Category Archives: روز و شب

ایسا کیوں ؟

میں نے آج صبح متاءثرین کے متعلق ویب سائٹ کا ذکر کیا تھا جو صوبہ سرحد کی حکومت نے بنائی ہے ۔ اس کے بعد میں کھانے کی اشیاء کی ہفتہ وار خریداری کیلئے چلا گیا ۔ اب میں نے اس ویب سائٹ کا تفصیلی جائزہ لیا ہے تو بہت افسوس ہوا ہے کہ اے این پی والوں نے ایسے وقت میں بھی ذاتی کدورت سے خلاصی نہیں پائی ۔ الخدمت ویلفیئر سوسائٹی جو کہ اول روز سے متاءثرین کی خدمت کر رہی ہے اس کا نام اس ویب سائٹ پر کہیں نہیں ہے جبکہ ایم کیو ایم جس نے صرف ایک کیمپ میں تعلیم کے بندوبست کیلئے اپنا ایک آدھ آدمی یو این ایچ سی آر کے ساتھ لگا ہے اس کی خدمت فاؤنڈیشن کا نام موجود ہے ۔ صرف اس لئے کہ الخدمت ویلفیئر سوسائیٹی جماعتِ اسلامی کا ذیلی ادارہ ہے

احساسِ ذمہ داری

دورِ حاضر میں بڑی بڑی باتیں بڑے بڑے دعوے کئے جاتے ہیں مگر زمینی حقائق چُغلی کھا جاتے ہیں کہ یہ سب لاف بازی ہے ۔ ایک دور تھا جب حُکمران تقریروں کی بجائے اپنے عمل سے لوگوں کے دِلوں پر حُکمرانی کرتے تھے ۔ میں نے 17 مئی 2009ء کو جس کتاب کا ذکر کیا تھا ۔ اُس میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے کردار اور رسول اللہ سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم سے اُن کی عقیدت کے واقعات درج تھے ۔ اُن میں سے ایک واقع جو بہت کم منظرِ عام پر آیا ہو گا

نظام الملک طوسی جو سلجوقی سلطان جلال الدین ملک شاہ کے وزیراعظم تھے نہایت دیندار ۔ ذہین اور حکومتی انتظامات کے ماہر تھے ۔ انہوں نے حکومتی انتظامات پر ایک نہایت بیش قیمت کتاب ”سیاست نامہ“ کے نام سے ترتیب دی تھی اس میں اچھی حکومت کرنے کے اعلیٰ طریقے اور حکمران کو وہ تمام اعمال کرنے کی ہدایت جو اس کو عوام میں ہر دل عزیز کر دیں بیان کئے گئے ہیں ۔ اپنے اس سیاست نامہ میں نظام الملک طوسی نے کئی دلچسپ واقعات بیان کئے ہیں جو ایک طرح سے ہدایت ہیں ۔ لکھتے ہیں

کہاوت ہے کہ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ نے اپنے والد عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے بوقتِ وفات دریافت کیا کہ اب ان کی ملاقات ان سے کب اور کہاں ہو گی ۔ عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ اگلی دنیا میں تو عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ نے عرض کیا کہ وہ ان سے جلد ملاقات چاہتے ہیں ۔ عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ وہ ان کو خواب میں اسی رات یا دوسری رات کو یا تیسری رات کو ملنے آئیں گے لیکن بارہ سال تک عمر رضی اللہ عنہ بیٹے کے خواب میں نہیں آئے اور جب بارہ سال بعد آپ خواب میں تشریف لائے تو بیٹے نے شکایت کی کہ آپ نے تو فرمایا تھا کہ تین راتوں کے اندر اندر تشریف لائیں گے لیکن یہ تو بارہ سال سے زیادہ عرصہ ہو گیا ہے

عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ وہ بے حد مصروف تھے کیونکہ بغداد کے قرب میں ایک پل خستہ ہو گیا جو اُن کے زمانہ میں تعمیر ہوا تھا اور ذمہ دار لوگوں نے اس کی مرمت نہیں کی تھی ۔ ایک بکری کی اگلی ٹانگ ایک سوراخ میں پھنس کر ٹوٹ گئی تھی اور میں اس تمام عرصہ میں اس کی جواب دہی کرتا رہا ہوں

اس واقعے کا اخلاقی پہلو سب پر عیاں ہو جانا چاہیئے خواہ کارندے ہوں یا حُکمران یا عوام ۔ حقیقت یہ ہے کہ اس مملکت خداداد پاکستان میں ہر شخص اپنی مرضی کا مالک ہے نہ کسی کا احتساب ہوتا ہے اور نہ ہی کسی کو سزا دی جاتی ہے ۔ سب بھُولے بیٹھے ہیں کہ روزِ محشر جو حساب ہو گا اور بہت سخت ہو سکتا ہے

متاءثرین کے متعلق معلومات

سوات ۔ مالاکنڈ ۔ بونیر اور دیر میں فوجی کاروائی کے نتیجہ میں 22 لاکھ کے قریب متاءثرین نقل مکانی کر چکے ہیں جن میں سے صرف 2 لاکھ 31 ہزار کیمپوں میں ہیں ۔
ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ صرف باتیں کرنے اور نعرے لگانے کی بجائے آگے بڑھے اور خاموشی سے متاءثرین کی بھرپور امداد اور اعانت کرے ۔ اللہ کی کرم نوازی ہے اُن علاقوں کے رہائشیوں پر کہ انہوں نے لاکھوں کو پناہ دی ہے اور اپنے محدود وسائل سے ہمہ تن متاءثرین کی خدمت کر رہے ہیں ۔ لیکن یہ محدود ذرائع روزگار رکھنے والے لوگ اتنا زیادہ بوجھ کب تک اٹھائیں گے ؟

انسان ہونے اور انسانی ہمدردی کے دعوے سچ ثابت کیجئے عملی اقدام سے

صوبہ سرحد کی حکومت نے متاءثرین کیلئے معلومات مہیاء کرنے کے لئے ایک ویب سائٹ بنائی ہے جس کا ربط ہے

http://www.helpidp.org/

یونہی خیال آ گیا

کچھ روز قبل ایک کتاب پڑھنے کے بعد میں نے جو کچھ پڑھا تھا بستر پر دراز اس کے متعلق سوچ رہا تھا تو میں اس دُنیا سے گُم ہو گیا ۔ جب واپسی ہوئی تو میرا تکیہ تر تھا ۔ اچانک میرے ذہن میں ان فقروں نے جنم لیا

پیار کو ہم نے سوچ کے اپنایا ہوتا
صرف آپ کو رہنما اپنا بنایا ہوتا
آج ہم بھی ہوتے اللہ کے پیاروں میں
گر آپ کو جان سے محبوب بنایا ہوتا

Click on “Reality is Often Bitter” to read my another blog with different posts and articles or write the following URL in browser and open http://iabhopal.wordpress.com

ملت کے رہبر کون ؟

میرے وطن میں باتیں کرنے والے تو بہت ہیں لیکن خاموشی سے پہاڑ جیسے کام کرنے والے کچھ لوگ بھی ہیں کہ اللہ نے دشمنوں کی تمامتر سازشوں اور حکمرانوں کے گُلچھڑے اُڑانے کے باوجود شاید انہی کی وجہ سے اس مملکتِ خدا داد پاکستان کو قائم رکھا ہوا ہے اور یہی لوگ ملت کے اصل رہبر ہیں ۔ ایسا ہی ایک خاندان صوبہ سرحد کے ایک قصبہ تراکئی میں ہے جنہوں نے نقل مکانی کر کے آنے والے صرف اپنے عزیز و اقارب کو ہی نہیں ہزاروں غیروں کو بھی اپنے گھروں میں پناہ دے رکھی ہے اور ان کی دیکھ بھال کر رہے ہیں

