Category Archives: مزاح

جلی بھُنی شاعری

رمضان المبارک سے کچھ دن پہلے کا ذکر ہے ۔ کچھ دل جلے جوان بیٹھے محبت ۔ دل اور بیوفائی کی باتیں کر رہے تھے ۔ اُن کی باتیں کچھ اس طرح کی تھیں کہ میرے ذہن کا شریر حصہ متحرک ہو گیا اور جو کچھ ذہن سے اُبھرا وہ میں نے کاغذ پر لکھ کر اُن جوانوں کے سامنے رکھ دیا

تُجھے دِل دِیا تھا رکھنے کو
تُو نے بھُون کے اُسے کھا لیا
کلیجہ جو دِکھایا چِیر کے
تُو نے کچا ہی اُسے چبا لیا
میرے جسم کو کُوٹ کُوٹ کر
تُو نے قیمہ تھا اُس کا بنا دیا
پھر بھر کے میری ہی آنتوں میں
ہاٹ ڈاگ کی دُکان پہ سجا دیا
گڑھا پھر کھود کر صحن میں
میری باقیات کو تھا دبا دیا
رچا کے سوانگ مجھ سے وفا کا
میرے مکان کو بھی تو نے جلا دیا
میں کس طرح رکھوں گا یاد تُجھے
تُو نے کیا کیا مجھ سے نہیں کیا

وزیرِ خزانہ

ایک دس گیارہ سالہ بچے نے اپنے دوستوں کے ساتھ میلے پر جانے کا منصوبہ بنایا جس کیلئے اُسے پچاس روپے کی ضروت تھی ۔ گھر سے اُسے اتنے پیسے ملنے کی اُمید نہ تھی ۔ اُس نے بہت دعا کی ۔ جب کوئی صورت نہ بنی تو اُس نے ایک چِٹھی اللہ میاں کے نام لکھی کہ پیارے اللہ میاں مجھے پچاس روپے بھیج دیجئے میں ہمیشہ آپ کا کہنا مانوں گا ۔ اس چٹھی کو لفافہ میں ڈال کر ڈاکخانہ میں ڈال آیا ۔ ڈاکخانہ کے متعلقہ شخص نے لفافہ کھول کر چِٹھی پڑھی پھر لفافہ بند کر کے اسے وزیرِ خزانہ کے نام بھیج دیا ۔ وزیرِ خزانہ نے چِٹھی پڑھی ۔اس کو یہ مذاق پسند آیا اور اُس نے ایک لفافہ میں بیس روپے ڈال کر بچے کے پتہ پر بھیج دئیے ۔

بچے کو جب بیس روپے ملے تو اُس نے پھر اللہ میاں کو چِٹھی بھیجی جس میں لکھا

میرے پیارے اللہ میاں
السلام علیکم
آپ بہت اچھے ہو ۔ آپ سب کو سب کچھ دیتے ہو لیکن آئیندہ خیال رکھیئے گا پیسے وزیرِ خزانہ کی معرفت نہ بھیجئے گا ۔ آپ نے جو پچاس روپے بھیجے تھے اُس گدھے نے اس میں سے تیس روپے ٹیکس کاٹ لیا ہے

پھر نتھی کر دیا

مجھے اب اسلام آباد کے کسی سیکٹر یا گاؤں میں رہائش پذیر اکرم صاحب نے نتھی کر دیا ہے ۔ اتنی بار نتھی کیا جا چکا ہوں کہ اب نتھی کرنے کیلئے مزید کوئی جگہ نہیں بچی ۔

کھیل کے قوانین جوابات دیتے وقت ارسال کرنا ہوں گے۔
جس نے آپ کو اس کھیل سے منسلک کیا ہے، اُسکی تحریر کا حوالہ دینا لازمی ہے۔
سوالات کےآخر میں آپ مزید پانچ لوگوں کو اِس کھیل سے منسلک کریں گے [آپ کی مرضی ہے] اور اس کی اطلاع متعلقہ بلاگ پر نئی تحریر میں تبصرہ کر کے دیں گے۔

