بچ نکلنے والی طالبہ کا انٹرویو

بدھ 11 جولائی کو حکومت کے مطابق آخری 30 طالبات جامعہ حفصہ سے نکلیں تھیں ۔ انہیں حراست میں لے لیا گیا تھا اور دو دن بعد انہیں انکے والدین کے حوالہ کر دیا گیا تھا ۔ ان طالبات میں ایک مرگلہ کی پہاڑیوں پر کوٹلہ گاؤں سے تعلق رکھنے والی شہناز اختر بھی ہے ۔ شہناز اختر عام سکول سے آٹھویں جماعت پاس کرنے کے بعد گذشتہ 6 سال سے جامعہ حفصہ میں زیرِ تعلیم تھی اور اب عالِمہ کے کورس کے آخری سال میں تھی کہ سب کچھ آگ اور بارود کی نظر ہو گیا ۔ شہناز اختر کے مطابق ۔ 550 طالبات حدیث کی عالِمہ کا کورس مکمل کر چکی تھیں جس دن ان کی تقسیمِ اسناد کی تقریب ہونا تھی اسی دن نمازِ فجر کے وقت جامعہ حفصہ پر پہلی شدید فائرنگ اور گولہ باری ہوئی ۔

شہناز اختر نے بتایا کہ وہ 5 دوسری طالبات کے ساتھ ایک چھوٹے سے کمرہ میں تھی ۔ دوسرے کمروں میں سے ایک میں ایک میں گولہ آ کر گرا جس سے ایک دم آگ لگ گئی اور 30 طالبات جل کر شہید ہوگئیں ۔ اس کے بعد اُم حسّان نے کہا کہ تمام طالبات کی فہرست تیار کی جائے تو وہ فہرست بنانے میں لگ گئی مگر دوسرے دن تک ابھی 1000 طالبات کے کوائف لکھے تھے کہ ایک اور شدید حملہ ہوا جس میں 85 طالبات شہید ہو گئیں ۔ تیسرے دن حملہ اور بھی شدید تھا جس کے نتیجہ میں 270 طالبات شہید ہو گئیں اور 50 کے لگ بھگ زخمی ہوئیں جن کو کوئی طبّی امداد نہ ملی ۔

شہناز اختر نے بتایا کہ رات کو کامیاب مذاکرات کی بات ہوئی [10 اور 11 جولائی کی درمیانی رات والے آخری مذاکرات] لیکن فجر کے وقت اچانک دھماکوں اور شدید فائرنگ کی آوازیں آنے لگیں ۔ ہمیں تہہ خانے میں جانے کا کہا گیا ۔ وہاں اس وقت تقریباً 1500 طالبات تھیں ۔ دن نکلا اعلان ہوا کہ جو باہر نکل آئے گا اسے کچھ نہیں کہا جائے گا ۔ دن کو ساڑھے گیارہ بجے ہم 30 طالبات باہر نکل آئیں ۔ باقی نے یہ کہہ کر باہر جانے سے انکار کر دیا کہ یہ دھوکہ دے رہے ہیں اور پھر ہم باہر نکل کر جائیں گی کہاں ؟ [ان طالبات کی زیادہ تعداد زلزلہ سے متأثر علاقہ سے تعلق رکھتی تھی] ۔ جب ہم جامعہ سے باہر نکلے تو دیکھا کہ جامعہ کی چھت پر کمانڈو کھڑے تھے ۔ انہوں نے ہم پر فائرنگ شروع کردی ۔ بڑی مشکل سے ان کو چیخ کر بتایا کہ ہم باہر جا رہی ہیں ۔ ہم برستی گولیوں میں باہر نکل آئیں تو باہر پھر ہمیں کمانڈوز نے گھیر لیا ۔ پھر زنانہ پولیس نے ہماری تلاشی لی اور سب کچھ رکھوا لیا جس میں 1000 طالبات کے کوائف والی فہرست بھی شامل تھی ۔ کمانڈوز نے ہم پر طنز کیا اور ہمارے ساتھ بدتمیزی بھی کی ۔ پھر ہمیں نقاب اُتارنے کا حکم دیا گیا ۔ بعد میں ہمیں تھانہ آبپارہ لیجایا گیا وہاں پر بھی اہلکار بدتمیزی سے بات گفتگو کرتے رہے ۔ آبپارہ تھانہ سے ہمیں سپوٹس کمپلیکس لیجایا گیا جہاں سے بعد میں مجھے میرے گھر والے اپنا شناختی کارڈ جمع کرا کر لے آئے ۔

