Category Archives: پيغام

اہم اعلانات

سُنيئے جنابِ والا
کيا کہتا ہے منادی والا
منادی سُنيئے غور سے
پھر بات کيجئے کسی اور سے

باوثوق ذرائع کی اطلاع ہے [يہ سياسی ذرائع نہيں بلکہ اصلی ہيں] کہ

پہلا اعلان ۔ منکہ مسمی افتخار اجمل بھوپال بروز منگل بتاريخ 15 نومبر رات ساڑھے آٹھ بجے اپنی دوسری يعنی داہنی آنکھ کی جراحی کيلئے آئی کلينک ميں نيک لوگوں کی دعاؤں کا منتطر ہو گا ۔ اللہ کرے سب کام بخير و خوبی انجام پائے ۔ جراحی کا عمل اُميد ہے رات گيارہ بجے تک مکمل ہو جائے گا ۔ اس کے بعد ايک ہفتہ تک فدوی کی کمپيوٹر سے چھٹی ہو گی

دوسرا اعلان ۔ کچھ بھتيجياں بھتيجے ميرے ساتھ گلہ کرتے رہتے ہيں کہ اُن کے ہاں ميرا بلاگ نہيں کھُلتا ۔ اُن کی خواہشات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ميں نے ارادہ کيا ہے کہ موجودہ سرور کی جگہ دوسرے کسی ايسے سرور پر ڈومين خريد کروں جو پی ٹی سی ايل کا انٹرنيٹ استعمال کرنے والے بھی آسانی سے کھول سکيں ۔ يہ تبادلہ اگلے ماہ يعنی دسمبر 2011ء ميں کرنے کا ارادہ ہے ۔ اللہ کرے سب کام بخير و خوبی انجام پائے ۔ يہ کام ميری بيٹی اور بڑے بيٹے زکريا نے کرنا ہے جو کہ اس فن کے ماہر ہيں پھر بھی ہوسکتا ہے کہ اس تبادلے کے دوران کوئی فنی دشواری پيش آئے اور ميرا بلاگ چند دن نہ کھُل سکے ۔ اسلئے پيشگی اعلان کر ديا گئے ہے تا کہ سند رہے

يومِ اقبال پر ہموطنوں کے نام

ملک ميں بہتری اس وقت تک نہيں آ سکتی جب تک کل پاکستانی بالغوں ميں سے کم از کم 50 فيصد کا عمل شاعرِ مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے کلام کے مندرجہ ذيل تراشوں کی زد سے باہر نہ نکل جائے

تربيت عام تو ہے ، جوہر قابل ہی نہيں ۔ ۔ ۔ جس سے تعمير ہو آدم کی ، يہ وہ گِل ہی نہيں

ہاتھ بے زور ہيں ، الحاد سے دل خوگر ہيں ۔ ۔ ۔ اُمتی باعث رسوائی پيغمبر ہيں

منفعت ايک ہے اس قوم کی ، نقصان بھی ايک ۔ ۔ ۔ ايک ہی سب کا نبی ، دين بھی ايمان بھی ايک
حرم پاک بھی’ اللہ بھی’ قرآن بھی ايک ۔ ۔ ۔ کچھ بڑی بات تھی ہوتے جو مسلمان بھی ايک
فرقہ بندی ہے کہيں اور کہيں ذاتيں ہيں ۔ ۔ ۔ کيا زمانے ميں پنپنے کی يہی باتيں ہيں ؟
کون ہے تارکِ آئين رسول مختار ؟ ۔ ۔۔ مصلحت وقت کی ہے کس کے عمل کا معيار ؟
کس کی آنکھوں ميں سمايا ہے شعار اغيار ؟ ۔ ۔ ۔ ہوگئی کس کی نگہ طرز سلف سے بيزار ؟
قلب ميں سوز نہيں ، روح ميں احساس نہيں ۔ ۔ ۔ کچھ بھی پيغام محمد کا تمہيں پاس نہيں

واعظِ قوم کی وہ پختہ خيالی نہ رہی ۔ ۔ ۔ برق طبعی نہ رہی، شعلہ مقالی نہ رہی
رہ گئی رسم اذاں ، روح بلالی نہ رہی ۔ ۔ ۔ فلسفہ رہ گيا ، تلقين غزالی نہ رہی

