یومِ آزادی 14 اگست کیوں ؟

کیا آپ جانتے ہیں کہ ہم یوم آزادی پاکستان 14 اگست کو کیوں مناتے ہیں جبکہ بھارت میں 15 اگست کو منایا جاتا ہے؟

آزادی کی تاریخ کا جس مِیٹنگ میں اعلان کیا گیا تھا اُس میں ہی قائد اعظم محمد علی جناح صاحب نے اِستدلال پیش کیا کہ پاکستان کا نظریہ ہندوستان کے نظریہ سے بالکل مختلف ہے ۔ دیگر پاکستان کو ہندوستان میں سے علیحدہ کیا جا رہا ہے ۔ اس لئے پاکستان کا اعلان ہندوستان کی آزادی سے پہلے ہونا چاہیئے

قائد اعظم محمد علی جناح صاحب کی وکالت میں ساری دنیا میں مانی جاتی تھی ۔ عدالت میں اُن کے دلائل کے نتیجہ میں متعدد بار قانون تبدیل کرنا پڑا تھا

چنانچہ آزادی کے بارے میں دیئے گئے دلائل کے نتیجہ میں فیصلہ ہوا تھا کہ پاکستان بننے کا اعلان 14 اور 15 اگست 1947ء کی درمیانی رات کو 11 بج کر 57 منٹ پر کیا جائے گا اور ہندوستان کی آزادی کا اعلان اسی رات کے دوران 12 بج کر 5 منٹ پر کیا جائے گا

وہ منظر آج بھی میری نظروں کے سامنے گھومتا ہے کہ جب 14 اور 15 اگست 1947ء کی درمیانی رات اعلانِ آزادی ہونا تھا تو  بوڑھے ۔ جوان اور میرے جیسے بچے جاگتے رہے تھے ۔ ریڈیو  پر لاہور کا سٹیشن لگا لیا گیا تھا

رات کے عین 11 بج کر 57 منٹ پر آواز آئی

یہ ریڈیو پاکستان لاہور ہے

صرف ہمارا گھر ہی نہیں پورا محلہ ” نعرہءِ تکبیر ۔ الله اكبر اور پاکستان زندہ باد“ کے نعروں سے گونج اُٹھا تھا

یہ بھی بتا دوں کہ پہلے ریڈیو لاہور کا اناؤنسر کہا کرتا تھا ”یہ آل انڈیا ریڈیو لاہور ہے“۔

یہ تو آپ جانتے ہی ہوں گے کہ آزادی سے قبل ہندوستان میں سرکاری طور پر دن پچھلی رات 12 بجے کے بعد شروع ہوتا تھا اور ابھی تک بھارت اور پاکستان میں یہ طریقہ رائج ہے

چنانچہ 14 اگست کو پاکستان کا یومِ آزادی منانے کا فیصلہ جناب قائد اعظم محمد علی جناح صاحب کی ایماء پر حکومتِ برطانیہ نے ہندوستان کو آزادی دینے سے پہلے کیا تھا

This entry was posted in روز و شب on by .

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.