ماں باپ ايسے ہوتے ہيں ؟؟؟

ہم نے سنا اور ديکھا بھی کہ اولاد اگر بدچلن ہو تو والدين ان کی سرزنش کريں گے پٹائی بھی کريں گے ليکن اُن کی برائيوں يا عيوب کی تشہير نہيں کريں گے بلکہ جہاں غيروں کا معاملہ ہو تو اپنے بچوں کا دفاع کريں گے ۔ يہ بھی سنا تھا کہ کسی قوم کے سردار يا حاکم قوم کے ماں باپ ہوتے ہيں ۔

قائدِاعظم نے مسلمانانِ ہند کو اپنے پيارے بچوں کا سلوک ديا تو آج تک قوم اُن کو ياد کرتی ہے اور دوائيں ديتی ہے ۔ اُن کے بعد جو بھی ملک کا سربراہ بنا اُس نے خواہ اپنی قوم کے ساتھ خود کيسا ہی سلوک کيا ہو ليکن غيروں کے سامنے اپنی قوم کی برائياں نہيں کيں بلکہ اپنی قوم کی تعريفيں ہی کيں ۔

ہمارے موجودہ بادشاہ سلامت نے تو وہ کر دکھايا جو کبھی خواب ميں بھی نہ ديکھا تھا اپنی ہی قوم کے سينکڑوں افراد کو بغير کسی جُرم کے ثبوت کے دشمنوں کے حوالے کيا قوم کے ہيرو کو دشمنوں کی خوشنودی کی خاطر بلاثبوت نہ صرف قيد ميں ڈالا بلکہ اُس کی تضحيک اور بدنامی کی قوم کے دين کا مذاق اُڑاتا رہا اپنے ہی ملک کے مردوں ۔ عورتوں اور بچوں کو غيروں کی طفننِ طبع کی خاطر دہشت گرد قرار دے کر اُن پر بم برسائے پھرکتاب کی صورت ميں ناکردہ گناہ بھی اپنی قوم کے سر تھوپ کر قوم کے خلاف ايف آئی آر کاٹ دیخود تعريفی سے بھری جھوٹ کا پلندہ اِس کتاب کی نقاب کُشائی مُلک و قوم کے دشمن کے مُلک ميں کر کے دُشمنوں سے دادِ تحسين وصول کی ۔ رہی سہی کسرآئی ايس آئی کو مشکوک بنا کر پوری کر دی گويا پوری فوج کو بھی مشکوک بنا ديا کيا بادشاہ سلامت خود اس قوم اور اس فوج کا حصہ نہيں ہيں ؟کیا ان کو تھپکياں دينے والے غيرلوگ دل ميں ان کے بيانات پر ہنستے نہيں ہوں گے ؟ سکول کے زمانہ ميں ضرب المثل پڑھی تھی کہ خدا گنجے کو ناخن نہ دے ۔ اس کا مطلب اُس وقت تو سمجھ نہ آيا تھا مگر اب اچھی طرح سمجھ آ گيا ہے ۔ گنجے کو ناخن مل گئے سو اس نے اپنے سر کو خارش کر کر کے لہو لہان کر ليا ہے ۔ ايک تاريخی واقعہ ياد آيا ۔ جنوبی ہندوستان کے صادق نامی شخص نے اپنے لوگوں کے ساتھ غداری کر کے انگريزوں کی مدد کی جس سے وہ جيت گئے ۔ اس کے نتيجہ ميں جب اسے جان سے مارا جانے لگا تو اس نے احتجاج کيا ۔ جواب ملا کہ جو شخص اپنی قوم کا وفادار نہيں وہ کسی غير کا کيسے وفادار ہو سکتا ہے ۔ يہ کہہ کر اسے موت کے گھاٹ اتار ديا گيا ۔

