Monthly Archives: July 2011

سچی محبت ۔ نہ جسمانی نہ رُومانی

سچی محبت نہ جسمانی ہوتی ہے نہ رومانی
سچی محبت جو تھا جو ہے جو ہو گا اور جو نہيں ہو گا سب کی قبوليت ہے
ضروری نہيں کہ خوشيوں سے سرشار لوگوں کو ہر اچھی چيز ملے بلکہ وہ جو اُنہيں مل جائے وہ اسی ميں اچھائی تلاش کر ليتے ہيں

ايک بڑے ہسپتال کی ايمرجنسی استقباليہ ميں کام کرنے والا ڈاکٹر لکھتا ہے

وہ بہت مصروف صبح تھی کہ ساڑھے آٹھ بجے کے قريب ايک بوڑھا شخص جو 80 سال کا ہو گا اپنے انگوٹھے کے ٹانکے نکلوانے کيلئے آيا ۔ اُسے 9 بجے کا وقت ديا گيا تھا مگر وہ جلدی ميں تھا کہ اُسے 9 بجے کسی اور جگہ پہنچنا ہے ۔ ميں نے اہم معلومات لے ليں اور اُسے بيٹھنے کيلئے کہا کيونکہ اس کی باری آنے ميں ايک گھنٹہ سے زيادہ لگ جانے کا اندازہ تھا ۔ ميں نے ديکھا کہ وہ بار بار گھڑی پر نظر ڈال رہا ہے اور پريشان لگتا ہے ۔ اس بزرگ کی پريشانی کا خيال کرتے ہوئے ميں نے خود اس کے زخم کا معائنہ کيا تو زخم مندمل ہوا ديکھ کر ميں نے ايک ڈاکٹر سے مطلوبہ سامان لے کر خود اس کے ٹانکے نکال کر پٹی کر دی

ميں نے اسی اثناء ميں بزرگ سے پوچھا کہ “کيا اُسے کسی اور ڈاکٹر نے 9 بجے کا وقت ديا ہوا ہے کہ وہ اتنی جلدی ميں ہے ؟”
وہ بولا کہ اُس نے ايک نرسنگ ہوم جانا ہے جہاں اُس نے 9 بجے اپنی بيوی کے ساتھ ناشتہ کرنا ہے
اس پر ميں نے بزرگ کی بيوی کی صحت کے بارے ميں پوچھا تو بزرگ نے بتايا کہ اس کی بيوی الزائمر بيماری کا شکار ہونے کے بعد کچھ عرصہ سے نرسنگ ہوم ميں ہے
ميں نے پوچھا کہ “اگر وہ وقت پر نہ پہنچے تو اس کی بيوی ناراض ہو گی ؟”
اُس بزرگ نے جواب ديا کہ “وہ تو پچھلے 5 سال سے مجھے پہچانتی بھی نہيں ہے”

ميں نے حيران ہو کر پوچھا “اور آپ اس کے باوجود ہر صبح اپنی بيوی کے ساتھ ناشتہ کرتے ہيں ؟ حالانکہ وہ پہچانتی بھی نہيں کہ آپ کون ہيں”
بزرگ نے مسکرا کر کہا “درست کہ وہ مجھے نہيں جانتی مگر ميں تو اُسے جانتا ہوں کہ وہ کون ہے”

يہ سن کر ميں نے بڑی مشکل سے اپنے آنسو روکے گو ميرا کليجہ منہ کو آ رہا تھا ۔ ميں نے سوچا “يہ ہے محبت جو ہر انسان کو چاہيئے”

ميرا دارالمطالعہ

اللہ کی بہت کرم نوازی ہے کہ ميں زندگی کی 7 دہائياں گذار چکا ہوں جن ميں 7 جان ليوا واقعات کے بعد بھی اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے زندہ بقائمی ہوش و ہواس رکھا ۔ ايک بار تو موت کا اعلان بھی کر ديا گيا تھا اور مزيد 3 بار متعلقہ ہسپتالوں کے بہترين ڈاکٹروں کے مطابق بچنے کی کوئی اُميد نہ تھی ۔ پچھلی 2 دہائياں يہی سوچتے گذريں کہ اب گيا اور اب گيا ليکن ابھی تک زندہ ہوں مگر کب تک ؟

