Category Archives: روز و شب

ایمان ۔ اتحاد ۔ نظم

عرضداشت ۔ کل ابھی یہ تحریر نامکمل تھی کہ غلطی سے شائع ہو کر اُردو سیّارہ پر ظاہر ہو گئی ۔ مگر بلاگ سے ہٹا دیئے جانے کے باعث قارئین پڑھ نہ سکے جس کیلئے معذرت خواہ ہوں ۔ اب پوری تحریر پڑی جا سکتی ہے

قائدِ اعظم محمد علی جناح نے 1946ء میں پاکستان کیلئے رائے شماری ہونے سے قبل ناگپور میں منعقد ہونے والی آل انڈیا مُسلم سٹوڈنٹس کنونشن میں اپنے خطاب میں کہا تھا کہ آپ کو میں ایک مقولہ [Motto] دیتا ہوں ۔ ایمان ۔ اتحاد ۔ نظم

قائد اعظم کی وفات کے کچھ دہائیاں بعد بلند آواز والے لوگوں نے اس مقولے کو اتحاد ۔ یقین ۔ تنظیم بنا دیا ۔ اُن کا استدلال تھا کہ یقین اتحاد سے پیدا ہوتا ہے جبکہ ساری دنیا کے مفّکر کہتے ہیں کہ اتحاد یقین یا ایمان سے پیدا ہوتا ہے ۔ بہرکیف دورِ حاضر میں ایمان کی جو حالت ہے وہ سب جانتے ہیں ۔ اکثر لوگ امریکا سے ڈرتے ہیں یا امریکا کی خوشنودی چاہتے ہیں ۔ انفرادی طور پر بھی طاقتور یا بارسوخ انسان سے ڈرتے ہیں ۔ اللہ سے نہ ڈرتے ہیں نہ انہیں اللہ کی خوشنودی سے کوئی سرو کار ہے

رہ گئی تنظیم تو فوجی کاروائی کے نتیجہ میں بے گھر ہونے والے بے قصور لوگوں کو متبادل جگہ اور خوراک مہیاء کرنے میں حُکمرانوں اور ان کے حواریوں نے جو دھماچوکڑی مچائی ہے ایسی بدانتظامی کا نمونہ شاید ماضی میں دنیا کے کسی بدترین حصہ میں بھی دیکھنے میں نہ آیا ہو ۔ حکومت اور اقوامِ متحدہ کا متعلقہ ادارہ مل کر بے گھر افراد کے 15 فیصد کو ابھی تک نہ خیمے ۔ نہ خوراک اور نہ دوسری ضروریات مہیاء کر سکے ہیں ۔ باقی شہروں کا کیا ذکر دارالحکومت پشاور میں پہنچنے والے ان بے گھر افراد کی حالت سب سے زیادہ ابتر ہے ۔ خوراک کی تقسیم کا حصول اتنا سُست ہے کہ لوگ پورا پورا دن قطار میں کھڑے رہتے ہیں کیونکہ اُن کی شناخت اور تقسیم صرف ایک نقطہ پر ہو رہی ہے اور بندوبست یہ ہے کہ فی خاندان دو تھیلے گیہوں اور ایک ڈبہ تیل کا دیا جاتا ہے ۔ جن لوگوں نے بالآخر گیہوں اور تیل وصول کر لیا وہ پریشان ہیں کہ اسے کیا کریں ۔ کیا وہ گیہوں کھا کر تیل پی لیں ؟ ہمیشہ سے ڈالروں پر پلنے والی نام نہاد این جی اوز کا وہاں پر کردار صرف اتنا ہے کہ کچھ وہاں تصاویر بنوا کر واپس چلے جاتے ہیں ۔ حُکمران اور دوسرے بڑے اہلکار بھی وہاں صرف تصاویر بنوانے جاتے ہیں ۔ سرکاری کیمپوں کی حالت یہ ہے کہ اتنی شدید گرمی میں ابھی تک بہت کم خیموں میں پنکھے دیئے گئے ہیں ۔ پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگ خاص کر بچے اسہال میں مبتلاء ہو رہے ہیں ۔ بلند بانگ دعوے روزانہ کئے جا رہے ہیں

