Category Archives: ذمہ دارياں

زندگی کی حقیقت

ہر کوئی اپنے دوست سے کہتا ہے “ہم ہمیشہ دوست رہیں گے”۔ یہ وعدہ کتنا دیرپا ہوتا ہے ؟ کبھی کسی نے سوچا ؟

ایک وقت دو بہت گہرے دوست ہوتے ہیں ۔ کچھ عرصہ بعد دوست ہوتے ہیں ۔ مزید کچھ عرصہ بعد صرف ملنا جُلنا رہ جاتا ہے اور پھر کبھی ملتے بھی نہیں

عام طور پر تو ایسے ہوتا ہے کہ اِدھر آمنا سامنا ختم ہوا ۔ اُدھر دوستی ہِرن ہو گئی جسے کہتے ہیں آنکھ اَوجھل پہاڑ اَوجھل

لیکن ہر شخص کو دوست کی ضرورت ہوتی ہے اور دوست کی مدد بھی درکار ہوتی ہے

دوستی کو اگر بے غرض اور مُخلص رکھ کر وقت اور جغرافیہ میں قید نہ کیا جائے تو دوستی کا ہمیشہ قائم رہنا ممکن ہو سکتا ہے ۔ دوست تو ہوتا ہی وہ ہے جو آڑے وقت کام آئے لیکن دوستی کی بنیاد غرض ہو تو پھر ایسا نہیں ہوتا

کبھی کبھی ایسے بے مروت شخص سے بھی واسطہ پڑتا ہے کہ آپ اُس کے آڑے وقت کام آئیں لیکن وہ آپ کا دوست نہ بنے اور بعض اوقات آپ کو زِک پہنچائے ۔ یہ تجربہ بھی ایک لحاظ سے اچھا ہوتا ہے کہ دوست پہچاننے میں مدد دیتا ہے

ہر شخص کی زندگی میں ایسا لمحہ آتا ہے کہ کوئی دوست نہ ہونے کا احساس اُس کیلئے کرخت اور بعض اوقات وبالِ جان بن جاتا ہے
صرف اتنا سوچنا کہ میرا دوست ہے انسان کو بڑی بڑی پریشانیوں سے بچا لیتا ہے یا راحت کا باعث ہوتا ہے

بے لوث بھلائی کیجئے کہ بُرے وقت میں کئی لوگوں کی حقیقی دوستی کا تصور انتہائی خوشگوار اثرات کا حامل ہوتا ہے

سورت ۔ 41 ۔ سُورة فُصِّلَت یا حٰم السَّجْدَہ ۔ آیات 34 و 35 ۔ ۔ ۔ اور نیکی اور بدی برابر نہیں ہو سکتے، اور برائی کو بہتر [طریقے] سے دور کیا کرو اس کے نتیجہ میں وہ شخص کہ تمہارے اور جس کے درمیان دشمنی تھی گویا وہ گرم جوش دوست ہو جائے گا ۔ اور یہ [خوبی] صرف اُنہی لوگوں کو عطا کی جاتی ہے جو صبر کرتے ہیں، اور یہ [توفیق] صرف اسی کو حاصل ہوتی ہے جو بڑے نصیب والا ہوتا ہے

گاہے گاہے باز خواں

میری تحریر “امریکا نے میری سالگرہ کیسے منائی” پر کچھ تبصرے آئے ہیں جو عصر حاضر کےجوانوں کے لئے غور طلب ہیں

پاکستان سے محمد سعد صاحب نے لکھا
بہرحال، پاکستان کے موجودہ حالات میں میں لوگوں سے اس بات پر زیادہ توجہ دینے کی گزارش کروں گا کہ جاپانیوں نے جس ہمت کے ساتھ اس تباہی کا ازالہ کیا، اس سے ہمیں بھی کچھ سیکھنا چاہيئے۔

