سليم صافی کے مضمون کا درجِ ذيل حصہ ماضی ميں گذرے حقائق کی طرف اشارہ کرتا ہے جسے وہی سمجھ سکتے ہيں جو اُس دور ميں بالغ النظر تھے
بنیادی طور پر ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی زندگی کو 3 ادوار میں تقسیم کیا جاسکتا ہے
پہلا دور ۔ 1968ء سے 1970ء تک ۔ جو نہایت بھرپور تھا اور جس میں وہ ایک انقلابی لیڈر کے طور پر ابھرے۔ اس دور میں وہ متنازع بھی تھے لیکن مغربی پاکستان کی اکثریت کی صفوں میں نہایت مقبول بھی رہے
دوسرا دور ۔ ان کا اقتدار یعنی 1970ء سے 1977ء تک ۔ ان کا یہ دور نہایت متنازع ہے ۔ اس میں انہوں نے اپنے دشمنوں کی تعداد بڑھائی
اس دور میں
ڈاکٹر نذیر کی ہلاکت
لیاقت باغ میں نیپ کے جلسے پر فائرنگ
ایف ایس ایف کی تشکیل
بلوچستان آپریشن اور
اسی نوع کے دیگر ہزاروں ناپسندیدہ واقعات ہوئے
اس دور کے بھٹو کے کارنامے بھی بہت ہیں لیکن اس کے شدید متنازع ہونے میں بھی دو رائے نہیں ہوسکتیں
تیسرا دور ۔ بھٹو کی پھانسی کے بعد کا دور ہے ۔ یہ دور نہایت تابناک اور شاندار ہے ۔ پھانسی نے بھٹو کو ہمیشہ کے لئے امر کردیا۔ اس دور میں وہ متنازع سے غیرمتنازع لیڈر بنتے گئے ۔ خان عبدالولی خان اور مولانا مفتی محمود جیسے ان کے شدید مخالفین نے بھی ان کو معاف کردیا اور ان کے بیٹے ۔ان کی بیٹی اور پھر داماد کے ہمسفر بن گئے ۔ بھٹو ایک جماعت کی بجائے قوم کے لیڈر بن گئے اور ہم [سليم صافی] جیسے طالب علم بھی ہر سال ان کی برسی اور سالگرہ کے موقع پر ان کی یاد میں کالم لکھ کر ان کی پھانسی کو ملک و قوم کے لئے شدید نقصان قرار دینے لگے
لیکن افسوس کہ اب ان کے سیاسی جانشین [حادثاتی سہی] ان کو ایک بار پھر متنازع کرنے لگے ہیں ۔ اب جب ان کا مقدمہ دوبارہ زندہ ہوگا تو ان کے 1968ء سے لے کر 1977ء کے سیاسی دور کے واقعات بھی زندہ ہوں گے
اگر بھٹو کی قبر بولے گی
تو پھر ڈاکٹر نذیر اور ایف ایس ایف کے ہاتھوں مرنے والے دیگر لوگوں کی قبریں بھی خاموش نہیں رہیں گی
اور جب وہ بولیں گی تو بھٹو ایک بار پھر متنازع بنیں گے