السلام علیکم
آپ کا مضمون ”بے جڑ کا درخت“ پڑھ کر اظہارِ خیال شروع کیا تو بہت طویل ہو گیا ۔ اسلئے اسے اپنے بلاگ پر شائع کرنے کا سوچا ۔ اس سلسلہ میں آپ سے معذرت کا خواستگار ہوں ۔ میں نے اس موضوع کا مطالعہ 1955ء میں شروع کیا تھا جب جمعہ کے خطبہ کے دوران راولپنڈی کے ایک مشہور خطیب کے ایک فقرے نے میرے ذہن کو پریشان کر دیا تھا
دراصل اس سارے فساد کی جڑ حکمران بھی ہیں ۔ حکومت کی مشینری بھی ہے اور عوام بھی ۔ ابتداء یوں ہوئی کہ قائد اعظم کی وفات اور لیاقت علی خان کی شہادت کے بعد غلامانہ ذہنیت کے لوگ جو دین بیزار بھی تھے حکمران بننے میں کامیاب ہو گئے اور اُنہوں نے پاکستان کا آئین جو 1953ء میں مرتب کیا گیا تھا منظور نہ ہونے دیا جس کیلئے 1953ء میں حکومت توڑ دی گئی اور 1954ء میں اسمبلی کو بھی چلتا کیا
ایوب خان اچھا مسلمان نہ تھا لیکن اسلام دشمن بھی نہ تھا ۔ اُس نے اوقاف حکومت کے اختیار میں لانے کے بعد مساجد کو بھی سرکاری تحویل میں لانے کی کوشش کی تھی جسے اُن عوام نے جن کا زور ہمیشہ سے ہمارے ملک میں چل رہا ہے ناکام بنا دیا تھا
ضیاء الحق نے بلا شُبہ غلطیاں کی ہیں ۔ البتہ مُلک میں دینیات کی درست تعلیم کا بندوبست کرنے کیلئے حُکم دیا تھا کہ سکولوں میں دینیات کے اساتذہ منظور شدہ مدرسوں سے کم از کم ایک سال کا کورس کر چکے ہوں ۔ پہلے 500 مدرس بھرتی کرنے کیلئے پاکستان کی مساجد کے اماموں کے کوائف اکٹھے کئے گئے تو معلوم ہوا کہ ایک سال کے کورس والے خال خال ہی ہیں ۔ اگر 6 ماہ اور 3 ماہ کے کورس والے بھی شامل کر لئے جائین تو کُل 287 بنتے ہیں ۔
میں نے مختلف علاقوں میں جا کر سوال کیا کہ مدرسوں سے اتنے سارے لوگ جو تعلیم پاتے ہیں وہ کہاں جاتے ہیں ؟ معلوم ہوا کہ ایک تو معاوضہ بہت کم ہے دوسرے اللہ کی غلامی کرنے کی بجائے کچھ انسانوں کی غلامی کرنا پڑتی ہے ۔ بطور نمونہ ۔ آج سے 15 سال قبل میں نے معلوم کیا تھا تو بتایا گیا کہ مرکزی جامع مسجد اسلام باد المعروف لال مسجد کے امام کو پے سکیل 12 کی تنخواہ دی جاتی تھی اور ہمارے محلہ (ایف۔8 ) کی مسجد کے امام کا پے سکیل 9 تھا
1973ء کے آئین میں اسلامی نظریاتی کونسل بنائی گئی جو صرف مشورہ دے سکتی ہے ۔ اس پر طُرّہ یہ کہ اس میں متنازعہ لوگ تعینات کئے جاتے رہے ہیں ۔ آجکل کی صورتِ حال یا دہشتگردی کا ملبہ سارا ضیاء الحق پر ڈالا جاتا ہے ۔ درست ہے کہ ضیاء الحق سیاسی لحاظ سے ملک کو نقصان پہنچنے کا سبب بنا لیکن وہ تو 1988ء میں مر گیا تھا ۔ موجودہ حالات کے ذمہ داروں کی تربیت اور بالیدگی 1994ء میں ہوئی جب مُلا عمر اپنے کچھ طالبعلموں کے ساتھ ایک ماں کی فریاد پر اُٹھ کھڑا ہوا جس نے مسجد میں آ کر واویلا کیا تھا ”میں تمہارے دین اور تمہارے اللہ کو کیا کروں ۔ میری جوان بیٹیاں دن دیہاڑے اُٹھا کر لے گئے ہیں ؟“ ہوتے ہوتے بہت سے ستم رسیدہ افغان اُس کے ساتھ مل گئے اور بغیر جنگ کے مُلا عمر آدھے افغانستان پر چھا گیا ۔ انہیں لوگوں نے طالبان کا نام دیا حالانکہ وہ سب طالبان نہ تھے