تراکئی کا ایک مالدار سیاسی خاندان ہے جس کے سربراہ کا نام لیاقت ہے ۔ اس خاندان نے اپنے عزیز و اقارب کے تعاون سے مختلف علاقوں میں اپنی ذاتی زمینوں پر 7 کیمپ بنائے ہیں اور ان میں کل شام [15 مئی] تک 15000 افراد کو پناہ دی ہے اور مزید 500 کو اپنے گھروں میں رکھا ہے ۔ یہ خاندان ان مہمانوں کی تمام ضروریات پوری کر رہا ہے ۔ انہیں صبح کا ناشتہ ۔ دو وقت کا کھانا ۔ تین وقت چائے ۔ پینے کا ٹھنڈا پانی مہیا کیا جا رہا ہے ۔ مہمانوں کی طبی ضروریات کیلئے ڈاکٹر ۔ نرسیں ۔ دوائیوں کی سہولت موجود ہے ۔ دن رات ایمبولینس اور دوسری ٹرانسپورٹ بھی استعمال کیلئے موجود رہتی ہے ۔ اس پر بھی لیاقت نے کہا “مجھے افسوس ہے کہ میں اپنے ان مہمانوں کو صبح کے ناشتہ میں پراٹھے مہیا نہیں کر سکا کیونکہ ان کی تیاری میں وقت بہت لگتا ہے “۔ کیمپوں کی تفصیل یہ ہے ۔ 2 شیوا اڈا میں ۔ ایک تولاندئی میں ۔ ایک بازارگئی میں اور 3 تراکئی میں ہیں ۔ پہلے دن 2 کیمپ تیار کئے گئے تھے جو بڑھ کر 7 ہو چکے ہیں ۔ اول روز سے ان تمام کیمپوں میں لگے ہر خیمے میں بجلی اور بجلی کا پنکھا موجود ہیں ۔ گھروں میں جہاں مہمانوں کو رکھا گیا ہے ہر کمرے میں بجلی اور پنکھا موجود ہیں

ایک طرف حکومتی کاروائیوں کی ذرائع ابلاغ کے ذریعہ اشتہار بازی پر زور ہے اور حقیقت سے بہت زیادہ بتایا جا رہا ہے ۔ اسی طرح ایم کیو ایم نے کراچی سے ایک ٹرک بھیجا تو دن رات چھوٹے چھوٹے وقفوں سے ہر ٹی وی چینل پر اسے دکھایا جاتا رہا ۔ دوسری طرف یہ بلند مرتبت اور بلند ہمت خاندان ذرائع ابلاغ کے نرغے میں آنا پسند نہیں کرتا ۔ ان لوگوں کا عقیدہ ہے کہ وہ سب کچھ انسانیت کی خدمت کیلئے کر رہے ہیں جو ان کا بحثیت انسان اور مسلمان فرض ہے اسلئے دکھاوا سے اپنا عمل ضائع نہیں کرنا چاہتے

کیا ہم عقلبند ہیں ؟

نہیں جناب ۔ میں نے اِملا کی غلطی نہیں کی ۔ میں نے عقلبند ہی لکھا ہے ۔ عقلبند کا مطلب ہے کہ عقل کو مقُفل رکھنا یعنی عقل سے کام نہ لینا مبادا خرچ نہ ہو جائے ۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہمارے حُکمران اور بہت سے ہموطن آجکل عقلبند ہو چکے ہیں ۔ شمال مغربی علاقہ جہاں فوجی کاروائی جاری ہے کی مصدقہ خبر بعد میں ۔ پہلے ۔ ۔ ۔

