عيدالفطر مبارک

تمام مسلم محترم بزرگوں ۔ بہنوں ۔ بھائيوں اور پيارے بچوں بالخصوص پاکستانی محترم بزرگوں ۔ بہنوں ۔ بھائيوں اور پيارے بچوں کی خدمت ميں عيدالفطر کا ہديہِ تبريک پيش کرتا ہوں اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی طرف سے ۔ اللہ سبحانُہُ و تعالٰی آپ سب کے روزے اور عبادتيں قبول فرمائے اور آپ سب کو دائمی عمدہ صحت ۔ مُسرتيں اور خوشحالی سے نوازے ۔ آمين ثم آمين ۔

ميری مؤدبانہ گذارش ہے کہ ايک سال پہلے کی عيد نہ بھولئے ۔ لاکھوں بزرگ ۔ بہنيں ۔ بھائی اور بچے آزاد جموں کشمير اور پاکستان کے شمالی علاقوں ميں آپ کے منتظر ہيں

وطن سے دور بسنے والوں کے احساسات

ميں 1967 ميں وطن سے دور جرمنی کے شہر ڈوسل ڈَورف ميں تھا ۔ عيد کا دن تھا ۔ ڈوسل ڈَورف کی گہما گہمی کے باوجود محسوس کر رہا تھاکے ميں کسی بياباں يا صحرا ميں بالکل اکيلا ہوں جہاں کوئی چرِند پرِند بھی نہيں ۔ کچھ دير گُم سُم رہا پھر وطن کی ہر چيز ذہن ميں متحرک ہو گئی ۔ اُس دن جو شعر ميں دہراتا رہا يہاں درج کر رہا ہوں

چمن چھُٹا تو گُل و ياسمن کی ياد آئی
پہنچ کے دشت ميں صبحِ چمن کی ياد آئی

وطن وہ مرکزِ صِدق و صَفا حرِيمِ جمال
وطن وہ کعبہءِ عِلم و ہُنر عرُوجِ کمال
وطن کہ سُرمہءِ چشم طلب ہے خاک اس کی
وطن کہ شہرِنغمہءِ نکہت ۔ ديارِ حُسن و جمال
وطن جہاں ميری اُمنگوں کا حُسنِ تاباں ہے
وطن کہ جہاں ميری شمعءِ وفا فروزاں ہے
وطن جہاں ميری يادوں کے دِيپ جلتے ہيں
وطن جو يوسفِ بے کارواں کا کنعاں ہے

ديارِ شوق سے تيرا اگر گذر ہو صباء
گُلوں سے کہنا کہ پيغمبرِ بہار ہوں ميں
ميرے نفس سے ہيں روشن چراغِ لالہ و گُل
چمن کا روپ ہوں ميں ۔ حُسنِ لالہ زار ہوں ميں

ميرے خلوصِ سُخن پہ جو اعتبار آئے
روِش روِش پہ چمن ميں کوئی پُکار آئے
ہميں بھی باغِ وطن سے کوئی پيامِ يار آئے
ہميں بھی ياد کرے کوئی جب بہار آئے

رِيڈل نے مشرف کا بھانڈا پھوڑ ديا

صدر جنرل پرويز مشرف کی کتاب کی رونمائی کے ساتھ ساتھ امريکہ کے سابق صدر بِل کلِنٹن کے مشيرِ خاص بروُس رِيڈل کی کتاب چھپی ہے جس ميں اُس نے جولائی ميں اس وقت کے وزيرِ اعظم نواز شريف اور صدر بِل کلِنٹن کے مابين ہونے والے ايک اہم اجلاس کی مختصر کاروائی لکھتے ہوئے معرکہ کرگل اور حکومت پر فوج کے متوقع قبضہ کے متعلق حقائق بيان کئے ہيں جس سے جنرل پرويز مشرف کے دعوے غلط ہو جاتے ہيں مندرجہ ذيل رابطے پر کلِک کر کے يا اسے براؤزر ميں لکھ کر تفصيل پڑھيئے http:// hypocrisythyname.blogspot.com/2006/10/truth-musharraf-vs-nawaz.html

جے اخبار کہندا اے تے ٹھيک ای ہوسی

کئی سال قبل پشاور ٹی وی پر ايک پروگرام ہوتا تھا جس کا عنوان تھا ۔ جے اخبار کہندا اے تے ٹھيک ای ہوسی ۔ يعنی اگر اخبار يہ کہتا ہے تو ٹھيک ہی ہو گا ۔ اس پروگرام ميں بتايا جاتا تھا کہ اخبار حقيقت کے برعکس کوئی خبر يا مضمون چھپے تو لوگ اسے حقيقت مانتے ہيں ۔ آج کے زمانہ ميں پروپيگنڈا بہت کامياب ہتھيار ہے جو حقيقت کو غَلَط کا اور اِختراع کو حقيقت کا رُوپ ديتا ہے