اُس وقت پاکستان کے حکمرانوں کو نامعلوم کیا سوجھی تھی کہ اُس وقت کے وزیرِ داخلہ جو پشاور کے رہائشی تھے اور میجر جنرل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے نے تحریک طالبان پاکستان ترتیب دی اور ان لوگوں کی عسکری تربیت کا بندوبست بھی کیا
مزید یہ کہ جس ملک کے پڑھے لکھے لوگ اَن پڑھوں سے زیادہ خود پسند اور انتہاء پسند ہوں وہاں اس سے بہتر کیا توقع کی جا سکتی ہے ؟
آج کے سب مسائل کا حل صرف ایک ہے کہ ہر شخص دوسرے کو بُرا کہنے کی بجائے اپنے گریبان میں اچھی طرح دیکھے ۔ جتنے عیب اُسے چمٹ چکے ہیں اُن سے چھٹکارہ حاصل کرے اور فیصلہ کر لے کہ
آئیندہ کبھی جھوٹ نہیں بولوں گا
سُنی بات کسی اور سے بیان کرنے سے پہلے تصدیق کروں گا کہ کیا وہ سچ ہے ۔ اس پرکھ کے بعد بھی اُس صورت میں کسی دوسرے سے بیان کروں کہ اس سے معاشرے کو فائدہ پہنچے گا ورنہ اپنا منہ بند رکھوں گا
در اصل اس معاملے کو ہر ایک اپنی عینک سے دیکھ کر عینک کے شیشے کے رنگ کے مطابق فیصلہ دیتا ہے۔
جتنے مُنہ اتنی باتیں کے مصداق میں بھی رائے دینے کا مرتکب ہو رہا ہوں مگر مجھے جب ایک کینیڈین ویب سائٹ پر یہ پڑھنے کو ملا کہ اگر روس ۱۹۷۹ میں افغانستان میں داخل نہ ہوتا تو پاکستانی حمایت یافتہ مجاہدین ۱۹۸۰ کی دہائی کے شروع میں ہی کابل پر قابض ہوجاتے تو میں حیران ہوا۔
میرے ایک دو جاننے والے ہیں جو افغانستان سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے والدین کسی نہ کسی طرح اس کانفلکٹ سے تعلق رکھتے تھے۔ انھوں نے تصدیق کی کہ ذوالفقار علی بھٹو نے افغانیوں کی تربیت مذہبی بنیادوں پر کی۔ ان کو قلعہ بالا حصار میں تیار کیا گیا۔ ۱۹۷۳ میں یہ کام شروع ہوا اور ۱۹۷۵ میں اسلام پسندوں نے ایک عدد بغاوت کی جو ناکام ہوئی۔ پاکستان میں افغان مہاجرین کا سب سے پہلا ریلا ۱۹۷۵ میں آیا تھا۔
چار سال بعد روس افغانستان میں داخل ہوا۔ ایک عدد سپر پاور کو جب آپ اس حد تک قدم اٹھانے پر مجبور کر دیتے ہیں تو پھر آپ کو مدد کے لئے کسی اور کی طرف دیکھنا ہوتا ہے۔
جنرل ضیا ء کو جو پالیسی ملی، اس نے حالات کی وجہ سے اس کو جاری رکھا۔
اگر جنرل ضیاء اس پالیسی پر عمل کی وجہ سے مطعون قرار پا سکتا ہے تو اس پالیسی کا بانی کیوں نہیں۔ ۱۹۹۴۰۹۵ میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے وزیر داخلہ ، جن کا ذکر آپ نے کیا ، طالبان کو آرگنائز کرنے میں براہ راست ملوث تھے۔