شور ہر سال اُٹھتا ہے مگر ۔ ۔ ۔

سالہا سال سے ہر سال يہ شور شعبان کے آخری ہفتہ ميں نمودار ہوتا ہے ۔ عيد الفطر تک گرما گرم بحث ہوتی ہے اور عيد الفطر کے بعد ايسا ہوتا ہے کہ جیسے کچھ ہوا ہی نہيں ۔ موضوع ہوتا ہے چونکہ سائنس اب بہت ترقّی کر گئی ہے اسلئے علمِ سائنس کے ذريعہ چاند کی پہلی تاريخ کا حساب لگا کر روزہ رکھا جائے اور روئتِ ہلال کی کوئی ضرورت نہيں ۔

اس ميں کوئی شک نہيں کہ اجرامِ فلکی کی حرکات ديکھنا اب آسان ہوگيا ہے ليکن جب يہ جديد طريقے معلوم نہيں ہوئے تھے يعنی چھ سات صدياں قبل تو بھی چاند ستاروں کی حرکت کا صحيح حساب لگايا جاتا تھا ۔ اگر ايسا نہ ہوتا تو بادبانی جہاز ميں دنيا کے ايک سرے سے دوسرے سرے تک تاجر کيسے سفر کرتے تھے جن کا رہبر اجرامِ فلکی ہی ہوتے تھے ؟ صرف کولمبس کو مثال بنانا غَلَط ہے جو کہ ہندوستان جانے کيلئے نکلا اور امريکہ پہنچ گيا ۔

کہا جاتا ہے سو ڈيڑھ سو سال پہلے تک مسلمان سائنسدانوں کی بنائی ہوئی جنتری موجود تھی جس ميں چاند کی صحيح تاريخيں ہوتی تھيں اور اس ميں شاذ و نادر ہی تبديلی کی ضرورت پڑتی تھی ۔ مسئلہ دراصل يہ نہيں ہے کہ روئتِ ہلال ايک بوسيدہ يا غير سائنسی خيال ہے يا اسلام سائنسی تحقيق اور اس کے استعمال کی اجازت نہيں ديتا ۔ مسئلہ مسلمانوں کی دينی اور دنياوی علم سے دُوری ہے جس کے نتيجہ ميں لوگ گروہوں ميں بٹ کر ضدی بن گئے ہيں اور ہر گروہ اللہ اور اس کے رسول کی ہدائت کے خلاف دوسرے گروہ کی اچھائياں ديکھنے اور سيکھنے کی بجائے اس کی بُرائياں اُجاگر کرنے ميں لگا رہتا ہے جس کے نتيجہ ميں اتحاد کا فُقدان ہے ۔ ديگر اپنی گروہ بندی کی خاطر ان گروہوں نے مُختلف بدعتيں بھی اپنا لی ہيں

اس کُرّہءِ ارض کا ہر علاقہ سورج اور چاند کے ساتھ مُختلف زاويئے بناتا ہے ۔ يہ زاويئے سورج کے گرد ايک چکّر کے دوران بدلتے رہتے ہيں اور زمين کے محور کی زمين کی مُجسّم حرکت کی سطح کے ساتھ جھُکاؤ کا بھی ان زاويئوں پر زمين کے مُختلِف مقامات پر مُختلِف اوقات ميں مُختلِف اثر پڑتا ہے جو روئتِ ہلال کا قياس بذريعہ رياضی مُشکِل بنا ديتا ہے ۔

دنيا ميں اس وقت کوئی دنیا میں اس وقت کوئی مستند جنتری نہيں جو نظامِ شمسی کی سو فيصد صحيح عکاسی کرتی ہو ۔ گريگوريئن جنتری جو عام استعمال ميں ہے اس کے مطابق مہينے ہيں 11 مہينوں ميں 30 يا 31 دن ہوتے ہيں ايک ميں تين بار 28 دن اور چوتھی بار 29 دن ہوتے ہيں ۔ جغرافيہ دان جانتے ہيں کہ اس کے باوجود مزيد تصحيح کی ضرورت ہے جو آج تک نہيں کی گئی مزيد يہ مہينے بھی نظامِ شمسی کی صحيح ترجمانی نہيں کرتے ۔

اللہ سُبحانُہُ نے فرمايا ہے ۔

الْبَقَرہَ ۔ آيت 189 سورت 2
لوگ آپ سے نئے چاندوں کے بارے میں دریافت کرتے ہیں، فرما دیں: یہ لوگوں کے لئے اور ماہِ حج [کے تعیّن] کے لئے وقت کی علامتیں ہیں

