ميری بيگم کی طبيعت چند دن کچھ سنبھی تو روبصحت ہونے کی اُميد بندھی تھی ۔ بُدھ بتاريخ 17 اگست 2011ء طبعيت پھر زيادہ خراب ہونا شروع ہوئی اور جمعرات کی صبح بہت زيادہ خراب ہو گئی ۔ ساڑھے 9 بجے بمُشکل کار ميں ڈالا اور ہسپتال کی طرف بھاگا جہاں 10 بجے آئی سی يو ميں داخل کر کے ہارٹ اور بلڈ پريشر مَونيٹر اور آکسيجن لگا دی گئی ۔ بيٹی کو ٹيليفون پر اطلاع دی ۔ وہ دفتر سے چھٹی کر کے پہنچ گئی
ہسپتال ميں مختلف دوائياں ڈرِپ کے ذريعہ دی جانے لگيں مُختلف ٹيسٹ کئے گئے ۔ 4 بجے بعد دوپہر ڈاکٹر سے اجازت لے کر واپس گھر لوٹے ۔ 8 ہفتوں ميں يہ چھٹی بار تھی جن ميں سے ايک بار 50 گھنٹے ہسپتال ميں رہی تھيں ۔ آئی سی يو ميں 1500 روپے فی گھنٹہ کے ساتھ ڈاکٹر کے ہر پھيرے کا 1000 روپيہ ۔ دوائيوں اور ٹيسٹوں کا خرچ الگ ہونے کی وجہ سے جب طبيعت کچھ سنبھل جائے تو ڈاکٹر گھر جانے کی اجازت دے ديتے ہيں
اس بار خيال کيا گيا کہ شايد دوائيوں کا ردِ عمل ہوا ہے جو 6 اگست کو پرانی بند کر کے نئی دی گئی تھيں چنانچہ وہ دوائياں بند کر کے کچھ نئی تجويز کی گئی ہيں ۔ ہميں پرائيويٹ ہسپتال ميں اسلئے جانا پڑ رہا ہے کہ سرکاری ہسپتال ميں اتنے زيادہ مريض ہوتے ہيں کہ علاج ميں تاخير کے سبب مريض کی حالت قابو سے باہر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے ۔ اللہ سب پر اپنا کرم کرے
ميں نے بيگم کے يومِ پيدائش پر دعا کی درخواست کی تھی اور اللہ کی مہربانی سے بہت سے قارئين نے نيک دعاؤں سے نواز کر مجھے احسانمند کيا تھا
گھر ميں رونق
جمعہ 19 اگست 2011ء کو ميرا چھوٹا بيٹا ” فوزی ” مع ميری چھوٹی بہو بيٹی اور ميرے پيارے پوتے ” ابراھيم ” کے صبح سويرے دبئی سے اسلام آباد ہمارے پاس پہنچ گئے اور اِن شااللہ عيدالفطر کے بعد واپس جائيں گے ۔ ماشاء اللہ گھر ميں بہت رونق ہو گئی ہے
ابراھيم اپنے دادا ۔ دادی اور پھوپھو کے پاس آ کر بہت خوش ہے ۔ ابراھيم کی عمر 2 سال 3 ہفتے ہے اور کوئی کوئی لفظ بولتا ہے مگر دادا ۔ دادو ۔ پھوپھو ۔ نانا ۔ نانی ۔ ماموں اُس نے بہت جلد سيکھ ليا تھا ۔ ماشاء اللہ خوش مزاج بچہ ہے ۔ سب کا دوست ۔ مگر دادا کے ساتھ دوستی کچھ زيادہ ہے ۔ مجھے اِدھر اُدھر ہونے نہيں ديتا ۔ يہ فجر کی نماز کے بعد کا وقت ہے اور ابراھيم سويا ہوا ہے ورنہ ميں يہ لکھ نہ سکتا
بيگم اس متواتر سمجھ ميں نہ آنے والی بيماری اور پے در پے شديد حملوں کی وجہ سے بہت کمزور ہو چکی ہيں ۔ اُميد ہے کہ پوتے کی موجودگی اور پوتے کے دادی سے پيار کے نتيجہ ميں بيگم کی صحت پر اچھا اثر پڑے گا ۔ اللہ اپنا کرم فرماتے ہوئے انہيں جلد مکمل شفا اور تندرستی عطا فرمائے آمين