Monthly Archives: August 2005

وضاحت

میری 23 اگست کی تحریر سے کچھ سوالات نے جنم لیا ہے ۔ میں نے سوچا کہ جواب پوسٹ میں دیا جائے تاکہ سب اپنی رائے کا اظہار کر سکیں ۔متذکّرہ سوالنامہ آٹھویں نویں اور دسویں جماعت کے طلباء و طالبات کو ان سکولوں میں دیا گیا تھا جنہوں نے آغا خان بورڈ سے الحاق کیا تھا یا اس کے لئے درخواست دی تھی ۔ بیکن ہاؤس جس کی ایڈمنسٹریٹر یا مینجنگ ڈائریکٹر خورشید محمود قصوری کی بیگم ہیں پیش پیش تھا ۔ یہ اس سال کے شروع کا واقع ہے ۔ ایک صاحب نے مجھے سوالنامے کی جھلک دکھائی تھی ۔ میں ان دنوں کافی بیمار تھا اس لئے کچھ لکھنا ممکن نہ ہوا ۔ سب سوال مجھے یاد نہیں مگر اتنا یاد ہے کہ دادا ہونے کے باوجود مجھے یہ سوال شرمناک محسوس ہوئے

۔ایک سادہ سوال جو یاد پڑتا ہے اس طرح تھا ۔ کیا آپ کا کسی سے جنسی تعلق قائم ہوا ہے ۔ کتنا عرصہ رہا اور اس کے بعد آپ نے کیا محسوس کیا ؟

سعادت حسن منٹو کی متذکّرہ کتاب کی وجہ سے منٹو پر مقدمہ چلا تھا اور قید ہوئی تھی ۔ سنا تھا کہ منٹو نے عدالت میں کہا تھا کہ میں حقیقت بیان کرتا ہوں ۔گندگی کے ڈھیر پر چادر پڑی ہوتی ہے میں صرف اسے اٹھا دیتا ہوں ۔ جج نے کہا تھا جو کچھ آپ اپنی بیوي کے ساتھ کرتے ہیں کیا اس پر سے بھی آپ چادر اٹھا دیتے ہیں تا کہ آپ کے بچوں کو اپنی پیدائش کی حقیقت معلوم ہو جائے ؟ اس کے بعد منٹو کچھ نہ بولا ۔ یہ کتاب ممنموع قرار دی گئی تھی ۔ ذوالفقارعلی بھٹو کے زمانہ میں پابندی اٹھائی گئی تھی مگر ضیاء الحق کے زمانہ میں پھر پابندی لگ گئی تھی ۔ پرویز مشرف کے کمال سے کمسن بچوں کے کورس کا حصہ بن گئی تھی مگر نکالنی پڑی ۔ تیس سال قبل کسی نے اس کتاب کے چند صفحے بطور نمونہ مجھے پڑھائے تھے ۔ ان صفحوں میں ایک مفروضہ زنا کی پوری تفصیل تھی ۔

بریگیڈیئر قاضی نے لفظ پورنو استعمال کیا ہے ۔ میں تو نفسانی شہوت پیدا کرنے والی کہانیاں کہوں گا ۔ میرا خیال ہے کہ پورنوگرافی بھی اسی کا انگریزی ترجمہ ہے ۔ ایک پاکستانی ڈکشنری میں پورنوگرافی کا ترجمہ فحش نگاری ہے ۔ ملاحظہ ہو پورنوگرافی کا ترجمہ انگریزی ميں ۔

(1) The depiction of erotic behavior (as in pictures or writing) intended to cause sexual excitement. (2) Material (as books or a photograph) that depicts erotic behavior and is intended to cause sexual excitement

اصل مسئلہ تو یہ ہے کہ آٹھویں نویں اور دسویں جماعت کے طلباء و طالبات سے عریاں جنسی سوالات پوچھنے کی کیا ضرورت تھی ؟ نویں دسویں کے طلباء و طالبات کو نفسانی شہوت پیدا کرنے والی کہانیاں پڑھا کر تعلیم کا معیار کیسے بلند ہو گا ؟ اور اس سب کے پیچھے اصل مقصد کیا ہے ؟ کیا امریکہ یا برطانیہ جہاں سیکس مادر پدر آزاد ہے میں دسویں یا بارہویں کے کورس میں نفسانی شہوت پیدا کرنے والی کہانیاں شامل ہیں ؟