سورت 6 الْأَنْعَام آیت 96
وہی صبح [کی روشنی] کو رات کا اندھیرا چاک کر کے نکالنے والاہے، اور اسی نے رات کو آرام کے لئے بنایا ہے اور سورج اور چاند کوحساب و شمار کے لئے، یہ بہت غالب بڑے علم والے [ربّ] کا مقررہ اندازہ ہے

سورت التَّوْبَہ آيت 36
بیشک اللہ کے نزدیک مہینوں کی گنتی اللہ کی کتاب میں بارہ مہینے ہے جس دن سے اس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا فرمایا

سنّت نيا چاند ديکھنے کی تلقين کرتی ہے ۔ ترکِ سُنّت نہيں کيا جا سکتا کيونکہ اللہ تعالٰی نے رسول کی اطاعت کا حُکم ديا ہے [ميں اُن عقيدوں کی حمائت نہيں کرتا جو قرآن اور سنّت سے ماورا مختلف فرقوں نے اپنے اُوپر مسلّط کر لئے ہوئے ہيں] ۔ اجرامِ فلکی کے علم کے ماہرين بھی يہرائے رکھتے ہيں کہ کبھی ايسا ہوتا ہے کہ رياضی کے قاعدے سے تو نيا چاند طلوع ہونا چاہيئے ليکن عملی طور پر ايسا نہيں ہوتا ۔ اس کی معروف وجہ يہ ہے کہ ہلال اتنا باريک ہوتا ہے کہ وہ کسی طريقہ سے نظر نہيں آ سکتا دوسرے ايسی صورتِ حال انتہائی قليل وقت کيلئے ہوتی ہے اور ايسا سراب کے اثر سے بھی ہو سکتا ہے چنانچہ يہ روئت مشکوک ہوتی ہے ۔ ايسی صورت ميں چاند نظر نہيں آيا ہی کہا جانا چاہيئے ۔ ايسا تو کيا جا سکتا ہے کہ اجرامِ فلکی کے علم کے ذريعہ کم از کم دس سالوں کی ايک جنتری بنا لی جائے پھر اس جنتری کا جائزہ ليا جاتا رہے اور جب حقيقی صورتِ حال کی بناء پر ضرورت پڑے اس ميں ترميم کی جاتی رہے

ميں اپنی حاصل کردھ تعليم اور تجربہ کی بنياد پر وثوق کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ عملی رياضی کے استعمال سے بنائے ہوئے پرزہ ميں بھی حقيقی عملی صورتِ حال کی بنياد پر ترميم کرنا پڑتی ہے ۔ دوسرے انسان کے بنائے ہوئے وقت کے پيمانے يعنی سيکنڈ ۔ منٹ ۔ گھينٹہ ۔ دن ۔ مہينہ اور سال نظامِ شمسی کے قدرتی پيمانے سے مماثلت نہيں رکھتے ۔ چنانچہ سُنّت کے علاوہ اس بنياد پر بھی صرف رمضان يا عيدين کيلئے نہيں بلکہ ہر ماہ روئتِ ہلال کا مناسب بندوبست ہونا چاہيئے اور اس کيلئے تعليم يافتہ اور تجربہ کار عُلماء اور ماہرينِ علمِ اجرامِ فلکی کی ايک مستقل کميٹی بنانا چاہيئے ۔ پہلی تاريخ اُسی دن ہو جس سے پچھلی شام چاند نظر آ جائے يا نظر آ جانا چاہيئے تھا مگر بادل دھند يا گرد کی وجہ سے نظر نہ آيا واللہ علم بالصواب

کيا روزے اسی لئے ہيں ؟

رمضان کا مبارک مہينہ شروع ہوا ۔ اسلامی جمہوريہ پاکستان کی حکومت نے سَستے بازار قائم کرديئے ۔ حکمرانوں کے بيانوں سے اخبار لہلہا اُٹھے ۔ ہم ايک سَستے بازار ميں سودا لينے گئے ۔ پياز 15 روپے کلو اور آلو 25 روپے کلو جو چند دن پہلے علی الترتيب 9 روپے اور 23 روپے کلو لائے تھے ۔ باقی سبزی پھل سب کا يہی حال تھا ايک آدھ چيز پچھلے بھاؤ پر تھی کم پر کوئی نہ تھی ۔ مرتا کيا نہ کرتا سودا خريدنا شروع کيا ۔

