ہر پاکستانی کیلئے
پاپ موسیقی پسند کرنے والوں کیلئے
ہر پاکستانی کیلئے
پاپ موسیقی پسند کرنے والوں کیلئے
بہادر شاہ ظفر نے لکھا تھا
عمرِ دراز مانگ کے لائے تھے چار دن ۔ ۔ ۔ دو آرزو ميں کٹ گئے دو انتظار ميں
ليکن يہ چار دن کا بيان ہے امام ابراہيم النّخاعی کا ۔ فرماتے ہيں ۔
جس دن ميں گھر سے نکلوں اور مجھے کوئی اپنے سے زيادہ علم رکھنے والا ملے تو ميں اس سے سيکھتا ہوں ۔ يہ دن ميرے فائدے اور نفع کا ہوتا ہے ۔
جس دن ميں گھر سے نکلوں مجھے کوئی اپنے سے کم علم رکھنے والا ملے تو ميں اسے سِکھاتا ہوں ۔ يہ دن ميرے انعام کا ہوتا ہے ۔
جس دن ميں گھر سے نکلوں مجھے ميرے جتنا علم رکھنے والا کوئی ملے تو ميں اس سے تبادلۂِ خيال کر کے اپنے علم کی تصحيح کرتا ہوں ۔ يہ دن ميرے سبق کا ہوتا ہے ۔
جس دن ميں گھر سے نکلوں مجھے کوئی ملے جس کا علم مجھ سے کم ہو مگر وہ اپنے آپ کو مجھ سے زيادہ علم رکھنے والا سمجھتا ہو تو ميں اس سے بات نہيں کرتااور اس دن کو ميں اپنے آرام کا دن سمجھتا ہوں ۔
مرد کو عورت سے یا عورت کو مرد سے محبت ہو جائے تو عاشق یا عاشقہ محبوبہ یا محبوب کی پسند اور ناپسند کا خیال رکھتا یا رکھتی ہے اور پوری کوشش کرتا یا کرتی ہے کہ کوئی ایسی حرکت یا بات نہ کی جائے جو محبوبہ یا محبوب کو ناپسند ہو اور ہر ایسا فعل کیا جائے جو اُسے پسند ہو ۔
آج پاکستان میں ربیع الاوّل 1429ھ کی 12 تاریخ ہے اور عرب دنیا میں گذشتہ کل تھی ۔ کہا جاتا ہے کہ اس تاریخ کو ہمارے نبی سیّدنا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم کی مبارک ولادت ہوئی ۔ میرا تو عقیدہ ہے کہ سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم کی اطاعت ایمان کا حصہ ہے ۔
سورت ۔ 3 ۔ آل عمران ۔ آیت 31 و 32 ۔ اے نبی لوگوں سے کہہ دو “اگر تم حقیقت میں اللہ سے محبت رکھتے ہو تو میری پیروی اختیار کرو ۔ اللہ تم سے محبت کرے گا اور تمہاری خطاؤں سے درگذر فرمائے گا ۔ وہ بڑا معاف کرنے والا رحیم ہے”۔ اُن سے کہو “اللہ اور رسول کی اطاعت قبول کر لو”۔ پھر اگر وہ تمہاری یہ دعوت قبول نہ کریں تو یقیناً یہ ممکن نہیں ہے کہ اللہ ایسے لوگوں سے محبت کرے جو اس کی اور اس کے رسول کی اطاعت سے انکار کرتے ہوں ۔
سورت ۔ 4 ۔ النّسآء ۔ آیت 13 و 14 ۔ یہ اللہ کی مقرر کی ہوئی حدیں ہیں ۔ جو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے گا اُسے اللہ ایسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی اور ان باغوں میں وہ ہمیشہ رہے گا اور یہی بڑی کامیابی ہے ۔ اور جو اللہ اور اُس کے رسول کی نافرمانی کرے گا اور اس کی مقرر کی ہوئی حدوں سے تجاوز کرے گا اُسے اللہ آگ میں ڈالے گا جس میں وہ ہمیشہ رہے گا اور اُس کیلئے رسواکُن سزا ہے ۔
سورت ۔ 53 ۔ النَّجْم ۔ آیات 1 تا 3 ۔ قسم ہے ستارے کی جب وہ گرے کہ تمہارے ساتھی [سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم] نے نہ راہ گُم کی ہے نہ وہ ٹیڑھی راہ پر ہے اور نہ وہ اپنی خواہش سے کوئی بات کہتا ہے
