Monthly Archives: June 2006

ہماری ثقافت يا کلچر کیا ہے ؟

کئی سالوں سے ثقافت یا کلچر کا بہت شور و غوغا ہے ۔ آخر ہماری ثقافت ہے کیا اور کہیں ہے بھی کہ نہیں ؟  یہ ثقافت یا کلچر ہوتی کیا بلا ہے ؟  آج سے پچاس سال پہلے جب میں گیارہویں یا بارہویں جماعت میں پڑھتا تھا تو میرا ثقافت کے ساتھ پہلا تعارف کچھ اِس طرح ہوا ۔ اپنے ایک ہم جماعت کے گھر گیا وہ نہ ملا ۔ دوسرے دن اس نے آ کر معذرت کی اور بتایا کہ رشیّن کلچرل ٹروپے [Russian Cultural Troupe] نے پرفارمینس [performance] دینا تھی ۔ میں دیکھنے چلا گیا ۔ میں نے پوچھا کہ پھر کیا دیکھا ؟  کہنے لگا ” اہُوں کلچر کیا تھا نیم عریاں طوائفوں کا ناچ تھا ” ۔

اب اپنے ملک کے چند تجربات جو روز مرّا کا معمول بن چکے ہیں

ميرے دفتر کے تين پڑھے لکھے ساتھی آفيسروں نے چھٹی کے دن سير کا پروگرام بنايا اور مجھے بھی مدعُو کيا  ۔ صبح 8 بجے ايک صاحب کے گھر پہنچ کر وہاں سے روانگی مقرر ہوئی ۔ وہ تينوں قريب قريب رہتے تھے ۔ ميرا گھر اُن سے 40 کلوميٹر دور تھا ۔ ميں مقررہ مقام پر5 منٹ کم 8 بجے پہنچ گيا تو موصوف سوئے ہوئے تھے ۔ دوسرے دونوں کے گھر گيا تو اُنہيں بھی سويا پايا ۔ مجھے ايک گھينٹہ انتظار کرانے کے بعد اُنہوں نے 9 بجے سير کا پروگرام منسوخ کر ديا اور ميں اپنا سا مُنہ لے کر 3 گھينٹے ضائع اور 80 کلوميٹر کا سفر کر کے واپس گھر آ گيا  ۔ 

چند سال قبل ميں لاہور گيا ہوا تھا اور قيام گلبرگ ميں تھا ۔ رات کو بستر پر دراز ہوا تو اُونچی آواز ميں ڈھما ڈھا موسيقی ساتھ بے تحاشہ شور ۔ سونا تو کُجا دماغ پھٹنے لگا ۔ انتہائی کَرب ميں رات گذری ۔ صبح اپنے مَيزبان سے ذِکر کيا تو بيزاری سے بولے “ہماری قوم پاگل ہو گئی ہے ۔ يہ بسنت منانے کا نيا انداز ہے “۔ محلہ میں کوئی شیرخوار بچہ ۔ بوڑھا یا مریض پریشان ہوتا ہے تو اُن کی بلا سے ۔

آدھی رات کو سڑک پر کار سے سکرِیچیں ماری جا تی ہیں ۔ اُن کی بلا سے کہ سڑک کے ارد گرد گھروں میں رہنے والے بِلبلا کر نیند سے اُٹھ جائیں ۔ ہمارے گھر کے پيچھے والی سڑک پر رات گيارہ بارہ بجے کسی مالدار کی ترقی يافتہ اولاد روزانہ اپنی اِسی مہارت کا مظاہرہ کرتی تھی ۔ اللہ نے ہم پر بڑا کرم کيا کہ وہ خاندان يہاں سے کُوچ کر گيا ۔  
ایک جگہ بھِیڑ اور شور و غُوغا سے متوجہ ہوۓ پتہ چلا کہ کوئی گاڑی ایک دس بارہ سالہ بچّے کو ٹکر مار کر چلی گئی ہے ۔ بچہ زخمی ہے ۔ کوئی حکومت کو کوس رہا ہے کوئی گاڑی والے کو اور کوئی نظام کو مگر بچّے کو  اُٹھا کر ہسپتال لیجانے کے لئے کوئی تیار نہیں ۔ يہ کام شائد اللہ تعالٰی نے مجھ سے اور ميرے جيسے ايک اور غير ترقی يافتہ [؟ ؟ ؟]  سے لينا تھا ۔

