کہہ سکے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بعض افسروں نے یہ کہہ دیا کہ مفاہمت کی پالیسی کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کی سرکوبی نہیں ہو سکتی ۔ انہوں نے یہ بھی درخواست کی کہ حکومت کی اتحادی جماعتیں مشاورت کرکے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واضح پالیسی دی جائے تا کہ وہ جرائم پیشہ اور دہشت گرد عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جاسکے

بعض افسروں نے یہ بھی شکوہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شرپسندوں کو گرفتار کرتے ہیں لیکن بعدازاں سیاسی دباؤ پر انہیں چھڑا لیا جاتا ہے ۔ اس طرح قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے اور کارروائی سے گریزاں رہتے ہیں

باقی 99 روپے ؟

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پی پی پی کے ایک رکن نے اپنی تقریر کے دوران ایک کہانی سنائی

ایک باپ نے اپنے تین بیٹوں کو ایک ایک سو روپیہ دیا اور کہا کہ ایسی چیز خرید کر لاؤ کہ اس سے یہ کمرہ بھر جائے ۔ ایک بیٹا 100 روپے کی کپاس خرید لایا لیکن اس سے کمرہ نہ بھر سکا ۔ دوسرا بیٹا 100 روپے کا بھوسہ خرید لایامگر اس سے بھی کمرہ نہ بھر سکا ۔ تیسرا بیٹا بہت ذہین تھا ۔ وہ گیا اور ایک روپے کی موم بتی لے آیا ۔ اسے جلا کر کمرے میں رکھ دیا تو اس کی روشنی سے سارا کمرہ بھر گیا

اس کے بعد پی پی پی کے رُکن قومی اسمبلی نے کہا “ہمارے صدر زرداری صاحب تیسرے بیٹے کی طرح ہیں ۔ جس دن سے صدر بنے ہیں مُلک کو خوشحالی کی روشنی سے منوّر کر دیا ہے
اسمبلی حال کی پچھلی نشستوں سے کراچی سے مُنتخب ایک رُکن کی آواز آئی “وہ سب تو ٹھیک ہے ۔ باقی 99 روپے کہاں ہیں ؟”۔

:lol:

موازنہ مابین وزیر اعلٰی اور وزیر اعظم

حکمرانوں کے اندرون اور بیرون مُلک دورے ایسا فعل ہے جس پر عوام خاص توجہ نہیں دیتے حالانکہ عوام کی گاڑھے پسینے کی کمائی میں سے نچوڑے گئے ٹیکسوں کا بھاری حصہ اِن عام طور پر لاحاصل دوروں پر برباد ہوتا ہے ۔ وزیرِ اعلٰی پنجاب کے سارے دوروں کے مقابلہ میں عوام کے درد کا دعوٰی رکھنے والے وزیر اعظم پیروں کے نوادے یوسف رضا گیلانی صاحب کی ایک جھلک شاید کچھ وضاحت کر پائے

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ق کی رُکن زوبیہ رُباب ملک نے سوال اُٹھایا کہ وزیرِ اعلٰی کے غیر مُلکی دوروں کے اخراجات بتائے جائیں ۔ سوال کے جواب میں اعداد و شمار پیش کرنا مجبوری تھی جن کا خلاصہ درج ذیل ہے

جب یہ سوال پنجاب اسمبلی میں جمع کرایا گیا تو اُس وقت تک وزیر اعلٰی شہباز شریف 7 غیر ملکی دورے لگا چکے تھے جن کے سلسلے میں عوام کے خزانے سے کُل 20 لاکھ 60 ہزار روپے ادا کئے گئے تھے ۔ وجہ ؟ ؟ ؟

پہلا دورہ (چین) ۔ 16 نومبر 2008ء ۔ شہباز شریف (وزیر اعلٰی) ۔ تنویر اشرف کائرہ (وزیر) ۔ احمد علی اولکھ (وزیر) ۔ خواجہ عمران نذیر (رُکن) ۔ ہارون خواجہ (مانیٹرنگ سیل) ۔ سیّد طاہر رضا نقوی (سیکریٹری صنعت) ۔ شاہد محمود (ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے) ۔ محی الدین احمد وانی (ڈی جی پی آر) ۔ عظمت محمود (پی ایس او)
شہباز شریف ۔ تنویر اشرف کائرہ ۔ احمد علی اولکھ ۔ خواجہ عمران نے خرچہ اپنی جیبوں سے دیا ۔ ہارون خواجہ ۔ سیّد طاہر رضا نقوی ۔ شاہد محمود ۔ محی الدین احمد وانی کے اخراجات اُن کے متعلقہ محکموں نے دیئے ۔ عظمت محمود کے اخراجات (152736 روپے) وزیر اعلٰی سیکریٹیریٹ نے ادا کئے

