قبولیت اور رَد کی اہمیت

کِسی چیز کو قبول (accept) یا رَد (reject) کرنے سے قبل اُس کے متعلق مستنَد معلومات حاصل کرنا ضروری ہے ۔ عصرِ حاضر میں یہ رسم پڑ چکی ہے کہ ہر چیز کو ذاتی پسند یا ناپسند کی بنیاد پر قبول یا رَد کیا جاتا ہے
اِن شاء الله آج سے میں اپنے ایک مطالعہ (جو 1953ء میں شروع ہو کر 1964ء میں مکمل ہوا) کا خلاصہ 8 اقساط میں پیش کرنے کی کوشش کروں گا ۔ واضح رہے کہ میری اِن تحاریر کی بنیاد قرآن شریف ۔ حدیث مباركه اور جیّد مفسّرین اور مفکّرین کی تحاریر ہیں

رَبِّ اشْرَحْ لِی صَدْرِی وَيَسِّرْ لِی أَمْرِی وَاحْلُلْ عُقْدة مِنْ لِسَانِی يَفْقَھُوا قَوْلِی

سورت 33 الاحزاب ۔ آیت 40 ہے ۔ مَا كَانَ مُحَـمَّـدٌ اَبَآ اَحَدٍ مِّنْ رِّجَالِكُمْ وَلٰكِنْ رَّسُوْلَ اللّٰهِ وَ خَاتَمَ النَّـبِيّٖنَ ۭ وَكَانَ اللّٰهُ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيْمًا۔
ترجمہ ۔ (لوگو) محمدﷺ تمہارے مَردوں میں سے کسی کے باپ نہیں ہیں ، مگر وہ اللہ کے رسول اور خاتم النبیین ہیں ، اور اللہ ہر چیز کا علم رکھنے والا ہے

جہاں تک سیاق و سباق کا تعلق ہے وہ قطعی طور پر اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ یہاں

“خَاتَمَ النَّـبِيّٖنَ”

کے معنی ”سلسلۂ نبوّت کو ختم کر دینے والے“ ہی کے لئے جائیں اور یہ سمجھا جائے کہ حضورؐ کے بعد کوئی نبی آنے والا نہیں ہے ۔ صرف سیاق و سباق ہی نہیں لُغت بھی اِسی معنی کی مقتاضی ہے

خَتَمَ الْعَمَل کے معنی ہیں فَرَغَ مِنَ الْعَمَلِ، ’’کام سے فارغ ہو گیا ‘‘
خَتَمَ الْاِنَا ءَ کے معنی ہیں ’’برتن کا منہ بند کر دیا اور اس پر مُہر لگا دی تاکہ نہ کوئی چیز اس میں سے نکلے اور نہ کچھ اس کے اندر داخل ہو‘‘
خَتَمَ الْکِتَابَ کے معنی ہیں ’’ خط بند کر کے اس پر مُہر لگا دی تاکہ خط محفوظ ہو جائے ‘‘
خَتَمَ عَلَی الْقَلْبِ، ’’ دِل پر مُہر لگا دی کہ نہ کوئی بات اس کی سمجھ میں آئے، نہ پہلے سے جمی ہوئی کوئی بات اس میں سے نِکل سکے ‘‘
خِتَا مُ کُلِّ مَشْرُوبٍ، ’’ وہ مزا جو کسی چیز کو پینے کے بعد آخر میں محسوس ہوتا ہے ‘‘
خَا تمۃُ کُلِّ شَیئئٍ عاقبتہ واٰخرتہ، ہر چیز کے خاتمہ سے مراد ہے اس کی عاقبت اور آخرت ‘‘
خَتَمَ الشَّیْء، بلغ اٰخرہ، ’’کسی چیز کو ختم کرنے کا مطلب ہے اس کے آخر تک پہنچ جانا ۔ اِسی معنی میں ختم قرآن بولتے ہیں اور اسی معنی میں سورتوں کی آخری آیات کو خواتیم کہا جاتا ہے
خَا تَمُ الْقَوْمِ، اٰخر ھم، خاتم القوم سے مراد ہے قبیلے کا آخری آدمی
(ملاحظہ ہو لسان العرب ۔ قاموس اور قرب الموارد)۔