اس کے برعکس جو کیمپ دردمند لوگوں نے بنائے ہیں وہاں لوگوں کو بجلی کے پنکھوں سمیت سب کچھ مہیاء کیا گیا ہے ۔ ہمارے جو وفود امداد پہنچا کر آئے ہیں وہ بتاتے ہیں کہ مقامی عام لوگوں نے جو کردار ادا کیا ہے اس کے بعد الخدمت فاؤنڈیشن [جماعتِ اسلامی والی] ۔ اُمہ ویلفیئر ٹرسٹ اور چھوٹی چھوٹی نجی قسم کی ویلفیئر سوسائٹیاں وہاں مصروفِ عمل نظر آتی ہیں ۔ سرکاری کیمپ بدنظمی کا مظہر تھے ۔ میڈیکل ٹیمیں زیادہ تر حکومتِ پنجاب کی ہیں ۔ کچھ نجی اور کچھ فوج کی بھی ہیں ۔ کل آئندہ کے لائحہ عمل پر بات ہو رہی تھی تو حکومتی بدانتظامی کا ذکر بھی آیا ۔ ایک صاحب جو ایک سال قبل تک پیپلز پارٹی میں ہوا کرتے تھے کہنے لگے “جن کا کوئی جلوس یا جلسہ یا دعوت کبھی بغیر بگھدڑ توڑ پھوڑ یا مارکٹائی کے نہیں ہوا وہ کیا جانیں انتظام کس بلا کا نام ہے ؟ ”

سب سے کم دولت والے صوبے بلوچستان نے بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کیلئے 6 کروڑ روپیہ دیا ہے ۔ پنجاب نے 10 کروڑ روپیہ کے علاوہ میڈیکل ٹیمیں مع دوائیوں کے بھیجی ہیں ۔ پنجاب نے دونوں صوبوں میں بے گھر ہو جانے والے لوگوں کی میزبانی کی پیشکش بھی کی اور پنجاب میں ہزاروں بے گھر ہونے والے لوگ پناہ لے چکے ہیں ۔ صوبہ سندھ امداد کے بارے میں خاموش ہے شاید وہ بہت نیک لوگ ہیں اور اس مقولے کے پابند ہیں کہ ایک ہاتھ دے اور دوسرے کو پتہ نہ چلے ۔ سب سے بڑھ کر جو کام صوبہ سندھ نے کیا ہے یہ ہے کہ الطاف حسین کے کہنے پر متاءثرین کے سندھ میں داخلہ پر پابندی لگا دی ہے ۔ انسانی ہمدردی کے بلند بانگ دعوے کرنے والی ایم کیو ایم نے ایک ٹرک بھیجا تھا تو کئی دن صبح شام اس کی تشہیر کی جاتی رہی تھی ۔ اب جسقم کے ساتھ مل کر اپنے ہی پُرزور مطالبہ پر ہونے والی فوجی کاروائی کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے عام شہریوں کے سندھ میں داخلے کے خلاف ہڑتالیں کر رہے ہیں

بھیک مانگنے میں کامیابی پر مبارک

اِسے حالات کی ستم ظریفی کہئے یا اعتقادکی ضعیفی مگر حقیقت تو یہ ہے کہ اب ہماری شناخت ”بھک منگوں“ کے سوا کچھ نہیں رہی ہے… ہم وہ بھکاری اور ڈھیٹ منگتے ہیں جوڈالر اور پاؤنڈ کے لئے اپنے ہی گراؤنڈ خانماں بربادوں سے بھر کر ”انسانی گراؤنڈ“ پر یہود و نصاریٰ سے بھیک مانگتے ہیں…کئی دہائیوں سے بدچلن حکمرانوں کا یہی چلن ہے کہ دنیا پرستوں سے دنیا سازی کی باتیں کر کے چھلنی دامن کو ”امداد کے نوٹوں“ سے بھر لیں…یہ اور بات ہے کہ دل اور دامن میں سوراخ کے سبب گرنے والے نوٹوں کا اِس لئے حساب نہیں ہوتا کیونکہ اُن گِرے ہوؤں کو ”گِرے ہوئے“ اُٹھالیتے ہیں اور جو الجھ کر جھولی ہی میں رہ جاتے ہیں وہی ”قومی خزانے کا حصہ “قرارپاتے ہیں…افسوس ہوتا ہے اپنے حکمرانوں پر کہ جن کے نزدیک بھرے کشکول کے ساتھ کامران لوٹنا ہی عظیم سفارت کاری ہے …نویں جماعت کے لازمی مضمون ”مطالعہ پاکستان“میں کبھی پڑھا تھا کہ سربراہِ مملکت جب کسی دوسرے ملک جاتا ہے تو معاہدے کرتا ہے ، مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کئے جاتے ہیں،مشترکہ امور پر متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جاتا ہے اور پھر وطن واپسی پر قوم کو فخر سے بتایا جاتا ہے کہ ہم نے اپنے ملک کو فلاں معاملے پر مقدم رکھا، اُس کی سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کے لئے ہم نے ایسی کوئی شرط تسلیم نہیں کی جس سے ہماری خودی پر آنچ آتی ہو اور ہم نے برابری کی بنیاد پر باہمی تعلق کو فروغ دیا لیکن ”نواں آیا سوہنیا“کیا جانے کہ ”نویں جماعت“ کا سبق کیا ہے؟اُنہیں تو ڈالروں کی خوشبو ملک سے باہر کھینچے رکھتی ہے ، پاؤنڈ اور فرینک کے حصول میں وہ اتنے Frank ہیں کہ دل کی بات فوراً ہی زبان پر لے آتے ہیں، کوئی پس و پیش اور نہ ملال بس دولت، روپیہ اور مال…اپنے فن میں بلا کے ماہر ہیں کہ”مانگنے“ میں کوئی جھجھک ہی محسوس نہیں ہوتی،

