اس کا جواب تلاش کرنے کيلئے ہم ميں سے ہر ايک کو دوسروں کی آنکھوں ميں تنکا ڈھونڈنا چھوڑ کر اپنے گريبان ميں جھانکنا اور اپنے چہرے کو اصلی آئينے ميں ديکھنا ہو گا ۔ ميں اچھی طرح جانتا ہوں کہ دوسرے پر الزام لگانا بہت آسان کام ہے مگر اپنی بُرائی کو برائی سمجھنا بہت مشکل کام ہے ۔ ہم لوگ فقط بحث مباحثوں ميں بڑھ چڑھ کر بات کرنے کو بہادری اور علم کا عروج سمجھنے لگ گئے ہيں ۔ ہميں تاريخ سے سبق سيکھنے سے کوئی شغف نہيں ۔ کيا اسی طرح کے بے عمل بے نتيجہ مباحث بغداد اور غرناطہ کی تباہی کا پيش خيمہ نہيں تھے ؟
محمد بلال صاحب نے اپنی قوم کی حالت پر کچھ روشنی ڈالی تو ميں نے تصوير کا ايک اور رُخ دکھانے کيلئے اپنے مشاہدے ميں آنے والے مندرجہ ذيل تين واقعات لکھے تھے
1 ۔ ايک پڑھے لکھے صاحب نے کپڑا خريدا اور ساتھ کی دکان پر ميں اور دو جاپانی کچھ خريد رہے تھے ۔ اُن کی ستائش حاصل کرنے کيلئے کپڑے پر لگے ليبل کو اُنہيں دکھايا جو جاپانی زبان ميں لکھا تھا ۔ وہ دو نوں جاپانی ہنسنے لگے ۔ جب وہ شخص چلا گيا تو ميں نے اُن جاپانيوں سے پوچھا کہ آپ ہنسے کيوں ؟ بولے کہ جاپانی ميں لکھا تھا “پاکستان کا بنا ہوا”
2 ۔ کراچی ميں ايک بہت پرانا پلاسٹک کے برتنوں وغيرہ کا کارخانہ ہے ۔ ميں وہاں گيا ہوا تھا تو مالک سے کہا کہ آپ کا معيار بہت اچھا ہے تو اپنا مال ملک ميں پھيلاتے کيوں نہيں ؟ بولے “کيا کريں لوگ باہر کا بنا مال پسند کرتے ہيں چاہے گھٹيا ہو ۔ بھائی ۔ کيا بتائيں ہماری اپنی اماں دبئی گئيں اور وہاں سے ايک ٹب لے آئيں کہا اماں ہم سے کہا ہوتا يہ وہاں سے لانے کی کيا ضرورت تھی؟” بوليں” ارے تم کہاں ايسا بناتے ہو”۔ تو ميں نے اُلٹا کر کے ماں کو دکھايا ہمارے کارخانے کا بنا تھا
3 ۔ ايک پاکستانی نوجوان لندن سے پتلون خريد لائے اور بڑے فخر سے مجھے دکھا کر کہنے لگے يہ ديکھو کتنی بہترين ہے ہمارے ملک ميں تو ايسا مال بنتا ہی نہيں ۔ ميں تجسس سے پتلون اندر باہر سے ديکھنے لگا اچانک ميری نظر ايک ليبل پر پڑی جو پتلون کے اندر لگا تھا ۔ انگريزی ميں لکھا تھا “پاکستان کی ساختہ پاکستانی کپڑے سے”
مزيد يہ کہ :
ہمارے ملک ميں ہر قسم کا کپڑا بہت عمدہ معيار کا بنتا ہے اور قيمتيں بھی مناسب ہيں ۔ ميرے ہموطنوں کی اکثريت کپڑا خريدنے جاتے ہيں تو غير مُلکی تلاش کرتے ہيں ۔ کوئی مقامی کپڑے کو جاپانی کہہ کر بيچ دے تو دُگنی قيمت پر خريد ليتے ہيں اور اگر پاکستانی کہے تو آدھی قيمت پر لينے کو تيار نہيں ہوتے