ہم کسی ہوٹل میں صرف ایک وقت کا کھانا کھانے جائیں تو بھی پہلے پرکھ لیتے ہیں کہ وہاں کیسے لوگ ہوں گے اور ہمیں کیسا کھانا ملے گا مگر بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہم اپنے بچوں کا مستقبل صرف بڑا نام یا امارت دیکھ کر غلط لوگوں کے سپرد کر دیتے ہیں ۔ اپنے بچوں کو آغاخان بورڈ کے سپرد کرنے سے پہلے یہ تو معلوم کر لینا چاہیئے کہ آغاخان کیا تھے اور اتنے امیر اور ہزہائینس کیسے بنے اور اب ان کے کیا مشاغل ہیں ۔ کلک کیجئے پہلی قسط کے لئے یہاں اور دوسری قسط کے لئے یہاں ۔
مختصر یہ کہ اسماعیلیوں سے غدّاری اور انگریزوں کی خدمت کے عوض ایک دن میں امیر و کبیر بن گئے تھے اور ہزہائینس بھی ۔

دانیال صاحب کا استفسار ۔ چھٹی قسط

دانیال صاحب مزید پوچھتے ہیں ۔ کیا مدارس کے نظام میں بہتری کی گنجائش ہے؟ اور اگر ہے تو وہ بہتری کس قسم کی ہونی چاہیئے؟

خوب سے خوب تر کی تلاش نہ کی جائے تو ترقی تو کیا انسان رو بہ تنزل ہو جاتا ہے ۔ سب سے پہلے سکولوں ۔ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں دینی تعلیم کو فعال بنا کر کم از کم دوسرے مضامین کے ہم پلّہ بنانا چاہیئے ۔ایک بات ذہن میں رہنا چاہیئے کہ دینی مدرسوں کا آزاد ہونا اشد ضروری ہے ورنہ جو حکومت آئے گی وہ اپنی پسند کا اسلام مدرسوں میں نافذ کر دے گی اور مدرسوں کا فائدہ ہونے کی بجائے مدرسے زحمت بن جائیں گے ۔ مزید مدرسوں کے خلاف معاندانہ پروپیگنڈہ جگ ہنسائی اور اپنے آپ کو گالی دینے سے کم نہیں ہے اس لئے یہ بند ہونا چاہیئے ۔

دین اسلام کی اعلی تعلیم رکھنے والے باعمل سکالرز کی ایک کمیٹی بنانا چاہیئے جو مدرسوں کے سلیبس اور سہولتوں کا مطالع کر کے سفارشات تیار کرے ۔ ان سفارشات پر عمل کرنے کے لئے فنڈز مہیا کئے جائیں اور اسی کمیٹی کی نگرانی میں ان پر عمل کیا جائے ۔ فوری طور پر دینی مدرسوں کو مناسب تعداد میں کمپوٹر مہیا کئے جائیں اور مدرسوں کے اساتذہ کو کمپیوٹر کا استعمال سکھایا جائے ۔ ان کمپیوٹروں پر طلباء قرآن شریف ۔ حدیث اور فقہ کے علاوہ عام استعمال ہونے والی سافٹ ویئر میں بھی دسترس حاصل کریں ۔ ان طلباء کو دین کے مکمل کورس کے ساتھ ساتھ ان کی استداد اور خواہش کے مطابق دوسرے علوم بھی پڑھائے جائیں یعنی انگریزی ۔ فارسی ۔ ریاضی ۔ معاشیات ۔ معاشرتی علوم ۔ طبیعات ۔ کیمیات وغیرہ ۔