ایک مارکیٹ کی پارکنگ میں گاڑیاں عمودی پارک کی جاتی ہیں ۔ کار پارک کر کے چلا ہی تھا کہ ایک صاحب نےمیری کار کے پیچھے اپنی کار پارک کی اور چل دیئے ۔ ان سے مؤدبانہ عرض کیا کہ جناب آپ نے میری گاڑی بلاک  کر دی ہے پارکنگ میں بہت جگہ ہے وہاں پارک کر دیجئے ۔ وہ صاحب بغیر توجہ دیئے چل ديئے ۔ ساتھ چلتے ہوئے مزید دو بار اپنی درخواست دہرائی مگر اُن پر کوئی اثر نہ ہوا ۔ آخر اُن کا بازو پکڑ کر کھینچا اور غُصہ دار آواز میں کہا “گاڑی ہٹائیے اپنی وہاں سے” ۔ تو وہ صاحب اپنی ساتھی کو وہیں ٹھیرنے کا کہہ کر مُڑے اور اپنی کار ہٹائی

پھَل لینے گئے ۔ دکاندار سے کہا “بھائی داغدار نہ دینا بڑی مہربانی ہو گی” ۔ دکاندار بولا “جناب ہماری ایسی عادت نہیں” ۔ اس نے بڑی احتیاط سے چُن چُن کے شاپنگ بیگ میں ڈال کر پھَل تول دیئے ۔ گھر آ کر دیکھا تو 20 فيصد داغدار تھے ۔ ۔ ۔ دراصل اُس نے صحیح کہا تھا “ہماری ایسی عادت نہیں” یعنی اچھا دینے کی ۔

< پندرہ سولہ سال پہلے کا واقع ہے جب میں جنرل منیجر [گریڈ 20] تھا ہسپتال میں دوائی لینے کے لئے ڈسپنسری کے سامنے قطار میں کھڑا تھا چپڑاسی سے آفسر تک سب ایک ہی قطار میں کھڑے تھے ۔ ایک صاحب [گریڈ 19] آۓ اور سیدھے کھِڑکی پر جا کر چِلّائے" اوۓ ۔ یہ دوائیاں دو" ڈسپنسر نے سب سے پہلے اسے دوائیاں دے دیں ۔ ایک آفیسر کسی غیر ملک کا چند دن کا دورہ کر کے آۓ ۔ میں نے پوچھا کیسا ملک ہے ؟  بولے " کچھ نہ پوچھیئے ۔ وہاں تو روٹی لینے کے لئے لوگوں کی قطار لگی ہوتی ہے" ۔ کہہ تو وہ صحیح رہے تھے مگر غلط پیراۓ میں ۔ میں اُس ملک میں تقریباً سات سال رہ چکا تھا ۔ حقیقت یہ ہے کہ وہاں تو بس پر چڑھنے کے لئے بھی لوگ خود سے قطار میں کھڑے ہو جاتے ہیں اور ہسپتال میں دوائی لینے کے لئے بھی ۔ کیونکہ وہ لوگ ایک دوسرے کے حق کا احترام کرتے ہیں ۔ والدین اور اساتذہ نے ہمیں تربیت دی تھی کہ جب کسی سے ملاقات ہو جان پہچان نہ بھی ہو تو سلام کرو ۔ کبھی کسی کو سلام کیا اور اس نے بہت اچھا برتاؤ کیا اور کبھی صاحب بہادر ہميں حقير جان کر اکڑ گئے ۔ کوئی ہفتہ پہلے ميں کار پر جا رہا تھا ۔ ايک چوک پر ميں درمیانی لين ميں تھا جو سيدھا جانے کيلئے تھی ۔ ايک لين ميرے بائيں طرف تھی جو بائيں جانب مُڑنے کيلئے تھی ۔ بتی سبز ہونے پر چل پڑے ۔ ميں چوک يا چوراہا يا چورنگی ميں داخل ہوا ہی چاہتا تھا کہ ايک کار ميری بائيں جانب سے بڑی تيزی سے ميرے سامنے سے گُذر کر داہنی طرف کو گئی ۔ ديکھا تو وردی ميں ملبوس ايک کرنل اُس کار کو چلا رہے تھے ۔ سُنا تھا کہ فوج ميں بڑا ڈسِپلِن  ہوتا ہے ۔     بازار میں آپ روزانہ دیکھتے ہیں کہ بلا توقف  نقلی چیز  اصل کے بھاؤ بیچی جا رہی ۔ ہم ہیں تو مسلمان مگر ہم نے ناچ گانا ۔ ڈھول ڈھمکْا اور نیو ایئر نائٹ اپنا لی ہے ۔ بسنت پر پتنگ بازی کے نام پر راتوں کو ہُلڑبازی ۔ اُونچی آواز میں موسیقی ۔ شراب نوشی ۔ طوائفوں کا ناچ غرضیکہ ہر قسم کی بد تمیزی جس میں لڑکیاں يا عورتيں بھی لڑکوں کے شانہ بشانہ ہوتی ہیں ۔ [ابھی ہولی اور کرسمس باقی رہ گئی ہيں] کیا یہی ہے ہماری ثقافت یا کلچر ؟   کیا پاکستان اِنہی کاموں کے لئے حاصل کيا گيا تھا ؟  کیا یہی ترقی کی نشانیاں ہیں ؟ یا اللہ ہمیں صحیح راہ پر چلنے کی توفیق عطا فرما ۔ آمین ۔ میرا انگريزی کا بلاگ مندرجہ ذیل یو آر ایل پر کلِک کر کے يا اِسے اپنے براؤزر ميں لکھ کر پڑھيئے ۔
Hypocrisy Thy Name
http://iabhopal.wordpress.com – – یہ منافقت نہیں ہے کیا