ہسپانیہ سے جاوید گوندل صاحب نے لکھا
ویسے عجب اتفاق ہے جنگل کے اس قانون میں امریکہ کا نام ہمیشہ ہی سب سے اوپر رہا ہے ۔ اور امریکہ اپنے آپ کو اشرف اقوام اور انتہائی تہذیب یافتہ کہلوانے پہ بھی سب سے زیادہ زور دیتا ہے ۔ طرف تماشہ یہ ہے کہ یہ جانتے ہوئے بھی کہ جاپان ہتھیار پھینکنا چاہ رہا ہے اور اس بات کا ٹرومین کو علم تھا]کیونکہ جاپانیوں نے باقاعدہ طور پر ہتھیار پھینکے کا پیغام ٹرومین کو بھیجا تھا ۔ ٹرومین کو جوہری بم کی انسانیت سوز ہلاکت کا بھی علم تھا ۔ اس بم سے ہیروشیما پر پہلے حملے کے بعد پتہ چل گیا تھا کہ ایٹمی بم نے کس قدر تباہی مچائی ہے مگر اس کے باوجود ٹرومین نے تیسرے دن ناگا ساکی پہ اٹیمی بم حملے کا حکم دیا ۔ ایٹمی حملے میں جو مر جاتے ہیں وہ خوش قسمت ہوتے ہیں جو اس حملے میں زندہ رہ جاتے ہیں وہ مردوں سے برتر ہوتے ہیں اور مرنے کی التجائیں کرتے ہیں

امریکا سے ڈاکٹر وھاج الدین احمد صاحب نے لکھا
اگرچہ ٹرومن کا حکم تھا لیکن اتحادی فوجوں کے سب کمانڈر اس میں ملوث ہیں ۔ حیرت ہوتی ہے کہ اس اقدام کو تمام قومیں اچھا قرار دیتی ہیں اس لئے کہ اس کی وجہ سے جنگ عظیم کا خاتمہ ہوا ۔ مغربی اقوام کی دور اندیشی بھی ملاحظہ ہو کہ یورپ اور امریکہ سے اتنی دور یہ بم پھینکے گئے ۔ ابھی آپ نے عراق میں جو بم استعمال ہوئے ہیں کے متعلق ساری کہانیاں اور تصویریں نہیں دیکھیں اور یہ مہذب قومیں ہیں شاید کبھی ایسی تصویریں شائع کی جائیں گی جن سے معلوم ہوگا کہ عراق میں ایسی بیماریاں کہاں سے آئیں؟

مُشکل شرط

میری تحریر ” Software Piracy اور دین اسلام ” پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے کو ڈفر کہنے والے صاحب نے شرط عائد کی ہے جو عصر حاضر کےجوانوں کے لئے غور طلب ہے

“اگر یہاں‌ یہ شرط رکھ دی جائے کہ صرف وہ لوگ پائریسی کے خلاف بول سکتے ہیں جنہوں ‌نے کمپیوٹر اور دوسرے علوم پائریٹڈ سافٹ وئیر اور نقل شدہ کتابوں سے نہیں سیکھا تو شاید یہاں مکمل سکوت چھا جائے”

میں اس شرط کی کچھ اس طرح وضاہت کروں گا کہ جس نے خود نہ نام نہاد پائریٹڈ سافٹ ویئر استعمال کی ہو اور نہ اصل کے علاوہ کوئی کتاب پڑھی ہو اور نہ براہ راست اصل کتاب سے پڑھنے کی بجائے کسی اور کے تیار کردہ نوٹس [notes] سے پڑھائی کی ہو

سرکاری تابعداری یا غداری

حسرت موہانی صاحب نے کم از کم چھ سات دہائیاں قبل کہا تھا

خِرد کا نام جنُوں رکھ دیا ۔ جنُوں کا خِرد
جو چاہے آپ کا حسن کرشمہ ساز کرے

ليکن اُن کی وفات [1951ء] کے دو دہائیاں بعد “وفا” کے معنی “خودغرضی” اور سرکاری احکام کی پاسداری کو افسر کی تابعداری سمجھ کر ميرے ہموطنوں نے تنزل کی طرف جو دوڑ لگائی وہ تھمنے میں نہیں آ رہی ۔ دورِ حاضر میں قوم و مُلک کے مفاد کی جگہ ذاتی مفاد اور خود غرضی نے لے لی ہے ۔ وقت سے 8 سال قبل ریٹائرمنٹ مانگنے پر جو لوگ مجھے کہتے تھے کہ میں نے عقلمندی نہیں کی وہی کچھ سال بعد مجھے دُور اندیش بتانے اور کہنے لگے کہ “آپ بہت اچھے وقت چلے گئے تھے ۔ اب تو حال بہت خراب ہو گیا ہے”۔ میری ملازمت کے دوران جو حال تھا اُس کے فقط دو نمونے ملاحظہ ہوں