مدرسوں کو اس قابل بنایا جائے کہ عام سکولوں اور کالجوں سے تعلم حاصل کرنے کے بعد جو لوگ چاہیں ان مدرسوں میں پڑھ کر مزید دینی تعلیم حاصل کر سکیں ۔ ان مدرسوں میں ہمہ وقتی اور جزوقتی کورس بھی ہونے چاہیئں تا کہ شام کے وقت وہ لوگ دینی تعلیم حاصل کر سکیں جو دن کے وقت ملازمت کرتے ہیں یا دوسرے سکولوں یا کالجوں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں ۔ دینی مدرسوں کی مجبوری وسائل کی کمی ہے ۔ نہ صرف مالی بلکہ افرادی بھی ۔اس لئے اس تبدیلی کے لئے اور تبدیلی کے بعد کافی مالی اور افرادی وسائل کی ضرورت ہوگی جس کے بغیر کچھ بھی نہیں ہو سکتا ۔اگر حکومت غریبوں کی واقعی خیر خواہ ہے تو ہر مسجد کے امام اور مؤذن کے لئے مدرسہ کی ڈگری اور سرٹیفیکیٹ لازمی کر دے اور تمام سکولوں میں اسلامیات پڑھانے والوں کے لئے مدرسہ کی ڈگری لازمی کر دے اور ان کو باقی اساتذہ کے برابر تنخوا دی جائے ۔ اس طرح جاہل اماموں ۔ تعویز دھاگے اور قبروں کے پوجنے سے نجات حاصل ہو جائے گی اور ہماری اگلی نسل اسلام کو صحیح طرح سمجھ سکے گی ۔

کبھی ہم نے غور کیا کہ ہم اپنے بچے کو قرآن شریف پڑھانے والے کو کیا مشاہرہ دیتے ہیں اور انگریزی یا سائنس یا حساب پڑھانے والے کو کیا مشاہرہ دیتے ہیں ۔ بیس سال قبل میں نے اپنے بیٹے کو قرآن شریف پڑھانے کے لئے ایک قاری صاحب سے بات کی ۔ مشاہرہ انہوں نے نہ مانگا مگر میں نے اپنی مرضی سے انہیں ایک سو روپیہ ماہوار دینا شروع کیا ۔ جن صاحب کی معرفت میں ان قاری صاحب تک پنہچا تھا پوچھنے لگے کہ آپ قاری صاحب کو کیا دیں گے ؟ میں نے بتایا تو کہنے لگے اتنے زیادہ کیوں دے رہے ہیں سائنس یا انگلش تو نہیں پڑھانی انہوں نے ۔

مدرسوں میں سائنس وغیرہ پڑھانا حکومت کا محظ ایک ڈھکوسلہ ہے ۔ اس کے لئے کروڑوں نہیں اربوں روپیہ سالانہ درکار ہے ۔ ہماری حکومت جو منافع بخش ادارے بیچ کر اور قرضے لے کر اپنا خرچ پورا کر رہی ہے وہ مزید روپیہ کہاں سے لائے گی ۔ دیگر کیا پاکستان میں تمام طلباء و طالبات کو سائنس پڑھائی جاتی ہے ؟ کمال تو یہ ہے کہ سائنس کی تعلیم کا انتظام بہت سے سکولوں اور کئی کالجوں میں ابھی تک نہیں ہے اور جن میں ہے ان میں سے بھی آدھے ایسے ہیں جہاں مناسب بندوبست نہیں ہے ۔ ایک جملہ معترضہ ۔ اگر مدرسوں سے پڑھے ہوؤں کو نہ گنا جائے تو پاکستان میں لٹریسی کی کیا شرح رہ جائے گی ؟ 20 فیصد یا اس سے بھی کم ؟ماضی کا تجربہ بھی کچھ حوصلہ افزا نہیں ۔ ذوالفقار علی بھٹو صاحب نے تعلیم کا معیار بلند کرنے کے نام پر نجی شعبہ میں اچھے خاصے چلتے ہوئے تعلیمی ادارے یہ کہہ کر قومیا لئے تھے کہ ان کے اساتذہ کے پاس معلمین کی ڈگریاں نہیں ۔ اس طرح بہت سے سکول بند ہو گئے اور جو بچ گئے ان کا جو حشر ہوا وہ آج ہمارے سامنے ہے ۔ وہ تو پھر بھی آسان کام تھا جو حکومت نہ کر سکی ۔ دینی مدارس کو صرف دینی خدمت کی امنگ رکھنے والے ہی چلا سکتے ہیں اور ایسا شائد ہی کوئی ایوان حکومت میں ملے ۔

۔باقی انشاء اللہ آئیندہ

دانیال صاحب کا استفسار اور دنیا کا دوہرا معیار ۔ پانچویں قسط

دانیال صاحب پوچھتے ہیں ۔ کیا یہ بات بھی صحیح نہیں کہ چیچنیا، کشمیر اور افغانستان میں جاری جہاد کا پاکستانی مدارس سے کچھ تعلق ہے؟