ايک پياز والے کے پاس موٹے موٹے پياز تھے اُسے کہا ڈھائی کلو دے ديجئے اُس نے بالکل نيچے سے اس طرح پياز ڈالے کہ سارے بالکل چھوٹے چھوٹے چھوٹے پياز ترازو ميں آئے ۔ اُس نے داڑھی رکھی ہوئی تھی پوچھا کہ آپ داڑھی رکھنے کا سبب بتائيے گا ۔ جواب ديا کہ سُنّت ہے ۔ ميں نے کہا کيا داڑھی رکھنے کے بعد اجازت ہو جاتی ہے کہ جو ہيراپھيری چاہو کرو ؟ تو منہ بنا ليا ۔ آلو والے نے موٹے موٹے آلو تول کر دے ديئے ۔ کھجور والے سے کہا کہ سب کھجوروں کو تيل لگا ہوا ہے ؟ اشارہ کر کے بولا کہ ان کو تيل نہيں لگا ہوا ۔ ديکھنے ميں موٹی اور تازہ تھيں ۔ بھاؤ پوچھا ۔ 75 روپے کلو ۔ ايک کلو لے ليں ۔ آگے بڑھے تو ڈبے ميں بند کھجوريں بِک رہی تھيں ۔ دوکاندار نے ڈبے کا ڈھکنا اُتار کر دکھايا موٹی موٹی ايرانی کھجوريں تھيں ۔ ايک ڈبہ لے ليا ساٹھ روپے کا ۔ وزن آدھا کلو تھا ۔ امرود والے کے پاس گئے اور درخواست کی کہ بھائی پيسے اپنی مرضی کے لے لينا مگر خراب امرود نہ ڈالنا ۔ کچھ روپے زيادہ لئے اور چُن کے امرود تھيلے ميں ڈال کر دے ديئے ۔ ہم خوش خوش گھر آئے کہ سودا اچھا مل گيا ۔

ملازمہ نے آلو کاٹے تو ڈھائی ميں سے ايک کلو خراب نکلے ۔ تھيلے سے امرود نکالے تو آدھے امرود گلے ہوئے تھے ۔ افطار کے وقت جو کھجوريں کھُلی تھيں وہ ليں تو ہاتھ کو تيل لگ گيا جيسا کبھی کبھی اپنی پرانی گاڑی سے لگ جاتا ہے ۔ تجربہ کيلئے چند کھجوريں دھوئيں تو ايسے محسوس ہوا کہ پانی ميں بھيگے رہنے کی وجہ سے گَل کر پھُول چُکی ہيں ۔ چاروناچار کھجوروں کا ڈبہ کھولا ۔ جب کھجوريں پليٹ ميں ڈاليں تو آنکھوں پر يقين نہ آيا ۔ اُوپر کی تہہ ايرانی کھجوريں دوسری تہہ سوکھی کھجوريں اور سب سے نيچے کی تہہ شيرہ ميں بھِگوئے ہوئے چھوہارے تھے ۔

ذرا ديکھئے سُورت الْبَقَرَہ کی آيت 183 ميں يہی لکھا ہے کيا ؟
اے ایمان والو! تم پر اسی طرح روزے فرض کئے گئے ہیں جیسے تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے تاکہ تم پرہیزگار بن جاؤ