اپنے نبی سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم سے محبت کے اظہار کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ہر ایسے فعل کو ہمیشہ کیلئے چھوڑ دیں جو کہ سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم کو ناپسند تھا اور صرف وہ کام کریں جو اُنہیں پسند تھے ۔ اپنے محبوب نبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم کا یومِ ولادت منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم نوافل ادا کریں اور اُن پر درود بھیجیں ۔
سُورت ۔ 33 ۔ الْأَحْزَاب ۔ آیت ۔ 56 ۔ إِنَّ اللَّہَ وَمَلَائِكَتَہُ يُصَلُّونَ عَلَی النَّبِيِّ يَا أَيُّہَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْہِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا
بیشک اللہ اور ا س کے فرشتے نبیِ پر درود بھیجتے ہیں۔ اے ایمان والو ۔ تم [بھی] اُن پر درود بھیجا کرو اور سلام بھیجا کرو
اگر آپ کا حلوہ کھانے کو جی چاہے تو پکائیں خود بھی کھائیں اور حتی الوسع ہمسایوں اور رشتہ داروں کو بھی کھلائیں ۔ حلال کا کھانا ہمسایوں اور رشتہ داروں کو کھلانا بھی ثواب کا کام ہے لیکن ایسی بات یا فعل سے بچیئے جس سے اللہ اور اُس کے رسول نے منع فرمایا یا رسول اور اس کے قریبی ساتھیوں نے نہ کیا ہو کہ اتباع اِسی کو کہتے ہیں ۔
اگر مجھ سے پوچھیں تو میں کہوں گا کہ مستحق یعنی بہت کم آمدنی والے لوگوں کو ایک وقت کا کھانا کھلا دیں یا جن میں حلوہ کھانے کی مالی استطاعت نہیں ہے اُنہیں حلوہ پکا کر کھلا دیں [ذیابیطس والوں کو حلوہ نہ کھلائیں] ۔ اور اس کے علاوہ جتنا آسانی سے پڑھ سکیں نوافل پڑھیئے ۔ قرآن شریف کی تلاوت کیجئے اور نبی پر درود بھیجتے رہیئے وہی جو آپ نماز کے دوران پڑھتے ہیں ۔ خیال رکھیئے کہ فجر کی نماز کے بعد سے سورج اچھی طرح نکلنے تک ۔ سورج نصف النہار پر پہنچنے سے لے کر 30 منٹ بعد تک اور عصر کی نماز کے بعد سے مغرب کی نماز تک اوقات میں نوافل نہ پڑھیئے ۔
میلادُالنّبی مناتے ہوئے اپنے ماضی پر ضرور نظر ڈالئے اور مطالعہ کیجئے کہ جس عظیم ہستی کا یومِ پیدائش آپ منا رہے ہیں کیا اُس کی پسند ناپسند پر آپ نے عمل کیا ہے ؟ اگر نہیں تو جھُک جائیے اپنے خالق کے سامنے اور اپنے پچھلے کردار پر شرمندہ ہو کر معافی کی عاجزانہ التجاء کیجئے اور آئیندہ محتاط رہیئے ۔ اللہ ہم سب کو سیدھی راہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے ۔
جس کے بنک اکاؤنٹ میں اور بٹوے میں رقم ہے وہ دنیا کے صرف 8 فیصد امیر ترین لوگوں میں سے ہے
جس کے والدین زندہ ہیں اور اس کے پاس ہیں وہ دنیا کے قلیل خوش اخلاق لوگوں میں سے ہے
جو شخص یہ تحریر پڑھ سکتا ہے وہ دنیا کے دو ارب لوگوں سے زیادہ خوش قسمت ہے جو کہ پڑھ نہیں سکتے