دیر سے دے جو مرغا بانگ

ہمارے پڑوسی نے دو ماہ پیشتر ایک مرغا پال لیا ۔ وہ رات گیارا بجے بانگیں دینا شروع کر دیتا ہے اور میری نیند خراب کر دی ۔ یہی کچھ کم نہ تھا کہ میرے چھوٹے بھائی کو کسی نے مرغا تحفہ دے دیا ۔ دونوں میں بانگوں کا مقابلہ جاری ہوا  اور میری نیند اور چین حرام ۔ میں نے بھابھی کو پیشکش کی کہ اس نسل کا گوشت بہت لذیذ ہوتا ہے ۔ میں اسےذبح کر دیتا ہوں کھانے میں لُطف آئے گا ۔ جواب ملا کہ دینے والے نے وعدہ لیا تھا کہ اِسے ذبح نہیں کرنا ۔ یا میرے مولا تیرے یہ مجبور بندے کدھر جائیں ؟ سنا ہے کِسی زمانہ میں مرغا دوپہر یا آدھی رات کو بانگ دے تو اُسے ذبح کر دیا جاتا تھا ۔ اب تو جانور بھی آزاد ہیں جو چاہیں سو کریں

میرا انگريزی کا بلاگ مندرجہ ذیل یو آر ایل پر کلِک کر کے يا اِسے اپنے براؤزر ميں لکھ کر پڑھيئے ۔  Hypocrisy Thy Name http://iabhopal.wordpress.com – – یہ منافقت نہیں ہے کیا

دِل کی اے دھڑکن ۔ ۔ ۔

نعمان صاحب بيان تو کراچی کے کُتوں کے خصائل کر رہے تھے  مگر  رگڑا  اہلِ کراچی کو لگا رہے تھے ۔ ميرے خيال ميں حالت پورے مُلک کی تقريباً يکساں ہے بالخصوص کراچی ۔ لاہور اور اسلام آباد کی ۔  البتہ بُرائياں اور مشہوری آبادی کے مطابق کم يا زيادہ ہے ۔ 

کُتا تو آخر کُتا ہے ۔ کُتے دا پُتر ہے اور کُتيا کا بچہ بھی۔ ۔  ۔  قابلِ غور بات يہ ہے کہ اپنے آپ کو اشرف المخلوقات سمجھنے والے کُتوں سے بازی لے جانے کی تگ و دَو ميں ہيں ۔ نعمان صاحب کے لکھے کے علاوہ بہت سی باتيں ہيں مگر فی الحال جو زيادہ اہم ہيں ۔ 

صرف کراچی ميں اوسط ايک دن ميں سرکاری اعداد و شُمار کے مطابق ۔ اصل زيادہ ہو سکتے ہيں

تين آدمی قتل کئے جاتے ہيں ۔ گولی ۔ چھُری يا گاڑی سے

پانچ گھروں ميں ڈاکے پڑتے ہيں

پچيس گاڑياں چوری کی جاتی يا چھينی جاتی ہيں ۔

ساٹھ موبائل فون چھينے جاتے ہيں ۔ 

پُرانا آدمی ہوں تو شعر بھی پُرانے ياد آتے ہيں ۔  کسی زمانہ کی عورت گايا کرتی تھی

آپ کی نظروں نے  سمجھا  پيار کے قابل مُجھے

دِل کی اے دھڑکن ٹھہرجا  مِل گئی منزِل مجھے

ليکن اب تو نئی منزليں اور نئی راہيں ہيں ۔ روشن خيال حکومت کی پاليسيوں کی بدولت مُلک ترقی کر گيا ہے اور عورت آزادی حاصل کر کے مرد کے شانہ بشانہ ميدانِ عمل ميں اُتر آئی ہے ۔ ملاحظہ فرمائيے چند جھلکياں ۔

دو يا تين عورتيں تيزی سے چلتے ہوئے بازار  يا  مارکيٹ ميں شاپِنگ کرتی ہوئی عورت يا لڑکی کو دھکا ديتی ہيں اور اُس کے  سنبھلنے سے قبل اُس کے بيگ ميں سے موبائل فون يا نقدی يا دونوں نکال کر رفو چکر ہو جاتی ہيں ۔

دو خواتين نے ايک ٹيکسی لی ۔ منزلِ مقصود پر پہنچ کر اُتر گئيں ۔ ٹيکسی ڈرائيور نے کرايہ مانگا تو ايک نے اپنے بيگ ميں سے پستول نکال کر اس کی ٹيکسی کا ٹائر برسٹ کر ديا اور چلی گئيں ۔ 

ايک آدمی نے قسطوں پر رکشا خريدا ۔ اُس کی قسط 3000 روپے دينے جا رہا تھا کہ دو عورتوں نے روک کر ساحل سمندر جانے کو کہا ۔ ايک سُنسان جگہہ لے جا کر اُتريں اور ايک نے رکشا والے کی کنپٹی پر پستول تان ليا اور دوسری نے اُس کی جيبوں کی تلاشی لے کر 3000 روپے سميت سب رقم نکال لی اور دھَمکاتے ہوئے غائب ہو گئيں ۔

       اسلام آباد ميں ايک سپيشيلِسٹ ڈاکٹر ہسپتال سے فارغ ہو کر گھر جا رہے تھے ۔ راستہ ميں دو عورتوں نے رُکنے کا اشارہ کيا اور کہا کہ ہميں کوئی سواری نہيں مل رہی تھوڑا  آگے اُتار ديں ۔ ڈاکٹر صاحب نے کار کا پچھلا دروازہ کھولا اور وہ بيٹھ گئيں ۔ کار چلتے ہی اُن عورتوں نے روشن خيالی شروع کر دی ۔ ڈاکٹر صاحب تاريک خيال تھے گھبرا گئے اور عورتوں سے تہذيب کی درخواست کی ليکن اُلٹا عورتوں نے قُربت اختيار کرنا چاہی جس پر ڈاکٹر صاحب نے کار  روک کر عورتوں کو اُتر جانے کا کہا ۔ ايک بولی "اگر 500 روپيہ ديديں تو ہم اُتر جاتی ہيں ورنہ شور مچا کر لوگوں کو اکٹھا کر ليں گی"۔ ڈاکٹر صاحب نے  500 روپيہ دينے ہی ميں خيريت جانی ۔

    میرا انگريزی کا بلاگ مندرجہ ذیل یو آر ایل پر کلِک کر کے يا اِسے اپنے براؤزر ميں لکھ کر پڑھيئے