بقیہ مضمون پڑھیئے یہاں کلِک کر کے

طویل المعیاد امریکی حکمتِ عملی

افغانستان میں امریکی موجودگی دراصل ایک طویل المعیاد امریکی فوجی حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کے تحت امریکہ اپنی دیرینہ معاشی اور حُکمرانی کے خواب پورا کرنا چاہتا ہے ۔ پڑھیئے ایک ہوشرُبا تجزیہ ۔ مندرجہ ذیل عنوانات پر دی ہوئی ترتیب سے باری باری کلِک کر کے
1 ۔ ذرخیز مشرق پر امریکی قبضہ کا منصوبہ
2 ۔ عزائم کی تکمیل میں امریکی خوش قسمتی ۔ پاکستان میں تابعدار فوجی آمر کی موجودگی
3 ۔ دراصل امریکہ طالبان کی مالی امداد کر رہا ہے
4 ۔ امریکہ کا منصوبہ طالبان کو فتح کرنا نہیں بلکہ اس سے بہت بڑا مقصد ہے

ہم جھوٹ کیوں بولتے ہیں ؟

کسی قوم کی اور کیا بدقسمتی ہو گی کہ اُس کے رہنما جھوٹ بولیں اور اس سے بڑھ کر یہ کہ قوم کے افراد اُسے قبول کر لیں یا کم از کم اُس پر اعتراض نہ کریں

تازہ ترین مثال یہ ہے کہ وزیرِ اعظم نے 18 مئی 2009ء کو کُل جماعتی اجلاس بُلایا ۔ اُس میں جو متفقہ قراردار منظور کی گئی اس میں کہیں ذکر نہیں کہ سب جماعتوں نے فوجی کاروائی کی حمائت کی ۔ اُلٹا فوجی کاروائی پر اعتراضات کئے گئے ۔ لیکن اجلاس کے بعد وزیرِ اطلاعات نے کمال ڈھٹائی کے ساتھ یہ بیان دیا کہ سب جماعتوں نے فوجی کاروائی کی حمائت کی ۔ اسی پر بس نہیں ۔ صدر صاحب نے سمجھا کہ وہ اپنا حق ادا نہیں کر سکے اور انہوں نے 19 مئی کو بیان داغ دیا کہ پوری قوم فوجی کاروائی کی حمائت کرتی ہے

اللہ کی مہربانی تو ہر صورت ہے ہی ۔ اس کے بعد شاید میرے بزرگوں اور اساتذہ کی تربیت کا نتیجہ ہے کہ جب سے مجھے یاد ہے سمجھ لیں 10 سال کی عمر سے جو بات مجھے سمجھ نہیں آئی یہ ہے کہ لوگ جھوٹ کیوں بولتے ہیں ؟ میرا اعتقاد ہے کہ جھوٹ کا بہت جلد عِلم ہو جاتا ہے کہ جھوٹ ہے