پھر کہتے ہيں اسلام ہميں ترقی نہيں کرنے ديتا ۔ چودہ صدياں پرانا ہے ۔

يا مالک و خالق ہميں سيدھی راہ پر چلنے کی توفيق دے

اُردو کا حشر نشر

کسی زبان کی ترقی کيلئے پُر مغز اور محنتی زبان دانوں کی ضرورت سے انکار نہيں کيا جا سکتا ۔ بّرِ صغير ميں ايسی ہستياں ايک ايک کر کے مُلکِ عدم کو سدھاريں اور اُردو يتيم ہو کر رہ گئی ۔ دہی مذکر ہے يا مؤنث ۔ اس پر بحث تو 1945 عيسوی ميں شروع ہو گئی تھی ۔ دہلی والے دہی کو مؤنث اور دوسرے مذکر کہتے ۔  اُميد تھی کہ آزادی کے بعد اُردو پروان چڑھنے لگے گی ليکن 1947 کے بعد بھارت نے سنسکرت جس سے خود ہندو نابلد تھے عام کرنے کی سعی شروع کر دی اور پاکستان ميں لياقت علی خان کے قتل کے بعد عنانِ حکومت انگريز کے پِٹھوؤں کے ہاتھ آگيا اور وہ اُردو کو ثانوی حثيت دے کر انگريزی سے محبت کو اُجاگر کرنے لگے کہ شائد گورا مرغوب ہو کر نذر نياز کرنے لگے ۔

پاکستان بننے کے بعد يہ سوال بھی پيدا ہوا کہ اُردو مذکر ہے يا مؤنث ۔ اُردو زبان يا بولی ہے ۔ زبان اور بولی دونوں مؤنث ہيں اسلئے اُردو کو ہونا تو مؤنث چاہيئے ۔ خير ۔ يہ پُرانی بات ہے ۔

آجکل بالخصوص جوان طبقہ ميں اس طرح کی اُردو سننے ميں آتی ہے ۔ 

نَٹ [not] يار ۔ ايسا تو نہيں بولو ۔
تُو پھر مجھے ملنے ضرور آئِيں ۔
اوہ يار ايمان سے وَٹ شُڈ آئی ٹَيل يُو [what should I tell you] ۔ ۔ ہے نا فنٹاسٹک [fantastic] ؟
تُم آنا شام کو دھَين وِی گو [then we go] نا ۔ ٹھيک ؟

فارسی کا مصدر ہے آمدَن جس کا مطلب ہے آنا ۔ اس سے بنا آمدَيد يعنی آپ آئے ۔ اس سے بنا خُوش آمدَيد ۔ مگر ہوتے ہوتے يہ بن گيا خُوش آمدِيد ۔ يعنی درميانی د پر زبر کی بجائے نيچے زير آ گئی ۔ 

فارسی کا مصدر ہےنوشيِدَن جس کا مطلب ہے پِينا ۔ اس سے بنا نَوش يعنی پينے کا فعل ۔ کسی کو مشروب پيش کيا جائے تو کہا جاتا تھا نوش فرمائيے اور اگر کھانے کی چيز پيش کی جائے تو کہا جاتا تھا تناول فرمائيے ۔ اب اتنے الفاظ کا بوجھ کون اُٹھائے ۔ عام ديکھا ہے کہ کھانے کی اشياء پيش کر کے کہا جا تا ہے نوش فرمائيے ۔

ميز جو انگريزی ميں ٹيبل [table] ہوتی ہے سے بنا ميزبان جو انگريزی ميں ہَوسٹ [host] ہوتا ہے ليکن نمعلوم کيسے يہ مِيزبان بن گيا يعنی م پر زبر کی بجائے نيچے زير بن گئی جبکہ ميز ابھی مِيز نہيں بنی ۔

عربی زبان ميں دوسرے کو ثانی اور دوسری کو ثانيہ کہتے ہيں مگر ث کو ت بولتے ہيں ۔ کسی نے تانيہ سُنا جو کہ دراصل ثانيہ تھا اور اپنی بيٹی کا نام تانيہ رکھ ديا ۔

مصر ميں ق کو آف اور ج کو گِيم بولا جاتا ہے چنانچہ ہند و پاکستان ميں جن لڑکيوں يا خواتين کا نام ادريہ ہے دراصل وہ عربی کا نام قدريہ اور اسی طرح گيلانی دراصل جيلانی ہی ہے ۔