ميں نے 7 سال قبل بلاگ لکھنا شروع کيا ۔ پھر 6 سال سے زائد قبل پہلے بلاگ کو انگريزی کيلئے مُختص کر کے يہ اُردو کا بلاگ عليحدہ بنايا ۔ ان بلاگز کی وجہ سے صرف چند لوگ ہيں جو مجھے سمجھ سکے ۔ باقی کچھ اپنی دريا دِلی کی وجہ سے عالِم سمجھنے لگے ہيں [يہ اُن کی ذرّہ نوازی ہے] ۔ چند نے مجھے انتہاء پسند کا سُرخا لگا ديا ہے ۔ ايک آدھ ايسے بھی ہيں جو مجھ ميں اور دہشتگرد ميں کوئی فرق نہيں سمجھتے ۔ سوچا کہ اپنی ذات پر سے پردہ سرکانا شروع کيا جائے تاکہ عقل و فہم والے قاری مجھے درست طريقہ سے پہچان سکيں ۔ اللہ نے مُہلت دی تو تھوڑا تھوڑا کر کے اپنے آپ کو بے نقاب کرنے کی سعی ہو گی ۔ عِلم کی فوقيت ہے اور اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کے کرم و فضل کے بعد عِلم ہی ہے جس نے مجھے آج تک عزت دے رکھی ہے ۔ اسلئے پہلے ميرا دارالمطالعہ جو ہمارے مکان کی دوسری منزل ميں ہے اور جس ميں بيٹھے رہنے پر ميری بيگم کبھی کبھی کہہ ديتيں ہيں “اُسی سے شادی کی ہوئی ہے آپ نے”
:lol:
يہ دارالمطالعہ ميری آدھی صدی پر محيط کاوشوں کا نتيجہ ہے ۔ اس دارالمطالعہ کی رونق ميں سے دو تين درجن کُتب تو کبھی مانگ کر اور کبھی بغير مانگے غائب ہوئيں ۔ پھر 3 سال قبل 45 جلديں ميری اجازت سے ميرا بڑا بيٹا زکريا اپنے ساتھ امريکا لے گيا ۔ اب ميرے پاس چھوٹی بڑی ملا کر 600 کے لگ بھگ جلديں موجود ہيں ۔ اِن ميں چيدہ چيدہ کُتب ہيں ۔ قرآن الحکيم کے مختلف اُردو يا انگريزی تراجم اور تفاسير ۔ مجموعات حديث ۔ سيرت النبی ۔ کتاب الفقہ ۔ مجموعات فتاوٰی ۔ دائرہ معارف الاسلاميہ [Encyclopedia of Islam]۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے خطوط و تقارير اور ان کے متعلق لکھی گئی اہم کُتب ۔ علامہ اقبال کی اور ان پر لکھی گئی تحارير ۔ معروف شعراء کا کلام ۔ اَينساکلوپيڈيا بريٹينکا [Encyclopedia Britanica]۔ دی سوشل سائنس اَينساکلوپيڈيا [The Social Science Encyclopedia]۔ ڈکشنرياں [اُردو اُردو ۔ انگريزی اُردو ۔ انگريزی انگريزی ۔ انگريزی جرمن ۔ انگريزی عربی] ۔ نفسيات ۔ منيجمنٹ ۔ انجنيئرنگ ۔ سائنس اور تاريخ پر کُتب ۔ کردار سازی کے سلسلہ کی معروف کُتب ۔ ناول اور کہانياں پڑھے مگر محفوظ نہيں رکھے ۔ اغواء ہونے والی کُتب ميں جو مجھے نہيں بھُولتيں وہ يہ ہيں جن ميں سے پہلی 3 مختلف يونيورسٹيوں کے پروفيسر صاحبان کی سالہا سال کی تحقيقات پر مبنی تھيں

(1) Child Psychology
(2) How to Increase Your Will Power
(3) Modern Sex Life
(4) A Thief’s Biography and Advice which was written in prison by a thief who was caught after having committed hundreds of burglaries

ميرے دارالمطالعہ کی شکل و شباہت

ميں کمپيوٹر پر کام کر رہا ہوں ۔ يہ ہے ميرے پيچھے والی ديوار کے ساتھ لگی 11 فٹ اُونچی اور 6 فٹ چوڑی الماری جس کا نچلا 3 فٹ حصہ نظر نہيں آ رہا ۔ نچلے حصہ ميں ميرے لکھے ہوئے وہ مسودے پڑے ہيں جو ابھی تک کمپيوٹر کی نظر نہيں ہو سکے
.