بشکریہ اُمّت ۔ مکمل انٹرویو پڑھنے کیلئے یہاں کلِک کیجئے ۔

تصحیح

میں نے کل لکھا تھا ” جامعہ حفصہ کے قریب نالے میں طالبات کا سامان پھینکا ہوا پایا گیا تھا“۔ طالبات کا سامان جی سیون ٹو کے نالے میں پایا گیا تھا جبکہ جامعہ حفصہ جی سِکس وَن اور جی سِکس فَور کے درمیان ہے ۔ سامان ملنے والی جگہ جامعہ حفصہ سے تقریباً ایک کلو میٹر دور ہے ۔

اس سامان میں کیا تھا جاننے کیلئے یہاں کلک کیجئے اور پھر سوچئے کہ کیا ہم سب مسلمان ہیں ؟ ؟ ؟

اب کیا ہو رہا ہے ؟ ؟ ؟

جیسا کہ میں لکھ چکا ہوں کہ لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس کے خلاف فوجی کاروائی 11 جولائی کو مکمل ہو گئی تھی ۔ 14 جولائی کی صبح اردگرد کے رہائشی علاقہ سے کرفیو ختم کیا گیا تھا اور اعلان کیا گیا تھا کہ لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس اور اس کے اردگرد کے علاقہ بشمول کمیونٹی سنٹر ۔ انوائرمنٹ منسٹری اور انکم ٹیکس کے دفاتر اور آبپارہ سے میلوڈی مارکیٹ کی طرف جانے والی دونوں سڑکوں یعنی کوئی سات آٹھ سو میٹر لمبے اور پانچ سو میٹر چوڑے علاقہ میں مزید ایک ہفتہ کرفیو رہے گا ۔ یہ ایک ہفتہ 21 جولائی کی صبح کو پورا ہو گیا تھا ۔ اس خیال سے کہ کرفیو حسبِ وعدہ اُٹھا لیا گیا ہو گا آج صبح 9 بجے میں کسی کام سے آبپارہ مارکیٹ اور میلوڈی مارکیٹ کیلئے روانہ ہوا ۔ جب میں آبپارہ چوک سے میلوڈی مارکیٹ کی طرف جانے والی بڑی اور دوہری سڑک پر مُڑا تو کیا دیکھتا ہوں کہ آبپارہ مارکیٹ کے فوراً بعد سڑک پر بڑے بڑے سیمنٹ کنکریٹ بلاک رکھ کر سڑک بند کی ہوئی ہے اور الِیٹ فورس کے مسلحہ کمانڈو کسی پیدل شخص کو بھی اُدھر نہیں جانے دے رہے ۔ مجھے آبپارہ مارکیٹ کے ساتھ ہی مڑنا پڑا اور پھر 12 فٹ چوڑی سڑکوں پر سے ہوتا ہوا جگہ جگہ رُکتا کیونکہ سامنے سے بھی ٹریفک آ رہی تھی 2 منٹ کا راستہ 40 منٹ میں طے کر کے میلوڈی مارکیٹ پہنچا ۔

میں تو خیر کبھی کبھار کسی کام سے ہی اُدھر جاؤں گا لیکن جو سڑکیں ابھی تک کرفیو میں ہیں اُن کے کنارے رہنے والے جو 3 جولائی سے 14 جولائی تک کرفیو کی وجہ سے گھروں میں قید تھے 14 جولائی سے اب تک گلیوں کے راستے پیدل اپنے گھروں سے دور سڑک پر نکلتے ہیں اور پھر کسی طرف جانے کے قابل ہوتے ہیں جو بیمار یا لاغر کیلئے بہت مشکل کام ہے ۔

لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس سے ملبہ ہٹانے پر مامور مزدوروں کو 22 جولائی کو ایک جلی ہوئی لاش ملی جس کے ٹکڑے ہو چکے تھے ۔ اس سے ایک دن پہلے جامعہ حفصہ کے قریب نالے میں طالبات کا سامان پھینکا ہوا پایا گیا تھا ۔ جو ملبہ بیکار سجھ کر فوجی افسروں نے باہر پھینکوا دیا تھا اس میں سے اسلام آباد کے ایک بچے فاروق الحسنین کا پاسپورٹ ملا ہے جس کی تاریخ پیدائش 14 فروری 2003 ہے اور پاسپورٹ کا اجراء 24 مارچ 2006 کو ہوا تھا ۔ سوال یہ ہے کہ فاروق الحسنین کہاں ہے ؟ ابھی تو سب کچھ ایک بڑے علاقہ میں کرفیو لگا کر فوجی افسران کی نگرانی میں ہو رہا ہے تو یہ حال ہے ۔ منگل 10 جولائی سے لے کر آج تک ہر آنے والا دن حکومت کے کردار کو مشکوک سے مشکوک تر بنا رہا ہے ۔

اگر صرف لال مسجد یا جامعہ حفصہ کی مرمت ہی کرنا ہو تو اردگرد کے اتنے بڑے علاقہ میں کرفیو کی کیا ضرورت ہے ؟ صرف لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس کی ناکہ بندی کافی ہے جو کہ موجودہ کرفیو والے علاقہ کا آٹھواں حصہ ہو گا ۔ پہلے آپریشن ختم ہونے کے بعد دو دن تک صحافیوں کو متاثرہ علاقہ میں نہ لیجانا ۔ پھر صحافیوں کو صرف لال مسجد کے ہال اور ابتدائی دنوں میں بنے ہوئے تنگ برآمدے تک محدود رکھنا اور اب تک اتنے بڑے علاقہ میں کرفیو رکھنے سے ذہن میں صرف ایک ہی بات آتی ہے کہ حکومت کی سفاکی اور 1000 سے 2000 بے گناہ طلباء و طالبات کے بیہیمانہ قتل پر پردہ ڈالنے کیلئے حکومت یہ سب اقدامات کر ہی ہے ۔ جلے ہوئے انسانی جسموں کو رات کی تاریکی میں ٹھکانے لگا دیا گیا لیکن ان کے چھوڑے ہوئے نشانات کو مٹانے میں کافی وقت لگتا ہے ۔ اسی طرح بموں سے عمارت کے اندر جب جسموں کے ٹکڑے اُڑتے ہیں تو جا بجا جسموں کی تعداد سے بہت زیاد نشانات چھوڑتے ہیں ۔ ان کو بھی ڈھونڈنے اور مٹانے میں کافی وقت لگتا ہے ۔

معروف بزرگ وکیل حشمت حبیب صاحب جو عدالتِ عظمٰی میں لال مسجد جامعہ حفصہ آپریشن میں گُم شدہ طلباء و طالبات کے وارثوں کے کیس کی پیروی کر رہے ہیں نے چیف کمشنر اسلام آباد کو ایک درخواست دی ہے جس میں لکھا ہے کہ آپریشن شروع ہونے کے وقت لال مسجد اور جامعہ حفصہ میں 1200 طلباء اور 3500 طالبات موجود تھیں ۔ انہوں نے درخواست میں یہ بھی لکھا ہے کہ پولیس کی طرف سے عدالت میں بیان دیا گیا تھا کہ جب آپریشن سے قبل لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس کو گھیرے میں لیا گیا تھا تو 2000 سے زیادہ طالبات ڈنڈے لے کر باہر آئی تھیں ۔ انہوں نے پوچھا ہے کہ حکومت نے ابھی تک چند سو کا حساب دیا ہے باقی طلباء اور طالبات کہاں ہیں ؟