ميں سہ پہر کے وقت راولپنڈی کے کمپنی باغ ميں پاکستان کے پہلے مُنتخب وزيرِاعظم نوابزادہ لياقت علی خان کو ہلاک کر ديا گيا۔ متوقع ردِ عمل کی شدّت کو کم رکھنے کيلئے بہت پہلے سے ناعاقبت انديش پاکستانيوں نے غير ملکی دشمنوں کے ہاتھوں ميں کھيلتے ہوئے اُن کے دامن کو پروپيگنڈا کے زور سے داغدار بنانے کی کوشش کی ۔ نوابزادہ لياقت علی خان امريکہ گئے تو ان کی بيوی بھی ان کے ہمراہ تھيں ۔ ايک طوفان بپا ہوا کہ شرم نہيں آتی بيوی کو ساتھ لے گيا ۔ واپسی پر پھيلايا کہ امريکہ کا زيرِ نگوں بن کے آگئے ہيں ۔ پھر اُن کی بيوی کے متعلق کہا گيا کہ مسلمان نہيں ہے ۔ اخباروں ميں اور ہر کس و ناکس کی زبان پر يہی تذکرے آگئے

ميری بچپن سے عادت ہے کہ اگر کسی کی اچھائی بيان کی جائے تو جلدی مان ليتا ہوں ليکن بُرائی بيان کی جائے تو بغير تحقيق کے نہيں مانتا ۔ سو ميں نے تحقيق جاری رکھی ۔ بيگم لياقت علی خان کا مُسلم ہونا تو لياقت علی خان صاحب کے قتل کے بعد ثابت ہوگيا جب سب نے اُنہيں باقاعدہ تلاوت کرتے ديکھا ۔ کئی دہائياں بعد ايک ريٹائرڈ سينيئر سرکاری ملازم سے معلوم ہوا کہ نوابزادہ لياقت علی خان صاحب کو مع بيوی کے امريکہ آنے کی دعوت دی گئی تھی اور وہاں اُن پر امريکہ کا حواری بننے کيلئے بہت دباؤ ڈالا گيا مگر وہ نہ مانے ۔ آخر اُن کو قتل کروا ديا گيا تاکہ امريکہ نواز لوگ حکومت ميں آ سکيں ۔ قتل کی سازش کو کامياب بنانے کيلئے کرائے کا قاتل سَيد اکبر [سيّد نہيں] حاصل کيا گيا اور قتل کے فوراً بعد ايک تھانيدار نے سَيد اکير کو گولی مار کر ہلاک کر ديا

ان سوالوں کا خاطر خواہ جواب کسی نے آج تک نہيں ديا

سرکاری احکامات کے خلاف اس دن بُلٹ پروف روسٹرم سٹيج پر کيوں نہ تھا ؟ بلکہ روسٹرم تھا ہی نہيں

سَيد اکبر ايک عام آدمی اور غيرملکی ہوتے ہوئے پستول ليکر سب سے اگلی صف ميں کس طرح بيٹھ گيا اور کسی سکيورٹی والے کو وہ نظر بھی نہ آيا جب کہ اگلی صف سکيورٹی والوں کی تھی ؟

ايک تھانيدار نے سَيد اکبر کو گولی مار کر ہلاک کيوں کيا جبکہ دوسری صف ميں بيٹھے ايک سيکيورٹی اہلکار نے سَيد اکبر کو
قابو کر ليا تھا

تھانيدار پر سَيد اکبر کو قتل کرنے اور اس قتل سے ملک کے وزيراعظم کے قتل کی تفتيش ميں رخنہ ڈالنے کا مقدمہ کيوں نہ چلايا گيا ؟

