گھر گرہستی بناون دے ڈھاڈے اصول

1 ۔ زنانی اِک ای چنگی
دو آپس وِچ ؒلڑ بھِڑ کے وَل ہو جاون گِیئاں ۔ پر مرد اَندروں اَندر ای گھُل جائے گا

2 ۔ زنانی تَوں ہَٹ کے ہور کوئی شے اِک نیئں ہونی چہی دی
نیئں تے مرد تنگ پے کے دُوجی زنانی دا سوچے گا

3 ۔ گھر وِچ سُگھڑ زنانی دے نال مرد وی سُگھڑ ہونا چہی دا اے
مرد سُگھڑ نہ ہوے تے زنانی ہر شے الماری وِچ اَیوَیں تُنی جائے گی جِیویں الماری نیئں تھانہ اے
جے زنانی سُگھڑ نہ ہوے تے ہَور کُج نیئں ہَوے گا بس مرد ذیابیطس تے دِل دی بیماری دا مریض ہو جاوے گا
رَب نہ کرے اگر دَوے جی سُگھڑ نہ ہَوَن تے گھر نُوں محلے دار ای سانبھن گے

انتباہ ۔ میں شاعر نہیں اور بے ادب بھی ہوں یعنی ادیب بھی نہیں ۔ یہ میرے دماغ کے مزاحیہ حصے کی اختراع ہے ۔ اسلئے ناراض ہونے کی ضرورت نہیں ۔ شاعر نے کہا تھا
کوئی آئے کوئی جائے میلہ رُکنے نہ پائے
میلہ جگ والا ساتھی رے ۔ چلتا رہے

یہ کونسی گردی ہے ؟ فیصلہ آپ کیجئے

کسی زمانہ میں ایک لفظ سُنا تھا غُنڈہ گردی
پتا چلا کہ بدقماش لوگ خلافِ قانون اُدھم مچائیں تو اسے غُنڈہ گردی کہا جاتا ہے

پھر 2004ء کے بعد ایک اور لفظ متعارف ہوا ۔ دہشتگردی
پتا چلا کہ اگر ایک یا زیادہ آدمی خلافِ قانون اُدھم مچائیں جس سے لوگ دہشت زدہ ہو جائیں تو اسے دہشت گردی کہا جاتا ہے

17 جون 2014ء کو ماڈل ٹاؤن لاہور میں خلافِ قانون اُدھم مچایا گیا
پتا چلا کہ اگر قانون کے محافظ یعنی پولیس اہلکار خلافِ قانون اُدھم مچائیں تو اسے پولیس گردی کہا جاتا ہے

کچھ عرصہ سے وکلاء یعنی قانون دانوں نے خلافِ قانون اُدھم مچانا شروع کر رکھا ہے
یعنی
کبھی کسی جج کو اُس کی عدالت کے اندر گھُس کر گالیاں دیں
کبھی جج نے مرضی کا فیصلہ نہ دیا تو اُس کی پٹائی کر دی
کبھی قانون کے محافظین یعنی پولیس اہلکاروں کی دھنائی کر دی
کبھی سرکاری دفتر ۔ کبھی تھانے یا دونوں کو نذرِ آتش کر دیا
راہ گذروں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا

اس گردی کو کیا نام دیا جائے ؟
وکیل گردی ؟
یا
قانون گردی ؟َ
یا
کچھ اور ؟

فیصلہ آپ کا

سعیدالظفر کا سہرا

سعیدالظفر مجھ سے 10 ماہ بڑا تھا ۔ میری چھوٹی پھوپھی بے اولاد تھیں جو 1946ء میں بیوہ ہو گئیں اور اُس وقت سے وفات تک ہمارے پاس رہیں ۔ اس سے چند سال قبل بڑی پھوپھی (سعیدالظفر کی والدہ) فوت ہو چُکی تھیں ۔ اُن کی 2 بیٹیاں شادی شُدہ تھیں ۔ 2 چھوٹی بیٹیوں اور اُن سے چھوٹے سعیدالظفر کو میرے والدین ساتھ لے آئے تھے اسلئے ہم بچپن میں اکٹھے رہے