سوالات اور جوابات

1 ۔ ونڈوز یا لینکس؟
دونوں ہیں لیکن وِنڈوز استعمال کرتا ہوں

2 ۔ ہالی ووڈ یا بالی ووڈ؟
ہالی وُڈ تو امریکہ کا ایک شہر ہے یہ بالی وُڈ کیا ہے ؟

3 ۔ پیپسی یا کوک؟
نہ پیسی نہ کوک

4 ۔ سیب یا انگور؟
دونوں اگر عمدہ ہوں

5 ۔ کراچی یا لاہور؟
پورا پاکستان

6 ۔ پاپ میوزک یا راک
نہیں معلوم یہ کیا ہوتے ہیں

7 ۔ چائے یا کافی؟
چائے ہی کافی ہے ۔ وہ بھی دن میں ایک بار

8 ۔ عدنان سمیع یا عاطف اسلم؟
کس حوالے سے ؟ کیا موٹاپا ؟

9 ۔ نہاری یا حلیم؟
جو اچھی پکی ہو

10 ۔ لوو میریج یا ارینجڈ؟
جو والدین کی دعاوں اور ہونے والے دُلہا دُلہن کی مرضی سے ہو ۔ پتہ نہیں اُس کا کیا نام ہوتا ۔

11 ۔ فورمز یا بلاگ؟
بلاگ ۔ اپنا جو ہوا

12 ۔ نواز شریف یا آصف زرداری؟
بخشو بی بِلی چوہا لنڈورا ہی بھلا

13 ۔ دوست یا کزنز؟
جو مُخلص ہو

14 ۔ کرکٹ یا فٹ بال؟
دیکھنے کے لحاظ سے فُٹ بال ۔ کھیلنے کے لحاظ سے دونو نہیں

15 ۔ پرسکون یا پریشان؟
اللہ کے فضل سے ہمیشہ پُر سکون

میں کسی کو نتھی نہیں کر رہا کیونکہ سب کی دعاؤں کا متمنی ہوں

طوطے

وطنِ عزیز میں قسم قسم کے طوطے پائے جاتے ہیں ۔ طوطے کی بُنیادی طور پر دو قسمیں ہیں اور ان دو میں سے ہر ایک کی کئی کئی قسمیں ہیں ۔ ایک طوطا جسے ایک مصنف توتا لکھتے تھے ایک خوبصورت پرندہ ہے ۔ لیکن بات ہو گی دوسری قسم پر۔ دوسری قسم کے بچے تو سب طوطے ہی ہوتے ہیں کیونکہ وہ طوطوں کی طرح پیارے ہوتے ہیں اور طوطوں کی طرح ہی اپنے ادرگرد کے لوگوں کی نقل کر کے بولنا سیکھتے ہیں ۔

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے ان دوسری قسم کے طوطوں کو اشرف المخلوقات بنایا ہے اور انہیں سوچنے اور فیصلہ کرنے کا اختیار دیا ہے مگر اُن میں سے اکثر ہمیشہ کیلئے طوطا بن بیٹھتے ہیں ۔

ان کی ایک معروف قسم ہے اپنے منہ میاں مِٹھُو جو کہ ایک بے ضرر قسم ہے اور سیدھے سادے افراد پر مشتمل ہے اور اس قسم میں کبھی کبھار ہر شخص شامل ہو جاتا ہے ۔

ان طوطوں کی دوسری قسم موسمی طوطا جو ایسے طوطوں پر مشتمل ہے جو صرف مالدار یا طاقتور کی بولی کی نقل کرتے ہیں ۔ یہ طوطے نا قابلِ اعتبار ہوتے ہیں نہ صرف عام آدمی کیلئے بلکہ اُس کیلئے بھی جس کی بولی وہ بولتے ہیں کہ جونہی اُس سے زیادہ طاقت یا دولت والا سامنے آ گیا تو یہ طوطے نئے نمودار ہونے والے کی بولی بولنے لگتے ہیں ۔

ان طوطوں کی تیسری قسم ہے رٹّو طوطا ۔ اِنہیں جو پڑھا دیا جائے بس اُسے یاد رکھتے ہیں ۔ مثال کے طور پر اگر انہیں پڑھا دیا جائے کہ ہر طرف روشنی ہی روشنی ہے تو چاہے آدھی رات ہو ۔ نہ چاند نکلا ہو اور نہ کوئی قُمقُمہ جل رہا ہو وہ یہی کہیں گے کہ ہر طرف روشنی ہی روشنی ہے ۔ یہ طوطے سیاسی طوطے بھی کہلاتے ہیں ۔