   Hypocrisy Thy Name – – http://iabhopal.wordpress.com – – یہ منافقت نہیں ہے کیا

نئی شاہراہ

ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ ایک بادشاہ نے ایک شاہراہ بنوائی اور اِس کے افتتاح کے لئے ایک دوڑ کا اعلان کیا جس میں تمام شہری حصہ لیں اور یہ کہ جو سب سے اچھا سفر کرے گا بادشاہ اُسے اِنعام دے گا ۔ سب نے بڑے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ شاہراہ کے دوسرے سِرے پر بادشاہ سب دوڑنے والوں کے تاءثرات پُوچھتا رہا ۔ کسی نے شاہراہ کی تھوڑی کسی نے زیادہ تعریف کی مگر سب نے بتایا کہ شاہراہ پر ایک جگہ بجری پڑی ہے ۔ اگر اُسے اُٹھوا دیا جائے تو بہت اچھا ہو ۔

شام تک سب لوگ چلے گئے تو بادشاہ اُٹھ کر جانے لگا ۔ ایک سپاہی نے خبر دی کہ دوڑ میں حصہ لینے والوں میں سے ایک آدمی جو شاہراہ میں صبح سویرے داخل ہوا تھا ابھی آنا باقی ہے ۔ کچھ دیر بعد ایک درمیانی عمر کا شخص دھُول میں لت پت تھکا ہارا  ہاتھ میں ایک تھیلی پکڑے پہنچا اور بادشاہ سے مخاطب ہوا "جناب عالی ۔ میں معافی چاہتا ہوں کہ آپ کو انتظار کرنا پڑا ۔ راستہ میں کچھ بجری پڑی تھی ۔ میں نے سوچا کہ آئندہ اِس شاہراہ سے گذرنے والوں کو دقّت ہو گی ۔ اُسے ہٹانے میں کافی  وقت لگ گیا ۔ بجری کے نیچے سے یہ تھیلی ملی ۔ اس میں ایک سو سونے کے سِکّے ہیں ۔ آپ کے سڑک بنانے والوں میں سے کسی کے ہوں گے ۔ اُسے دے دیجئے گا " ۔ بادشاہ نے کہا " یہ تھیلی اب تمہاری ہے ۔ میں نے رکھوائی تھی ۔ یہ تمہارا انعام ہے ۔ بہترین مسافر وہ ہوتا ہے جو مستقبل کے مسافروں کی سہولت کا خیال رکھے" ۔      

دعا ہے کہ اللہ ہمارے ملک میں بھی ایسے لوگ پیدا کر دے ۔ مجھے یقین ہے کہ وہ بادشاہ سے نہیں تو اللہ سے انعام ضرور پائیں گے ۔

*

  میرا انگريزی کا بلاگ مندرجہ ذیل یو آر ایل پر کلِک کر کے يا اِسے اپنے براؤزر ميں لکھ کر پڑھيئے ۔ 

Hypocrisy Thy Name – –  http://iabhopal.wordpress.com – – یہ منافقت نہیں ہے کیا

آزاد يا کَٹھ پُتلی ؟

آزادیءِ نسواں ايک پُر کشش نعرہ ہے جو عورتوں کے دِل موہ ليتا ہے اور وہ مردوں کی غلامی سے نجات کے شوق ميں مردوں کی کٹھ پُتلی بن جاتی ہيں ۔ کيا يہ حقيقت نہيں کہ آج مغربی دُنيا کی نام نہاد آزاد عورت کی حيثيت ايک کٹھ پُتلی کی سی ہے جس کا ہر عمل مرد کی خواہشات کا مرہونِ منت ہے ؟   

عورت کی عُمدگی کو اس کی عقل و فہم کی بجائے  اس کے جسمانی خدوخال اور جِنسی کشش سے ناپا جانے لگا  ۔ عورت سے اس کا قدرتی منصب و کردار [ماں ۔ بہن ۔ بيوی ۔بيٹی] چھين کر اسے اشتہاروں ۔ سينماؤں ۔  سٹيج اور محفل کی زينت بنا ديا گيا تاکہ وہ مرد کی تفننِ طبع کا سامان مہياء کر سکے ۔ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کے عطا کردہ تمام حقوق جن کی رو سے وہ گھر کی مالکن اور قابلِ احترام بنتی ہے عورت سے چھين کر نہ صرف روزی کمانے کی ذمہ داری اس پر ڈالی گئی بلکہ مرد گاہکوں کی خوشنودی کی خاطر دفاتر اور ہوٹلوں کی زينت بنايا گيا ۔ عورت کو آزادی کا چکمہ دے کر مرد نے اسے اپنی نفسانی خواہشات کا کھلونا بنا ديا اور اب عورت کو اس جال سے باہر نکلنے کا راستہ بھی ميسّر نہيں ۔  