جو کسی کا ہاتھ تھام سکتا ہے ۔ کسی کو گلے لگا سکتا ہے ۔ کسی کے کاندھے پر تھپکی دے سکتا ہے اُسے مبارک ہو کہ وہ ہردم اللہ کی خوشنودی کماتا ہے
انشاء اللہ العزيز
ستم شعار سے تجھ کو چھُڑائيں گے اِک دن
ميرے وطن تيری جنّت ميں آئيں گے اِک دن
ميرے وطن ميرے وطن ميرے وطن ميرے وطن
ہم کيا چاہتے ہيں ؟
آزادی آزادی آزادی
آج یومِ یکجہتیءِ جموں کشمیر ہے
یہ دن پہلی مرتبہ 5 فروری 1990 کو منایا گیا ۔ میں پہلے اس سلسلہ میں کئی بار لکھ چکا ہوں ۔
1 ۔ جموں کشمیر آزاد کیوں نہ ہوا ۔ پہلی قسط ۔ دوسری قسط اور تیسری قسط
2 ۔ یومِ یکجہتی ءِ جموں کشمیر کیوں منایا جاتا ہے
محنت کرنے والے بہت لوگوں کی 90 فیصد سے زیادہ نتیجہ حاصل کرنے کی خواہش ہوتی ہے ۔ لوگوں کو یہ کہتے عام سنا گیا ہے کہ 101 فیصد درست یا یقینی لیکن کبھی کسی نے نہیں بتایا کہ کیسے ؟ انگریزی میں تو اس کا طریقہ دریافت کر لیا گیا ہے جو کہ اُردو والوں کو شہہ دے دی گئی ہے ۔ اب گیند اُردو والوں کے میدان میں ہے ۔
A=1 B=2 C=3 D=4 E=5 F=6 G=7 H=8 I=9 J=10 K=11 L=12 M=13 N=14 O=15 P=16 Q=17 R=18 S=19 T=20 U=21 V=22 W=23 X=24 Y=25 Z=26
K-N-O-W-L-E-D-G-E = 11+14+15+23+12+5+4+7+5 = 96
H+A+R+D+W+O+R+K = 8+1+18+4+23+15+18+11 = 98
A-T-T-I-T-U-D-E = 1+20+20+9+20+21+4+5 = 100
L-O-V-E-O-F-G-O-D = 12+15+22+5+15+6+7+15+4 = 101
قارئین بالخصوص شادی شدہ جوڑوں کی رہنمائی کی خاطر میں ایک شخص کی آپ بیتی لکھنے لگا ہوں ۔ اس میں نام سب فرضی ہیں ۔
دو سگی بہنیں تھی ہاجرہ اور حفصہ ۔ وہ بچپن سے ایک ہی پلنگ پر اکٹھی سوتی تھیں اور شادی ہونے تک اکٹھی سوتی رہیں ۔ دونوں کی اکٹھی شادی ہوئی جب ہاجرہ کی عمر 16 سال اور حفصہ کی 14 سال تھی ۔ ہاجرہ کی شادی اپنی پھوپھی کے بیٹے سے ہوئی ۔ دونوں بہنوں میں بچپن سے بہت پیار تھا جو شادی کے بعد بھی قائم رہا ۔ ہاجرہ کے ہاں بیٹا پیدا ہونے کے بعد جب حفصہ کے ہاں یکے بعد دیگرے دو بیٹیاں پیدا ہوئیں تو ہاجرہ نے حفصہ سے کہا کہ میں تمہاری ایک بیٹی کو اپنی بہو بناؤں گی ۔ بیس پچیس سال بعد جب ہاجرہ کا بیٹا نعیم تعلیم حاصل کرنے کے بعد ملازم ہو گیا تو اس نے حفصہ سے اس کی بیٹی نعیمہ کا رشتہ مانگا ۔ بیس پچیس سال سے اس رشتہ کا علم رکھنے والی حفصہ نے اپنی بیٹی نعیمہ کا رشتہ دینے سے انکار کر دیا جس کیلئے کچھ لغو قسم کی وجوہات بتائیں ۔ ہاجرہ نے اپنے چھوٹے بھائی صغیر جس پر وہ اپنی جان چھڑکتی تھیں سے مدد مانگی ۔ صغیر نے نہ صرف حفصہ کا ساتھ دیا بلکہ نعیم کی شکل اور اس کے چال چلن متعلق بے بنیاد باتیں کیں جس سے ہاجرہ کو دکھ پہنچا لیکن اس نے خاموشی اختیار کر لی ۔