وضع ميں تم ہو نصارٰی تو تمدن ميں ہنُود ۔ ۔ ۔ يہ مسلماں ہيں جنہيں ديکھ کے شرمائيں يہُود
يوں تو سيّد بھی ہو، مرزا بھی ہو، افغان بھی ہو ۔ ۔ ۔ تم سبھی کچھ ہو ، بتاؤ تو مسلمان بھی ہو ؟

ہر کوئی مست مے ذوق تن آسانی ہے ۔ ۔ ۔ تم مسلماں ہو ، يہ انداز مسلمانی ہے ؟
حيدری فقر ہے نہ دولت عثمانی ہے ۔ ۔ ۔ تم کو اسلاف سے کيا نسبت روحانی ہے؟
وہ زمانے ميں معزز تھے مسلماں ہو کر ۔ ۔ ۔ اور تم خوار ہوئے تارک قرآں ہو کر
تم ہو آپس ميں غضب ناک، وہ آپس ميں رحيم ۔ ۔ ۔ تم خطاکار و خطابيں، وہ خطا پوش و کريم

عيدالاضحٰے مبارک

عيد سے پچھلی رات مغرب کی نماز کے بعد سے عيد کے تيسرے دن نصف النہار تک يہ ورد رکھيئے اگر زيادہ نہيں تو ہر نماز کے بعد ايک بار ۔ مزيد عيد کی نماز کو جاتے ہوئے اور واپسی پر بھی يہ ورد رکھيئے

اللہُ اکبر اللہُ اکبر لَا اِلَہَ اِلْاللہ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ
لَہُ الّمُلْکُ وَ لَہُ الْحَمْدُ وَ ھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیٍ قَدِیر
اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلہَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلہَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر کبِیرہ والحمدُللہِ کثیِرہ و سُبحَان اللہِ بکرۃً و أصِیلا

جنہوں نے حج کی سعادت حاصل کی ہے ان کو حج مبارک ۔ اللہ ان کا حج قبول فرمائے
سب مسلمانوں کو عیدالاضحٰے مبارک ۔ اللہ سب مسلمانوں کو اپنی شريعت پر قائم کرے اور شيطان کے وسوسوں سے بچائے
جنہوں نے سیّدنا ابراھیم علیہ السلام کی سُنّت کی پيروی کرتے ہوئے قربانی کی ہے اللہ اُن کی قربانی قبول فرمائے
ہمارے مُلک کو ہر انسانی اور قدرتی آفت سے محفوظ فرمائے
قارئين سے بھی دعا کی درخواست ہے

دماغ تيز کرنے کا آسان طريقہ

سائنس کی ترقی کے باعث دنيا بہت آگے نکل گئی ہے ليکن قدم قدم پر يہ احساس ہوتا ہے کہ ہم سے پہلے والے ہم سے زيادہ باعِلم تھے ۔ ہمارے سکول کے زمانہ ميں [1953ء تک] بلکہ آج سے 4 دہائياں قبل [1972ء] تک جو طالب عِلم سبق ياد نہ کرے يا بھُول جائے اساتذہ اُسے سزا کے طور پر ايک ورزش کرنے کا حُکم ديتے تھے جو ايک سے 3 منٹ تک ہوتی تھی ۔ اب سائنس کی بہت زيادہ ترقی کے بعد معلوم ہوا ہے کہ جسے ہم سزا سمجھتے رہے وہ دراصل ايک اہم طِبی نُسخہ تھا

ميں اگر کہوں کہ ياد داشت [memory] اور اِنہماک [concentration] کو ايک سادہ ا ور آسان ورزش سے بہتر کيا جا سکتا ہے تو شايد اسے مذاق سمجھا جائے ليکن يہ مذاق نہيں بلکہ مسلمہ حقيقت ہے

يہ ورزش بالخصوص اُن لوگوں کيلئے مفيد ہے جن کی ياد داشت کمزور ہو يا وہ خود فکری [autism] يا الزائمر [Alzheimers] بيماری ميں مُبتلاء ہوں ۔ جس کی بھی ياد داشت ايسی نہ ہو جيسا کہ ہونا چاہيئے وہ اس سادہ ورزش سے مستفيد ہو سکتا ہے

ای ای جی سکينز [Electroencephalography scans] سے معلوم ہوا کہ يہ ورزش دماغ کے داہنے اور بائيں حصوں کو ہم عصر [synchronise] کر کے غور و فکر اور ياد داشت کو بہتر بناتی ہے