میں ستمبر 1988ء سے بطور سربراہ ایم آئی ایس [Management Information Systems] کام کر رہا تھا ۔ فروری 1991ء میں کچھ مال آرڈر کرنے کا ایک کیس ادارے کے چیئرمین صاحب کی طرف سے میرے پاس سفارش کیلئے آیا ۔ مطالع اور ماتحت عہدیداروں سے مشورہ کے بعد سودا ناقص ، مہنگا اور محکمہ کی ضروریات پوری نہ کرنے والا ہونے کی وجہ سے میں نے سفارش نہ کی اور کیس واپس چیئرمین صاحب کو بھيج دیا ۔ مارچ 1991ء میں والد صاحب کے شدید علیل ہونے کی وجہ سے میں نے اچانک چھٹی لے لی ۔ دو تین ہفتے بعد کسی کام سے دفتر گیا تو جس جنرل منیجر کو میں قائم مقام سربراہ بنا آیا تھا اُس نے بتايا کہ متذکرہ بالا کیس والا مال آرڈر ہو گيا ہے”۔ میں نے اُسے کہا “بغیر آپ کی سفارش کے ؟” تو کہنے لگے “کیس دوبارہ آیا تھا تو میں نے سفارش کر دی”۔ میں نے کہا “جو کچھ میں نے فائل پر لکھا تھا وہ آپ کا نظریہ بھی تھا پھر ناقص مال کی آپ نے سفارش کیوں کر دی ؟” وہ صاحب بولے “چیئرمین صاحب نے مجھے بُلا کر کہا کہ یہ کر دو تو میں نے کر دیا”۔ اس پر مجھے غُصہ آگیا اور میں نے کہا ” آپ پانچ وقت کی نماز پڑھتے ہیں ۔ کیا آپ کو نماز یہی سکھاتی ہے کہ آپ وطن یا ادارے کے لئے مُضر چیز کی سفارش کر دیں اور وہ بھی مہنگے داموں پر ؟” وہ صاحب بولے “بڑے افسر سے متفق نہ ہونا بہت مشکل کام ہے ۔ آپ کر لیتے ہیں ۔ آپ کی اور بات ہے”

میں نے پاکستان آرڈننس فیکٹریز میں یکم مئی 1963ء کو ملازمت شروع کی ۔ اگست 1966ء میں ایک پروجیکٹ کی منصوبہ بندی اور بالیدگی [planning & development] سے فارغ ہوتے ہی وسط 1966ء میں مجھے ایک اور پروجیکٹ دے دیا گیا ۔ میں دوسرے پروجیکٹ کی ابتدائی منصوبہ بندی کر چکا تھا کہ 10 اکتوبر 1966ء کو اچانک دوسری فیکٹری کے ایک بہت سینئر عہدیرار کو جو اعلٰی عہدیداروں کا منظورِ نظر تھا میرا باس [boss] بنا دیا گیا جبکہ اُسے متعلقہ کام کا کوئی تجربہ نہ تھا ۔ ہفتہ عشرہ بعد میں اپنے دفتر میں پراجیکٹ کی مفصل منصوبہ بندی میں منہمک تھا کہ وہ صاحب میرے سامنے والی کرسی پر آ کر بیٹھ گئے اور انگریزی میں گویا ہوئے “مسٹر بھوپال ۔ ملازمت میں وفاداری اہم حیثیت رکھتی ہے ۔ آپ کو باس کا وفا دار ہونا چاہیئے [Mr Bhopal! Loyalty to service is important. You should be loyal to your boss]”

میں نے آہستگی سے سر اُٹھا کر باس کی طرف دیکھتے ہوئے کہا “جی [Pardon!] ؟” باس بولے “میں کہتا ہوں تمہیں اپنے باس کا وفا دار ہونا چاہیئے [I say, you should be loyal to your boss]”۔ میری کیفیت ایسی تھی کہ بات مغز میں نہیں گھُسی ۔ میں نے لمحہ بھر اپنے ذہن کو مجتمع کیا ۔ پھر میرے پیارے اللہ نے میرے منہ سے بڑے پُر وقار طریقہ سے یہ الفاظ نکلوائے