دوسرا دورہ (بحرین ایران دبئی) ۔ 11 جون 2009ء ۔ شہباز شریف ۔ تنویر اشرف کائرہ ۔ سردار دوست محمد کھوسہ (وزیر) ۔ سیّد زعیم حسین قادری (رُکن) ۔ سعید اکبر نوانی (رُکن) ۔ اسماء ممدوٹ (رُکن) ۔ مخدوم سیّد رضا علی گیلانی (رُکن) ۔ مخدوم عبدالقادر گیلانی (رُکن) ۔ پیر سعد احسن الدین (وائس چیئرمین پی بی آئی ٹی) ۔ سیّد طاہر رضا نقوی ۔ عارف ندیم (سیکریٹری) ۔ شعیب بن عزیز (سیکریٹری) ۔ علی سرفراز (اڈیشنل سیکریٹری) ۔ عظمت محمود ۔ ضیاء الحق (پرسنل اٹینڈنٹ وزیر اعلٰی)
شہباز شریف نے اپنے اور ضیاء الحق کے اخراجات ادا کئے ۔ وزراء اور اراکین نے اپنے اپنے اخراجات دیئے ۔ پیر سعد احسن الدین ۔ سیّد طاہر رضا نقوی ۔ عارف ندیم اور شعیب بن عزیز کے خراجات متعلقہ محکموں نے دیئے ۔ علی سرفراز اور عظمت محمود کے اخراجات (257473 روپے) وزیر اعلٰی سیکریٹیریٹ نے دیئے

تیسرا دورہ (لندن ترکی) 9 جنوری 2010ء ۔ شہباز شریف ۔ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ (سِنیئر ایڈوائزر) ۔ اشرف خان سوہنا (وزیر) ۔ شجاع خانزادہ (رُکن) ۔ عطا الحق قاسمی (صحافی) ۔ عارف ندیم (سیکریٹری) ۔ فضل عباس مکن (سیکریٹری) ۔ شعیب بن عزیز ۔ ہارون خواجہ (چیئرمین ایس آئی ای) ۔ سعد احسن الدین ۔ عظمت محمود
شہباز شریف ۔ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ ۔ اشرف خان سوہنا ۔ شجاع خانزادہ نے اخراجات اپنی جیب سے دیئے ۔ عطا الحق قاسمی ۔ عارف ندیم ۔ فضل عباس مکن ۔ شعیب بن عزیز ۔ ہارون خواجہ کے اخراجات متعلقہ محکموں نے ادا کئے ۔ عظمت محمود کے اخراجات (411368 روپے) وزیر اعلٰی سیکریٹیریٹ نے دیئے

چوتھا دورہ (ابو ظبی) 11 دسمبر 2010ء ۔ شہباز شریف ۔ خواجہ محمد آصف (ایم این اے) ۔ ہارون خواجہ ۔ ساجد ظفر دل (پی ایس او وزیر اعلٰی)
شہباز شریف ۔ خواجہ محمد آصف نے اخراجات اپنی جیب سے دیئے ۔ ہارون خواجہ ۔ ساجد ظفر دل کے اخراجات متعلقہ محکمون نے دیئے ۔ ساجد ظفر دل کے اخراجات (215315 روپے) وزیر اعلٰی سیکریٹیریٹ نے دیئے

پانچواں دورہ (ترکی برطانیہ) 26 دسمبر 2010ء ۔ شہباز شریف ۔ خواجہ احمد حسن (چیئرمین ایل ٹی سی) ۔ محمد عامر خان (چیف فوٹوگرافر) ۔ اطہر علی خان (پی آر او وزیر اعلٰی) ۔ ساجد ظفر دل
شہباز شریف نے اپنے اور محمد عامر خان کے اخراجات اپنی جیب سے دیئے ۔ خواجہ احمد حسن کے اخراجات متعلقہ محکمے نے ادا کئے ۔ اطہر علی خان اور ساجد ظفر دل کے اخراجات (355634روپے) وزیر اعلٰی سیکریٹیریٹ نے دیئے