ميرے بڑے بيٹے کا نام ہے زَکَرِيَّا ۔ اس نام کے ايک نبی ہوئے ہيں جو حضرت مريم کے ماموں يا خالو تھے ۔ 40 سال سے زائد پہلے ميرے ماتحت ايک فورمين تھے وہ اپنا نام ذِکرِيہ لکھتے اور اِسی طرح بولتے ۔ جب 1985عيسوی ميں ميری تبديلی بطور جنرل مينجر ايم آئی ايس ہوئی تو محکمہ ميں ايک ڈاٹا اينٹری آپريٹر تھے وہ اپنا نام ذِکرِيا لکھتے تھے ۔ ميرے چھوٹے بيٹے کی شادی ہوئی تو کراچی ميں نکاح رجسٹرار صاحب نے ميرے بيٹے کا نام بطور گواہ ذِکريا ذال سے لکھا ۔ ميں نےکہا کہ زے سے لکھيئے تو فرمانے لگے ۔ يہ عربی زبان کا لفظ ہے ۔ آپ نہيں جانتے ۔ اب اُنہيں کون سمجھاتا کہ حضور قرآن شريف کھول کر سورت مريم پڑھيئے اُس ميں زَکَرِيَّا  زے سے لکھا ہوا ہے اور يہ عربی زبان کا نہيں بلکہ کسی قديم زبان کا لفظ ہے جو قرآن شريف ميں زَکَرِيَّا لکھا گيا ہے ۔ شائد نيم مُلا خطرہءِ اِيمان اِسی لئے کہتے ہيں

رمضان مبارک

 

تمام اہلِ پاکستان اور ساری دنيا کے اہل اسلام کو نزولِ قرآن کے مہينہ رمضان المبارک کی رحمتیں و برکتیں مبارک ہوں ۔ اللہ ہم سب کی عبادات و دعاؤں کو قبول فرمائے اور رمضان المبارک کی رحمتیں و برکتیں سمیٹنے کی توفیق دے ۔ آمین

بيوی بندوق کی گوليوں ۔ ۔ ۔

دن بھر کا تھکا ہارا مرد گھر لوٹا ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اتنی دير کيوں لگا دی ؟ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کہاں چلے گئے تھے ؟ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کس کے پاس چلے گئے تھے ؟ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ يا گھر ميں آٹا نہيں ہے ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ دال نہيں ہے ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بچے کو بُخار ہے ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وغيرہ وغيرہ ۔

ذرا سوچئے تو اگر اسی طرح روزانہ بيوی بندوق کی گوليوں کی طرح برستی رہے تو اس کا نتيجہ کيا ہو گا ؟

یہ بھی حقيقت ہے کہ مرد سارا سارا دن دوستوں کے ساتھ گھومتے اور قہقنے لگاتے رہتے ہيں ۔ کسی نے چوکڑی جما کر تاش کھيلتے آدھی رات گذار دی تو کوئی کلب ميں بيٹھ کر تکّے کباب اُڑاتا رہا ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

مکمل صورتِ حال جاننے کيلئے پڑھئے ہمارے معاشرہ کا ايک نفسياتی جائزہ اُوپر رشتہءِ اِزدواج پر کلِک کر کے ۔

احوالِ او ۔ آر

1986عيسوی میں آپريشنز ريسرچ و کوانٹی ٹيٹِو ٹَيکنِيکس کورس [Operations Research and Quantitative Techniques Course] کيا ۔ اُن دنوں ميں پاکستان آرڈننس فيکٹريز ميں جنرل مينجر مَينجمنٹ انفارميشن سِسٹمز [General Manager, Management Information Systems] تھا ۔ کورس ميں سرکاری اور غيرسرکاری اداروں کے دو درجن سے زائد سينئر افسران نے شموليت کی ۔ ڈائريکٹر جنرل ٹريننگ نے پہلے دن فيکلٹی اور کورس کے تعارف کے علاوہ انتخابات منعقد کئے ۔ مندرجہ ذيل اساميوں پر انتخاب ہوا ۔ مُنتخب لوگ متعلقہ کاموں کے ذمہ دار تھے ۔ فادر آف نيشن کا انتخاب ووٹوں سے نہيں ہوا ۔ اُسےسب سے زيادہ عمر کی بنياد پر چُنا گيا ۔ باقی سب کيلئے باقاعدہ ووٹِنگ ہوئی ۔