.
يہ ہے ميرے پيچھے والی ديوار کے ساتھ ميرے داہنی طرف کی 6 فٹ اْونچی اور 4 فٹ چوڑی الماری
.

.
يہ ہے ميرے پيچھے والی ديوار کے ساتھ ميرے بائيں طرف کی 4 فٹ اُونچی اور 4 فٹ چوڑی الماری
.

.
يہ ہے ميرے داہنی طرف والی ديوار کے ساتھ کی ساڑھے 3 فٹ اُونچی اور 4 فٹ چوڑی الماری
.

.
يہ ہے ميرے بائيں طرف والی ديوار کے ساتھ کی 4 فٹ اُونچی اور 3 فٹ چوڑی الماری اور ميز جو ميں لکھنے کيلئے استعمال کرتا ہوں
.

.
يہ ہے ميرے کمپيوٹر والی ميز اور کمپيوٹر اپنے پورے خاندان کے ساتھ ۔ داہنی طرف تھوڑا سا ليزر جيٹ پرِنٹر نظر آ رہا ہے ۔ ميز کے نيچے بائيں طرف 2 يو پی ايس نيچے اُوپر پڑے نظر آ رہے ہيں ۔ ان کے قريب اُوپر کی طرف ايک چھوٹی سی روشنی نظر آ رہی ہے وہ سٹيوال جاپان کا بنا ہوا وولٹيج سٹيبِیلائزر ہے جو ميں نے اپنے پہلے کمپيوٹر کے ساتھ 1987ء کے شروع ميں خريدا تھا اور اب تک ماشاء اللہ ميرا ساتھ دے رہا ہے ۔ اُس زمانہ ميں بجلی بند نہيں ہوا کرتی تھی اسلئے يو پی ايس کی ضرورت نہ تھی
.

.
ميں نے 1987ء ميں درميان والی کُرسی خريدی ۔ اس کی نشت چھوٹی تھی ۔ جب اس کا فوم خراب ہو گيا تو ميں نے بڑھئی کو کہا کہ نشست کو بڑا کر کے نيا فوم لگا دے ۔ اُس نے اس کی شکل ہی بگاڑ دی ۔ اس کے بعد اس کے ساتھ والی سليٹی [grey] رنگ کی کرسی لی ۔ لاہور گئے تو کالے رنگ والی کرسی خريدی جو ميں ابھی تک استعمال کر رہا ہوں
.

چَوندے چَوندے شعر

نقل کرنا چاہتا تھا حبیب جالب کے اشعار جو کل ورق گردانی کرتے ہوئے حسب حال محسوس ہوئے تھے مگر حالات نے دماغ نچوڑ ديا اور جو عرق نکلا اُس کے پسِ منظر ميں يہ موسيقی تھی

وہ ہم سے رُوٹھ گئی ہے
ہے کوئی جو منا کے لائے
وہ چھوڑ کر ہميں چلی گئی ہے
ہے کوئی جو اُسے واپس لائے
وہ ہم سے کيوں ہوتی ہے ناراض
ہم نے کبھی نہ کيا اُس پہ اعتراض

معمول اُس کا يہی ہے کئی سال سے کہ دن ميں چار پانچ بار روٹھ کے چلی جاتی ہے اور گھنٹے ڈيڑھ گھنٹے تک واپس آ جاتی ہے مگر کل سے نجانے اُس نے کس بات کا بُرا منايا کہ بار بار رُوٹھتی رہی مگر آج صبح کی ايسی گئی واپس آنے کا نام ہی نہ لے رہے تھی ۔ کئی بار اُس کے ميکے والوں کو ٹيليفون کيا ۔ مِنت سماجت کی پھر کہيں 12 بجے آئی ہے ۔ اللہ کرے اب نہ روٹھے ۔ کيا سمجھے خواتين و حضرات ؟