میں بیزار تھا ۔ نہ کچھ پڑھنے کو جی چاہتا تھا نہ لکھنے کو ۔ ایسے ہی ٹی وی لگا کر خبط الحواس بنا بیٹھا تھا کہ ایک فقرے نے چونکا دیا “کوئی بھی شخص ہتھیار اُس وقت اُٹھاتا ہے جب معاشرہ اُسے انصاف نہیں دے پاتا “یہ الفاظ تھے ایک بھارتی قلم کار اور سماجی کارکن ارن دھتی رائے کے جسے میں نے چوکنے کے بعد پہلی بار دیکھا ۔ وہ کراچی میں موجود تھی اور برملا بول رہی تھی ۔ ارن دھتی رائے نے مزید کہا “وہ نوجوان جو عورتوں پر پلاسٹک کے تھیلوں کی طرح پابندی لگانا چاہتا ہے وہ بھی کسی فیکٹری میں تیار ہوا ہے ۔ بالکل اسی طرح جس طرح پلاسٹک بیگ کسی فیکٹری میں تیار ہوتا ہے ۔ سوال یہ ہے کہ یہ فیکٹری کہاں ہے ؟ اور اسے کون چلا رہا ہے ؟” ارن دھتی رائے نے بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا ” جب آپ کہتے ہیں طالبان ۔ تو آپ کا مطلب کیا ہوتا ہے ؟ کیا اس سے مراد عسکریت پسند ہے ؟ یا اس سے مراد کوئی نظریہ ہے ؟ دونوں سے لڑنے کا طریقہ الگ الگ ہے ۔ جنگ سے یہ چیزیں ختم نہیں ہو سکتیں ۔ دہشتگردی کے خلاف جو جنگ لڑی جا رہی ہے ۔ اُس نے دنیا کو پہلے سے بھی زیادہ خطرناک بنا دیا ہے ”

اب آتے ہیں تازہ ترین مگر اہم خبر کی جانب ۔ فوجی کاروائی سے متاءثرہ علاقوں سے آئے ہوئے لوگ جہاں پناہ گزین ہیں وہاں ہمارے محلہ کا ایک وفد فوری امداد کے سلسلہ میں مطالعہ کرنے گیا تھا کہ کس نوعیت کی اور کتنی مقدار میں مدد درکار ہے وہ واپس آ گئے ہیں ۔ جو کچھ اُن بھائیوں نے بتایا ہے اسے بیان کرنے کی مجھ میں ہمت نہیں ہے ۔ میں صرف چند جو جگر پاش نہیں ہیں تحریر میں لانا چاہتا ہوں

فوجی کاروائی سے قبل اعلان کیا گیا کہ آپ کے پاس اتنا وقت ہے علاقہ خالی کر دیں ۔ مقررہ وقت کے بعد کے ہم ذمہ دار نہیں ہوں گے ۔ وقت اتنا کم تھا کہ ایک عورت جو اپنے گھر کے صحن میں کپڑے دھو رہی تھی اور اس کا ننھا بچہ کمرے میں سویا ہوا تھا وہ اپنے لپٹے ہوئے بچے کو اُٹھا کر گھر سے نکل بھاگی ۔ کچھ دور جا کر اسے احساس ہوا کہ وہ لپٹے ہوئے بچے کی بجائے کچھ اور لپٹا ہوا اُٹھا کر آ گئی ہے ۔ پھر دیوانہ وار بھاگتی ہوئی گئی اور اپنے بچے کو اُٹھا کر لائی ۔ سب لوگوں کو 15 سے 40 کلو میٹر پیدل چل کر کسی مقام پر سانس لیا جو لوگ چپلیوں میں بھاگے تھے ان کی چپلیاں ٹوٹ گئیں اور راستہ میں پاؤں زخمی ہو گئے

