Yearly Archives: 2009

ہمارے بے بس حکمران

نمائندہ جنگ کو خصوصی ذرائع سے یہ بات معلوم ہوئی ، اطلاعات کے مطابق بلیک واٹر کراچی، حیدرآباد لاہور، ملتان جھنگ، سرگودھا، فیصل آباد میں بڑے پیمانے پر قتل عام کا پروگرام رکھتی ہے اوراس مقصدکیلئے بلیک واٹر کے ہیڈ کواٹر نے 12 ارب ڈالر کا بجٹ مختص کردیاہے،یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ عید کے دنوں میں بلیک واٹر کے ارکان نے جنوبی پنجاب اور اندرون سندھ کے بعض شہروں جن میں کبیر والا باگڑ سرگانہ چھ کسی، جہانیاں، سمہ سٹہ، دینا پور جنگل منڈیالہ، بہاول پور، حمد پور، لودھراں، جام پور، مکیسی سیفن، خانیوال، ملتان، راجن پور، بدین، سکرنڈ، باندی، رانی پور، تلہار، حیدرآباد اور کوٹری کے بہت ہی خفیہ انداز میں دورے کئے ہیں، کہا جارہا ہے کہ جنوبی پنجاب اور اندرون سندھ کے ان علاقوں میں بلیک واٹر کے کارکنوں کو مقامی اور با اثر افراد ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے لسانی گروپوں کے ارکان کی اعانت حاصل رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان میں بلیک واٹر کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے اہم شخصیات بھی خوفزدہ ہیں ایسا معلوم ہورہا ہے کہ سیکورٹی ایجنسی کے نام پر قائم کیا گیا یہ امریکی ادارہ کراچی سے پشاور اور کوئٹہ سے سکھر تک خون ریزی کرانا چاہتا ہے تاکہ امریکی حکمرانوں کیلئے پاکستان پر گرفت کرنے میں مزید آسانیاں ہوں۔

عید الفطر مبارک


کُلُ عام انتم بخیر
سب قارئین اور ان کے اہلِ خانہ کو عید الفطر کی خوشیاں مبارک

آیئے ہم سب مل کر مکمل خلوص اور یکسوئی کے ساتھ اللہ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیم کے حضور عاجزی سے اپنی دانستہ اور نادانستہ غلطیوں کی معافی مانگیں اور استدعا کریں کہ
مالک و خالق و قادر و کریم رمضان المبارک میں ہمارے روزے اور دیگر عبادتیں قبول فرمائے
اپنا خاص کرم فرماتے ہوئے ہمارے ہموطنوں کو آپس کا نفاق ختم کر کے ایک قوم بننے کی توفیق عطا فرمائے
ہمارے ملک کو اندرونی اور بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھے
ہمارے ملک کو امن کا گہوارہ بنا دے
اور اسے صحیح طور مُسلم ریاست بنا دے
آمین ثم آمین

افزائش کا اصول

جب تک گھوڑے کو پابندیوں کا عادی نہ بنایا جائے وہ ناکارہ ہوتا ہے
گیس یا بھاپ اس وقت تک انجن چلانے کے قابل نہیں ہوتی جب تک اسے دبایا نہ جائے
پانی سے بجلی پیدا نہیں کی جاسکتی جب تک اسے سرنگوں میں سے گذرنے پر مجبور نہ کیا جائے
زندگی اسی وقت سُدھر سکتی ہے جب اسے پابند ۔ مرکوز اور اچھے نظام کے تابع کیا جائے

تربیت

خاور صاحب نے اپنے مخصوص انداز میں تعلیم و تربیت کی بات کرتے ہوئے لکھا کہ تعلیم کے فروخت مراکز تو کھُل چُکے ہیں اور والدین اپنی اولاد کیلئے تعلیم خرید رہے ہیں مگر تربیت کہاں سے آئے کہ تربیت کے فروخت مراکز ابھی نہیں کھُلے ۔ اس پر مجھے یاد آیا وہ وقت جسے عصرِ حاضر کے جدید تعلیم یافتہ لوگ شاید دورِ جاہلیت کہتے ہوں کہ روشن خیالی نام کی صفت اُس زمانے میں ایجاد نہ ہوئی تھی

ہر سکول و کالج میں خواہ وہ راولپنڈی میں تھا یا لاہور میں ۔ ملتان میں تھا یا اٹک میں روزانہ سکول یا کالج کی پڑھائی کا وقت شروع ہونے سے ایک گھنٹہ پہلے میدان میں جسمانی تربیت [P.T=Physical training] ہوتی تھی ۔ جس طالب علم کی جسمانی تربیت کی حاضریاں 70 فیصد سے کم ہو ں وہ سالانہ امتحان نہیں دے سکتا تھا ۔ اگر وہ روزانہ کی جسمانی تربیت سے بچنا چاہتا تو صرف ایک طریقہ تھا کہ روزانہ عصر کے بعد ایک گھنٹہ کیلئے ہاکی یا فٹ بال کھیلے اور اپنا نام متعلقہ ٹیم میں درج کرائے

ہر سکول یا کالج میں ہفتہ میں ایک بار اخلاقی تربیت کا سبق بھی ہوا کرتا تھا ۔ اس کے علاوہ بھی گاہے بگاہے اساتذہ موقع پا کر اخلاقی تربیت کا اہتمام کرتے رہتے تھے

پھر ایک دور آيا [عوامی دور] جس میں سب کچھ عوامی قرار دیا گیا مگر ہوتا وہ شاہی گیا ۔ تمام سکول و کالج قومیا لئے گئے اور وہاں پر اپنے من پسند لوگ تعینات کئے گئے ۔ مالدار لوگوں کے بچوں کی درسگاہیں الگ اور عام لوگوں کے بچوں کی الگ ہونا شروع ہوئیں ۔ پيسے والوں کے بچوں نے کلرکوں کچھ دے دلا کر اپنی حاضریاں لگوانی شروع کر دیں ۔ جسمانی تربیت صرف غریبوں کے بچوں کا مقدر بن کے رہ گئی ۔ ايک طرف بڑے لوگوں کے بچوں کیلئے انگریزی ناموں والے سکول کھلنے لگے جن میں میدان تھا ہی نہیں کہ جسمانی تربیت ہوتی ۔ کچھ میرے جیسے لوگوں نے شور مچایا تو جسمانی تربیت کو نصاب سے ہی باہر کر دیا گیا

اخلاقی تربیت ایسے غیرمحسوس طریقہ سے غائب کی گئی کہ کسی کو پتہ ہی نہ چلا

کیا مذاق صرف مسلمانوں کا اُڑانا جائز ہے ؟

نبیل نقوی صاحب لکھتے ہیں

یہ بات کافی اطمینان کا باعث ہے کہ پاکستان میں مسلمان ایمان کی روشنی سے سرشار ہوتے جا رہے ہیں۔ یہ جذبہ ایمانی اس حد تک بڑھ گیا ہے کہ مذہبی جوش و جذبے کا تحت دوسروں کو جلا کر راکھ کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جاتا ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
کچھ مذہبی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کی اس بارے میں محض تردید کافی نہیں ہو گی بلکہ انہیں اپنے ایمان کی باقاعدہ تجدید کرنی پڑے گی۔ ان حضرت مولانا نے ایمان کی تجدید کا پروسیجر نہیں بتایا کہ آخر ایمان کی تجدید کیسے کی جاتی ہے۔ شاید ان ملاؤں کو نذرانے سمیت حلوے کی دیگ پکوا کر بھیجنی پڑتی ہوگی

ایسی دیوانگی کو ایمان کی روشنی لکھنا تمام مسلمانوں کا ہی نہیں دین اسلام کا بھی مذاق اُرانے کے مترادف ہے لیکن اس پر کوئی اعتراض نہیں کرتا ۔ اگر مرتد المعروف مرزائیوں یا اسرائیل یا امریکہ کے خلاف کچھ لکھا جائے تو طوفان برپا ہو جاتا ہے ۔ کیا مسلمانی کا يہی شیوہ ہے ؟

تجدیدِ دین کا معروف طریقہ جو بہت سادہ ہے کُتب میں موجود ہے ۔ ہر وقت دوسروں پر طنز کرنا بالخصوص جب وہ اپنے آپ کو مسلمان کہتے ہوں کیا مسلمان ہونے کی نشانی ہے ؟

قباحتیں

کچھ ایسی قباحتیں ہیں جو شاید غیرمحسوس طور پر ہماری خصلت بنتی جا رہی ہیں ۔ اچھی بات ہے کہ کم از کم رمضان مبارک میں مسجدوں میں رونق زیادہ ہوتی ہے لیکن جتنا نظم و ضبط ہمارے دین کا خاصہ ہے اتنا ہی کم ہم لوگ اس کی طرف توجہ دیتے ہیں

کسی دعوت پر جانا ہو تو ہم سج دھج کر اچھے سے اچھے کپڑے پہن کر جاتے ہیں ۔ کائنات کے مالک کے حضور پیش ہونے کیلئے کچھ حضرات نے ایسے کپڑے پہن رکھے ہوتے ہیں جو پہن کر وہ شاید کسی اور جگہ جانا پسند نہ کریں ۔ پھر آجکل کے فیشن کے مطابق تصویر والی بنیان جسے آجکل شرٹ کہا جاتا ہے پہن کر آ جاتے ہیں جسے پہننا ہی غلط ہے کُجا کہ مسجد میں پہن کر جائیں

کچھ حضرات کو پچھلی صفوں میں بیٹھنے کا شوق ہے جس کے باعث بعد میں آنے والوں کو دقت ہوتی ہے ۔ جماعت کھڑے ہونے پر ان حضرات کو اگلی صفیں پُر کرنے پر مجبور کرنا پڑتا ہے

کچھ مساجد ایسی ہیں جہاں لاؤڈسپیکر پر اذان سے قبل کچھ پڑھا جاتا ہے ۔ بالخصوص رمضان میں مغرب کی اذان سے قبل اگر کچھ پڑھا جائے اور کوئی اذان سمجھ کر روزہ کھول لے تو اس روزہ ٹوٹنے کا گناہ کس کے سر ہو گا ؟

رکوع یا سجدہ میں جاتے ہوئے کوہنیاں پھیلانا نامعلوم کونسی کتاب میں لکھا ہے مگر جب کسی کے پیٹ یا چھاتی یا منہ پر کُہنی لگتی ہے تو اس فعل کو کیا کہا جائے گا ؟

گوشہ مار بندوق

گوشہ مار گن [Corner Shoot Gun] کے نام سے اسرائیل نے ایک ایسا جُگاڑ بنایا تھا جس میں ایک پستول نصب تھا ۔ یہ ایک ایسا ہتھیار ہے جس سے عمارت کے کونے کی اوٹ میں کھڑے ہو کر 90 درجے پر عمارت کے ساتھ ساتھ آنے والا جو عام حالت میں نظر نہیں آتا کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے ۔ جب اسرائیل نے اس ہتھیار کا اعلان کرتے ہو ئے کہا کہ اسرائیل واحد ملک ہے جس کے پاس ایسا ہتھیار ہے تو پاکستان آرڈننس فیکٹریز میں میری سابقہ فیکٹری جسے ویپنز فیکٹری کا نام اللہ کریم نے مجھ سے دلوایا تھا اور جس کی نشو و نما میں میری 13 سال کی دن رات کی محنت شامل ہے کے جوان انجنیئروں نے پیچھے رہنا گوارا نہ کیا اور صرف 6 ماہ کی محنت سے ایسی گوشہ مار گن بنائی جس میں پستول کی بجائے گن کو شامل کیا گیا ہے ۔ چنانچہ یہ پاکستانی گوشہ مار گن اسرائيل کی تیار کردہ گوشہ مار گن سے بدرجہا بہتر ہے ۔ دیکھئے اس گن کی وڈیو


مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ وہ فیکٹری جو پچھلی تقریباً دو دہائیوں سے خوابیدہ نظر آ رہی تھی اس نے اپنی ریت بحال کر لی ۔ وسط 1976ء میں میرے ملک سے باہر ایڈوائزر مقرر ہو جانے کے بعد ویپنز فیکٹری نے پہلے جرمن ایم پی 5 سب مشین گن اور پھر چائینیز ہیوی مشین گن 12.7 ایم ایم ڈویلوپ کی مؤخرالذکر اَینٹی ایئرکرفٹ رول میں بھی استعمال ہو سکتی ہے ۔ یہ دونوں پروجیکٹ 1976ء کے بعد 1984ء تک مکمل ہو چکے تھے

پاکستان آرڈننس فيکٹریز میں یکم مئی 1963ء کو ملازم ہونے پر مجھے سمال آرمز گروپ [Small Arms Group] میں بطور اسسٹنٹ ورکس منیجر تعینات کیا گیا اور میں جرمن رائفل جی ۔ 3 [Gewer G-3] کی منصوبہ بندی [planning] میں شریک ہو گیا ۔ ساتھ ساتھ مجھے بیرل ۔ بٹ ۔ فورآرم اور اسمبلی [Barrel, Butt, Fore-arm and Assembly] کی ڈویلوپمنٹ پيداوار اور شاپ [development, production and workshops] قائم [establish] کرنے کا کام دے دیا گیا ۔ جب وسط 1966ء میں جی ۔ 3 کی ڈویلوپمنٹ مکمل ہو کر ماس پروڈکشن [mass production] شروع ہو گئی تو جرمن مشین گن المعروف ایم جی 42 کا پروجیکٹ میرے ذمہ کر دیا گیا یعنی منصوبہ بندی ۔ ڈویلوپمنٹ اور پروڈکشن ۔ اس کی بیرل کے سوراخ کو اندر سے ہارڈ کروم پلیٹنگ [hard chrome plating] کی جاتی تھی جس سے اس کی کارآمد عمر 15000 راؤنڈ تک پہنچ جاتی تھی مگر یہ عمل خاصہ مہنگا تھا اور اس میں بنی بنائی بیرلز [Barrels] کا 15 سے 30 فیصد تک ضائع ہونے کا احتمال ہوتا تھا مگر مجبوری تھی کیونکہ بغیر کروم پلیٹنگ کے کارآمد عمر صرف 6000 راؤنڈ تھی ۔ جرمنی میں جو فرم پلیٹنگ کرتی تھی وہ ٹیکنالوجی بیچنے کیلئے تیار نہ تھی جو کسی صورت ہمارے وارے میں نہ تھا ۔ ہارڈ کروم پلیٹنگ سے جان چھڑانے کیلئے جرمن فرم جس سے ہم نے مشین گن 42 کا لائسنس لیا تھا وہ تین چار سال سے بیرل پر مختلف تجربات کر رہے تھے مگر کامیابی نہ ہو سکی تھی ۔ اللہ کی کرم فرمائی اور نصرت سے میں نے 1968ء میں پاکستان میں 2 ماہ کی محنت کے بعد بیرل کے سوراخ کا نیا ڈیزائن بنایا جسے پولی گون پروفائل بور [Polygon Profile Bore] کا نام دیا جس کے نتیجہ میں بیرل کی کارآمد عمر ہارڈ کروم پلیٹنگ کے بغير 18000 راؤنڈ ہو گئی ۔ ہم نے پولی گون بور والی کچھ بیرلز جرمن فرم کو بھیجیں ۔ جب انہوں نے اس کی ٹیسٹنگ کی تو ان کے ادارے کے سربراہ واہ چھاؤنی پہنچ گئے ۔ پاکستان آرڈننس فیکٹریز کے چیئرمین اُنہیں ساتھ لے کر ہماری فیکٹری میں پہنچے ۔ میں اس وقت ورکشاپ میں کام دیکھ رہا تھا ۔ وہ وہیں آ گئے اور جرمن سربراہ کے سامنے مجھے کہنے لگے “یہ آپ کو جرمنی لیجانے کیلئے آئے ہیں ۔ میں نے ان سے کہا ہے کہ آپ کے پاس تو مسٹر بھوپال جیسے کئی لوگ ہیں ۔ ہمارے پاس صرف ایک مسٹر اجمل بھوپال ہے اور آپ اُسے بھی چھیننا چاہتے ہیں ۔ آپ کا کیا خیال ہے ؟” میں نے ایکدم جواب دیا “آپ نے درست کہا ہے ان سے ۔ میں اپنا وطن چھوڑ کر نہیں جاؤں گا”۔ مجھے اس کام کا صلہ اپنے اطمینان کی صورت میں ملا ۔ نہ میں نے کوئی انعام لیا نہ کوئی سند ۔ البتہ میرا نام بابائے ویپنز رکھ دیا گیا