مدرسہ کے پڑھے ہوئے لوگ ہی نہیں دوسرے لوگ جو مولوی نہیں انہوں نے بھی چیچنیا، کشمیر اور افغانستان میں جاری جہاد کے حق میں تقاریر کی ہیں اور ممکن ہے کچھ نے حصہ بھی لیا ہو مگر طلباء کو عسکری تربیت دینے کا نہ مدرسوں میں انتظام ہے اور نہ ایسے انتظام سے مدرسوں کا تعلق ہے ۔ بغیر تربیت کے جنگی کاروائیوں میں حصہ لینا بعید از قیاس ہے ۔ کشمیر ۔ چیچنیا اور افغانستان کے جہاد میں حصہ لینے والوں میں انگریزی میڈیم سکولوں اور یورپ اور امریکہ میں پڑھے ہوئے جوان بھی شامل تھے جو کبھی پاکستانی مدرسہ نہیں گئے تھے اور بہت سے ایسے بھی جو پہلے کبھی پاکستان آئے ہی نہ تھے ۔ اس لئے یہ کہنا کہ پاکستان کے دینی مدرسے جہادی یا دہشت گرد تیار کرتے ہیں بالکل غلط ہے ۔ دنیا کی واحد سپرپاور بننے کے لئے سانپ مر جائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے کے مصداق مسلمانوں کو روس کے خلاف لڑانے کے لئے ان کی عسکری تربیت کا بندوبست امریکی حکومت نے کیا تھا جو دس سال چلتا رہا ۔ مقصد حاصل ہو جانے کے بعد امریکی حکومت نے انہیں آپس میں لڑنے کے لئے چھوڑ دیا ۔ وہی لوگ جن کو امریکی حکومت ہیرو کے طور پر اپنے ذرائع ابلاغ میں پیش کرتی تھی اب انہیں دہشت گرد قرار دے رہی ہے ۔

اسلم بیگ اس بارے کیا کہتے ہیں انتہاء پسندی کا لیبل بھی بغیر اس کی تشریح کرنے کے لگایا جا رہا ہے ۔ کیا دین اسلام پر مکمل عمل کرنے والا انتہاء پسند ہے ؟ مدرسوں کے نصاب میں پچھلے پچاس سال میں کوئی خاص تبدیلی نہیں ہوئی اور نہ ماضی قریب تک کسی نے مدرسوں پر فرقہ واریت یا انتہاء پسندی یا دہشت گردی کا الزام لگایا تھا ۔ مدرسوں کا تعلق اتنا ضرور ہے کہ یہ مدرسے پاکستانی ہیں اور وہاں تعلیم پانے والے مسلمان ہیں ۔ پاکستان میں انسانیت کی دلدادہ کہلانے والی عاصمہ جہانگیر کہتی ہیں کہ اپنے نظریات کو دوسروں پر بزور نافذ کرنے والا انتہاء پسند ہوتا ہے ۔ تو کیا یہ نظریہ مدرسوں میں پڑھایا جاتا ہے ؟ ایسا ہر گز نہیں ہے اور مدرسوں میں پڑھنے والوں پر انتہاء پسندی کا لیبل لگانے والے اسلام دشمن ہیں اور ان کا ساتھ نام نہاد مسلمان ہیں جو ہر اخلاقی بندش سے آزادی کے خواہشمند ہیں ۔