چھٹا دورہ (ہانگ کانگ ۔ چین) 17 اپریل 2011ء ۔ شہباز شریف ۔ رانا ثناء اللہ (وزیر) ۔ پرویز رشید (سینیٹر) ۔ سعد مجید (ایم این اے)
عظمت محمود کے اخراجات (152736روپے) وزیر اعلٰی سیکریٹیریٹ نے دیئے ۔ باقی سب نے اپنی اپنی جیب سے ادا کئے

ساتواں دورہ (برطانیہ) 3 جولائی 2011ء ۔ شہباز شریف ۔ رانا ثناء اللہ ۔ مجتبٰی شجاع الرحمٰن (وزیر) ۔ کامران مائیکل (وزیر) ۔ محمد پرویز ملک (ایم این اے) ۔ بلیغ الرحمٰن (ایم این اے) ۔ انجنیئر خُرم دستگیر خان (ایم این اے) ۔ اراکین پنجاب اسمبلی علی حیدر نور خان نیازی ۔ شجاع خانزادہ ۔ شمسہ گوہر ۔ نوابزادہ سیّد شمس حیدر ۔ شہزادی عمرزادی ٹوانہ ۔ پیر ولائت شاہ کھگہ ۔ مائزہ حمید ۔ چوہدری ندیم خادم ۔ تنویر اسلم ملک اور میاں طارق محمود ۔ شفقت محمود (صحافی جو اب تحریک انصاف میں ہے) ۔ جاوید اسلم (چیئرمین پی اینڈ ڈی) ۔ انیس احمد (چیئرمین سی ایم ایم آئی سی) ۔ شعیب بن عزیز ۔ سیف حمید (چیئرمین پنجاب یوتھ کونسل) ۔ سعادت مظفر (سی ای او پی بی آئی ٹی) ۔ محمد عامر خان ۔ ساجد ظفر دل
شہباز شریف نے اپنے اور محمد عامر خان کے اخراجات ادا کئے ۔ باقی لوگوں کے اخراجات حسبِ سابق ادا ہوئے

یہ رپورٹ پڑھتے ہوئے مجھے یاد آیا کہ بینظیر بھٹو کے دوسرے دورِ حکومت کے دوران قومی اسمبلی میں سوال پوچھا گیا “بتایا جائے کہ نواز شریف کے دورِ حکومت میں وزیر اعظم ہاؤس کے اجراجات کتنے تھے ؟” اس پر نواز شریف کی جماعت کے رکن نے بھی سوال جمع کرا دیا کہ “بینظیر بھٹو کے پہلے دورِ حکومے میں وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اخراجات بھی بتائے جائیں”۔ پیپلز پارٹی کے متعلقہ وزیر کو مجبوراً بتانا پڑا ۔ اعداد و شمار کو مجھے یاد نہیں لیکن بینظیر بھٹو کے دور کے اخراجات کروڑوں میں تھے اور نواز شریف کے دور کے لاکھوں میں ۔ اس پر اعتراض ہوا تو وزیر موصوف نے بتایا کہ وزیر اعظم ہاؤس کے ملازمین کی تنخواہوں کے علاوہ سرکاری دعوتوں کے اخراجات سمیت باقی تمام اخراجات نواز شریف اپنی جیب سے دیتے تھے

مندرجہ بالا کے مقابلہ میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے غیر ملکی دوروں کیلئے وفاقی حکومت کے بجٹ میں ایک ارب 20 کروڑ روپیہ رکھا گیا ہے ۔ اوائل مئی 2012ء میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے 70 رُکنی وفد کے برطانیہ کے ایک ہفتہ کے دورے پر 10 کروڑ روپیہ خرچ کا تخمینہ لگایا گیا تھا جبکہ ان 7 دنوں میں صرف ایک گھنٹہ سرکاری کام پر صرف ہونا تھا ۔ خیال رہے کہ اس دورے میں صرف 6 آدمیوں کے رہنے کے اخراجات میزبان مُلک نے ادا کرنا تھے جبکہ ان 6 افراد کے لندن پہنچنے اور لندن سے واپس جانے کے اخراجات بھی حکومت پاکستان نے ادا کرنا تھے

