نبوت کوئی ایسی صفت نہیں ہے جو ہر اُس شخص میں پیدا ہو جایا کرے جس نے عبادت اور عملِ صالح میں ترقی کر کے اپنے آپ کو اس کا اہل بنا لیا ہو ۔ نہ یہ کوئی ایسا انعام ہے جو کچھ خدمات کے صِلے میں عطا کیا جاتا ہو ۔ بلکہ یہ ایک منصب ہے جس پر ایک خاص ضرورت کی خاطر الله تعالیٰ کسی شخص کو مقرر کرتا ہے ۔ وہ ضرورت جب داعی ہوتی ہے تو ایک نبی اس کے لئے مامور کیا جاتا ہے اور جب ضرورت نہیں رہتی تو خواہ مخواہ انبیاء پر انبیاء نہیں بھیجے جاتے
قرآن مجید سے جب ہم یہ معلوم کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ نبی کے تقرر کی ضرورت کِن کِن حالات میں پیش آئی ہے تو پتہ چلتا ہے کہ صرف چار حالتیں ہیں جن میں انبیاء مبعوث ہوئے ہیں
(1) کسی خاص قوم میں نبی بھیجنے کی ضرورت اس لئے کہ اس میں پہلے کبھی کوئی نبی نہ آیا تھا اور کسی دوسری قوم میں آئے ہوئے نبی کا پیغام بھی اس تک نہ پہنچ سکتا تھا
(2) نبی بھیجنے کی ضرورت اس وجہ سے ہو کہ پہلے گزرے ہوئے نبی کی تعلیم بھُلا دی گئی ہو یا اس میں تحریف ہو گئی ہو اور اس کے نقش قدم کی پیروی کرنا ممکن نہ رہا ہو
(3) پہلے گزرے ہوئے نبی کے ذریعہ مکمل تعلیم و ہدایت لوگوں کو نہ ملی ہو اور تکمیل دین کے لئے مزید انبیاء کی ضرورت ہو
(4) ایک نبی کے ساتھ اس کی مدد کے لئے ایک اور نبی کی حاجت ہو
اب یہ ظاہر ہے کہ ان میں سے کوئی ضرورت بھی نبی صلی الله علیہ و سلم کے بعد باقی نہیں رہی ہے
قرآن خود کہہ رہا ہے کہ
وَمَآ اَرْسَلْنٰكَ اِلَّا رَحْمَةً لِّلْعٰلَمِيْنَ (سورت 21 الانبیاء آیت 107) ۔ ترجمہ ۔ اے نبی ﷺ ، ہم نے تو تم کو دنیا والوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا ہے اور دنیا کی تمدّنی تاریخ بتا رہی ہے کہ آپﷺ کی بعثت کے وقت سے مسلسل ایسے حالات موجود رہے ہیں کہ آپﷺ کی دعوت سب قوموں کو پہنچ سکتی تھی اور ہر وقت پہنچ سکتی ہے ۔ اس کے بعد الگ الگ قوموں میں انبیاء آنے کی کوئی حاجت باقی نہیں رہتی
قرآن اس پر بھی گواہ ہے اور اس کے ساتھ حدیث و سیرت کا پورا ذخیرہ اس امر کی شہادت دے رہا کہ حضور صلی الله علیہ و سلم کی لائی ہوئی تعلیم بالکل اپنی صحیح صورت میں محفوظ ہے ۔ اس میں مسخ و تحریف کا کوئی عمل نہیں ہوا ہے ۔ جو کتاب آپ لائے تھے اس میں ایک لفظ بھی کمی و بیشی آج تک نہیں ہوئی، نہ قیامت تک ہو سکتی ہے ۔ جو ہدایت آپؐ نے اپنے قول و عمل سے دی اس کے تمام آثار آج بھی اس طرح ہمیں مل جاتے ہیں کہ گویا ہم آپﷺ کے زمانے میں موجود ہیں ۔ اس لئے دوسری ضرورت بھی ختم ہو گئی۔
پھر الله تعالٰی قرآن مجید یہ بات بھی صاف صاف کہتا ہے کہ حضورﷺ کے ذریعہ سے دین کی تکمیل کر دی گئی ۔
سورت 5 المآئدہ آیت 3 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اَلْيَوْمَ اَ كْمَلْتُ لَكُمْ دِيْنَكُمْ وَاَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِيْ وَرَضِيْتُ لَكُمُ الْاِسْلَامَ دِيْنًا ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
ترجمہ ۔ آج میں نے تمہارے دین کو تمہارے لئے مکمل کر دیا ہے اور اپنی نعمت تم پر تمام کر دی ہے اور تمہارے لئے اسلام کو تمہارے دین کی حیثیت سے قبول کرلیا ہے ۔ لہٰذا تکمیل دین کے لئے بھی اب کوئی نبی درکار نہیں رہا
اب رہ جاتی ہے چوتھی ضرورت ۔ اگر اس کے لئے کوئی نبی درکار ہوتا تو وہ حضورﷺ کے زمانے میں آپﷺ کے ساتھ مقرر کیا جاتا ۔ ظاہر ہے کہ جب وہ مقرر نہیں کیا گیا تو یہ بھی ساقط ہو گئی ۔
اب ہمیں معلوم ہونا چاہیئے کہ وہ پانچویں وجہ کونسی ہے جس کے لئے آپﷺ کے بعد ایک نبی کی ضرورت ہو؟
اگر کوئی کہے کہ قوم بگڑ گئی ہے اس لئے اِصلاح کی خاطر ایک نبی کی ضرورت ہے تو ہم اس سے پوچھیں گے کہ محض اِصلاح کے لئے نبی دنیا میں کب آیا ہے کہ آج صرف اس کام کے لئے وہ آئے ؟ نبی تو اس لئے مقرر ہوتا ہے کہ اس پر وحی کی جائے اور وحی کی ضرورت یا تو کوئی نیا پیغام دینے کے لئے ہوتی ہے یا پچھلے پیغام کی تکمیل کرنے کے لئے یا اس کو تحریفات سے پاک کرنے کے لئے ۔ قرآن اور سنتِ محمد صلی الله علیہ و سلم کے محفوظ ہو جانے اور دین کے مکمل ہو جانے کے بعد جب وحی کی سب ممکن ضرورتیں ختم ہو چکی ہیں تو اب اصلاح کے لئے صرف مُصلحین کی حاجت باقی ہے نہ کہ انبیاء کی