سچا کون ؟

والد صاحب نے کہا ” انسان کو کسی کی عدم موجودگی میں وہی بات کرنا چاہیئے جو وہ اس کے منہ پر بھی دہرا سکے“۔
بات معمولی سی تھی مگر میں نے اس پر عمل بڑا مشکل پایا ہے۔ ہاں جب کبھی اس پر عمل پیرا ہونے کی توفیق ملی ہے اس وقت زندگی بڑی ہلکی اور آسان محسوس ہوئی ہے

قدرت اللہ شہاب

اللہ کا نام

اللہ کا نام بہت زیادہ لیا جائے یا کم، اپنا اثر ضرور رکھتا ہے

دنیا میں بعض اشیاء ایسی ہیں کہ ان کا نام لینے سے ہی منہ میں پانی بھر آتا ہے

پھر یہ کیسے ہو سکتا ہے اُس خالقِ کائنات کا نام ” الله “ لیا جائے اور اس میں اثر نہ ہو

خود خالی نام میں بھی برکت ہے

خوشگوار زندگی ؟

روزِ قیامت ہمارا سب سے بھاری بوجھ بُغض یاعناد کا ہو گا

ہماری زندگی کتنی خوشگوار ہو گی ؟ اس کا اِنحصار ہماری سوچ کے معیار پر ہے

بدقسمتی یہ ہے کہ ہم اپنی سوچ کو نیکی کے تابع کرنے کی بجائے نیکی کو اپنی سوچ کے تابع رکھتے ہیں

تحریک آزادی جموں کشمیر اور تحریکِ پاکستان ۔ پانچویں اور آخری قسط

پاکستان اور کشمیر کے تعلق کو ہزاروں شہداء نے اپنے خون سے سینچا ہے۔ پاکستانی فوج کے پہلے نشان حیدر کیپٹن محمد سرور شہید نے بھارت کے زیر قبضہ علاقے اُوڑی کی ایک پہاڑی تَل پَترا پر اپنی جان دی اور وہیں دفن ہیں۔ ایک اور نشان حیدر کیپٹن کرنل شیر خان 1999ء میں کارگل میں شہید ہوئے

بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ اس بہادر کیپٹن کا نام کشمیر کے ایک بہادر سپوت کرنل شیر خان کے نام پر رکھا گیا تھا جنہوں نے تحریکِ آزادی کشمیر میں حصہ لیا تھا۔ کرنل شیر خان پلندری میں پیدا ہوئے تھے۔ کیپٹن کرنل شیر خان صوابی میں پیدا ہوئے۔ دو  مختلف انسانوں کا ایک نام دراصل کشمیر اور پاکستان کا تعلق ہے

آئین پاکستان کی دفعہ 257 پاکستان اور کشمیر کے آئینی تعلق کا ثبوت ہے۔ دفعہ 257 مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل کرنے پر زور دیتی اور یہ بھی کہتی ہے کہ ان قراردادوں پر عمل درآمد کے بعد کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ اپنی مرضی سے کریں گے۔ پاکستان کا خواب ایک کشمیر النسل شاعر علامہ محمد اقبالؒ نے دیکھا اور کشمیر کی آزادی کا خواب بھی اسی علامہ محمد اقبالؒ نے دیکھا ۔ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا پاکستان کی آزادی مکمل نہیں ہوسکتی

ایک خواب کی تعبیر سامنے آچکی ہے، دوسرا خواب بھی اِن شاء الله حقیقت بنے گا
سب مل کے بولو  ” جموں کشمیر  بنے گا پاکستان“۔ اِن شاء الله

تحریک آزادی جموں کشمیر اور تحریکِ پاکستان ۔ چوتھی قسط

بانی پاکستان قائد اعظم ؒ کو کشمیر سے بہت محبت تھی۔ 1944ء میں وہ سیالکوٹ سے سچیت گڑھ سے جموں اور وہاں سے سرینگر پہنچے۔ اس دورے میں ان کی ملاقات نوجوان کشمیری صحافی کے ایچ خورشید سے ہوئی جو ان کے سیکرٹری بن گئے

قائد اعظمؒ مظفر آباد کے راستے سے واپس آئے۔ جب وہ راولپنڈی کے قریب بارہ کہو کے علاقے میں پہنچے تو اپنے دائیں طرف سرسبز پہاڑوں کو دیکھ کر مَل پور کے مقام پر گاڑی رکوائی۔ کشمیری رہنما چودھری غلام عباس ان کے ساتھ تھے ۔  قائد اعظمؒ نے انہیں بتایا کہ یہ سبزہ زار پاکستان کا دارالحکومت بنے گا جو کشمیر کے بہت قریب ہے

پاکستان اور کشمیر کے اسی تعلق کی وجہ سے مسلم کانفرنس نے قیام پاکستان کے 9 دن بعد 23 اگست 1947ء کو پاکستان کے حق میں فیصلہ کیا۔ اُسی دن سردار عبدالقیوم خان نے نیلہ بٹ سے آزادی کا اعلان کیا اور مجاہد اول کہلائے۔ ان کے ساتھ ملنے والے مجاہدوں نے جانفشانی اور سر فروشی کی مثالیں قائم کیں

پاکستان کے قومی ترانے کے خالق حفیظ جالندھری کشمیری مجاہدوں کے بہت بڑے پرستار تھے۔ حفیظ جالندھری کا یہ اعزاز ہے کہ انہوں نے پاکستا ن کے قومی ترانے سے پہلے آزاد کشمیر کا قومی ترانہ لکھا