“میں سب سے پہلے اپنے دین اسلام کا وفادار ہوں ۔ پھر اپنے وطن پاکستان کا وفادار ہوں ۔ پھر میں اس ادارے پاکستان آرڈننس فیکٹریز کا وفادار ہوں کہ میری روزی کا بندوبست اس میں ہے ۔ میرا خیال ہے کہ آپ بھی اسی میں شامل ہیں ۔ اگر نہیں تو میں معذرت خواہ ہوں[I am loyal first to my religion “Islam”, then to my country “Pakistan”, and then to this organization “Pakistan Ordnance Factories” that is the source of my livelihood, and I think that you are fully covered, if not, then I am sorry] ”
میرے باس میز پر مُکا مار کر بلند آواز میں بولے “نہیں ۔ سب سے پہلے تمہیں اپنے باس کا وفادار ہونا چاہیئے [No, you should first be loyal to your boss]”

میں نے ایک نظر اپنے باس کی طرف دیکھا اور اُردو میں مؤدبانہ کہا “کیا میں نے کوئی گُستاخی کی ہے یا ایسی کوئی بات آپ کے عِلم میں آئی ہے جس کے باعث آپ یہ کہہ رہے ہیں؟”
میرے باس اُٹھ کر چلے گئے اور میں اپنے کام میں مشغول ہو گیا

میرے کچھ ساتھیوں نے اسے میری بیوقوفی قرار دیا تھا لیکن جو کچھ میں نے اپنے باس سے کہا تھا اور جو میرا ہمیشہ اصول رہا وہ حکومت پاکستان کی ملازمت کے اُن دِنوں رائج قوانین کے عین مطابق تھا ۔ ان کے متعلق میں 14 مارچ 2009ء کو تحریر کر چکا ہوں ۔ یہ قوانین قائد اعظم کی 25 مارچ 1948ء کی سرکاری ملازمین کو ہدائت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بنائے گئے تھے

اُس دن کے بعد میرے باس کے ریٹائر ہونے [1981ء] تک میرے باس نے مجھے ہر طرح سے زِک پہنچانے میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی ۔ میرے باس کی مہربانیوں سے میری ترقی اسسٹنٹ ورکس منیجر سے ورکس منیجر ایک سال تا خیر کے ساتھ یکم جولائی 1969ء سے ہوئی جبکہ میں پونے تين سال سے قائم مقام ورکس منیجر کے طور پر کام کر رہا تھا ۔ شاید اور تاخیر ہوتی لیکن اتفاق سے میرے باس کا باس وہ شخص بن گیا تھا کہ ماضی میں جس کے ماتحت میں چھ ماہ کام کر چکا تھا ۔ اتفاق سے میری تعناتی لیبیا میں بطور “خبیر [Advisor]” ہو گئی جہاں میں مئی 1976ء سے مارچ 1983ء تک رہا ۔ میرے جانے کے بعد کچھ اعلٰی عہدیدار ملک سے باہر چلے جانے کی وجہ سے میرا متذکرہ باس ٹیکنیکل چیف بن گیا ۔ نتیجہ یہ ہوا کہ میرے لبیا ہونے کے دوران اِن صاحب کے 1981ء میں ریٹائر ہونے تک مجھ سے جونیئر 14 افسروں کو جنرل منیجر بنا دیا گیا اور پروموشن بورڈ میں میرے متعلق لکھا جاتا رہا کہ جب واپس آئے گا تو دیکھا جائے گا جو کہ قوانین کی صریح خلاف ورزی تھی اور کمال یہ کہ ہمارے ساتھ ایک اسسٹنٹ منیجر گیا تھا جو وہیں ہوتے ہوئے پہلے منیجر اور پھر جنرل منیجر بن گیا

میرے اُن باس کی ریٹائرمنٹ کے بعد اتفاق سے اُن کے بہترین دوست ٹیکنيکل چيف اور میرے باس بنے ۔ يہ دوسرے باس جب کسی کو ملتے تو لمبا چار لفظی سلام کرتے کہ جيسے اُن جيسا مُسلمان کوئی نہ ہو ۔ اوائل 1984ء میں جب میں پرنسپل ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹوٹ تھا نئے تعلیمی نصاب مرتب کر کے منظوری کیلئے دوسرے باس صاحب کے پاس لے گیا ۔ اُنہوں نے مجھ سے کہا تھا کہ کھیلوں کے 40 اور سوشل ورک کے 20 نمبر بھی شامل کروں ۔ اس طرح 1160 نمبر بنتے تھے ۔ میں نے 1200 پورے کرنے کیلئے 40 نمبر ایسے طالب علم کیلئے رکھ دیئے جو حافظِ قرآن اور قومی سطح کا قاری ہو ۔ دوسرے باس صاحب دیکھتے ہی بولے “ابھی سے ان کو مکّاری سِکھا دو”