عربی لُغت کی صرف 3 کتابوں کا حوالہ دیا گیا لیکن بات اِنہی 3 کتابوں پر مُنحصِر نہیں ہے ۔ عربی زبان کی کوئی معتبر لُغت اُٹھا کر دیکھ لی جائے ۔ اس میں لفظ ”خاتم“ کی یہی تشریح ملے گی ۔ کچھ لوگ عربی لُغت سے ہٹ کر تعریفی زبان میں استعمال ہونے والے القابات کا سہارا لیتے ہیں جیسے ”خاتم الشعراء یا خاتم الفقہاء یا خاتم المفسّرین“ اور استدلال پیش کرتے ہیں کہ اِس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ اِس کے بعد کوئی شاعر یا فقیہ یا مفسّر پیدا نہیں ہوا بلکہ اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اس فن کے کمالات اُس شخص پر ختم ہو گئے ۔ قابلِ غور بات یہ ہے کہ ایسے القابات حقیقت نہیں ہوتے بلکہ مبالغے کے طور پر استعمال ہوتے ہیں
مزید کسی زبان میں یہ قاعدہ نہیں ہے کہ اگر کسی لفظ کو اس کے حقیقی معنی کے بجائے کبھی کبھار مجازاً کسی دوسرے معنی میں بولا جاتا ہو تو وہی معنی اس کے اصل معنی بن جائیں اور لغت کی رُو سے جو اس کے حقیقی معنی ہیں اُن میں اس کا استعمال ممنوع ہو جائے
کسی عرب کے سامنے کہا جائے ”جَاء خاتَم القوم“ تو وہ اس کا یہ مطلب ہر گز نہ لے گا کہ قبیلے کا فاضل و کامل آدمی آ گیا بلکہ اس کا مطلب وہ یہی لے گا کہ پورا قبیلہ آ گیا ہے حتیٰ کہ آخری آدمی جو رہ گیا تھا وہ بھی آ گیا
یہ بات بھی نگاہ میں رہنی چاہیئے کہ ”خاتم الشعراء ۔ خاتم الفقہاء اور خاتم المحدثین“ وغیرہ قسم کےالقابات جو بعض لوگوں کو دیئے گئے ان کے دینے والے انسان تھے اور انسان کبھی یہ نہیں جان سکتا کہ جس شخص کو وہ کسی صفت کے اعتبار سے خاتم کہہ رہا ہے اس کے بعد پھر کوئی اس صفت کا حامل پیدا نہیں ہو گا ۔ اسی وجہ سے انسانی کلام میں ان القابات کی حیثیت مبالغے اور اعترافِ کمال سے زیادہ کچھ ہو ہی نہیں سکتی
لیکن جب اللہ تعالیٰ کسی شخص کے متعلق یہ کہہ دے کہ فلاں صفت اُس پر ختم ہو گئی تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اسے بھی انسانی کلام کی طرح مجازی کلام سمجھ لیں ۔ اللہ نے اگر کسی کو خاتم الشعراء کہہ دیا ہوتا تو یقیناً اس کے بعد کوئی شاعر نہیں ہو سکتا تھا۔ اور اس نے جسے ”خَاتَمَ النَّـبِيّٖنَ“ کہہ دیا ۔ اس کے بعد کوئی نبی ہو نا ممکن نہیں ہے ۔ اس لئے کہ اللہ عالِم الغَیب ہے اور کوئی انسان عالِم الغَیب نہیں ہے ۔ اللہ کا کسی کو ”خَاتَمَ النَّـبِيّٖنَ“ کہنا اور انسانوں کا کسی کو ”خاتم الشعراء اور خاتم الفقہاء“ وغیرہ کہہ دینا ایک درجہ میں کیسے ہو سکتا ہے؟

اِس بنا پر تمام اہلِ لُغت اور اہلِ تَفِسیر نے بالاِتفاق ” خَاتَمَ النَّـبِيّٖنَ“ کے معنی ”آخر النَّـبِيّٖنَ“ کے لئے ہیں

خیال رہے کہ عربی لُغت و محاورے کی رُو سے خاتم کے معنیٰ ڈاک خانے کی مُہر کے نہیں ہیں جسے لگا لگا کر خطوط جاری کئے جاتے ہیں البتہ اس سے مُراد وہ مُہر ہو سکتی ہے جو لفافہ بند کر کے پر اس لئے لگائی جاتی ہے کہ نہ اس کے اندر سے کوئی چیز باہر نکلے نہ باہر کی کوئی چیز اندر جائے

This entry was posted in دین, ذمہ دارياں, روز و شب, طور طريقہ, معاشرہ, معلومات on by .

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

4 thoughts on “قبولیت اور رَد کی اہمیت

  1. Pingback: قبولیت اور رَد کی اہمیت | ღ کچھ دل سے ღ

  2. Wahaj Ahmad

    Not criticising but since you have made so good description (and very rightly so) about this all important word I would have liked you to say something about Khaatim also along with khaatam
    Your presentation and research in those days was so very essential for every Muslim to understand

  3. افتخار اجمل بھوپال Post author

    بھائی وھاج الدین احمد صاحب
    آپ نے درست نقطہ بیان کیا ہے ۔ یہ میرے عِلم میں تھا۔ میں نے 2 وجوہ کی بناء پر اِسے نہیں چھیڑا ۔ ایک ۔ تحریر کو بہت مختصر رکھنے کیلئے ۔ دو ۔ تحریر کو قرآن شریف ۔ حدیث اور صحابہ کرام ۔ تابعین اور ظبع تابین کی رائے سے ترتیب دینے کیلئے ۔ خاتَم اور خاتِم کا نقطہ بہت بعد میں بیان کیا گیا
    اِس سلسلہ کی پہترین مُختصر کتاب ۔
    ابو الاعلیٰ مودودی صاحب کی کیاب ”ختم نبوت اور مسیح موعود“ ہے جو انترنیٹ پر موجود ہے ۔ اُس کا ربط حاضر ہے
    http://kitaben.urdulibrary.org/Pages/KhatmNabuwwat.html

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.