کسی زمانہ میں شادی پر سہرا لکھنے کا رواج تھا ۔ عام لوگ تو بازرا سے لکھے لکھائے سہرے خرید لیتے تھے ۔ میرے پھوپھی زاد بھائی کی شادی تھی جو میرا بچپن سے دوست بھی تھا چنانچہ میں نے مندرجہ ذیل سہرا لکھ کر خوبصورت ڈیزائین کے ساتھ چھپوایا اور 15 اپریل 1962ء کو سعیدالظفر کی شادی پر حاضرین میں تقسیم کیا اور پڑھا تھا

باندھ کر بزم میں آیا جو سعیدالظفر سہرا ۔ ۔ ۔ فرطِ شادی سے ہوا جامے سے باہر سہرا
قابلِ دید ہے محفل میں یہ دوہری زینت ۔ ۔ ۔ حُسن زیور ہے تیرا ۔ حُسن کا زیور سہرا
کیوں نہ ہو باعثِ تسکینِ طبیعت سہرا ۔ ۔ ۔ رُخِ نوشہ پہ ہے سرمایہءِ عشرت سہرا
ایک گُلدستہءِ ساز و سر و ساماں دوُلہا ۔ ۔ ۔ ایک مجموعہءِ لعل و زر و گوہر سہرا
باپ کا سایہءِ اقبال ہے تُجھے ظلِ ہُما ۔ ۔ ۔ کیوں نہ کہہ دوں ہے مقدر کا سکندر سہرا
عبدالغفور بھی بہت خوش ہیں اِس کے باعث ۔ ۔ ۔ کہ سعادت کا بھانجے کے ہوا سر سہرا
خوش ہیں اجمل بھی دلشاد عابد بھائی بھی ۔ ۔ ۔ خوش ہیں سب دیکھ کے ہمشیر و برادر سہرا
نعمت اللہ کے گُلشن میں بہار آئی ہے ۔ ۔ ۔ اِن کے گُلشن میں ہے اللہ کی نعمت سہرا
اے سعید تیری قسمت کا ستارہ چمکا ۔ ۔ ۔ تیرے سر پہ ہے ضیائے مہ و بادِ نسیم سہرا
رونمائی میں تیری نقد و نظر حاضر ہے ۔ ۔ ۔ تُو ذرا بیٹھ تو سہی چہرے سے اُلٹ کر سہرا
صورتِ غُنچہءِ خنداں ہے شگُفتہ دُولہا ۔ ۔ ۔ زندگی کی ہے وہ پُرکیف حقیقت سہرا
دُولہا دُلہن رہیں یا اللہ ہمیشہ مسرور ۔ ۔ ۔ ہو نویدِ طرب و عیش و مسرت سہرا
گوشِ نوشہ میں چُپکے سے وہ کیا کہتا ہے ۔ ۔ ۔ فاش کرتا ہے کوئی رازِ محبت سہرا
شوق سے لایا ہے سہرے کو سجا کر اجمل ۔ ۔ ۔ واقعہ یہ ہے کہ ہے نذرِ محبت سہرا

محمد اقبال ۔ سعیدالظفر کے والد
عبدالغفور ۔ میرے والد
عابد ۔ میرا چھوٹا بھائی
نعمت اللہ ۔ سعیدالظفر کے سُسر
نسیم ۔ دُلہن
رازِ محبت ۔ سعیدالظفر نے مجھے اپنا ہمراز بنایا ہوا تھا ۔ سعیدالظفر اور نسیم قریبی رشتہ دار ہیں ۔ بچپن سے ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے اور شادی کے عہد و پیمان تھے لیکن عشق معشوقی والی کوئی بات نہ تھی ۔ نہ چھُپ چھُپ کر ملتے تھے

جانور بھی عقل رکھتے ہیں

مجھے بچپن سے سیر و سیاحت کا شوق رہا جسے پورا کرنے کیلئے میں بڑے شہروں کی بجائے دیہات ۔ پہاڑوں اور جنگلات کا رُخ کیا کرتا تھا ۔ اس سیر سیاحت کے دوران میں جانوروں اور ان کی عادات کا مطالعہ بھی کرتا رہا ۔ اس مطالعے کے دوران ہر لمحے دل سے نکلتا رہا ”سُبحان اللہ سُبحان اللہ“ ۔ عام انسانوں کا خیال ہے کہ انسان جانور سے اسلئے افضل ہے کہ انسان عقل رکھتا ہے ۔ عملی مشاہدے سے یہ خیال غلط نظر آتا ہے