پاکستان ميں ميلامائن کے برتن بيس پچيس سال سے بن رہے ہيں جو بين الاقوامی معيار کے ہيں ۔ ايک کارخانہ حيدرآباد ميں تھا جس کا بنا ہوا ڈنر سيٹ جو ميں نے 1994ء ميں کراچی بوہری بازار سے خريدا تھا اُس دن سے آج تک ہمارے استعمال ميں ہے ۔ 1994ء ہی ميں ايک ميرے دفتر کے ساتھی ايرانی ميلامائن ڈنر سيٹ ڈھونڈ رہے تھے کسی نے وہی انہيں ايرانی کہہ کر ڈيڑھ گنا قيمت ميں ديا تو بڑے خوش تھے کہ بہت سستا مل گيا ۔ کراچی ميں سَيلُوکو ۔ گولڈن اور منيار اچھے معيار کا سامان بناتے تھے ۔ مگر ميرے ہموطنوں کی آنکھيں دساور پر لگی رہتی ہيں جس کے باعث ان کمپنيوں کو خاصہ نقصان برداشت کرنا پڑا
اب آيئے تعليم کی طرف جس کا رونا اکثر رويا جاتا ہے ۔ ہم ميں سے وہ لوگ جن کو تعليمی ترقی کا شوق پيدا ہوتا ہے اپنے بچوں کو ايسے سکول ميں داخل کراتے ہيں جس کا نام انگريزی ميں ہو يا جديد طرز کا ہو ۔ اپنے سرکاری سکولوں کو جنہيں انہی لوگوں کی جيب سے ادا کردہ ٹيکس کے پيسے سے چلايا جاتا ہے اچھوت تصور کيا جاتا ہے ۔ اگر ان سکولوں کی ہم حوصلہ افزائی کريں تو پھر ہميں ان کی برائياں گننے کا بھی حق پہنچتا ہے ۔ سيانے کہتے ہيں “جس شہر نہ جانا اس کا راستہ کيوں پوچھنا”۔ بلکہ ان سکولوں ميں ہم اپنے بچوں کو پڑھائيں تو ہم ان کی بہتری کی بھی کوشش کر سکتے ہيں ۔ 5000 سے 10000 روپے ماہانہ ادا کر کے انگريزی نام کے سکولوں ميں تو بچوں کو پڑھايا جاتا ہے اور جب سرکاری سکولوں کی بات آتی ہے تو 50 روپے ماہانہ بھی کھلتا ہے ۔ ايسا دوغلا پن کيوں ؟ وجہ صاف ظاہر ہے کہ ہم ميں سے جو زيادہ شور مچانے والے ہيں دراصل شور مچانا اُن کا مشغلہ ہے جسے وہ اپنی بڑھائی سمجھتے ہيں ۔ يا يوں کہيئے کہ مسئلہ جھوٹی انا کا ہے
اگر ہم چاہتے ہيں کہ ہم بحثيت قوم عزت پائيں اور ترقی کريں تو اس کا ايک ہی حل ہے ۔ آج سے فيصلہ کر ليں کہ جو چيز اپنے ملک ميں بنتی ہے اور اس سے گذارا ہو سکتا ہے تو وہ صرف اپنے ملک کی بنی ہوئی ہی خريديں ۔ اگر غير ملک ميں کوئی چيز اچھی ہے تو اسے ملک ميں بڑائی کی خاطر نہيں بلکہ اس کی صنعت قائم کرنے کيلئے لايئے ۔ اس طرح ہمارے ذہين اور محنتی ہُنرمند جو مجبور ہو کر مُلک چھوڑ گئے ہيں وہ بھی واپس آنے کا سوچيں گے ۔ اگر وہ نہ بھی آئيں تو اگلی نسلوں ميں باہر جانے کی سوچ ختم ہو جائے گی
“ميں بھی پاکستان ہوں ۔ تو بھی پاکستان ہے” صرف ٹی وی يا محفلوں ميں گانے سے کچھ نہيں ہو گا ۔ پاکستانی بن کے دکھانا ہو گا اور اس کيلئے يہ بھی ضروری ہے کہ پنجابی ۔ سندھی ۔ پختون ۔ بلوچ ۔ مہاجر اور اُردو سپيکنگ صرف گھر کے اندر ہوں ۔ گھر سے باہر سب پاکستانی ہوں