آخر ايسا کيوں ہے کہ اشتہار موبائل فون کا ہو ۔ کار ۔ ٹيليويزن حتٰی کہ  ريزر بليڈ کا ۔ اس ميں تصوير عورت کی ہوتی ہے ۔ نيم عُرياں يا عُرياں ناچ ہو تو عورت کا ۔ کپڑوں کے اشتہار ہوں يا کوئی اور اُن ميں سب سے بڑا عنصر عورت کے جسم کی نمائش کا ہوتا ہے ۔ کيا نيم عُرياں نوجوان عورت کا کُولہے مٹکا کر مردوں سے داد و تحسين پانا آزادیءِ نسواں کہلاتا ہے ؟  

مغربی دنيا ميں مرد جب چاہتا ہے عورت سے لُطف اُٹھاتا ہے اور اس کے نتيجہ ميں بچہ جننا يا ضائع کرنا مرد کے حُکم کا تابع ہوتا ہے جبکہ ساری تکليف يا زحمت عورت اُٹھاتی ہے ۔ خاوند کے ساتھ ساتھ بيوی بھی گھر کے خرچ کيلئے پيسہ کماتی ہے اور امورِ خانہ داری اور بچوں کی پرورش عورت کی ہی ذمہ داری ہوتی ہے ۔ کيا يہی مساوات يا مساوی حقوق ہيں ؟  اگر مادی مساوات ہی کرنا ہے تو پھر مردوں کو بھی امورِ خانہ داری کے علاوہ بچوں کی پرورش کرنا چاہيئے ۔ اس کے علاوہ مردوں کے بھی نيم عُرہاں يا عُرہاں ناچ ہونا چاہئيں تھے اور بچہ جننے کی تکليف عورت اور مرد باری باری اُٹھاتے ۔ ليکن ايسا نہيں ہے اور نہ ہو گا ۔  

مغربی معاشرہ جہاں عورت کی آزادی کا ڈھنڈورہ پيٹا جاتا ہے وہاں عورت کی بے بسی قابلِ رحم ہے ۔ عورت مرد کو خوش کرتے ہوئے عام طور پر شادی سے پہلے حاملہ ہو جاتی ہے اور پھر اسی مرد کی خوشنودی کی خاطر حمل ضائع کر کے جسمانی اور ذہنی اذيّت سے گذرتی ہے ۔ شادی کے بعد اپنے خاوند کے بچہ پيدا کرنا يا  ضائع کرنا بھی خاوند کے حُکم سے ہوتا ہے ۔  

آج تو حالات بالکل ہی دِگرگُوں ہو چکے ہيں ۔ لگ بھگ چار دہائياں پہلے کی بات ہے ميں اس زمانہ ميں مغربی جرمنی ميں تھا ۔ ايک ہم عمر آسٹروی نزاد جرمن ميرا دوست بن گيا ۔ ہم اکٹھے گومتے پھرتے ۔ جب میرا  واپسی کا سلسلہ ہوا تو کہنے لگا "اجمل ميرے لئے کسی دن بہت سا وقت نکالو ميں تمہارے ساتھ بہت سی باتيں کرنا چاہتا ہوں"۔ اگلے اتوار کو سارا دن اکٹھے گذارا ۔ اُس نے اپنی پيدائش سے ليکر اُس دن تک کی آپ بيتی اور اپنے خيالات بتائے ۔ آخر ميں کہنے لگا " اجمل ۔ ميں مسلمانوں کی بہت عزت کرتا ہوں ۔ ميں نے آسٹريا ۔جرمنی اور تُرکی ميں تعليم حاصل کی ہے ۔ ميں دو سال انقرہ يونيورسٹی ميں رہا ۔ وہاں تُرکوں کی تمام عادتيں يورپ کے لوگوں کی طرح تھيں ۔ شراب پيتے ۔ لحم الخنزير کھاتے ۔ ناچتے گاتے مگر ايک عجيب بات تھی وہاں بہت ڈھونڈنے سے شائد کوئی عورت ملے جو شادی سے پہلے کسی مرد کے ساتھ سوئی ہو جبکہ يورپ ميں بہت ڈھونڈنے سے شائد کوئی عورت ملے جو شادی سے پہلے کسی مرد کے ساتھ نہ سوئی ہو ۔ وہاں سے آنے کے بعد ميں بالکل بدل گيا ۔ ميں نے الکُحل بلکہ بيئر پينا بھی چھوڑ دی ۔ لڑکيوں کے ساتھ ناچنا بھی چھوڑ ديا ۔ اب ميں اپنے وطن ميں اجنبی ہوں ۔ مسلمان جيسے کيسے بھی ہيں ميرے دل ميں اُن کيلئے بہت عزت ہے"۔ کيا يہی ہے آزادیءِ نسواں جس کا پرچار مغرب والے کرتے ہيں ؟ 