لال مسجد کا اسلحہ

آپریشن سائلنس یا سن رائز لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس پر قبضہ کرنے اور وہاں جو لوگ محصور تھے انہیں مارنے اور گرفتار کرنے کے لحاظ سے 12 جولائی کو مکمل ہو چکا تھا جبکہ صحافیوں کے پہلے گروہ کو 14 جولائی ڈھائی تین بجے بعد دوپہر دورہ کرایا گیا جس میں انہیں صرف لال مسجد کے ہال اور ابتدائی دنوں میں بنے ہوئے تنگ برآمدے تک محدود رکھا گیا ۔ انہیں لال مسجد کے ہال میں بہت سا اسلحہ دکھایا گیا جو ترتیب سے سجایا گیا تھا ۔ اس میں مختلف الاقسام اسلحہ خفیفہ [variety of Small Arms or Light Weapons] اور مختلف الاقسام ذخیرہ [Ammunition of different calibers] تھا ۔ ان میں شامل تھے خودکار ہلکی بندوقیں [Light Machine Guns] ۔ خود کار متوسط بندوقیں [Medium Machine Guns] ۔ خود کار بھاری بندوقیں [Anti-Aircraft Heavy Machine Guns] جو ہوائی جہازوں کے خلاف استعمال کی جاتی ہیں ۔ کندھے سے چلایا جانے والا ہاوَن [Shoulder-firing Rocket Launchers] ۔ ہر قسم کی خودکار بندوقوں کی تعداد درجنوں میں تھی ۔ کندھے سے چلایا جانے والے ہاوَن چار پانچ تھے ۔ ایک خاصہ بڑا ڈھیر [heap] ذخیرہ خفیفہ [Machine gun Cartridges ] کا تھا اور ٹینک شِکن آر پی جی [Rocket Propelled Anti-Tank Grenades ] بھی تھے ۔

لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس میں دس دن محصور رہ کر باہر سے آنے والی گولیوں اور گولوں کا نشانہ بن کر مر جانے والے بقول حکومت کے دہشتگرد اس اسلحہ کی مدد سے نہ صرف فوجیوں بلکہ ان کی بکتر بند گاڑیوں [Tanks and Armoured Personnel Carriers] کو بھی آسانی سے تباہ کر سکتے تھے اور اُوپر سے گذرنے والے ہیلی کاپٹر اور امریکہ کا دیا ہوا بغیر طیّار [Pilotless] کے جاسوس طیّارہ [Spy aircraft] بھی گرا سکتے تھے ۔

جب اُن کی جان پر بنی تھی تو اگر اسلحہ اُن کے پاس ہوتا تو وہ ضرور اسے استعمال کرتے  

دوسری چیز جو نظر آئی یہ ہے کہ تمام اسلحہ چمک رہا تھا جیسے ابھی کسی دار [Show Room] سے لایا گیا ہو جہاں اس کو نمائش کیلئے رکھا گیا تھا ۔ اتنی تو رائفل جی تھری ۔ ایم پی تھری ۔ مشین گن ایم جی وَن اے تھری پی اور ایم جی تھری اُس وقت بھی نہیں چمک رہی ہوتیں جب انہیں بنانے کے بعد پاکستان آرڈننس فیکٹری سے فوج کے گودام میں بھیجا جاتا ہے ۔ صرف نمائش میں رکھنے کیلئے یا ڈرِل ۔ پریڈ یا ابتدائی تربیت [Drill, Parade or initial Training] کیلئے تیار کیا گیا اسلحہ اس طرح چمکایا جاتا ہے ۔ البتہ ڈرل ۔ پریڈ یا ابتدائی تربیت کیلئے تیار کئے گئے اسلحہ سے گولی نہیں چلائی جا سکتی ۔

لال مسجد میں اسلحہ پہنچانے والے حکومتی نمائندوں کی عقل میں نہ آیا کہ اتنا زیادہ اسلحہ اور وہ بھی چمک دمک والا لال مسجد میں جمع کر کے وہ بجزو  اپنے آپ کے کسی کو بیوقوف نہیں بنا رہے ؟