فادر آف نيشن ۔ Father of Nation
ماسٹر آف پروٹوکال ۔  Master of Protocol
ماسٹر آف کامن سروسز ۔ Master of Common Services
ماسٹر آف سَیرِیمَونِیز ۔ Master of Ceremonies
ماسٹرآف سوشل سروسMaster of Social Service
ماسٹر آف پريئرز ۔  Master of Prayers 

فادر آف نيشن کا کام اُس وقت شروع ہوتا جب کسی چيز کا فيصلہ کرنے ميں دقت ہو رہی ہو ۔ ماسٹر آف پروٹوکال تمام ماسٹرز کا ماسٹر تھا يعنی سب کاموں کی ذمہ داری اُس پر تھی ۔ ڈائريکٹر جنرل اے يو خان صاحب معمولی سی بات پر لمبی تقرير کر ديتے تھے ۔ کورس بہت سخت تھا ۔ اس طرح وقت ضائع ہونے پر آدھی رات تک بيٹھ کر کام کرنا پڑتا تھا ۔ ايک دن ميں نے کورس ميں حصہ لينے والے دس لوگوں کی لکھی ہوئی رپورٹس کی تصحيح کر کے پھر اُن پر مُشتمل ايک جامع رپوٹ لکھ کر دوسرے دن جمع کرانا تھی ۔ ڈائريکٹر جنرل صاحب کی تقرير ختم ہوتے شام ہو گئی اور ميں کامنہ کر سکا ۔ ميرا مغز خراب ہو چکا تھا سو ميں گھر چلا گيا ۔ رات کو کافی دير تک کام کيا ۔ صبح کلاسز 8 بجے شروع ہوتی تھيں چنانچہ دوسرے دن ميں صبح 6 بجے انسٹيٹيوٹ پہنچ گيا ۔ اللہ کے فضل سے ڈيڑھ گھينٹہ ميں رپورٹ تيار ہو گئی ۔ باقی 30 منٹ گذارنے کيلئے ميں حسبِ حال نظم لکھ دی جو اُسی دن چائے کے وقفے ميں پڑھی گئی ۔ رديف قافيہ اور وزن کا خيال نہ کيجئے گا ۔ ميں شاعر نہيں ہوں ۔ چھ سات ہفتے قبل يہ نظم کی تلاش کی مگر نہ ملی ۔ اب اس کے علاوہ کچھ اور پُرانے نُسخے بھی ملے ہيں جو انشاء اللہ ايک ايک کر کے نذرِ قارئين کئے جائيں گے ۔

احوالِ اَو ۔ آر

تھا آرام سے بيٹھا ايم آئی ايس ميں
يونہی ياں اَو آر پڑھنے بُلايا گيا ہوں
پھر ساتھيوں کی خُفيہ سازش سے
ماسٹر آف پروٹوکال بنايا گيا ہوں
مزيد فادر آف نيشن کی وساطت سے
بزورسوشل سروس پہ لگايا گيا ہوں
جب کبھی جی چاہا محنت کرنے کو
لمبی تقريروں سے ٹرخايا گيا ہوں
سُنائی بات شگفتگی ماحول کی خاطر
بسيارگو کے ليبل سے ڈرايا گيا ہوں
واہ بادشاہی ماسٹر آف کامن سروسز کی
دال چاول بلا ناغہ کھلايا گيا ہوں
کبھی کھلا کے جی ۔ 9 کے چپّل کباب
ميں آدھی رات تک جگايا گيا ہوں
اور جب کچھ بھی نہ بن پڑی يارو
پاپ کارن دے کے بہلايا گيا ہوں
جانے يہ کِس جُرم کی ہے پاداش
اے يو خان کے پاس لايا گيا ہوں
لے لو قسم ماسٹر آف سَيرِيمَنِيز کی
ايسی جگہ پہ کبھی نہ آيا گيا ہوں
ماسٹر آف پريئرز ميرے لئے ذرا کرنا دُعا
چلا جاؤں واپس جيسا کہ بھجوايا گيا ہوں