ہمارے ہم وطن "کوا دُم ميں مور کا پنکھ لگا کر لگا تھا مور بننے ۔ نہ تو مور بنا نہ کوّوں ميں واپس آ سکا" کی مثال بن رہے ہيں ۔ ہمارا مسئلہ آزادیءِ نسواں نہيں بلکہ عورت کا جو احترام اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے مردوں پر واجب کيا ہے اُسے بحال کرنا ہمارا اصل مسئلہ اور ہر مسلمان کا فرض ہے ۔ نہ تو اللہ نے عورت کو قيد کرنے کا حُکم ديا ہے اور نہ آوارہ گردی کی اجازت ۔ 

حقيقت يہ ہے کہ آزادیءِ نسواں کا نعرہ مردوں نے روشناس کروايا اور عورتوں کو ماں بہن بيوی اور بيٹی کے پاکيزہ اور مقدّس مقام سے دھکيل کر جِنسِ نمائش اور مردوں کی خواہشات کی کٹھ پُتلی بنا ديا ۔  اصل ميں تو  يہ آزاریءِ نسواں کی بجائے مرد کو کھُلی چھُٹی ہے ۔ اے مُسلماں ۔ کھول آنکھ کہ زمانہ چال قيامت کی چل گيا ۔

    * 

میرا انگريزی کا بلاگ مندرجہ ذیل یو آر ایل پر کلِک کر کے يا اِسے اپنے براؤزر ميں لکھ کر پڑھيئے ۔

  Hypocrisy Thy Name – –  http://iabhopal.wordpress.com  – – یہ منافقت نہیں ہے کیا

لاثانی

اپنی زوجہ کے تعارف میں کہا اِک شخص نے

دِل سے ان کا معترف ہوں میں زبانی ہی نہیں

چائے بھی اچھی  بناتی ہیں  میری  بیگم  مگر

مُنہ  بنانے  میں  تو   ان  کا  کوئی  ثانی  نہیں

 

انور مسعود

 * 

میرا انگريزی کا بلاگ مندرجہ ذیل یو آر ایل پر کلِک کر کے يا اِسے اپنے براؤزر ميں لکھ کر پڑھيئے ۔

  Hypocrisy Thy Name – –  http://iabhopal.wordpress.com – –   یہ منافقت نہیں ہے کیا

عشق و محبت

لیلٰی و قیس [مجنوں] ۔ شیریں و فرہاد ۔ ہیر و رانجا ۔ سوہنی و مہیں وال ۔ سسّی و پُنُوں ۔ سہتی و مُراد وغیرہ کے عِشقیہ افسانے کون نہیں جانتا ۔ لیلٰی کو حاصل نہ کر سکنے کے نتیجہ میں شہزادہ قیس پاگل [مجنوں] ہو گیا اور جنگلوں میں بھٹکتا رہا ۔ شیریں کی قُربت کیلئے فرہاد پتھر کے پہاڑوں میں نہر کھودتا رہا ۔ ہیر کو حاصل کرنے کیلئے تخت ہزارہ کے شہزادے نے رانجا کا روپ دھار کر ہیر کے باپ کا کمّی [غلام] بننا قبول کیا ۔ سوہنی کے عشق میں ایک زمیندار سب کچھ چھوڑ کر سوہنی کے باپ کا مہیں وال [بھنسیں چرانے والا] بنا ۔ سسّی کو پانے کیلئے شہزادہ پُنّوں صحراؤں کی گردش میں گم ہو گیا ۔ بلوچستان کے نواب کا بیٹا مُراد جھنگ سے گذرتے ہوئے سہتی کے عشق میں گرفتار ہوا ۔ سہتی کے خاندان کے بلوچوں میں لڑکی بیاہنے سے انکار کے باوجود جھنگ میں ہی الغوزہ بجاتا رہا ۔