قصہ کوتاہ ۔ متذکرہ حضرات کی پوری کوششوں کے باوجود گو تاخیر سے لیکن میری ترقی ہوتی رہی ۔ 1976ء کی بجائے 1981ء میں مجھے جنرل منیجر (گریڈ 19) بنایا گیا ۔ 1983ء کی بجائے 1987ء میں مجھے گریڈ 20 ملا اور 1988ء میں ایم آئی ایس کا سربراہ بنا دیا گیا ۔ ترقی میں تاخیر کے نتیجہ میں مالی پریشانی ہوتی رہی لیکن اللہ کی کرم نوازی رہی کہ روکھی سوکھی کھا کر چلتے رہے ۔ الحمدللہ ۔ اللہ نے ہمیشہ میرے دل کو مطمئن رکھا اور باوقار اور باعزت زندگی عطا کی اور سب سے بڑھ کر یہ کہ میرا ضمیر مجروح نہ ہوا ۔ میں 4 اگست 1992ء سے يعنی مقررہ وقت سے 7 سال قبل اپنی مرضی سے ريٹائر ہوا ۔ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کی کرم نوازی ہے کہ جب بھی میں پاکستان آرڈننس فيکٹریز جاتا ہوں تو لوگ مجھے بہت تپاک اور احترام سے ملتے ہیں

حَسۡبِیَ اللّٰہُ ۫٭ۖ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ھوَ ؕ عَلَیۡہِ تَوَکَّلۡتُ وَ ھوَ رَبُّ الۡعَرۡشِ الۡعَظِیۡمِ

ايک قاریہ کی فرمائش

پاکستان کے سب سے بڑے اور انواع و اقسام کے باسیوں والے شہر میں پَلی بڑھی اور رہائش پذیر ايک تعليم یافتہ قاریہ [جن سے تعارف میری تحریر اور شاید مجھ پر اُن کی تنقید سے ہوا تھا] نے میری ايک حالیہ تحریر پر تبصرہ کرنے کے بعد فرمائش کی ” فرمانبرداری کی تعریف ضروربتائیے گا”

ہرچند میں سمجھتا ہوں کہ محترمہ فرمانبرداری يا تابعداری کی تعریف خُوب جانتی ہیں ۔ محسوس یوں ہوتا ہے کہ میرا نظریہ جاننا چاہتی ہیں ۔ اگر میں اُنہی کی عمر کا ہوتا تو شاید کہتا کہ “میرا امتحان لے رہی ہیں”۔ لیکن میں نے ايسا کبھی نہیں کہا ۔ اپنا تو نظریہ ہے کہ ہماری وجہ سے کوئی خوش ہو جائے تو سمجھیئے کہ ایک لمحہ اچھا گذر گیا

محترمہ نے بتایا نہیں کہ مُدعا والدین کی فرمانبرداری ہے یا مجموعی فرمابرداری ۔ بہر کیف میں اسے والدین کے حوالہ سے ہی لوں گا کیونکہ میری جس تحریر پر تبصرہ کیا گیا وہ والدین کے بارے میں تھی ۔ ویسے بھی اپنے سے اعلٰی عہدیدار کی فرماں برداری کے متعلق ايک دو واقعات کو میں اپنی ڈائری سے بلاگ پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر چکا تھا ۔ یہ فرمائش نہ آتی تو آج اس جگہ وہی شائع ہوتا

میرے نزدیک والدین کی فرمانبرداری کا مطلب ہے

1 ۔ حُکم کی بجا آوری جس میں جُرم یا گناہ یعنی ظُلم یا خیانت یا منافقت وغیرہ کا ارتکاب نہ ہو
2 ۔ خدمت اپنے جائز وسائل کے اندر رہتے ہوئے یعنی نان و نفقہ ، لباس ، رہائش، وغیرہ مہیا کرنا
3 ۔ صحت کا خیال رکھنا اور اس کیلئے کوشش کرنا
4 ۔ مؤدبانہ طریقہ سے پیش آنا یا گفتگو کرنا
5 ۔ اگر غلط حُکم دیں تو ردِ عمل صرف خاموشی