حبیب جالب کا کلام

کوئی دم کی رات ہے یہ ۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔ کوئی پل کی بات ہے یہ
نہ رہے گا کوئی قاتل ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نہ رہیں گی قتل گاہیں
میں زمین کا آدمی ہوں ۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مجھے کام ہے زمیں سے
یہ فلک پہ رہنے والے [حکمران] ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مجھے چاہیں یا نہ چاہیں
نہ مذاق اڑا سکیں گے يہ ۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میری مفلسی کا جالب
یہ [زرداری کے] بلند و بام ایواں ۔ یہ [دنياوی پيروں کی] عظیم بار گاہیں

سمجھ سے باہر

اپنے معاشرے ميں جہاں اچھی روايات اور عادات پائی جاتی ہيں وہاں ميرے ہموطنوں کی بھاری تعداد ميں خواہ وہ کتنا ہی پڑے لکھے ہوں چند ايسی عادات پائی جاتی ہيں جو ميری سمجھ ميں آج تک نہ آسکيں

1 ۔ حقيقت کی نسبت افواہيں سننا زيادہ پسند کرتے ہيں ۔ اخباری اور ٹی وی بالخصوص بی بی سی اور اسی طرح کے فرنگی ذرائع ابلاغ پر بلا چُوں و چرا اعتبار کر ليتے ہيں مگر زمينی حقائق کو بغير غور و مطالعہ کے رَد يا نامنظور کر ديتے ہيں ۔ اگر کوئی اُن کی توجہ حقائق کی طرف دلانے کی کوشش کرے تو اُس کا تمسخر اُڑاتے ہيں ۔ بہت رعائت کريں تو کہہ ديں گے “کس دنيا ميں رہتے ہو ؟”

2 ۔ کوئی بات گھڑ کر دوسرے کو سنائيں گے ۔ سُننے والا شخص بغير غور اور تشخيص کے کسی دوسرے کو وہ من گھڑت خبر يا کہانی سنائے گا ۔ کچھ دن بعد ہر سننے اور سنانے والا اس من گھڑت خبر کو حقيقت ماننا شروع کر ديتا ہے

3 ۔ جو چيز ۔ جگہ يا ادارہ ايک شخص نے اندر تو کيا باہر سے بھی نہ ديکھا ہو گا اُس کے متعلق وہ غيرمصدقہ باتيں بڑے وثوق کے ساتھ بيان کرے گا

يہ بھولی بسری باتيں مجھے اسلئے ياد آئيں کہ کچھ ماہ قبل ايک بلاگ پر کچھ ايسے دلائل باوثوق طريقہ سے بی بی سی کے حوالے سے کچھ دلائلديئے گئے تھے جو زمينی حقائق سے ميل نہيں کھاتے تھے ۔ جس ادارے کا وہ ذکر کر رہے تھے ميں نے اپنی زندگی کا بہترين حصہ اُسی ادارے کی ملازمت ميں گذارا تھا

شايد جون يا جولائی 1965ء کی بات ہے کہ ميں کراچی ميں ورک سٹڈی ٹيکنيکس کورس کر رہا تھا ۔ ايک شام ميں اپنے ايک بزرگ جو 1947ء ميں حيدر آباد دکن سے ہجرت کر کے آئے تو کراچی ميں رہائش پذير ہو گئے تھے اُنہيں ملنے گيا ۔ اُن کے ساتھ اُن کے کوئی دوست بيٹھے تھے ۔ بزرگ نے ميرا تعارف اُن سے کراتے ہوئے کہا “يہ انجنيئر ہے اور پاکستان آرڈننس فيکڑيز ميں ملازم ہے”۔ موصوف طنزيہ بولے “وہ فيکٹری جو آج تک لِپ سٹک پاؤڈر کے علاوہ کچھ نہيں بنا سکی”
وہ بزرگ تھے اور ميری اُن سے جان پہچان بھی نہ تھی دوسرے ميں بداخلاق نہيں ہوں اسلئے خاموش رہا