جنرل ضیاء کو گالیاں کیوں؟
جنرل ضیا ء کو گالیاں ایک خاص طبقہ شوق سے دیتا ہے اور وہ اپنے نظریئے کے خلاف کچھ سننے کو تیار نہیں۔ چنانچہ آج کل فیشن ہے، ہر ایرا غیرا نتھو خیرا جس کو کچھ علم نہیں اٹھتا ہے اور ضیاء مرحوم کو تختہ ء مشق بنا لیتا ہے۔
ایسا نہیں کہ جنرل ضیا ء ایک فرشتہ تھا، مگر عدل کا تقاضا ہے کہ آپ اس کو اس بات کا الزام نہ دیں جس کا ارتکاب اس نے کیا ہی نہ ہو۔
باقی آپ اپنا نظریہ قائم کرنے میں آزاد ہیں۔
ہمارے ملک میں اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے اس کے لئے ہم سب، یا ہمارے آباء ذمہ دار ہیں۔ اتنی زیادہ خرابی صرف ایک شخص کے اقدامات کا نتیجہ نہیں ہو سکتی۔
منیر عباسی صاحب
آپ کی عینک کے شیشے اور اُن کا رنگ دونوں اصلی معلوم ہوتے ہیں ۔ آپ نے درست لکھا ہے کہ ” اتنی زیادہ خرابی صرف ایک شخص کے اقدامات کا نتیجہ نہیں ہو سکتی۔ہمارے ملک میں اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے اس کے لئے ہم سب، یا ہمارے آباء ذمہ دار ہیں“۔
کنیڈین اور دو افغانیوں نے درست کہا ۔ معمولی سی ترمیم کی میں جسارت کروں گا ۔ ذوالفقار علی بھٹو نے اسلام کے نام پر جو مجاہدین تیار کئے تھے وہ ان جیسے تھے جنہوں نے آرمی پبلک سکول میں بچوں کا بہیمانہ قتل کیا ہے ۔ گو دکھایا یہی گیا تھا کہ بھٹو اشتراکیت کا حامی اور امریکہ کا دشمن ہے لیکن تھا اس کا اُلٹ ۔ محمد داؤد خان کمیونسٹ نہیں تھا اور ظاہر شاہ امریکہ اور برطانیہ کی مدد سے افغانستان کا بادشاہ بنا تھا اور یو ایس ایس آر بھی اس کے خلاف نہیں تھا ۔ افغانستان میں باقی مسلم ممالک کی طرح امریکی اور اور سوویئٹ خفیہ ایجنسیاں کام کرتی رہتی تھیں اور اب بھی کرتی ہیں ۔ فرق صرف یہ ہے کہ کسی جگہ امریکہ کا پلّہ بھاری ہے کسی جگہ روس کا ۔ آپ نے درست کہا ہے کہ ”ہر ایرا غیرا نتھو خیرا جس کو کچھ علم نہیں اٹھتا ہے”
میں افغانوں کی تاریخ کا خلاصہ لکھ چکا ہوں جسے آپ یہاں پڑھ سکتے ہیں
https://theajmals.com/blog/2011/05/14/
آپ کی بات کا تعلق اس کی تیسری قسط سے ہے ۔ میں نے اس میں جان بوجھ کر بھٹو کا ذکر نہیں کیا تھا ۔ مشرقی پاکستان کی علیحدگی اور مسئلہ کشمیر کو ڈبونے والا بھی ذوالفقار علی بھٹو تھا
ضیاء الحق کو اس لئے رگڑا جاتا ہے کہ پی پی پی کی اصلیت ظاہر نہ ہو جائے ۔ بینظیر بھٹو اور آصف زرداری کس کی مدد سے حکومت میں آئے اور ضیاء الحق اور شہیدِ ملت لیاقت علی خان کو کس نے ہلاک کروایا ؟ سب کا جواب ایک ہے ” امریکہ“
Pingback: دہشتگردی کا ذمہ دار کون ؟ | میں کیا ہوں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ What Am I