انسانیت کے علمبرداروں کا دوہرا معیار

گرجا سے منسلک عورتیں جنہیں سسٹر اور نن کہا جاتا ہے اور کچھ کو مدر ۔ ہر وقت اپنے جسم کو اچھی طرح ڈھانپے رکھتی ہیں ۔ سر کے بال اور گردن ایک بڑے سے سکارف کے ساتھ ڈھانپے ہوئے ہوتے ہیں ۔ کلائیاں اور ٹخنے بھی نظر نہیں آتے ۔ کئی سسٹرز تو ہاتھوں میں دستانے اور پاؤں میں جرابیں بھی پہنے رکھتی ہیں ۔ جو سکول گرجوں کے زیر انتظام ہیں ان میں سسٹرز اسی لباس میں جاتی ہیں ۔ پوپ پال کی آخری رسومات ٹیلیویژن پر ساری دنیا میں دکھائی گئیں ۔ تمام عیسائی عورتوں نے اپنے سروں کو اچھی طرح ڈھانپ رکھا تھا ۔ میں نے دیکھا امریکہ کے صدر جارج واکر بش کی بیوی لورا بش نے دوپٹہ کی طرح کے کپڑے سے اپنے سر کو پوری تقریب میں اچھی طرح ڈھانپے رکھا ۔مدرز ۔ سسٹرز اور ننز اپنے لباس میں مدبّر لگتی ہیں اور خواہ مخوا ان کی عزّت کرنے کو جی چاہتا ہے ۔ مسلمان عورتیں اپنے جسموں اور سروں کو ڈھانپتی ہیں تو انہیں بنیاد پرست انتہاء پسند اور دہشت گرد تک کہا جاتا ہے ۔ امریکہ ۔ کینیڈا اور یورپ کے کئی ممالک میں طالبات اور معلّمات کے لئے سر کو ڈھانپنا ممنوع قرار دیا گیا ہے اور سر ڈھانپنے کی کھلم کھلا مخالفت بھی کی جا رہی ہے ۔ یہ دوہرا معیار نہیں تو اور کیا ہے ؟ جو اپنے لئے میٹھا وہ دوسرے کے لئے کڑوا کیوں ؟

عورت کے ان نام نہاد حمائتیوں نے آج تک کسی عورت کو پوپ تو کیا معمولی پادری تک نہیں بنایا حالانکہ ایسی عورتیں گذری ہیں جو اس منصب کے لئے موذوں تھیں ۔ اس کے برعکس مسلمانوں کی تاریخ سے ایسی با علم اور اونچے کردار کی خواتین کا پتہ چلتا ہے جن کو مفتی بھی مانا گیا ۔ اس کے باوجود پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ اسلام عورت کو پسماندہ بناتا ہے اور پردے میں رہنے والی مسلمان عورتوں کو مردوں کا قیدی کہا جاتا ہے ۔ افسوس تو یہ ہے کہ مسلمان جن میں نیلوفر بختیار ۔ جسٹس ماجدہ ۔ عاصمہ جہانگیر ۔ حنا جیلانی ۔ وغیرہ اور بہت سے مرد بھی شامل ہیں صیہونیوں کے اس معاندانہ پراپیگنڈہ کا شکار ہو چکے ہیں ۔

باقی انشاء اللہ آئیندہ

ہم خوشی سے مر نہ جاتے گر اعتبار ہوتا ؟ ؟ ؟

ملاحظہ ہو ہمارے روشن خیال حکمرانوں کے اقوال کی سچائی اور ان کا آنے والا روشن خیال تعلیمی نظام ۔
جب شور ہوا تھا کہ بیکن ہاؤس کے سکولوں میں عریاں جنسی سوالنامہ مڈل سکول کے بچوں اور بچیوں میں تقسیم کیا گیا ہے تو ہماری ہمیشہ صحیح اور سچی موجودہ حکومت نے قرار دیا تھا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا یہ دشمن یعنی اپوزیشن کا جھوٹا پراپیگنڈہ ہے بالخصوص دقیانوس اور جاہل ملّاؤں کا ۔ حکومتی اہلکاروں نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ آغاخان بورڈ صرف امتحان لےگا اور سلیبس کے ساتھ اس کا کوئی تعلق نہیں ۔

کسی نے سچ کہا ہے سچائی چھپ نہیں سکتی بناوٹ کے اصولوں سے ۔آغا خان یونیورسٹی کی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز طلعت طیّب جی کے مطابق متذکّرہ بالا سوالنامہ سکولوں میں تقسیم کیا گیا تھا ۔ مزید طلعت طیّب جی کے مطابق آغا خان بورڈ ایک ایسا نظام دینے کی کوشش کر رہا ہے جس سے طالب علموں کو سیکھنے اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے مواقع حاصل ہوں ۔طلعت طیّب جی نے یہ بھی لکھا ہے کہ اردو کے سلیبس کی 32 کہانیوں میں سے عریاں جنسی کہانیاں جیسے پچھم سے چلی پروا اور سعادت حسن منٹو کی کھول دو سمیت سات کہانیاں استانیوں اور استادوں کے احتجاج کے بعد نکال دی گئی ہیں ۔

