بھائی محمد عاصم کی تدفین اور دعائے مغفرت کے بعد تقریباً سب شرکاء اُن کے دونوں بیٹوں خُرّم اور عمر کے ساتھ تعزیّت کر کے رخصت ہوئے ۔ میں خُرّم اور عمر کے ساتھ قبرستان سے باہر نکل رہا تھا کہ پندرہ سولہ سال پہلے کا واقعہ یاد آیا ۔ اِسی قبرستان میں کسی کی تدفین کے بعد ہم قبرستان سے باہر نکل رہے تھے تو ایک ساتھی بولے “قبرستان کی حدود میں ہم مؤمن ہوتے ہیں اور باہر نکلتے ہی شیطان ہمارے اندر گھُس جاتا ہے”۔ بات اُنہوں نے صحیح کہی تھی ۔ ہم لوگوں پر کِسی کی وفات کا بس اِتنا ہی اثر ہوتا ہے ۔ ہماری حالت بارش میں بننے والے پانی کے بُلبلے کی سی ہو چکی ہے جو یک دم بنتا ہے اور چند لمحے بعد پھَٹ جاتا ہے ۔گھر میں تعزیّت کے لئے آئے ہوئے حضرات میں ایک صاحب 40 منٹ سے متواتر بولے جا رہے تھے ۔ وہ ثابت کرنا چاہ رہے تھے کہ اگر کسی اچھے ڈاکٹر کو دکھایا جاتا تو اُن کے مرض کی تشخیص ہو جاتی اور بروقت علاج ہو جاتا ۔ میں نے اُن سے پُوچھا “جہاں تشخیص کا بہترین بندوبست ہے کیا وہاں سب زندہ رہتے ہیں ؟” اِس سوال پر وہ صاحب خاموش ہوگئے ۔ میں نہیں جانتا امریکی اور یوُرپی کیا کرتے ہیں مگر لبیا میں میں نے دیکھا کہ میّت پر آئے لوگ تلاوت کرتے رہتے ہیں یا خاموش بیٹھے رہتے ہیں ۔
اللہ ہمیں دین کو سمجھنے اور اِس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔
