Monthly Archives: February 2007

پڑھنے کے لائق

اسلام آباد میں 26 جنوری اور 6 فروری کو ہونے والے دھماکوں کے پسِ منظر کا یہ تجزیہ اسلام آباد کے تعلیم یافتہ اور تجربہ کار طبقہ کے تأثرات کی ترجمانی کرتا ہے اور ہر پاکستانی کو غور و فکر کی دعوت دیتا ہے ۔ نیچے دئیے رابطہ پر کلِک کر کے یا اسے براؤزر میں لکھ کر کھولئے ۔

http://nawaiwaqt.com.pk/urdu/daily/feb-2007/08/columns5.php

جموں کشمير آزاد کيوں نہ ہوا ؟

آج یومِ یکجہتیءِ کشمیر ہے ۔ یہ دن پہلی مرتبہ 5 فروری 1990 کو منایا گیا

انشاء اللہ العزيز

ستم شعار سے تجھ کو چھُڑائيں گے اِک دن
ميرے وطن تيری جنّت ميں آئيں گے اِک دن

ہم کيا چاہتے ہيں ؟ * * * آزادی آزادی آزادی * * *

ثاقب سعود صاحب نے 23 اگست 2005 عيسوی کو ميرے انگريزی کے بلاگ حقيقت اکثر تلخ ہوتی ہے [پُرانا نام منافقت] پر يہ سوال کيا تھا ۔ مجھے یہ بتائیں کے اب تک کشمیر آزاد کیوں نہیں ہوا؟ آزادی حاصل کر نے کے لیے ہر طرح کی چیزیں تو میّسر ہیں۔ مثلا افراد،بیرونی امداد،اسلحہ،چھپنے کے لیے جگہ ۔ چیچنیا اور عراق والے تو ان سب کے بغیر بھی لڑ رھے ہیں۔

ميرا جواب تھا ۔ کاش ایسا ہوتا جیسا آپ نے لکھا ہے ۔ آپ نے سنا ہو گا ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور ۔ کچھ دن صبر کیجئے میں اس کے متعلق بھی انشاء اللہ لکھوں گا

گردشِ دوراں نے ذہن کو کچھ ايسا اُلجھائے رکھا کہ ڈيڑھ سال گذر گيا ۔ اس عرصہ ميں کئی بار لکھنا چاہا ليکن ذہن نے ساتھ نہ ديا ۔ اللہ کی کرم نوازی کہ آج مجھے توفيق بخشی ۔ ميں جموں کشمير کی تحريکِ آزادی کی تفصيل اسی بلاگ پر لکھ چکا ہوں ۔ يہاں مختصر طور پر ثاقب سعود صاحب کے سوال کا جواب دينے کی کوشش کرتا ہوں ۔

اعلانِ جہاد ۔ بھارتی فوج اور برطانوی فضائیہ کے حملے ۔

جمعہ 24 اکتوبر 1947 جب داعيانِ اسلام حج کی سعادت سے بہراور ہو رہے تھے جموں کشمیر کے مسلمان شہريوں نے جامِ شہادت نوش کرنے کا تہيّہ کر کے جہاد کا اعلان کر دیا ۔ ان لوگوں ميں زیادہ تر کے پاس پہلی جنگ عظیم میں استعمال ہونے والی طرّے دار بندوقیں اور کچھ کے پاس المعروف تھری ناٹ تھری اور دوسری جنگ عظیم کے بچے ہوئے ہینڈ گرنیڈ تھے ۔ مجاہدين کا مقابلہ شروع میں مہاراجہ ہری سنگھ کی ڈوگرہ فوج سے تھا مگر دو ہفتے کے اندر ہی بڑی تعداد میں بھارتی فوج بھی محاذ پر پہنچ گئی اور ہندوستان کے برطانوی وائسرائے لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے فضائی حملوں کے لئے برطانوی فضائیہ کو برما سے جموں کشمیر کے محاذ پر منتقل کروا دیا ۔ مجاہدین نے ایک ماہ میں گِلگِت ۔ بَلتِستان ۔ مُظفرآباد ۔ مِیرپور ۔ کوٹلی اور بھِمبَر آزاد کرا کے جموں میں کٹھوعہ اور کشمیر میں سرینگر اور پونچھ کی طرف پیشقدمی شروع کر دی ۔ برطانوی فضائیہ کی پوری کوشش تھی کہ کوہالہ پُل توڑ دیا جائے لیکن اللہ سُبْحَانہُ وَ تعالٰی کو یہ منظور نہ ہوا ۔ وزیرستان کے قبائلیوں نے اپنے مسلمان بھائیوں کی امداد کے لئے جہاد کا اعلان کر دیا اور ان کے کچھ لشکر جہاد میں حصہ لینے کے لئے پہنچ گئے ۔ کچھ پاکستانی شہری اور فوجی چھٹیاں لے کر انفرادی طور پر جہاد میں شامل ہو گئے ۔ پھر اللہ کی نُصرت شامل حال ہوئی اور ڈوگرہ اور بھارتی فوجیں جن کو برطانوی ایئر فورس کی امداد بھی حاصل تھی پسپا ہوتے گئے یہاں تک کہ مجاہدین پونچھ کے کافی علاقہ کو آزاد کرا کے پاکستان کی سرحد کے ساتھ ساتھ جنوب کی طرف پیشقدمی کرتے ہوئے کٹھوعہ کے قریب پہنچ گئے ۔

پاکستان کے کمانڈر انچیف کی حکم عدولی

جب بھارت نے تقسيمِ ہند کے فیصلوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 27 اکتوبر 1947 کو جموں کشمیر میں فوجیں داخل کر دیں تو قائداعظم نے پاکستانی فوج کے برطانوی کمانڈر انچیف جنرل گریسی کو جموں کشمیر میں فوج داخل کرنے کا حکم دیا ۔ اس نے یہ کہہ کر حکم عدولی کی کہ میرے پاس بھارتی فوج کا مقابلہ کرنے کے لئے سازوسامان نہیں ہے ۔ دراصل اس کی وفاداری بھارت کے برطانوی گورنر جنرل لارڈ ماؤنٹ بيٹن کے ساتھ تھی ۔

بھارت کا واويلا

بھارت کو جموں کشمیر سے ملانے والا واحد راستہ پٹھانکوٹ سے جموں کے ضلع کٹھوعہ میں داخل ہوتا تھا ۔ بھارت نے خطرہ کو بھانپ لیا کہ مجاہدین نے کٹھوعہ پر قبضہ کر لیا تو بھارت کے لاکھوں فوجی جو جموں کشمیر میں داخل ہو چکے ہیں محصور ہو جائیں گے ۔ چنانچہ بھارت کے وزیراعظم جواہر لال نہرو نے اقوام متحدہ سے رحم کی بھیک مانگی اور يقين دہانی کرائی کہ امن قائم ہوتے ہی رائے شماری کرائی جائے گی اور فوری جنگ بندی کی درخواست کی ۔ اس معاملہ میں پاکستان کی رائے پوچھی گئی ۔ پاکستان کے وزیرِ اعظم لیاقت علی خان جنگ بندی کے حق میں نہیں تھے مگر وزیرِ خارجہ سر ظفراللہ نے کسی طرح ان کو راضی کر لیا ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جنوری 1948 میں جنگ بندی کی قرارداد اس شرط کے ساتھ منظور کی کہ اس کے بعد رائے شماری کرائی جائے گی اور عوام کی خواہش کے مطابق پاکستان یا بھارت سے ریاست کا الحاق کیا جائے گا ۔ مجاہدین جموں کشمیر نے پاکستان کی عزت کا خیال کرتے ہوئے جنگ بندی قبول کر لی ۔

جاری ہے ۔ ۔ ۔

سمجھا تو رکشا والا سمجھا

طنز و مزاح کا وصف خداداد ہوتا ہے اس کيلئے نہ مصنّف يا اخبار کا نمائندہ ہونا شرط ہے نہ اعلٰی تعليم يافتہ ہونا ۔ لاہور کی سڑکوں پر ايک رکشا دوڑتا پھر رہا ہے ۔ اس تصوير ميں رکشا کے مالک کا ذوق ديکھئے ايسا طنز کيا ہے کہ ابھی تک کوئی تعليم يافتہ بھی نہ کر پايا ۔ اسے سمجھنے کی کوشش کيجئے ۔

کيا ہوتا ۔ ۔ ۔

اُنيس دن قبل جب رات کو درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نيچے تھا سردی لگنے سے مجھے بخار ہو گيا ۔ ليٹے ليٹے ميرا دماغ چل پڑا اور ذہن سے جو شعر نکلے وہ نذرِ قارئين ہيں ۔ خيال رہے کہ ميں شاعر نہيں ہوں اسلئے کوئی غلطی ہو تو درگذر کيجئے

ميں دنيا ميں ہوں تو کيا ہوا ۔ گر نہ ہوتا تو کيا ہوتا
بچايا گناہوں سے اللہ نے ۔ مجھ پہ ہوتا تو کيا ہوتا
اپنائی نہ زمانے کی روِش کھائی ٹھوکريں زمانہ کی
چلتا گر ڈگر پر زمانے کی تو ترقی کر کے بھی تباہ ہوتا
لمبی تقريريں کرتے ہيں اوروں کو سبق دينے والے
خود کرتے بھلائی دوسروں کی تو اُن کا بھی بھلا ہوتا
کرو اعتراض تو کہتے ہيں تجھے پرائی کيا اپنی نبيڑ تو
اپنا بھلا سوچنے والے سوچتے دوسروں کا تو کيا ہوتا
کر کے بُرائی اکڑ کے چلتے ہيں ذرا ان سے پوچھو
نہ ہوتا اگر اللہ رحمٰن و رحيم و کريم تو کيا ہوتا
ياد رکھنا ميرے بچو ۔ ميرے مرنے کے بعد بھی
چلنے والا صراط المستقيم پر ہے کامياب ہوتا