کبھی آپ نے پرندوں کو گھونسلہ بناتے متواتر دیکھا اور اُس پر غور کیا ہے ؟ خاص کر ایک چھوٹے سے پرندے بیہا کو جو اپنا گھونسلہ درخت کی ٹہنی سے لٹکا ہوا بناتا ہے ۔ یہ بیضوی شکل کا ہوتا ہے اور اس میں ایک طرف گول سوراخ ہوتا ہے
ایک چوپایا ہے جسے شاید لُدھڑ (Beaver) کہتے ہیں وہ درختوں کی ٹہنیوں سے پانی کے اوپر اپنا گھر بناتا ہے ۔ چھوٹی ندیوں پر بند (dam) بنا کر پانی کی سطح بلند کرتا ہے تاکہ پانی کے بہاؤ کی رفتار کم ہو اور اسے خوراک حاصل کرنے میں بھی آسانی ہو

مندرجہ بالا پرندہ اور چوپایا تو ہر جگہ نہیں ملتے ۔ گائے تو ہر علاقے میں پائی جاتی ہے ۔ کیا آپ جانتے ہیں ۔ گائے اپنے کمرے سے باہر نکلنے کیلئے کُنڈی کیسے کھولتی ہے ؟ بجلی سے چلنے والا دروازہ کیسے کھولتی ہے ؟ پانی پینے کیلئے ہینڈ پمپ کیسے چلاتی ہے ؟
یہاں کلِک کر کے وڈیو دیکھیئے

شاہی قلعہ ۔ لاہور

میری ڈائری میں 27 جنوری 1957ء کی تحریر

جھروکہ (جائے نشست شاہانِ مُغلیہ) 1566ء میں جلال الدین اکبر بادشاہ نے تعمیر کرایا
دولت خانہ بھی اکبر بادشاہ نے 1566ء میں تعمیر کرایا
مکاتیب خانہ (دفتر) نورالدین محمد سلیم جہانگیر (1569ء تا 1627ء) نے تعمیر کرایا
موتی مسجد شہاب الدین محمد شاہجہاں 1628ء تا 1629ء میں اور احاطہءِ شاہجہاں (Quadrangle) اور دیوانِ خاص 1645ء میں تعمیر کرایا

شاہی قلعہ میں پڑی توپ جو 1863ء میں امیر شیر علی افغان نے بنائی تھی کے مادہ کا تجزیہ مندرجہ ذیل ہے
تانبا ۔ 84.87 فیصد
جست ۔ 12.28 فیصد
سکہ ۔ 1.4 فیصد
قلعی ۔ 1.18 فیصد
لوہا ۔ 0.1 فیصد
نکل ۔ 0.03 فیصد

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ چوہدراہٹ

ایک چیز جسے چھوڑنے کیلئے بہت کم لوگ رازی ہوتے ہیں دوسروں پر حکمرانی کی خواہش ہے
آدمی کھانا پینا کم کر سکتا ہے ۔ مہنگے کپڑے پہننا چھوڑ سکتا ہے ۔ دولت کی کمی برداشت کر سکتا ہے
لیکن
اگر اُسے دوسروں کا سردار بنا دیا جائے تو اُس کا رویّہ حریفانہ ۔ دفاعی اور آرزو مندانہ ہو جائے گا

یہاں کلک کر کے پڑھیئے ” 6 year boy becomes MS Office professional“

میری ڈائری ۔ مصلحت

یکم جولائی 1962ء کو میری ڈائری میں لکھا ہے
کچھ ایسی خواہشات ہوتی ہیں جن کا حصول ممکن ہوتا ہے لیکن مصلحت حارج ہو جاتی ہے ۔ ایسی صورت میں متعلقہ مصلحت کا جائزہ ضروری ہوتا ہے کہ اس میں خود غرضی شامل تو نہیں ۔ اگر انسان چُوک جائے اور من مانی کرے تو وہ شاہراہِ ترقی پر بہت پیچھے کی طرف پھسل جاتا ہے

یہاں کلک کر کے پڑھیئے ” Delhi’s Apathy over Pakistani Minor Girl’s Rape “