ایسا کیوں ؟

میں نے آج صبح متاءثرین کے متعلق ویب سائٹ کا ذکر کیا تھا جو صوبہ سرحد کی حکومت نے بنائی ہے ۔ اس کے بعد میں کھانے کی اشیاء کی ہفتہ وار خریداری کیلئے چلا گیا ۔ اب میں نے اس ویب سائٹ کا تفصیلی جائزہ لیا ہے تو بہت افسوس ہوا ہے کہ اے این پی والوں نے ایسے وقت میں بھی ذاتی کدورت سے خلاصی نہیں پائی ۔ الخدمت ویلفیئر سوسائٹی جو کہ اول روز سے متاءثرین کی خدمت کر رہی ہے اس کا نام اس ویب سائٹ پر کہیں نہیں ہے جبکہ ایم کیو ایم جس نے صرف ایک کیمپ میں تعلیم کے بندوبست کیلئے اپنا ایک آدھ آدمی یو این ایچ سی آر کے ساتھ لگا ہے اس کی خدمت فاؤنڈیشن کا نام موجود ہے ۔ صرف اس لئے کہ الخدمت ویلفیئر سوسائیٹی جماعتِ اسلامی کا ذیلی ادارہ ہے

احساسِ ذمہ داری

دورِ حاضر میں بڑی بڑی باتیں بڑے بڑے دعوے کئے جاتے ہیں مگر زمینی حقائق چُغلی کھا جاتے ہیں کہ یہ سب لاف بازی ہے ۔ ایک دور تھا جب حُکمران تقریروں کی بجائے اپنے عمل سے لوگوں کے دِلوں پر حُکمرانی کرتے تھے ۔ میں نے 17 مئی 2009ء کو جس کتاب کا ذکر کیا تھا ۔ اُس میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے کردار اور رسول اللہ سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم سے اُن کی عقیدت کے واقعات درج تھے ۔ اُن میں سے ایک واقع جو بہت کم منظرِ عام پر آیا ہو گا

نظام الملک طوسی جو سلجوقی سلطان جلال الدین ملک شاہ کے وزیراعظم تھے نہایت دیندار ۔ ذہین اور حکومتی انتظامات کے ماہر تھے ۔ انہوں نے حکومتی انتظامات پر ایک نہایت بیش قیمت کتاب ”سیاست نامہ“ کے نام سے ترتیب دی تھی اس میں اچھی حکومت کرنے کے اعلیٰ طریقے اور حکمران کو وہ تمام اعمال کرنے کی ہدایت جو اس کو عوام میں ہر دل عزیز کر دیں بیان کئے گئے ہیں ۔ اپنے اس سیاست نامہ میں نظام الملک طوسی نے کئی دلچسپ واقعات بیان کئے ہیں جو ایک طرح سے ہدایت ہیں ۔ لکھتے ہیں

کہاوت ہے کہ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ نے اپنے والد عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے بوقتِ وفات دریافت کیا کہ اب ان کی ملاقات ان سے کب اور کہاں ہو گی ۔ عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ اگلی دنیا میں تو عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ نے عرض کیا کہ وہ ان سے جلد ملاقات چاہتے ہیں ۔ عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ وہ ان کو خواب میں اسی رات یا دوسری رات کو یا تیسری رات کو ملنے آئیں گے لیکن بارہ سال تک عمر رضی اللہ عنہ بیٹے کے خواب میں نہیں آئے اور جب بارہ سال بعد آپ خواب میں تشریف لائے تو بیٹے نے شکایت کی کہ آپ نے تو فرمایا تھا کہ تین راتوں کے اندر اندر تشریف لائیں گے لیکن یہ تو بارہ سال سے زیادہ عرصہ ہو گیا ہے

عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ وہ بے حد مصروف تھے کیونکہ بغداد کے قرب میں ایک پل خستہ ہو گیا جو اُن کے زمانہ میں تعمیر ہوا تھا اور ذمہ دار لوگوں نے اس کی مرمت نہیں کی تھی ۔ ایک بکری کی اگلی ٹانگ ایک سوراخ میں پھنس کر ٹوٹ گئی تھی اور میں اس تمام عرصہ میں اس کی جواب دہی کرتا رہا ہوں

اس واقعے کا اخلاقی پہلو سب پر عیاں ہو جانا چاہیئے خواہ کارندے ہوں یا حُکمران یا عوام ۔ حقیقت یہ ہے کہ اس مملکت خداداد پاکستان میں ہر شخص اپنی مرضی کا مالک ہے نہ کسی کا احتساب ہوتا ہے اور نہ ہی کسی کو سزا دی جاتی ہے ۔ سب بھُولے بیٹھے ہیں کہ روزِ محشر جو حساب ہو گا اور بہت سخت ہو سکتا ہے