ایک شخص نے وفد سے سوال کیا ” اس طرح اعلان کرنے سے کیا عسکریت پسند وہاں بیٹھے رہے ہوں گے کہ فوج آئے اور اُنہیں ہلاک کر دے ؟” وہ بولتا رہا ” پہلے بھی ایسا ہی ہوا تھا اور جب کاروائی کے بعد امن کی اطلاع ملی تو ہم خوشی خوشی اپنے گھروں کو لوٹے ۔ مگر ہماری خوشی خاک میں مل گئی جب ہم نے دیکھا کہ ہمارے گھر اور دکانیں وغیرہ تباہ ہو چکے ہیں اور پھر عسکریت پسندوں نے ہمارے ساتھ زیادہ سختی برتنا شروع کر دی تھی”

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ارن دھتی رائے نے جو خیال ظاہر کیا وہ پاکستان میں کسی کو نہیں سوجھتا یا انہوں نے اس کی طرف توجہ نہیں دی ؟
عقلبند اور عقلمند کا فیصلہ قارئین خود کر لیں

وقتِ دُعا

کوئی جو بھی لبادہ پہنا دے لیکن حقیقت یہ ہے کہ پچھلے حُکمرانوں نے اپنی ذاتی اغراض اور اپنے غیرمُلکی آقاؤں کی خوشنودی کیلئے پہلے بلوچستان میں اور پھر صوبہ سرحد خانہ جنگی کو جنم دیا جو اب تک جاری ہے ۔ اس میں ہلاک ہونے والے کی اکثریت بے قصور عام شہریوں کی ہے ۔ امریکہ نے جو ڈرون حملے قبائلی علاقہ میں اب تک کئے ہیں ان میں درجن بھر انتہاء پسند اور 700 بے قصور شہری ہلاک ہوئے ہیں ۔ چند دن قبل شروع ہونے والی فوجی کاروائی کے نتیجہ میں 30 فوجی ہلاک اور 80 کے قریب زخمی ہو چکے ہیں سرکاری ذرائع کے مطابق 700 سے زائد شدت پسند ہلاک کر دیئے گئے ہیں ۔ 13 لاکھ سے زائد شہری اپنا سب کچھ چھوڑ کر اپنے ہی وطن میں مہاجر اور بے یار و مددگار پناہ گزین ہو گئے ہیں ۔ سینکڑوں بچے لاوارث ہو گئے ہیں ۔ ابھی مزید کیا ہونے والا ہے اس کا اندازہ نہیں ۔

وہ نام نہاد سِول سوسائٹی کے لیڈر جو ہردم انسانی حقوق کا گیت گاتے تھے اور سوات اور قبائلی علاقوں میں فوجی کاروائی کروانے کیلئے تقریریں کرتے اور جلوس نکالتے تھے وہ کہاں گم ہو گئے ہیں ؟ 13 لاکھ بے قصور بوڑھے ۔ جوان ۔ بچے ۔ مرد اور عورتیں اپنی زندگی کی سب سے بڑی آفات میں مبتلا ہیں ۔ اُن میں بمشکل ایک لاکھ کو حکومت خیمے مہیا کر سکی ہے اور ان کی خوراک کا بندوبست عام شہری اور ایک دو کونسلر کر رہے ہیں مگر کوئی نام نہاد سِول سوسائٹی یا ڈالر کمانے والی این جی او وہاں نظر نہیں آتی

ہم کیا کرنا چاہ رہے ہیں اور ہمارا مقصد کیا ؟ اس کا جواب شاید آصف علی زرداری کے پاس بھی نہ ہو کیونکہ اسے اپنی غُربت دُور کرنے کے لئے اربوں ڈالروں کی اشد ضرورت ہے اور اس کیلئے وہ امریکہ کی سرتابی نہ کرنے پر مجبور ہے ۔ دوسری طرف ہموطنوں کی اکثریت دُشمنوں کے پروپیگنڈہ سے اتنی محسور ہو چکی ہے کہ اللہ اور رسول کے فرمان کی بجائے اخبار اور ٹی وی کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیا ہے ۔ اب وہ قرآن کو بھی پاکستانی ٹی وی چینلز پر آنے والے نام نہاد روشن خیال عُلماء کی زبان سے سمجھتے ہیں قرآن کی اصلیت سے نہیں