صورت حال یہ ہے کہ حکومت کے بڑے بڑے اہلکاروں نے سراسر جھوٹ پر جھوٹ بولے ۔ ثابت ہو گیا کہ عریاں جنسی سوالنامہ تقسیم کیا گیا تھا اور بارہویں جماعت تک سلیبس اور تعلیمی نظام بھی آغاخان بورڈ کے سپرد ہے ۔

والدین کے مطابق بقیہ 25 کہانیوں میں سے بھی زیادہ تر محظ عریاں جنسی یعنی پورنو ہیں ۔

کہانیاں صرف اردو کے سلیبس میں شامل کی گئی ہیں اور وہ زیادہ تر عریاں جنسی یعنی پورنو ہیں ۔ انگریزی کے سلیبس میں کوئی کہانی شامل نہیں ۔ کیا اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ سب کمسن طلباء اور طالبات کے دماغ کو پراگندہ کیا جائے کیونکہ آغا خان بورڈ کے خیال میں سب بچے شائد انگریزی نہ سمجھ سکیں اور جنسی عریانی سے بچ جائیں اسلئے کہانیاں صرف اردو میں رکھی گئی ہیں جو کہ عریاں جنسی یعنی پورنو ہیں ۔

تفصیل پڑھنے کی لئے یہاں کلک کیجئے اور پڑھئے برگیڈیئر ریٹائرڈ شمس الحق قاضی کا لکھا ہوا اسماعیلی آغاخانی وضاحتیں

دانیال صاحب کا استفسار ۔ چوتھی قسط

دانیال صاحب کا سوال ۔ کیا یہ بات صحیح نہیں کہ ہمارے مدارس کے طلباء اسامہ بن لادن کو ہیرو سمجھتے ہیں؟

اوسامہ کے متعلق پچھلے پچیس سال میں جو کچھ میں نے مختلف اخباروں اور جرائد میں پڑھا ہے اسے عسکری تربیت امریکی حکومت نے دلوائی اور دو ہزار عرب جوانوں کو عسکری تربیت دے کر ان کا سپہ سالار بنایا ۔ اوسامہ کو مجاہد اعظم امریکی حکومت نے بنایا اور دنیا کے مسلمانوں کی اکثریت نے امریکی پراپیگنڈا کے زیر اثر اسے مجاہد مان لیا ۔ دس سال بعد جب امریکی فوج نے سعودی عرب میں پکا ڈیرہ ڈال دیا تو جو تعلیم امریکہ نے روسیوں کے خلاف لڑنے کے لئے اوسامہ کو دی تھی اسی کے مطابق اس نے امریکیوں کو سعودی عرب سے نکلنے کا نوٹس دے دیا ۔ اس پر اسے دہشت گرد قرار دے دیا گیا اور اس نے افغانستان میں پناہ لی ۔ اوسامہ کے متعلق ساری خبریں یک طرفہ ہیں یعنی مغربی ذرائع ابلاغ سے ملتی ہیں ۔ الجزیرہ اور العربیہ ٹیلیویژن جو اوسامہ کی وڈیو اور آڈیو ٹیپ نشر کرتے ہیں وہ قطر کے حکمرانوں کے ہیں جو امریکہ کے غلام ہیں اور اب تو ظاہرہ طور پر بھی الجزیرہ ایک امریکن ٹیلیویژن نے خرید لیا ہوا ہے ۔ مسلمانوں کی اکثریت اوسامہ کو دہشت گرد ماننے کے لئے تیار نہیں ۔