بات ہے شروع 1970ء کی دہائی کی ۔ ميں واہ سے کسی ذاتی کام کے سلسلہ ميں راولپنڈی گيا اور واپس ويگن پر آ رہا تھا ۔ ميرے آگے والی نشست پر ايک صاحب بڑے وثوق کے ساتھ پاکستان آرڈننس فيکٹريز کی ويپنز فيکٹری کے متعلق باتيں کر رہے تھے ۔ ميں غور سے سُنتا رہا ۔ وہ صاحب کچھ خود ساختہ خامياں بتا رہے تھے اور کچھ ايسی چيزوں کا وہاں بننے کا ذکر کر رہے تھے جو وہاں کبھی نہيں بنيں تھيں ۔ جب من گھڑتی کی انتہاء ہو گئی تو ميں نے پوچھا “معاف کيجئے گا ۔ آپ ويپنز فيکٹری ميں کام کرتے ہيں ؟”
جواب ملا “نہيں”
ميں نے پوچھا “آپ کبھی ويپنز فيکٹری کے اندر گئے ہيں ؟”
جواب ملا “نہيں”
ميں نے پوچھا “آپ کو کوئی دوست يا رشتہ دار فيکٹری ميں کام کرتا ہے ؟”
جواب ملا “نہيں”
اس پر ميں نے کہا “ويپنز فيکٹری جس کا آپ ذکر کر رہے تھے ميں اس کا پروڈکشن منيجر ہوں”
اس کے بعد وہ صاحب چُپ بيٹے رہے
ويسے وہ زمانہ پھر بھی اچھا تھا ۔ آجکل تو لوگ اپنی غلط بات درست ثابت کرنے کيلئے جان لڑا ديتے ہيں

يہ بات 1990ء يا 1991ء کی ہے کہ ميں ايک دوست سے ملنے گيا جو ايم ايس سی انجنيئرنگ ہيں اور انجنيئرنگ کالج لاہور ميں ميرے ہمجماعت تھے ۔ اُن کے پاس ايک جوان بيٹھا تھا ۔ ميرے ساتھ عليک سليک کے بعد ميرے دوست نے اُس جوان سے کہا “تمہاری قسمت اچھی ہے ۔ اجمل صاحب آ گئے ہيں تم ان سے سيکھ سکتے ہو”
اُس جوان نے مايوس سی شکل بناتے ہوئے کہا “يہ نئی ٹيکنالوجی ہے ۔ بڑی عمر کے لوگوں کی سمجھ سے باہر ہے” اور اُٹھ کر چلا گيا
اُس کے چلے جانے کے بعد ميں نے اپنے دوست کو سواليہ نظروں سے ديکھا تو وہ بولے “ہمارے ہمسائے کا بيٹا ہے ۔ بدقسمت ہے ۔ آج کے جوان اپنے آپ کو بہت ذہين اور عِلم والا سمجھتے ہيں ۔ کمپيوٹر کے بارے ميں بات ہو رہی تھی اور کہہ رہا تھا کہ ميں سيکھنا چاہتا ہوں مگر پاکستان ميں اس ٹيکنالوجی کا اُستاد نہيں ہے جو مجھے سمجھا سکے اور ميرے سوالوں کا جواب دے سکے”

مدد ۔ مدد

ماہرينِ بلاگ ايک 2 جماعت پاس ناتجربہ کار کا مدد کيلئے سوال ہے بابا
جو پہلے مدد کرے ۔ وہ پہلے شکريہ پائے

ميں موزِلّا فائرفوکس براؤزر استعمال کرتا ہوں
دو ايک ماہ سے ميں بلاگسپاٹ پر بنا بلاگ کھول کر اس پر تبصرہ لکھتا ہو ں شائع کرنے سے قبل جن بلاز پر ورڈ وَيری فِيکيشن [word verification] کرنا ہوتی ہے
ان ميں سے کسی پر ورڈ وَيری فِيکيشن نظر ہی نہيں آتی
اور کسی پر اس کا صرف کچھ حصہ نظر آتا ہے اور وہ خانہ نظر نہيں آتا جس ميں ورڈ وَيری فِيکيشن لکھنا ہوتی ہے

مثال کے طور پر ناعمہ عزيز صاحبہ کا بلاگ
مزے کی بات ہے کہ ان کے بھائی شاکر عزيز صاحب کے بلاگ پر ايسا نہيں ہوتا

اگر قصور ميرا ہے تو ميں کيا کروں جس سے ايسے بلاگ مجھے درست نظر آئيں ؟

اگر قصور بلاگر کا ہے تو اُسے کيا کرنا چاہيئے کہ مجھ جيسے بچے اور بوڑھے ۔ اوہ جوان بھی ۔ پريشان نہ ہوں ؟