يہ آسان اور تيز اثر والی ورزش کمزور ياد داشت [poor memory] ۔ انہماک کی کمی[lack of concentration] ۔ اُجڈ پَن [clumsiness] اور تلوّن مزاجی [emotional instability] ميں بہتری پيدا کرتی ہے

ورزش کے اہم نقاط

کان کی لَو [ear lobe] ميں دباؤ کے نقاط [acupressure points] کے ذريعہ اعصابی [neural pathways] رويّوں کو تحريک ديتی ہے
دماغ کی کارکردگی بہتر کرنے اور قرار [calmness] کو بڑھانے کيلئے داہنے اور بائيں حصوں کو ہم عصر [Synchronise] کرتی ہے
بوڑھوں ۔ جوانوں ۔ بچوں ۔ والدين ۔ اولاد ۔ کوئی بھی کسی بھی عمر ميں ہو کی ذہانت کو تيز کرتی ہے
ايسپرجر سِنڈرَوم [, Asperger’s syndrome] ۔ خود فکری [autism] ۔ سيکھنے ميں مشکلات اور اطوار کے مسائل ميں مدد ديتی ہے
ورزش آسان اور قليل وقت ليتی ہے ۔ صرف ايک سے 3 منٹ روزانہ کافی ہوتا ہے

ورزش کا طريقہ

احتياط ۔ کھانے کے بعد 2 گھنٹے کے اندر ورزش نہ کيجئے ۔ آرام دہ کپڑے پہن ليجئے ۔ خواتين زيور وغيرہ اُتار ديں
1 ۔ دونو پاؤں کے درميان اپنے شانے کی چوڑائی جتنا فاصلہ رکھ کر سيدھے اس طرح کھڑے ہو جايئے کہ پاؤں کے انگُوٹھوں کا رُخ سامنے کی طرف ہو
2 ۔ داہنے کان کی لَو کو بائيں ہاتھ کے انگُوٹھے اور شہادت کی اُنگلی کے درميان اس طرح پکڑيئے کہ انگُوٹھا سامنے کی طرف ہو
3 ۔ بائيں کان کی لَو کو داہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور شہادت کی اُنگلی کے درميان اس طرح پکڑيئے کہ انگُوٹھا سامنے کی طرف ہو
4 ۔ سيدھے کھڑے رہتے ہوئے جس قدر ہو سکے سانس کو اندر کھينچيئے پھر سامنے کی طرف ديکھتے ہوئے آہستہ آہستہ اس طرح نيچے ہوتے جايئے کہ صرف گھُٹنوں سے ٹانگيں اکٹھی ہوتی جائيں ۔ نيچے جاتے ہوئے سانس باہر نکالتے جايئے ۔ اس طرح جس قدر نيچے ہو سکيں ہو جائيے مگر رہيئے پاؤں کے بل ہی
5 ۔ سانس اندر کھينچتے ہوئے آہستہ آہستہ اُوپر اُٹھيئے اور سيدھے کھڑے ہو جايئے
6 ۔ سانس باہر نکالتے ہوئے پہلے کی طرح نيچے ہوتے جائيں ۔ اس طرح کان چھوڑے بغير اور اپنی جگہ سے ہِلے بغير اس ورزش کو 14 سے 21 بار 2 سے 3 منٹ ميں دہرايئے

3 ہفتوں ميں اس ورزش کے خاطر خواہ نتائج سامنے آنا شروع ہو جائيں گے

اس ورزش کی وڈيو اور مزيد معلومات کيلئے يہاں کلِک کيجئے

معلومات فراہم کرنے پر ميں ڈاکٹر جواد احمد خان صاحب کا مشکور ہوں

آنکھ کی جراحی

اِن شاء اللہ ميں آج شام ماہر امراضِ چشم و جراح کے پاس جاؤں گا ۔ جيسا کہ مجھے بتايا گيا ہے رات 8 بجے ميری اُس آنکھ کی ليزر سے جراحی کی تياری شروع ہو گی جس کی بينائی 28 ستمبر 2011ء کے حادثہ کے بعد 1.5 سے 5.75 ہو گئی تھی ۔ جراحی کے بعد رات ساڑھے 10 بجے مجھے گھر واپس آنے کی اجازت دے دی جائے گی ۔ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی شفاء دينے والا ہے