اب ملاحظہ ہو اللہ کا حُکم ۔ متعلقہ آیات کئی ہیں لیکن میں صرف چار کا حوالہ دوں گا جن سے مطلب واضح ہو جاتا ہے

سورت ۔ 9 ۔ توبہ ۔ آیت ۔ 23 ۔ اے اہل ایمان ۔ اگر تمہارے [ماں] باپ اور [بہن] بھائی ایمان کے مقابل کفر کو پسند کریں تو اُن سے دوستی نہ رکھو ۔ اور جو اُن سے دوستی رکھیں گے وہ ظالم ہیں

سورت ۔ 17 ۔ بنی اسرآءيل ۔ آیت ۔ 23 و 24 ۔ اور تمہارے رب نے فيصلہ کر ديا ہے کہ اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور ماں باپ کے ساتھ بھلائی کرتے رہو ۔ اگر ان میں سے ایک یا دونوں تمہارے سامنے بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو اُن کو اُف تک نہ کہنا اور نہ انہیں جھڑکنا اور اُن سے بات ادب کے ساتھ کرنا 0 اور عجزو نیاز سے ان کے آگے جھُکے رہو اور ان کے حق میں دعا کرو کہ اے پروردگار جیسا انہوں نے مجھے بچپن میں [شفقت سے] پرورش کیا ہے تُو بھی اُن [کے حال] پر رحمت فرما

سورت ۔ 29 ۔ عنکبوت ۔ آیت ۔ 8 ۔ اور ہم نے انسان کو اس کے والدین سے نیک سلوک کا حکم دیا اور اگر وہ تجھ پر [یہ]کوشش کریں کہ تو میرے ساتھ اس چیز کو شریک ٹھہرائے جس کا تجھے کچھ بھی علم نہیں تو ان کی اطاعت مت کر ۔ میری ہی طرف تم [سب] کو پلٹنا ہے سو میں تمہیں ان [کاموں] سے آگاہ کردوں گا جو تم [دنیا میں] کیا کرتے تھے

غور طلب حُکم “اُف نہ کرنے” کا ہے ۔ اُف انسان کہتا ہے جب اُسے تکلیف پہنچتی ہے ۔ سو مطلب یہ ہوا کہ والدین سے اگر تکلیف بھی پہنچے تو بُرا نہ مناؤ

جواب دہ

بلا شبہ ہر انسان صرف اپنے عمل کیلئے “جواب دہ” ہے لیکن اس سے جو استعارہ دورِ حاضر میں میرے کئی ہموطن لے رہے ہیں اگر اسے کم علمی نہ مانا جائے تو خودسری پر دلالت کرتا ہے ۔ آجکل کسی شخص کو کوئی ایسا مشورہ دیا جائے جس کا تعلق انسانیت کے بنیادی اصولوں سے ہے تو بعض اوقات آگے سے جواب ملتا ہے “تم کون ہوتے ہو مجھے کہنے والے ؟ میں سب کچھ جانتا یا جانتی ہوں”۔ ایسا جواب دینے والے نے کبھی سوچا کہ وہ اس دنیا میں تنہا نہیں رہ رہا بلکہ وہ ایک معاشرے کا حصہ ہے اور اگر کسی معاشرے کا ہر فرد یہی نظریہ اختیار کرے تو کیا وہ معاشرہ کہلائے گا یا خودسر پودوں کا جنگل ؟

کوئی بھی اصول کچھ بنیادی اصولوں کا تابع ہوتا ہے جن میں سے سب سے اہم یہ ہے کہ کوئی انسان اس دنیا میں اکیلا ایک خول کے اندر رہنے کیلئے نہیں آیا بلکہ وہ ایک معاشرے کا حصہ ہے جسے قائم رکھنے کیلئے انسانیت کے بنیادی اصولوں پر عمل کرنا ہر فرد کا فرض ہے ۔ ان بنیادی اصولوں میں سب سے اہم حقوق ہیں ۔ حقوق کی ایک لمبی فہرست ہے لیکن سب حقوق کو اپنے اندر سمیٹنے والا حق ہے کہ کسی کی وجہ سے کسی دوسرے کو کوئی جسمانی یا ذہنی تکلیف نہ پہنچے ۔ وطنِ عزیز میں انسانی حقوق کے بڑے بڑے علمبردار بھی اس کسوَٹی پر شايد ہي پورا اُتریں