ان طوطوں کی چوتھی قسم ہے وہ ہے جو شائد احساسِ کمتری کا شکار ہو کر اپنی ہر چیز سے متنفر ہو جاتے ہیں ۔ یہ طوطے دساور بالخصوص سفید چمڑی کے غلام ہوتے ہیں اور ان ہی کی بولی بولتے ہیں ۔ نہ صرف اپنے ہموطنوں پر غیرمُلکیوں کو ترجیح دیتے ہیں بلکہ اپنے وطن کی بنی بہترین اشیاء پر بھی گھٹیا غیر مُلکی اشیاء کو ترجیح دیتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ وطنِ عزیز کے بازاروں میں پاکستانی مال غیر مُلکی کہہ کر مہنگے داموں بیچا جاتا ہے اور یہ طوطے فخریہ خریدتے ہیں ۔

ان طوطوں کی پانچویں اور سب سے زیادہ کارآمد نسل چُوری والے طوطے ہیں ۔ یہ طوطے اُس کی بولی بولتے ہیں جو انہیں چُوری کھلاتا ہے یا پھر زیادہ چُوری کھلاتا ہے ۔ وطنِ عزیز میں یہ نسل بڑی کامیاب ہے اور وقت کے ساتھ چُوری کھلانے والے کی کچھ زیادہ ہی وفادار بن گئی ہے ۔ چُوری ملنا بند بھی ہو جائے تو صرف اس اُمید پر کہ شائد پھر چُوری مل جائے وفاداری نبھاتی ہے ۔

ان طوطوں کی چھٹی اور اعلٰی نسل وطنِ عزیز کے حکمرانوں کی ہے جو فیصلہ کرنا تو کُجا کوئی بات کرنے سے بھی پہلے امریکا ۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی طرف دیکھتے ہیں اور جس طرح اُن کے ہونٹ ہِل رہے ہوتے ہیں اُسی طرح یہ طوطے اپنے ہونٹ ہلاتے جاتے ہیں ۔ پھر جو بھی آواز نکلے ان کی بلا سے ۔ انہیں صرف اس پر تسلی ہوتی ہے جس کی نقل انہوں نے کی تھی وہ مطمئن ہے ۔

فَن اور فنکار ؟ ؟ ؟

وطنِ عزیز میں ہر طرف ہر جگہ فَن کا مظاہرہ نظر آتا ہے ۔ جسے دیکھو اپنے تئیں فنکار بنا پھرتا ہے ۔ صدر ہو ۔ وزیر ہو ۔ صحافی ہو یا مداری ایک سے ایک بڑھ کر فنکار ہے ۔ لیکن میں اُن چھوٹے چھوٹے لوگوں کی فن کاری کی بات کروں گا جن کا کوئی نام نہیں لیکن وہ اپنے فن پارے سے لمحہ بھر کیلئے بہت سے لوگوں کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دیتے ہیں ۔

اسلام آباد اور کوہ مری کے درمیان چھَرا پانی کے قریب ایک چھوٹی سی دُکان پر جلی حروف میں لکھا ہے ۔

شاہ جی انڈے شاپ

سڑکوں پر گومتی بسوں ۔ ویگنوں ۔ ٹرکوں پر بھی بہت سے فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہوتا ہے ۔ ان فنکاروں میں کبھی کبھی کوئی حقیقت پسند بھی نظر آ جاتا ہے ۔ ملاحظہ ہو ایک شعر ۔

ہر اِک موڑ پر ملتے ہیں ہمدرد مجھے
لگتا ہے میرے شہر میں اداکار بہت ہیں

ہمارے مُلک میں ادا کاروں کی واقعی بہتات ہے ۔ اور کیوں نہ ہو اس مُلک میں جس کا صدر سب سے بڑا اداکار ہے ۔

فن کا ایک اچھوتا مظاہرہ نتھیا گلی کے خُنکی آمیز پہاڑوں پر نظر آتا ہے ۔ نتھیا گلی کے بلند ترین حصے میں ایک ہوٹل کے باغیچہ میں داخل ہوتے ہی پھولوں کی کیاری کے قریب لکھا نظر آتا ہے

آپ کی خوشی اور تفریح طبع کی خاطر ہم نے اپنا بہت سا وقت ۔ محنت اور دولت لگا کر یہ پھُول اُگائے ہیں
آپ خیال رکھیئے اُن زائرین کا جنہوں نے یہاں آ کر ابھی یہ پھُول نہیں دیکھے