عشقِ حُسن کیا ہے بندگی کے آگے ؟

بچپن میں ایک کہانی سنی تھی کہ ایک آزاد منش نوجوان شہزادہ ایک نہائت خوبصورت شہزادی پر فریفتہ ہو گیا اور اُس سے شادی کی خواہش کی ۔ شہزادی نے کہا کہ فلاں دینی عالم کی نگرانی میں چلّہ کاٹو اگر تم کامیاب رہے تو میں تم سے شادی کر لوں گی ۔ نوجوان کو دین سے کوئی لگاؤ نہ تھا مگر دل کے ہاتھوں مجبور دینی عالم کے پاس جا کر قصہ بیان کیا ۔ عالم نے اسے ایک کمرے میں رہنے کی اجازت دے دی ۔ نوجوان نے چلّہ شروع کیا اور عالم کی خدمت بھی کرتا رہا ۔ جب کئی ماہ گذر گئے تو شہزادی نے قاصد بھیجا کہ احوال معلوم کرے ۔ قاصد نے آ کر بتایا کہ وہ تو اب شہزادہ لگتا ہی نہیں ۔ شہزادی کو یقین نہ آیا ۔ سواری تیار کرا کے خود وہاں جا پہنچی اور شہزادے کو کہا کہ میں تو تمہارا امتحان لے رہی تھی جس میں تم پورے اترے ۔ اب میں شادی کی منتظر ہوں ۔ شہزادہ بولا کیسی شہزادی کیسا حسن کیسی شادی ۔ مجھے یہاں وہ کچھ مل گیا ہے جو کبھی خواب میں بھی نہ دیکھا تھا ۔ شہزادی نے عالم دین سے مدد چاہی تو انہوں نے کہا بیٹی ۔ یہ تو اللہ کا تابعدار ہو گیا ہے اور اسے اللہ کے بندوں کی خدمت کا چسکا پڑ گیا ہے ۔

سو کچھ ایسا ہی مجھے عامر لیاقت حسین کے متعلق ایک کراچی والے نے اس کے لال مسجد جامعہ حفصہ پر فوج کشی کی مخالفت کرتے ہوئے وزارت سے مستعفی ہونے سے چند دن پہلے کہا تھا ۔

عامر لیاقت حسین سابق وزیرِ مملکت کی ایک تازہ تحریر

جب میں اسکول میں پڑھتا تھا تو بہت فخر سے اور بڑھ چڑھ کر یہ گیت اسکول کی اسمبلی میں سب کے ساتھ مل کرگایا کرتا تھا

آؤ بچو! سیر کرائیں تم کو پاکستان کی
جس کی خاطر ہم نے دی قربانی لاکھوں جان کی

اِس قومی نغمے میں نہ جانے ایسی کیا بات تھی کہ رگوں میں دوڑتا لہو بھی کچھ دیر کے لیے سبز ہوجاتا تھااور اندر ہی اندرخواب، امیداورتوقع کے نئے پودے تناور درخت بننے کے لیے بے تاب ہوجاتے … لیکن قومی اسمبلی، اسکول کی اسمبلی سے بہت مختلف ہے…وہاں چونکہ سب جیت کر آتے ہیں اِسی لیے گیت بھی بدل جاتے ہیں…اُس وقت انداز والہانہ تھا،اب فاتحانہ ہے …اُس وقت بچوں کی اسمبلی تھی اِسی لیے صرف پاکستان نظر آتا تھا…اب قومی اسمبلی ہے اِسی لیے ”صدرِ پاکستان“ کے سوا کسی کو کچھ دکھائی نہیں دیتا…اور پھر میں بھی سب کی طرح یہ گیت بھول گیا…کہ اقتدار کی راہداریوں میں تو لوگ سچ اور حق کو بھول جاتے ہیں یہ تو صرف ایک گیت تھا…ایک ایسا بھولا بسرا نغمہ جسے گنگنانے کے لیے آواز کی نہیں…صرف حب الوطنی کی ضرورت تھی…مگر اب سب کچھ ویسا نہیں ہے ، دھیمے سُروں کی جگہ اب خود کش حملہ آوروں کے سَروں نے لے لی ہے …آواز کے جادو پر درد بھری چیخوں کی ظالمانہ حُکم رانی ہے …اِسی لیے اب کوئی ”قومی نغمہ “ نہیں گاتا…سہمے سہمے سوز سے بس ”قومی نوحے“ پڑھے جاتے ہیں…ہرفرد نفسیاتی مریض بنتا جارہا ہے اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ کسی ممکنہ دھماکے سے قبل ہی وہ کرب سے پھٹ جائے گا… آج مجھے وہی گیت پھر یاد آرہا ہے ، مگر ویسا نہیں جیسا میں گاتا تھا…مجھے نیزوں کی نوکوں پر بچوں کے سر، خون میں لت پت ٹرینیں، انسانی جسم اگلتے کنوئیں اور وہ سوختہ نعشیں بھی دکھائی دے رہی ہیں جن کے سبب پاکستان جیسی نعمت عظیم ہم جیسے ”بے قدروں“ کو نصیب ہوئی…