تین سال بعد نعیم اس شہر میں گیا ہوا تھا جہاں اسکے ماموں صغیر رہتے تھے کہ وہاں ہاجرہ اور حفصہ کے بڑے بھائی یعنی نعیم کے بڑے ماموں کبیر جو ملک سے باہر تھے آ گئے اور علیحدگی میں نعیم سے پوچھا کہ تمہیں نعیمہ کی بجائے کوئی اور لڑکی پسند ہے ؟ نعیم کی نفی پر کبیر نے اپنے چھوٹے بھائی صغیر کو ڈانٹ پلائی کہ تمہارے یہاں ہوتے تمہاری بڑی بہنیں بچھڑنے کو آئیں اور تم نے ان کو ملانے کی کوشش نہ کی ۔ کبیر پھر صغیر کو ساتھ لے کر حفصہ کے پاس دوسرے شہر گئے اور اسے لے کر ہاجرہ کے پاس پہنچے جہاں انہوں نے ہاجرہ کے سامنے حفصہ سے پوچھا کہ نعیم کے ساتھ نعیمہ کی شادی نہ کرنے کی کیا وجوہات ہیں ؟ جو وجوہات حفصہ نے بتائیں کبیر نے لغو یا بے بنیاد کہہ کر رد کر دیں لیکن حفصہ نے کہا کہ حتمی فیصلہ سے وہ اپنے گھر جانے کے بعد آگاہ کریں گی ۔ دراصل رشتہ داروں نے ان سے اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے بڑی ہوشیاری کے ساتھ من گھڑت باتیں ہاجرہ ۔ ہاجرہ کے خاوند اور نعیم کے متعلق بتائی ہوئی تھیں ۔
واپس اپنے شہر پہنچنے پر حفصہ کے گھر میں پھر بحث مباحثہ ہوا ۔ آخر فیصلہ ہوا کہ نعیمہ سے پوچھا جائے تو نعیمہ نے اپنی خالہ ہاجرہ کے حق میں ووٹ دے دیا کیونکہ دوسرے امیدوار غیر تھے اور ان کے متعلق مفصل علم نہ تھا چنانچہ نعیمہ کی سگائی یا منگنی نعیم سے ہو گئی ۔
مزید دو سال بعد نعیم اور نعیمہ کی شادی ہو گئی ۔ وہ دونوں ہنسی خوشی رہ رہے تھے کہ نعیمہ کا بھائی اپنی بیوی کے ساتھ ان کے گھر آیا اور چند دن بعد چلا گیا ۔ اس کے بعد پھر لاوہ پکنا شروع ہوا اور نعیمہ کو دو ہفتہ کیلئے بلایا گیا اس خیال سے کہ اسے واپس نہیں بھیجا جائے گا ۔ وجہ نعیم کا مفروضہ ظلم تھا یعنی وہ نعیمہ کو کھانے کو کچھ نہیں دیتا اسی لئے وہ شادی کے بعد موٹی نہیں ہوئی ۔ نعیمہ کے دونوں بھائی اور چھوٹے ماموں صغیر نعیمہ کو طلاق دلانے کیلئے کوشاں تھے ۔ حفصہ کو جب بہت مجبور کیا گیا تو اس نے تھوڑا وقت مانگ کر علیحدگی میں اپنی بیٹی نعیمہ سے پوچھا کہ سب چاہتے ہیں کہ تم نعیم سے طلاق لے لو اور تمہاری شادی ایک بہت اچھے اور امیر گھرانے میں ایک بہت اچھے لڑکے کے ساتھ شادی کریں گے ۔ نعیمہ نے کہا کہ مجھے طلاق نہیں لینا ۔ نعیم بہت اچھا ہے میں اسی کے پاس واپس جانا چاہتی ہوں ۔ دوسرے ہی دن اس نے اپنے بڑے بھائی سے کہا کہ مجھے بس پر چڑھا دو میں میں واپس اپنے شوہر کے پاس جانا چاہتی ہوں ۔ وہ نعیم کو کہہ کر آئی تھی کہ مجھے دو ہفتے بعد آ کر لے جانا جبکہ ابھی ایک ہفتہ بھی نہ گذرا تھا اور وہ واپس چلی گئی ۔
اس کے بعد سے اللہ کے فضل سے نعیم اور نعیمہ اچھی زندگی گذار رہے ہیں دونوں کے والدین اور ماموں فوت ہو چکے ہیں ۔ اللہ انہیں جنت میں جگہ دے ۔ بڑے ماموں کبیر تو پہلے ہی نعیم اور نعیمہ سے بہت پیار کرتے تھے ۔ متذکرہ بالا واقعہ کے بعد نعیمہ کی امی حفصہ نے نعیم کو ماں کا پیار دیا اور نعیمہ سے زیادہ نعیم کا خیال رکھا ۔
اللہ کا فرمان ہے ۔ مومن تو ایک دوسرے کے بھائی ہیں لہٰذا اپنے بھائیوں کے درمیان تعلقات کو درست کرو اور اللہ سے ڈرو ۔ اُمید ہے کہ تم پر رحم کیا جائے گا ۔ سورت ۔ 49 ۔ الْحُجُرَات ۔ آیت 10