مزید امریکی حکومت کے کئی دہائیوں پر پھیلے ہوئے ایشیا اور افریقہ کے لوگوں پر جبروتشدد کی وجہ سے بے شمار لوگ بالخصوص مسلمان امریکی حکومت سے نفرت کرتے ہیں اور اس کا اظہار وہ امریکی حکومت کے مخالف کی تعریف کر کے کرتے ہیں ۔ مدرسوں کے طلباء کی تخصیص ٹھیک نہیں زیادہ تر پاکستانی ۔ دوسرے ملکوں کے مسلمان بلکہ کئی غیرمسلم بھی اوسامہ کو بے قصور سمجھتے ہیں ۔ اوسامہ بن لادن کو دہشت گرد ثابت کرنا ابھی باقی ہے لیکن اسے دہشت گرد بنانے والے لازمی طور پر دہشت گرد ہیں ۔مجھے کبھی کبھی خیال آتا ہے کہ اوسامہ بن لادن یا تو اس وڈیو کے بننے سے پہلے مر چکا تھا جس میں اسے گیارہ ستمبر کے حملہ کا اقرار نما ذکر کرتے دکھایا گیا تھا یا امریکہ کے پاس محفوظ ہے اور امریکی حکومت ساری دنیا کو بیوقوف بنا رہی ہے ۔ اگر صدّام حسین کی گرفتاری کی وڈیو اور گرفتاری کے وقت کے اعلان پر غور کیا جائے تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ صدّام حسین کی گرفتاری کا ڈرامہ رچایا گیا تھا وہ پہلے ہی امریکی حکومت کے پاس تھا ۔ تو ایسا اوسامہ کے لئے کیوں نہیں ہو سکتا ۔ البتہ ملّا عمر امریکی حکومت کے لئے پریشانی کا باعث ہے کیونکہ افغانیوں کی اکثریت ملّا عمر کی دشمن ہونے کی بجائے امریکی قبضہ کے خلاف ہے ۔

دانیال صاحب کا سوال ہے ۔ اور ایسا کیوں ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ہونے والی تحقیقات کی تان پاکستان پر آ کر ٹوٹتی ہے؟

دہشت گردی کے خلاف تحقیقات کی تان پاکستان پر آ کر ٹوٹتی نہیں بلکہ یہ مذموم پراپیگینڈہ کے تحت توڑی جاتی ہے ۔ یہ حقیقت اظہرمن الشمس ہے کہ آج تک جتنے لوگ دہشت گردی کے مجرم یا ملزم قرار دیئے گئے ہیں ان کا کسی بھی دینی مدرسہ کے ساتھ تعلق تو کجا ان کا تعلق پاکستان سے بھی ثابت نہیں ہوا مگر اندھی طاقت کے زور پر مدرسوں اور مدرسوں میں پڑھے ہوئے بے قصور لوگوں اور پاکستانیوں پر انتہاء پسندی اور دہشت گردی کا لیبل لگایا جارہا ہے اور ان کے ساتھ زیادتی بھی کی جا رہی ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ اپنے سب سے بڑے دشمن روسی یونین کو توڑنے کے بعد اب مغربی طاقتیں اسلام کو اپنا سب سے بڑا دشمن سمجھتے ہوئے مسلمانوں کو ختم کرنے کے پروگرام پر عمل پیرا ہیں اور پاکستان ایٹمی طاقت ہونے کی وجہ سے ان کی آنکھ میں بہت زیادہ کھٹکتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری حکومت کے بادشاہ سے بڑھ کر بادشاہ کا خیرخواہ قسم کے رویّے کے باوجود پاکستان پر بہت زیادہ دباؤ ڈالا جا رہا ہے ۔گیارہ ستمبر اور اس کے بعد ہونے والے دھماکوں میں جو طریقہ استعمال کیا گیا اس کے لئے مندرجہ ذیل میں مہارت لازمی تھی ۔

علاقائی زبان پر عبور
علاقائی رسوم سے واقفیت
ذرائع رسل و رسائل کا علم
دستیاب کیمیائی مواد سے طاقتور دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کا عملی تجربہ
بم تیار کرنے اور دھماکہ کرنے کے سلسلہ میں مہارت

پاکستان میں قائم دینی مدارس کا تعلق دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے سے پہلے کم از کم پڑھے لکھے لوگوں کو یہ سوچنا چاہیئے کہ مدرسوں میں اس قسم کی تعلیم و تربیت کا انتطام ہے یا نہیں ۔ لندن دھماکوں میں ایسیٹون پرآکسائیڈ استعمال کیا گیا جو بہت حسّاس دھماکہ خیز مواد ہے ۔ معمولی سی بے احتیاطی دھماکہ کا باعث بن سکتی ہے ۔اس کے استعمال کے لئے اعلی درجے کی مہارت کی بھی ضرورت ہے ۔ دوسرے اس کام کے لئے سائنس اور الیکٹرونکس کی سمجھ بھی ہونی چاہیئے ۔ دینی مدرسوں میں کوئی بھی ایسا استاد نہیں ہے جو یہ علم رکھتا ہو اور نہ ان مدرسوں کے پاس کوئی ایسا انتظام ہے ۔ ایسی تعلیم و تربیت کا انتظام صرف خفیہ اداروں میں ہوتا ہے جیسے امریکہ کا سی آئی اے ۔ بھارت کا را یا پاکستان کا آئی ایس آئی ۔