فوجی جوانوں پر حملے کرنے والے جنونی اور مساجد کو ویران کرنے والے”ویر“ یہ نہیں جانتے کہ دونوں جانب بہنے والا خون ہمارا اپنا ہے …اِس کی مہک گواہی دے رہی ہے کہ یہ آج بھی اُن22لاکھ انسانی جانوں کا مقروض ہے جو تخلیقِ پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو اپنے لہو کی آبیاری سے مضبوط کرگئیں…آج میں اُن شہیدوں ہی سے مخاطب ہوں…مگرخجالت و شرمندگی کے بوجھ کے ساتھ یہ کہتے ہوئے

آؤ شہیدو! سیر کرائیں تم کو پاکستان کی
جس کی خاطر تم نے دی قربانی لاکھوں جان کی
پاکستان زندہ باد . . . پاکستان زندہ باد 
دیر و سوات اسلام آباد میں بمباروں کا ڈیرا ہے
سفاکی اور بربادی کا اِن کے سر پر سہرا ہے
گلیوں میں کوچوں میں اِن کی دہشت کا رنگ گہرا ہے
دیکھو غور سے دیکھو کتنا مکروہ اِن کا چہرہ ہے
جاں لیتے ہیں اپنی نفرت سے یہ ہر انسان کی
جس کی خاطر تم نے دی قربانی لاکھوں جان کی
گلی گلی میں بکھری ہیں لاشیں ماؤں کے لال کی
ہ لاشیں کیسی لاشیں ہیں بن جسموں کے کھال کی
نہ تو جھگڑا عورت پر ہے نہ یہ جنگ ہے مال کی
تصویریں جو ماضی کی تھیں دیکھو اب ہیں حال کی
رہی نہ قیمت سب کی نظروں میں انسانی جان کی
جس کی خاطر تم نے دی قربانی لاکھوں جان کی
آزادی آزادی کہہ کر پاکستان بنایا تھا
لاکھ ستاروں کے جھرمٹ میں چاند ستارہ پایا تھا
رمضاں کی ستائیس تھی قرآں کا سر پہ سایہ تھا
اپنا خوں دے کر یہ تم نے تحفہ پیارا پایا تھا
نفرت کی آندھی ہے اور آمد ہے اب طوفان کی
کیسے اب ہم سیر کرائیں تم کو پاکستان کی
مسجد مسجد خون کی موجیں زخمی ہر پیشانی ہے
بے قیمت ہے خون یہاں پر مہنگا لیکن پانی ہے
ہر صبح سیلاب بکف ہے شام ہر اک طوفانی ہے
کتنی سرکش کتنی رسوا اب نسلِ انسانی ہے
صد افسوس کہ بھول گئے ہیں باتیں ہم قرآن کی
کیسے اب ہم سیر کرائیں تم کو پاکستان کی
درسِ محبت دینے والے انسانوں کا نام نہیں
سورج جیسی صبح نہیں ہے تاروں جیسی شام نہیں
کون سا گھر ہے ارضِ وطن کا جس میں اب کہرام نہیں
یاد کسی کو پیارے نبی کا آج کوئی پیغام نہیں
بھول گئے ہاں بھول گئے ہیں باتیں ہم ایمان کی
اپنے ہاتھوں کھول رہے ہیں راہیں ہم زندان کی
دیکھو شہیدو! اپنی اولادوں کی حق تلفی دیکھو!
حسرت دیکھو ،نفرت دیکھو لاشیں تم گرتے دیکھو
آزادی کے تحفے میں عزت کی پامالی دیکھو
آنکھیں بند کر کے تم دختر کی عزت لٹتے دیکھو
کیوں لگائی تھی اے پیارو! تم نے بازی جان کی
کس کی خاطر تم نے دی قربانی لاکھوں جان کی
دست دعا پر حرف دعا پر خون کے آنسو گرتے ہیں
چہروں چہروں خوف کے نغمے لکھنے والے لکھتے ہیں
دل میں بسا کر امن کی خواہش شہروں شہروں پھرتے ہیں
رہبر پھر بھی رہزن بن کر ہر رستے پر ملتے ہیں
مسلم ہوکر مان رہے ہیں باتیں سب شیطان کی
پس منظر میں رکھ دیں ہم نے باتیں رب رحمن کی
کیسے تم کو سیر کرائیں اپنے پاکستان کی
بم دھماکوں اور خود کش حملوں کا ہے بازار یہاں
بغض، عداوت اور جلن کا سب کے سر پہ بار یہاں
بوڑھی لگتی ہے مروت نفرت کا ہر وار جواں
بیتے پل بس یادیں ہیں اب ایسے دن اور رات کہاں
ایسا لگتا ہے سپاہ اتری ہے یاں خاقان کی
کیسے تم کو سیر کرائیں اپنے پاکستان کی
دین، عقیدے اور مذہب کے نام پہ لاشیں گرتی ہیں
مائیں اپنے ٹکڑوں کے ٹکڑوں کو لے کر پھرتی ہیں
امیدوں کی کلیاں اس گلشن میں اب کم کھلتی ہیں
روحیں نخوت کی یاں خوشیوں کے جسموں سے چڑتی ہیں
انسانوں کی اِس بستی میں ہے کمی انسان کی
کیسے تم کو سیر کرائیں اپنے پاکستان کی
بولو شہیدو! کہو شہیدو! کیوں بنایا پاکستان
نعرہ یہ تم نے کیوں لگایا”لے کے رہیں گے پاکستان“
اپنی جنت اپنا گھر ہی کہلائے گا پاکستان