بجلی کہاں جاتی ہے ؟

حسبِ وعدہ حاضر ہے مطالعاتی تحقیق کا نتیجہ
عوام پریشان کہ حکمرانوں کے مطابق بجلی پیدا کرنے والوں کو 360 ارب روپے سبسڈی دی جاتی ہے ۔ گو وہ بھی عوام سے وصول کردہ ٹیکس ہی کا پیسہ ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ عوام بھاری بھرکم بل بھی عطا کرتے ہیں ۔ محترمہ بجلی صاحبہ پھر بھی کم ہی درشن کراتی ہے ۔ آخر یہ بجلی جاتی کہاں ہے ؟

وفاقی وزراء اور ان کے لواحقین کے ذمہ ایک کھرب 20 ارب (120000000000) روپے کے بجلی کے بل واجب الادا ہیں
حکومتِ سندھ کے ذمہ 50 ارب (50000000000) روپے کے بجلی کے بل واجب الادا ہیں
حکومتِ پنجاب کے ذمہ 19 ارب (19000000000) روپے کے بجلی کے بل واجب الادا ہیں
حکومتِ بلوچستان کے ذمہ 18 ارب (18000000000) روپے کے بجلی کے بل واجب الادا ہیں
حکومت خیبر پختونخوا کے ذمہ 16 ارب (16000000000) روپے کے بجلی کے بل واجب الادا ہیں
حکومتِ آزاد جموں کشمیر کے ذمہ 15 ارب (15000000000) روپے کے بجلی کے بل واجب الادا ہیں
نجی اداروں کے ذمہ ایک کھرب 27 ارب روپے بجلی کے بل واجب الادا ہیں جس میں زیادہ رقم اُن لوگوں کے ذمہ ہے جو بارسُوخ سیاستدانوں کے رشتہ دار یا قریبی دوست ہیں

واجب الادا بلوں کے ساتھ ساتھ مُلک میں ہر سال 50 ارب روپے کی بجلی چوری کی جاتی ہے ۔ چوری کی بجائے کہا جاتا ہے کہ سِلکیہ نقصانات (Line Losses) 35 سے 40 فیصد ہیں ۔ چین میں سلکیہ نقصانات 6 فیصد ہوتے ہیں جبکہ فلپین جو کرپٹ مُلک جانا جاتا ہے میں 11 فیصد ہوتے ہیں ۔ یہ الگ بات ہے کہ پاکستان میں بھی کم از کم 1970ء تک سِلکیہ نقصانات 6 فیصد ہو جائیں تو آڈٹ اوبجیکشن ہو جاتا تھا اور تحقیقات شروع ہو جاتی تھیں

اس بجلی چوری کے حصہ داران ہیں
کراچی ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 38.5 فیصد یعنی سالانہ 19 ارب 25 کروڑ روپے
پشاور ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 31.2 فیصد یعنی سالانہ 15 ارب 60 کروڑ روپے
لاہور ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 12.8 فیصد یعنی سالانہ 6 ارب 40 کروڑ روپے
فیصل آباد ۔ ۔ ۔ 9.1 فی صد یعنی سالانہ 4 ارب 55 کروڑ روپے

دوسرے علاقے ۔ 4 ارب 20 کروڑ روپے

یہیں بات ختم نہیں ہوتی
ہر بڑے شہر میں چوری کئے ہوئے سرکاری ٹرانسفارمر اور بجلی کی تاروں کے ڈھیر لگے ہیں جو اندر کھاتے سستے داموں فروخت ہوتے ہیں
نیپرا رپورٹ کے مطابق بجلی کی صرف 3 سرکاری کمپنیوں نے 26 ارب روپے کا فرنس آئل چوری کیا

اگر صرف واجب الادا بل ہی ادا کر دیئے جائیں تو مُلک میں لوڈ شیڈنگ بالکل بند ہو جائے اور فاضل بجلی برآمد بھی کی جا سکتی ہے

ایسی بات نہیں کہ مندرجہ بالا کاروائیاں حکمرانوں کے علم میں نہیں ۔ حقیقت واضح ہے کہ اس میں بارسُوخ حکمرانوں کا مفاد ہے ۔ اسی لئے اسے جاری و ساری رکھا گیا ہے

گھی مہنگا ۔ تیل مہنگا ۔ آٹا مہنگا ۔ چاول مہنگے ۔ پھل مہنگا ۔ سبزیاں مہنگی ۔ دالیں مہنگی ۔ پٹرول مہنگا ۔ گیس مہنگی اور بجلی یہ تحریر لکھنے اور شائع کرنے کے درمیان مزید (more over) مہنگی ۔ عوام صرف غم کھائیں اور جان بنائیں