میں پاگل ہوں بیوقوف نہیں

دماغی امراض کے ہسپتال کے سب سے بڑے ڈاکٹر صاحب شام کو فارغ ہو کر گھر جانے کے لئے اپنی کار کے پاس پہنچے تو سر پکڑ کر رہ گئے ۔ ایک مریض اپنے کمرے کی کھڑکی سے دیکھ رہا تھا بولا
مریض ”ڈاکٹر صاحب ۔ کیا پریشانی ہے ؟“

ڈاکٹر ” کوئی شریر میری کار کے ایک پہیئے کی چاروں ڈھبریاں اتار کر لے گیا ہے“۔
ڈھبری کو انگریزی میں nut کہتے ہیں ۔

مریض “ڈاکٹر صاحب اس میں پریشانی کی کیا بات ہے ۔ باقی تین پہیئوں سے ایک ایک ڈھبری اُتار کر اس میں لگا لیں اور کار آہستہ چلاتے ہوئے سپیئر پارٹس کی دکان تک چلے جائیں ۔ وہاں سے چار ڈھبریاں خرید کر لگا لیں پھر گھر چلے جائیں“۔

ڈاکٹر ” تم نے پاگل ہوتے ہوئے وہ بات کہہ دی جو میری عقل میں نہیں آئی تھی“۔

مریض ” میں پاگل ہوں مگر بیوقوف نہیں“۔

کراچی کی حکومت پھر نمبر لے گئی

کراچی کے ایک پولنگ سٹیشن پر پولنگ سے قبل ہی بیلٹ باکس بھرے ہوئے پائے گئے۔ شہر کے مصروف علاقے برنس روڈ کے وومن کالج پولنگ سٹیشن پر صبح سوا آٹھ بجے جب بیلٹ باکس دیکھے گئے تو ان میں سے بعض پہلے سے بھرے ہوئے تھے جب کہ بعض کی سیلیں ٹوٹی ہوئی تھیں۔

پریذائیڈنگ افسر احمد سلیمان نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں جب سرکاری طور پر یہ بیلٹ بکس ملے تو ایسے ہی ملے ہیں، اور ہم ان پر ہی کام کر رہے ہیں۔

اس علاقے میں متحدہ مجلس عمل کے الخدمت گروپ اور متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے حامی امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ الخدمت پینل کے پولنگ ایجنٹوں کا کہنا ہے کہ قواعد کے مطابق پولنگ شروع ہونے سے پہلے خالی بیلٹ بکس امیدواروں یا ان کے پولنگ ایجنٹوں کو دکھائے جاتے ہیں۔ الخدمت پینل نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے مخالف پینل نے پہلے سے بیلٹ بکس بھر کر رکھ دیے ہیں۔

سنی تحریک نے الزام عائد کیا ہے کہ پولنگ کے مقامات پر بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ تحریک کے ترجمان کا کہنا ہے امیدواروں کے پولنگ کیمپ پولنگ اسٹیشن سے کم از کم دو سو گز کے فاصلے پر قائم ہوتے ہیں لیکن ایم کیو ایم کے حامی امیدواروں نے شہر کے چاروں اضلاع میں بیشتر مقامات پر پولنگ کیمپ پولنگ اسٹیشن کی دیواروں کے ساتھ قائم کیے ہوئے ہیں اور پولنگ اسٹیشنوں کے ساتھ دیواروں پر بیلٹ پیپر کے رنگ کی سیاہی سے ایم کیو ایم کے امیدواروں کے بارے میں چاکنگ کی گئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کئی پولنگ اسٹیشنوں پر بوتھ نمبر بھی لکھے ہوئے نہیں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ لیاقت آباد میں ان کے انسان دوست پینل کے پولنگ ایجنٹوں کو پولنگ پر جاتے ہوئے مخالف پینل نے روکا، ہراساں کیا اور تلاشی لینے کے بعد دھمکیاں دی۔