فدوی افتخار اجمل بھوپال ہر اُس آدمی سے معذرت خواہ ہے جسے لايعنی يا مخرب الاخلاق برقی چِٹھی [E-mail] فدوی کے نام سے ملی ہے ۔ ہر چند کہ يہ چِٹھياں فدوی کی رضا و رغبت يا رضامندی کے بغير ہر اُس شخص کو گئی ہيں جس کا پتہ ميرے ياہو کے حساب [Yahoo account] ميں موجود ہے ۔ فدوی کا اگر قصور ہے تو اتنا کہ فدوی اپنا وقت بہتر طريقہ سے استعمال کرنے کيلئے ايک کمپيوٹر استعمال کرتا ہے مگر يہ ناہنجار چِٹھياں چونکہ ميرے نام سے جا کر مکتوب عليہان کی دلآزاری کا باعث بنی ہوں گی اسلئے معذرت لازم سمجھی گئی
شيطان کا کام تو شيطانی کرنا ہی ہے مگر ايسا ميرے نام سے کيوں ہوا ؟
کمپيوٹر اور انٹرنيٹ استعمال کرنے والے کچھ معصوم لوگ شيطان کی موجودگی سے بے خبر اپنے تجسس کی تسکين کی خاطر اِدھر اُدھر ہاتھ مارتے رہتے ہيں جس کے نتيجہ ميں شيطان اُن کے کمپيوٹر ميں آ بيٹھتا ہے اور شرارتيں شروع کر ديتا ہے ۔ مجھ سے غلطی يہ ہوئی کہ ايک مانوس بلکہ قريبی نام سے چِٹھی آئی ۔ بظاہر اُس ميں کچھ نہيں تھا اور جواب طلب تھی ۔ اسلئے ميں نے جواب لکھ بھيجا ۔ گويا اپنے پاؤں پر کُلہاڑا مار ليا ۔ اگلے روز لايعنی چِٹھياں ميرے نام سے چلی گئيں ۔ تحقيق کے بعد معلوم ہوا کہ ميرا ياہو کا حساب چوری [hack] ہو گيا ہے
ميں نے ياہو کے حساب کا شناختی لفظ [Password] بدل ديا ہے مگر چوروں نے سائنس ميں ہم سے زيادہ ترقی کر لی ہے اسلئے مستقبل کے ہر لمحے سے ڈر لگتا ہے
اتنی لمبی روئيداد يا تمہيد پيش کرنے کے بعد درخواست ہے اہلِ عِلمِ کمپيوٹر و انٹرنيٹ سے کہ مجھ” دو جماعت پاس ناتجربہ کار شہر ميں نووارد ديہاتی” کی رہنمائی فرمائيں ۔ اور کوئی مُجرّب مگر سہل طريقہ شيطانوں کی ايسی شرارتوں سے محفوظ رہنے کا بتا کر ميری دعاؤں کے حقدار بنيں ۔ بڑے شيطانوں سے تو ہم اللہ کی پناہ مانگ ليتے ہيں مگر چھوٹے شيطان کسی طرح چين سے نہيں رہنے ديتے