اُردو کاایک مصدر ہے تسلیم کرنا ; یعنی مان لینا ۔ اِ سکا اِسم فاعل ہے مُسلِم چنانچہ مُسلم وہ ہوتا ہے جو تسلیم کرے یا مانے ۔ اب فرض کیجئے کہ ایک شخص کو بُخار ہے اور وہ تسلیم کرتا ہے یا مانتا ہے کہ بُخار پَیناڈول کھانے سے بخار اُتر جائے گا تو ضروری بات ہے کہ وہ پَیناڈول کھا لے گا ۔ اور اگر نہیں کھائے گا تو اِس کا مطلب ہو گا کہ وہ کہہ تو رہا ہے کہ مانتا ہوں کہ پيناڈول سے بخار اُتر جائے گا لیکن حقیقتا میں مانتا نہیں ہے ۔

مُسلِم کے لُغوی معنی تو اُوپر لکھ دیئے مگر اِصطلاحی طور پر مُسلِم یا مُسلمان اُس شخص کو کہا جاتا ہے جو اللہ سُبْحَانُہُ وَ تَعَالٰی کی اطاعت قبول کرتا ہے یعنی اللہ کا ہر حُکم مانتا یا کم از کم ماننے کا دعویدار ہوتا ہے ۔ ايک مُسلم يا مُسلمان اللہ کا حُکم تب ہی ماننے کے قابل ہو گا جب اُسے معلوم ہو گا کہ اللہ کا حُکم کیا ہے ۔ اللہ کے حُکم کو جاننے کے لئے اُسے قرآن الحکیم کو پڑھ کر اسکے معنی سمجھنا پڑیں گے ۔

قرآن شریف میں سب سے پہلی شرط اللہ کو یکتا معبود ماننے کی ہے ۔ مندرجہ بالایعنی محبوب یا معشوق وقتی اور محدود فائدہ والے لوگ ہیں ۔ معبود وہ ہوتا ہے جِسے دل اور عقل دونوں اپنا محبوب مانيں چنانچہ معبود کا درجہ محبوب یا معشوق سے بہت بُلند ہوتا ہے مگر معبود کے لئے مُسلم یا مُسلمان ہونے کا دعویٰ کرنے والے کيا کرتے ہيں کبھی سوچا ہم نے ؟

چلئے ليلٰی مجنوں شيريں فرہاد کے تو پُرانے قصّے ہیں ۔ آجکل لوگوں کا عام طور پر رویّہ یہ ہوتا ہے کہ جس کسی سے کسی وقتی فائدہ کی اُمید ہو اُس کی خدمت کے بہانے ڈھونڈے جاتے ہیں اور اُسے خوش رکھنے کی حتی الوسع کوشش کی جاتی ہے اور اس کوشش میں جو سب کو فائدہ پہنچانے والا ہے اور بے حساب فائدہ پہنچاتا ہے اُس کو بھول جاتے ہیں پھر کہتے ہیں کہ ہم مُسلمان ہیں ۔

آج کے مُسلمان کا حال يہ ہے کہ تجارت ۔ لين دين ۔ انصاف ۔ رشتہ داروں سے سلوک ۔ محلہ داروں سے سلوک ۔ غريبوں يا مِسکينوں سے سلوک سب ميں اللہ اور رسول کے بتائے ہوئے اصولوں کی بجائے صرف اپنی خودغرضی ياد رکھتا ہے ۔ يہ بھی خيال نہيں کرتا کہ اگر کوئی دوسرا اس کے ساتھ ايسا کرے تو وہ کيا محسوس کرے گا ۔ يہ کوتاہ انديشی ہے جسے ہوشياری سمجھ ليا گيا ہے ۔
اللہ ہمیں قرآن الحکیم کو پڑھنے ۔ سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین ۔