پاکستان کے دوسرے وزيراعظم خواجہ ناظم الدين کے متعلق مشہور کيا گيا کہ بہت زيادہ کھاتے ہيں اور صرف روسٹ مُرغياں
کھاتے ہيں ۔ بہت لالچی آدمی ہيں ۔ جب اُن کی نظريں سير نہيں ہوتيں تو کھايا ہوا قے کر کے اور کھاتے ہيں ۔ کسی نے يہ بات
بھی پھيلانے کی کوشش کی کہ وہ امريکہ کے منظورِ نظر ہيں اسلئے مسند پر بيٹے ہيں ورنہ بالکل نا اہل ہيں ۔ حقيقت يہ تھی وہ کم خور تھے اور اُن کے جسم کو پانی قابو کرنے واٹر ريٹينشن کی بيماری تھی جس کا اُس زمانہ ميں خاطرخواہ علاج معلوم نہ تھا ۔ وہ موروثی زميندار تھے اگر وہ لالچی ہوتے تو سارا زميندارا چھوڑ کر قوم اور ملک کی خدمت ميں نہ لگ جاتے ۔ وہ انتہائی شريف منش آدمی تھے اس لئے پاکستان دشمن لوگوں کا خيال تھا کہ مغرب کے پٹھو غلام محمد کے گورنرجنرل بن جانے پر وہ کوئی مزاہمت نہيں کريں گے ليکن سياسی وابستگی کے تحت امريکی گندم کی اُنہوں نے مخالفت کی جس کے نتيجہ ميں غلام محمد نے خواجہ ناظم الدين کی منتخب حکومت برطرف کردی اور غلام محمد کے ہم نوالا و ہم پيالہ جسٹس منير نے اس غلط اقدام کو جائز قرار دے کر نظريہ ضرورت کا پھندہ ہميشہ کيلئے پاکستانی قوم کے گلے پر کَس ديا ۔ بعد ميں يہی سياسی گندم کا تحفہ پاکستان کے پہلے فوجی ڈکٹيٹر جنرل ايوب خان نے قبول کيا اور پاکستانی قوم محکوم ہونا شروع ہوگئی ۔

ايک نظر ادھر بھی

پنجاب يونيوسٹی ميں ناچ گانے کي باقاعدہ کلاسز کی محالفت کرنے پر سٹوڈنٹس کو يونورسٹی سے نکالنے کی تيارياں ۔ نيچے ديئے رابطہ پر کلک کر کے يا اسے براؤزر ميں لکھ کر پڑھيئےhttp://nawaiwaqt.com.pk/urdu/daily/oct-2006/15/columns3.php

جھگڑے اور شرمندگی سے نجات

ہماری ہر بات اور عمل اپنا اثر رکھتے ہيں جس طرح پانی ميں پتھر پھينکا جائے تو لہريں پيدا ہوتی ہيں جو دور تک جاتی ہيں ۔ ہميں اپنی مرضی کے مطابق بولنے اور عمل کرنے کا حق ضرور ہے ليکن ہمارے بولے ہوئے الفاظ اور ہمارے عمل کے نتيجہ کی ذمہ داری بھی ہم پر ہی عائد ہوتی ہے ۔ جلدی ميں بولے ہوئے الفاظ نے متعدد بار پيار کرنے والے مياں بيوی يا دوستوں کے درميان ديوار کھڑی کی ہے ۔

بعض اوقات ہم کسی کے متعلق غلط سوچ قائم کرتے ہيں اور پھر غُصّے يا جذبات ميں آ کر جو منہ ميں آتا ہے کہہ ڈالتے ہيں ۔ ايسے ميں اگر ہم توقّف کريں تو جلد ہی غصہ يا جذبات دھيمے پڑ جاتے ہيں اور اس کی جگہ رحمدلی يا تدبّر لے ليتا ہے ۔ اسلئے غصے يا جذبات سے مغلوب ہو کر کچھ بولنا يا کوئی قدم اُٹھانا بڑی غلطی ہے۔ بہتر يہ ہے کہ غصہ يا جذبات کے زيرِ اثر نہ کوئی بات کی جائے اور نہ کوئی عملی کام ۔ عين ممکن ہے ايک آدھ دن ميں يا تو غصے کا سبب ہی ختم ہو جائے يا کوئی بہتر صورت نکل آئے ۔ بالفرضِ محال اگر صورتِ حال جوں کی توں رہتی ہے تو کم از کم بہتر اقدام کے بارے ميں سوچنے کا وقت تو مل گيا ہو گا ۔ زيادہ قياس يہی ہے کہ غصہ کھانے کی وجہ ہی نہيں رہی ہو گی ۔

سُورة 41 فُصِّلَت / حٰم السَّجْدَ آيت 34

اور نیکی اور بدی برابر نہیں ہو سکتے، اور برائی کو بہتر (طریقے) سے دور کیا کرو سو نتیجتاً وہ شخص کہ تمہارے اور جس کے درمیان دشمنی تھی گویا وہ گرم جوش دوست ہو جائے گا

زمين ميرے پاؤں کے نيچے سے نکل گئی

پچھلے سال آج کے دن ميں کسی کام سے راولپنڈی کچہری گيا ہوا تھا ۔ وہاںگہری سوچ ميں گُم ايک دفتر سے دوسرے دفتر جا رہا تھا کہ ميرے پاؤں کے نيچے سے زمين زوردار جھٹکے کے ساتھ ايک طرف کو گئی ۔ ابھی سنبھل نہ پايا تھا کہ زمين دوسری طرف کو گئی ۔ جھٹکے ختم ہوئے تو بيٹے کا ٹيلفون خيريت پوچھنے کيلئے آيا ۔ تھوڑی دير بعد گھر کو روانہ ہوا ۔ راستہ ميں پھر بيٹے کا ٹيليفون آيا اور اُس نے بتايا کہ مرگلہ ٹاور گِر گيا تھا ۔ اسلام آباد گھر پہنچنے پر بيٹے نے بتايا کہ ہمارے گھر کے چار کمروں کی ديواروں ميں دراڑيں پڑ گئی تھيں ۔ ميرے وہم و گمان ميں بھی نہ تھا کہ ميرے مُلک کے شمالی علاقوں ميں قيامتِ صغرٰی بپا ہو چُکی ہے ۔