ایک صدی قبل اُمت کے ایک غمخوار ۔ الطاف حسین حالی صاحب ۔ نے یہ نظم لکھی تھی اور میں نے آدھی صدی سے زیادہ قبل سکول کے زمانہ میں پڑھی تھی ۔ کتنی اَشَد ضرورت ہے آج اسے پڑھ کر صدق دِل سے اپنے گناہوں کی معافی مانگنے کی فقط مسلمانوں کو

اے خاصہءِ خاصانِ رُسل وقتِ دُعا ہے
اُمت پہ تیری آ کے عجَب وقت پڑا ہے

جو دِین بڑی شان سے نِکلا تھا وطَن سے
پردیس میں وہ آج غرِیبُ الغُرَباء ہے

وہ دین ہُوئی بزَمِ جہاں جس سے چراغاں
اب اس کی مجالس میں نہ بَتّی نہ دِیا ہے

وہ دِین جو تفَرّقے اَقوام کے آیا تھا مِٹانے
اس دِین میں خُود تفَرّقہ اب آ کے پڑا ہے

جس دِین نے دِل آ کے تھے غَیروں کے مِلائے
اس دِین میں خُود بھائی سے اب بھائی جُدا ہے

ہے دِین تیرا اب بھی وہی چشمہءِ صافی
دِینداروں میں پر آب ہے باقی نہ صفا ہے

جِس قوم میں اور دِین میں ہو عِلم نہ دولت
اس قوم کی اور دِین کی پانی پہ بِناء ہے

[پانی پہ بِناء ۔ پانی پر بنیاد۔ یعنی عمارت کی ایسی کچی بنیادجو رکھتے ہی بہہ جائے]

مُختصر سوانح
خواجہ الطاف حسین حالی 1837ء میں پانی پت میں پیدا ہوئے ۔ انکے والد کا نام خواجہ ایزو بخش تھا – ابھی 9 سال کے تھے کہ والد کا انتقال ہوگیا ۔ بڑے بھائی امداد حسین نے پرورش کی ۔ اسلامی دستور کے مطابق پہلے قرآن شریف حفظ کیا۔ بعد ازاں عربی کی تعلیم شروع کی ۔ غالباً 18 برس کی عمر میں انہوں نے دلی کا قصد کیا اور 2 سال تک عربی صرف و نحو اور منطق وغیرہ پڑھتے رہے۔ 1856ء میں حصار کے کلکٹر کے دفتر میں ملازم ہوگئے لیکن 1857ء میں پانی پت آ گئے۔ تین چار سال بعد جہانگیر آباد کے رئیس مصطفٰی خان شیفتہ کے بچوں کے اتالیق مقرر ہوئے ۔ تقریباَ 8 سال دہلی چلے گئے ۔ مرزا اسداللہ غالب کی وفات پر لاہور چلے گئے اور گورنمنٹ بک ڈپو میں ملازمت اختیار کی ۔ لاہور میں محمد حسین آزاد کے ساتھ مل کر انجمنِ پنجاب کی بنیاد ڈالی یوں شعر و شاعری کی خدمت کی اور جدید شاعری کی بنیاد ڈالی ۔ 4 سال لاہور میں رہنے کے بعد پھر دہلی چلے گئے اور اینگلو عربک کالج میں معلم ہوگئے ۔ ملازمت سے فارغ ہونے کے بعد پانی پت میں سکونت اختیار کی ۔ 1904ء میں شمس العلماء کا خطاب ملا ۔ 31 دسمبر 1914ء کو پانی پت میں وفات پائی

Click on “Reality is Often Bitter” and see that conditions for marriage written in Qur’aan are the same as were written in the Bible write the following URL in browser and open http://iabhopal.wordpress.com