کیا امریکہ کی خاطر ملک تباہ کر دیا جائے گا ؟

لال مسجد جامعہ حفصہ کمپلیکس پر فوج کشی اور ہزاروں بے قصور طلباء و طالبات کو قتلِ عام صرف امریکی حکومت کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے کیا گیا ۔

واشنگٹن………..امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان القاعدہ کے محفوظ ٹھکانوں کو نشانہ بنائیں گے۔ پاکستان کو انتہاپسندی سے نجات دلانے کیلئے امریکا صدر پرویز مشرف کی کارروائیوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ اپنے ہفتہ وار ریڈیو خطاب میں امریکی صدر کاکہنا تھا کہ پاکستان میں لال مسجد آپریشن سمیت شدت پسندوں کے خلاف اقدامات امریکا کی القاعدہ کے خلاف عالمی مہم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ صدر پرویز مشرف نے سمجھ لیا تھا کہ دوہزار چھ میں قبائلی عمائدین سے کئے جانے والے امن معاہدے ناکام ہوگئے ہیں جس کے بعد انہوں نے اسے درست کرنے کیلئے متحرک اقدامات کئے ۔صدر بش نے اپنے خطاب میں بتایا کہ صدر پرویز مشرف نے اس ماہ کے اوائل میں صدر پرویز مشرف نے مسجد پر قبضہ کرنے والے شدت پسندوں کے خلاف فورسز کو استعمال کیااور اس کے بعد اپنے خطاب میں پاکستان کو انتہاپسندی سے نجات دلانے کا عزم کیا۔صدر بش نے مزید کہا کہ پاکستانی فورسز حالت جنگ میں ہیں اور کئی افراد نے اپنی جانیں بھی دی ہیں،امریکا ان اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر پاکستان سمیت دنیا بھر میں القاعدہ اور طالبان کو محفوظ ٹھکانے نہیں بنانے دینگے۔