کہا جاتا ہے کہ جراحی کے بعد 3 سے 7 دن ميں شفاء ہو جاتی ہے ۔ حقيقت کا علم تجربے سے ہی ہو گا

کمپيوٹر تو کئی دن چلا نہيں سکوں گا کيونکہ دوسری منزل پر ہے ۔ ميں نے کئی تحارير محفوظ کی ہوئی ہيں جو ميرے نوکيا ای 5 موبائل فون کے ذريعہ شائع ہو سکتی ہيں بشرطيکہ ايک آنکھ کے استعمال کی اجازت ہو ۔ اس کے علاوہ ہفتہ يا 2 ہفتے اور کچھ نہيں کر سکوں گا

اللہ کے بندے

بہت مخلص اور پاک بندے خدا کے ۔ نشاں جن سے قائم ہیں صدق و صفا کے
نہ شہرت کے خواہاں نہ طالب ثنا کے ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نمائش سے بیزار دشمن ریا کے
ریاضت سب ان کی خدا کیلئے ہے ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مشقت سب ان کی رضا کیلئے ہے
کوئی ان میں ہے حق کی طاعت پہ مفتوں ۔ کوئی نامِ حق کی اشاعت پہ مفتوں
کوئی زہد و صبر و قناعت پہ مفتوں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کوئی پند و وعظِ جماعت پہ مفتوں
کوئی موج سے آپ کو ہے بچاتا ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کوئی ناؤ ہے ڈوبتوں کی تراتا

کسی پر سختی صعوبت ہے ان پر ۔ ۔ ۔ ۔ کسی کو غم و رنج کلفت ہے ان پر
کہیں ہو فلاکت مصیبت ہے ان پر ۔ ۔ ۔ ۔ کہیں آئے آفت قیامت ہے ان پر
کسی پر چلیں تیرا آماج ہیں یہ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لٹے کوئی رہ گیر تاراج ہیں یہ
یہ ہیں حشر تک بات پر اڑانے والے ۔ یہ پیماں کو میخوں سے ہیں جڑنے والے
یہ فوجِ حوادث سے ہیں لڑنے والے ۔ ۔ ۔ یہ غیروں کی ہیں آگ میں پڑے والے
اُمنڈتا ہے رکنے سے اور ان کا دریا ۔ جنوں سے زیادہ ہے کچھ ان کا سودا

جماتے ہیں جب پاؤں ہٹتے نہیں یہ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بڑھا کر قدم پھر پلٹتے نہیں یہ
گئے پھیل جب پھر سمٹتے نہیں یہ ۔ جہاں بڑھ گئے بڑھ کے گھٹتے نہیں یہ
مُہم بِن کئے سر نہیں بیٹھتے یہ ۔ ۔ ۔ ۔ جب اُٹھتے ہیں اُٹھ کر نہیں بیٹھتے یہ
خدا نے عطا کی ہے جو ان کو قوت ۔ سمائی ہے دل میں بہت اس کی عظمت
نہیں پھیرتی ان کا منہ کوئی زحمت ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نہیں کرتی زیر ان کو کوئی صعوبت
بھروسے پہ اپنے دل و دست و پا کے ۔ سمجھتے ہیں ساتھ اپنے لشکر خدا کے

تُمہِیں اپنی مشکل کو آساں کروگے ۔ ۔ تُمہِیں درد کا اپنے درماں کرو گے
تُمہِیں اپنی منزل کا ساماں کرو گے ۔ ۔ کروگے تُمہِیں کچھ اگر یاں کروگے
چھپا دست ہمت میں زور قضا ہے ۔ مثل ہے کہ ہمت کا حامی خدا ہے

اقتباس از مسدسِ حالی
مصنف ۔ خواجہ الطاف حسين حالی

عيد الفطر مبارک

کُلُ عام انتم بخیر
سب قارئین اور ان کے اہلِ خانہ کو عید الفطر کی خوشیاں مبارک

مالک و خالق و قادر و کریم رمضان المبارک میں ہمارے روزے اور دیگر عبادتیں قبول فرما
اپنا خاص کرم فرماتے ہوئے ہمارے ہموطنوں کو آپس کا نفاق ختم کر کے ایک قوم بننے کی توفیق عطا فرما
ہمارے ملک کو اندرونی اور بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھ
ہمارے ملک کو امن کا گہوارہ بنا دے
اور اسے صحیح طور مُسلم ریاست بنا دے
آمین ثم آمین