رات گئے معلوم ہوا کہ مظفرآباد اور باغ وغيرہ سے بالکل رابطہ نہيں ہو رہا ۔ کچھ رضاکار صورتِ حال معلوم کرنے چل پڑے ۔ آدھی رات کے بعد اُنہوں نے اپنے موبائل سے اطلاع دی کہ مظفرآباد کو جانے والی سڑک تباہ ہو گئی ہے ذرا سی روشنی ہو جانے پر وہ گاڑی وہيں چھوڑ کر پيدل آگے جائيں گے ۔ اگلے دن اُن کے ٹيليفون کا انتظار کرتے رہے ۔ اِسی دوران اطلاع ملی کہ صوبہ سرحد ميں بالا کوٹ تباہ ہو چکا ہے اور اس سے آگے شمالی علاقوں کی کچھ خبر نہيں ۔ عشاء کے بعد ٹيليفون آيا کہ ميں اکيلا ٹيليفون کرنے واپس آيا ہوں کيونکہ ٹيليفون کا نظام تباہ ہو چکا ہے مظفرآباد پہنچنے ميں تو وقت لگے گا جہاں تک ميں گيا ہوں سب گاؤں تباہ ہو چکے ہيں ۔

 اس کے بعد مقامی فلاحی جماعتوں نے تيزی سے امدادی کاروائياں شروع کر ديں اور پہلی کھيپ 10 اکتوبر 2005 کو صبح سويرے روانہ کر دی گئی جو جہاں سڑک تباہ ہو گئی تھی اس سے آگے کندھوں پر ليجائی گئ اور مظفرآباد کے راستہ ميں رہائشی متاءثرين ميں بانٹ دی گئی ۔ اسی طرح پہلی کھيپ جو بالاکوٹ بھيجی گئی وہ ٹرک مانسرہ سے کچھ آگے رک گيا اور آگے پيدل کندھوں پر سامان پہنچايا گيا ۔

اب ايک سال بعد صورتِ حال يہ ہے کہ متاءثرين کی غالب اکثريت ابھی تک خيموں ميں رہ رہی ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ ايسے واقعات سے لوگ عبرت پکڑتے ہيں مگر ہماری قوم شائد سب حدود پار کر چُکی ہے ان پر کوئی اثر ہوا نظر نہيں آتا ۔ امدادی رضاکار ادارے شکائت کرتے ہيں کہ  حکومت کے ذريعہ تقسيم ہونے والی امداد کا بيشتر حصہ متاءثرين کو نہيں مِل رہا ۔ حکومت نے بحالی کا ايک خصوصی ادارہ بنايا ہوا ہے جس کا سربراہ حاضرسروس جرنيل ہے ۔ ناجانے اُن کی کيا ذمہ داری ہے جو امداد خُردبُرد ہو رہی ہے ۔ امداد خُردبُرد کرنے والوں ميں حکومت کے اہلکاروں کے علاوہ مقامی لوگ بھی شامل ہيں اور متاءثرين بے سہارا لوگ ہيں ۔

مسلم رضاکار اداريے امدادی کاروائياں جاری رکھے ہوئے ہيں ۔ اِنفرادی اِمداد بھی جاری ہے ۔ غير مُلکی امدادی ادارے صرف چند رہ گئے ہيں اور انہوں نے ايک اور مسئلہ کھڑا کيا ہوا ہے ۔ پاکستانی اور بين الاقوامی مسلم رضاکاروں نے بچوں اور بالغوں سب کيلئے تعليم کا بندوبست کيا ہوا ہے جس ميں وہ قرآن کی تعليم بھی ديتے ہيں ۔ ان کو قرآن کی تعليم اعتراض ہے کہ يہ لوگ متاءثرين کو دہشت گرد بنا رہے ہيں ۔ اس کے بر عکس کچھ غيرمُلکی ادارے متاثرين کو عيسائيت کی ترغيب ديتے رہے ہيں جس پر اجتمائی احتجاج بھی ہوا تھا ۔

يہاں کلِک کر کے يا مندرجہ ذيل لِنک اپنے براؤزر ميں لکھ کر  تازہ ترين صورتِ حال پڑھيئے