اپنے ذاتی کمرے یا گھر کے اندر کوئی بھی عمل کیا جائے اس کا تعلق صرف اس کمرے یا گھر کی چاردیواری کے اندر کے لوگوں سے ہوتا ہے گو وہاں پر بھی دوسروں کا کما حقہُ خیال رکھنا ہوتا ہے ۔ گھر کے اندر کے لوگ ایک دوسرے سے پوری طرح واقف ہونے اور جذباتی تعلقات کی بناء پر بہت کچھ برداشت کر لیتے ہیں اس لئے فساد کھڑا ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے لیکن بہت سے گھرانوں میں اس نوعیت کے فساد ہوتے رہتے ہیں ۔ مگر گھر سے باہر ہر قسم کے لوگ ہوتے ہیں اور سب کے حقوق برابر ہیں ۔ اسلئے گھر سے باہر اپنی کئی خواہشات کو مارنا ضروری ہو جاتا ہے

فرض کیجئے کہ جم جانے والے جوان گرمی کے باعث فیصلہ کرتے ہیں کہ وہ گھر سے جم جاتے آتے وقت صرف کچھا ۔ چڈی یا چھوٹا نیکر پہنیں اور راستے میں شاپنگ بھی اسی طرح کرتے آئیں یا گرمیوں میں بغیر پتلون کے گھومنا چاہیں تو اس نظریہ کے مطابق کہ “ہر آدمی صرف اپنے عمل کیلئے جواب دہ ہے اور دوسرے کو اسے ہدایت کرنے کا حق نہیں ہے” ان جوانوں کے عمل پر اعتراض نہیں کیا جا سکتا ۔ لیکن ایسا ممکن نہیں ۔ خاص کر عورتیں سب سے زیادہ احتجاج کریں گی گو کچھ عورتوں کی تفریح بھی ہو جائے گی ۔ انسانی حق کے تحت چونکہ اس فعل سے کسی دوسرے کو تکلیف پہنچتی ہے اسلئے ان جوانوں کو بغیر مناسب طریقے سے جسم ڈھانپے گھر سے باہر جانے کا حق نہیں ہے

اب اس کا اُلٹ دیکھتے ہیں ۔ جب کوئی عورت نیم عریاں یا ایسا لباس جس سے اس کے جسم کے خد و خال واضح ہوں پہن کر گھر سے باہر نکلتی ہے تو کچھ مرد اسے دیکھ کر وقتی خوشی حاصل کرتے ہیں لیکن مرد و عورت دونوں کی اکثریت اسے اچھا نہیں سمجھتی چنانچہ فعل سے عوام کی اکثریت کو تکلیف پہنچتی ہے اسلئے عورت کے لئے لازم ہے کہ وہ اپنے جسم کے خد و خال کی نمائش نہ کرے اور گھر سے باہر مناسب طریقہ سے جسم کے خد و خال ڈھانپ کر نکلے

ایک لمحہ کیلئے سوچئے کہ کوئی جوان مرد یا عورت ایسا لباس کیوں پہنتا ہے جس سے جسم کے خد و خال ظاہر ہوں یا جسم کے خوبصورت حصے نظر آئیں ؟ صرف اور صرف ایک ہی وجہ نظر آتی ہے کہ اُس مرد یا عورت کی خواہش ہے کہ لوگ اس کے جسم کی خوبصورتی سے متاءثر ہوں ۔ یہ برسرِ عام جسمانی نمائش کا ایک طریقہ ہے جو زمانہ قدیم سے چلا آ رہا ہے آجکل اسے آزادی کا نام دے دیا گیا ہے ۔ میں ہوائی مفروضوں کی بنیاد پر بات نہیں کر رہا ۔ بچپن سے میری عادت ہے کہ جب احساس ہو کہ اس علاقے میں جوان لڑکیاں یا عورتیں بھی ہیں تو نظیں نیچی رکھ کر چلتا ہوں ۔ پھر بھی کبھی کبھار سامنے دیکھنا پڑ جاتا ہے بالخصوص جب دوسرے شہر گیا ہوتا ہوں ۔ کئی بار لڑکی یا عورت پر نظر پڑتے ہی رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں

یہ تو مادی لحاظ سے انسانی حق کی بات تھی ۔ پاکستانیوں کی اکثریت مسلمان ہے ۔ مسلمان پر اللہ کے احکام ماننا فرض ہے اور فرض ادا نہ کرنے والا مجرم یا گناہگار ہوتا ہے ۔ خواہ وہ مرد ہو یا عورت

سورت ۔ 24 ۔ النور ۔ آیت ۔ 31 ۔ مومن مردوں سے کہہ دو کہ اپنی نظریں نیچی رکھا کریں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کیا کریں ۔ یہ ان کے لئے بڑی پاکیزگی کی بات ہے اور جو کام یہ کرتے ہیں اللہ ان سے خبردار ہے

سورت ۔ 24 ۔ النور ۔ آیت ۔ 31 ۔ اور مومن عورتوں سے کہہ دو کہ وہ اپنی نظریں بچا کر رکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں اور اپنا بناؤ سنگار نہ دکھائیں بجز اُس کے جو خود ظاہر ہو جائے ۔ اور اپنے سینوں پر اوڑھنیوں کے آنچل ڈالے رہیں اور وہ اپنا بناؤ سنگار نہ ظاہر کریں مگر ان لوگوں کے سامنے : خاوند ۔ باپ خوندوں کے باپ ۔ اپنے بیٹے ۔ خاوندوں کے بیٹے ۔ بھائی ۔ بھتیجے ۔ بھانجے ۔ اپنے میل جول کی عورتیں ۔ اپنے لونڈی غلام اور وہ جو عورتوں کی خواہش نہ رکھتے ہوں اور وہ لڑکے جو عورتوں کے پردے کی چیزوں سے واقف نہ ہوں ۔ اور اپنے پاؤں زمین پر مارتی ہوئی نہ چلا کریں کہ جو زینت انہوں نے چھپا رکھی ہو اس کا علم لوگوں کو ہو جائے

خیال رہے کہ عورتیں نزول قرآن سے قبل اوڑھنی یا چادر سر پر لیتی تھیں

بہترین دوست

دو گہرے دوست اکٹھے صحرا نوردی پر نکلے ۔ وہ ایک صحرا میں سے گذر رہے تھے ۔ سفر کی سختیوں نے چڑچڑا پن پیدا کر دیا تھا ۔ کسی بات پر بحث ہو گئی اور تکرار ہونے پر ایک نے دوسرے کو تھپڑ مار دیا ۔ تھپڑ کھانے والے نے ریت پر لکھا

“آج میرے دوست نے مجھے تھپڑ مارا”۔

چلتے چلتے وہ ایک نخلستان میں پہنچے ۔ دونوں مٹی سے اٹے ہوئے تھے ۔ اُنہوں نے پانی میں نہانے کا سوچا ۔ جس نے تھپڑ کھایا تھا وہ پہلے جھیل میں گھُسا اور دلدل میں دھنسنے لگا ۔ جس نے تھپڑ مارا تھا اُس نے آگے بڑھ کر اُس کا ہاتھ پکڑا اور اُسے دلدل سے نکلنے میں مدد کی ۔ دلدل سے باہر نکل کر وہ ایک پتھر پر کچھ کندہ کرنے لگ گیا ۔ دوسرا حیران ہو کر دیکھتا رہا ۔ جب وہ لکھ چکا تو اُس نے پوچھا کہ “جب میں نے تمہیں تھپڑ مارا تھا تو تم نے ایک منٹ میں ریت پر لکھ دیا تھا ۔ اب تم نے پتھر پر یہ لکھنے میں اتنی محنت کی ہے ۔ آج میرے دوست نے میری جان بچائی ؟”

تھپڑ کھانے اور دلدل میں پھنسنے والے نے جواب دیا “جب ہمیں کوئی تکلیف پہنچائے اُسے ریت پر لکھنا چاہیئے کہ جب ہوا چلے تو وہ مٹ جائے ۔ لیکن جب کوئی ہمارے ساتھ اچھائی کرے تو اسے پتھر پر کندہ کرنا چاہیئے کہ کبھی مِٹ نہ سکے”

Click on “Reality is Often Bitter” or write the following URL in browser and open http://iabhopal.wordpress.comto see that worship is only for one God as written in the Qur’aan and in the Bible