آگے بڑھیں تو باغیچہ کے دوسرے سرے پر پھولوں کی کیاریوں کے قریب یہ تحریر نظر آتی ہے

پھُول توڑنا منع ہے ۔ جس نے پھُول توڑا اُسے ایف بی آئی کے حوالہ کر دیا جائے گا تاکہ وہ اُسے دہشتگرد قرار دے کر سزا دے دے

:lol:

بیوقوف بادشاہ

پانچویں یا چھٹی جماعت کی کتاب میں ہم نے ایک کہانی پڑھی تھی جس کے متعلق اب محسوس ہوتا ہے کہ وہ سچا واقعہ ہو گا ۔ کہانی یوں تھی کہ ایک بادشاہ کو دنیا میں لاثانی ہونے کا شوق تھا ۔ اس نے حکم جاری کیا کہ جو مجھے ایسا لباس لا کر دے گا جو دنیا میں کسی کے پاس نہ ہو تو اسے میں مالا مال کر دوں گا ۔ بڑے بڑے جولاہوں نے قسمت آزمائی مگر ناکام رہے ۔ قریبی ملک میں ایک نہائت چالاک آدمی رہتا تھا ۔ اس نے بادشاہ کے حضور پیش ہو کر عرض کی “جناب ۔ میں ایسا لباس تیار کروا سکتا ہوں جو صرف عقلمند شخص کو دکھائی دیتا ہے ۔ اس سے آپ کو اپنے عقلمند مشیر اور وزیر چننے میں بھی آسانی ہو گی”۔ بادشاہ نے کہا “اچھا ۔ وہ لباس تیار کرواؤ”۔ چالاک شخص نے کہا “جناب ۔ یہ میرے فن کا بہت بڑا راز ہے جس کیلئے مجھے کوئی خفیہ کمرہ عنائت کیجئے”۔

بادشاہ نے اپنے محل کا ایک بڑا سا کمرہ اس کے حوالے کر دیا ۔ وہ کھڈیاں وہاں لے آیا اور اس کے آدمی کھڈیاں چلانے لگ گئے ۔ کچھ دن بعد اس آدمی نے بادشاہ کو بتایا کہ لباس تیار ہو گیا ہے ۔ بادشاہ مشاہدہ کرنے گیا تو اسے کچھ نظر نہ آیا لیکن یہ سوچ کر کہ وہ کہیں بیوقوف نہ کہلائے بادشاہ لباس کی تعریف کر کے آ گیا ۔ دوسرے دن دربار میں اعلان کیا گیا کہ اگلے روز بادشاہ سلامت دربار میں ایسا لباس پہن کر آئیں گے جو صرف عقلمند شخص کو نظر آتا ہے ۔ اگلے روز دربار جانے سے قبل بادشاہ کو بڑے اہتمام سے اس شخص نے لباس پہنایا اور بادشاہ دربار میں جا کر بیٹھ گیا ۔

کچھ وزیر و مشیر خاموش بیٹھے رہے اور کچھ بادشاہ کے نئے لباس کے قصیدے پڑھنے لگ گئے ۔ اتفاق سے ایک درباری کے ساتھ اس کا پانچ سالہ بچہ بھی اس دن آیا تھا ۔ وہ ہنستے ہوئے چیخا “بادشاہ ننگا ۔ بادشاہ ننگا”۔

مجھے یہ کہانی اب اسلئے سچ لگتی ہے کہ ہمارے ملک کے صدر جنرل پرویز مشرف نے 3 نومبر 2007ء کو پاکستان کے آئین اور قوانین کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے بطور فوج کے سربراہ کے قوانین بنا کر انہیں آئین کا حصہ بنانے کا اعلان کر دیا اور اسی پر اکتفاء نہ کیا بلکہ یہ بھی لکھوا دیا کہ اس قانون کو نہ تو پاکستان کی عدالت میں چیلنج کیا جا سکتا ہے اور نہ اسے پاکستان کی پارلیمنٹ تبدیل یا حذف کر سکتی ہے اور اب اسی کی بنیاد پر بار بار کہہ رہے ہیں “میں 5 سال کیلئے صدر ہوں اور 3 نومبر کو معزول کئے ہوئے جج بحال نہیں ہو سکتے”۔ اور اس کے مداح خواں بھی یہی رٹ لگا رہے ہیں ۔

واہ رے پرویز مشرف ۔ تُو نے ننگے بادشاہ والی کہانی سچ کر دکھائی ۔