خود کُش دھماکہ یا ؟ ؟ ؟ ؟ ؟

دو روز قبل کراچی کے علاقے گرومندر کے علاقہ میں دھماکے کے نتیجہ میں ہلاک ہونے والے صدر آصف علی زرداری کے چیف سیکیورٹی آفیسر بلال شیخ کے متعلق کہا گیا تھا کہ وہ گاڑی سے اُترے اور خود کُش بمبار نے اپنے آپ کو اُڑا لیا

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق
بلال شیخ کے سر اور منہ پر گہرے زخم ہیں
جسم کا بایاں حصہ بُری طرح متاثر ہوا
پیٹ کے اُوپری حصے پر گہرا کٹ (cut) موجود ہے
ٹانگوں پر گھٹنوں سے اُوپر زخم آئے ہیں

تاہم
بلال شیخ کے جسم سے بال بیئرنگ اور پَیلٹس نہیں ملے
دھماکے کے وقت بلال شیخ گاڑی سے نہیں اُترے تھے
بلال شیخ کے جسم پر بُلٹ پروف شیٹ سے بھی زخم آئے

رمضان کریم

سب مُسلم بزرگوں بہنوں بھائیوں بھتیجیوں بھتیجوں بھانجیوں بھانجوں پوتيوں پوتوں نواسيوں نواسوں کو اور جو اپنے آپ کو اِن میں شامل نہیں سمجھتے اُنہیں بھی رمضان کريم مبارک

اللہ الرحمٰن الرحيم آپ سب کو اور مجھے بھی اپنی خوشنودی کے مطابق رمضان المبارک کا صحیح اہتمام اور احترام کرنے کی توفیق عطا فرمائے

روزہ صبح صادق سے غروبِ آفتاب تک بھوکا رہنے کا نام نہیں ہے بلکہ اللہ کے احکام پر مکمل عمل کا نام ہے ۔ اللہ ہمیں دوسروں کی بجائے اپنے احتساب کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں حِلم ۔ برداشت اور صبر کی عادت سے نوازے

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کا حُکم

سورت 2 ۔ البقرہ ۔ آيات 183 تا 185

اے ایمان والو فرض کیا گیا تم پر روزہ جیسے فرض کیا گیا تھا تم سے اگلوں پر تاکہ تم پرہیزگار ہو جاؤ
چند روز ہیں گنتی کے پھر جو کوئی تم میں سے بیمار ہو یا مسافر تو اس پر ان کی گنتی ہے اور دِنوں سے اور جن کو طاقت ہے روزہ کی ان کے ذمہ بدلا ہے ایک فقیر کا کھانا پھر جو کوئی خوشی سے کرے نیکی تو اچھا ہے اس کے واسطے اور روزہ رکھو تو بہتر ہے تمہارے لئے اگر تم سمجھ رکھتے ہو
‏ مہینہ رمضان کا ہے جس میں نازل ہوا قرآن ہدایت ہے واسطے لوگوں کے اور دلیلیں روشن راہ پانے کی اور حق کو باطل سے جدا کرنے کی سو جو کوئی پائے تم میں سے اس مہینہ کو تو ضرور روزے رکھے اسکے اور جو کوئی ہو بیمار یا مسافر تو اس کو گنتی پوری کرنی چاہیے اور دِنوں سے اللہ چاہتا ہے تم پر آسانی اور نہیں چاہتا تم پر دشواری اور اس واسطے کہ تم پوری کرو گنتی اور تاکہ بڑائی کرو اللہ کی اس بات پر کہ تم کو ہدایت کی اور تاکہ تم احسان مانو

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے رمضان کی فضيلت سورت ۔ 97 ۔ القدر ميں بيان فرمائی ہے

بیشک ہم نے اس (قرآن) کو شبِ قدر میں اتارا ہے
اور آپ کیا سمجھے ہیں (کہ) شبِ قدر کیا ہے
شبِ قدر (فضیلت و برکت اور اَجر و ثواب میں) ہزار مہینوں سے بہتر ہے
اس (رات) میں فرشتے اور روح الامین (جبرائیل) اپنے رب کے حُکم سے (خیر و برکت کے) ہر امر کے ساتھ اُترتے ہیں
یہ (رات) طلوعِ فجر تک (سراسر) سلامتی ہے

تبدیلی مگر کیسے ؟

حالیہ انتخابات سے قبل تبدیلی تبدیلی کا بہت شور تھا ۔ تبدیلی لانے کے بلند بانگ دعوے کئے جا رہے تھے
میں سوچتا ہوں کہ کیسے تبدیلی لائی جائے گی ؟
کس کس کو تبدیل کیا جائے گا ؟
پنجابی کی ضرب المثل ہے ” اِٹ نئیں آوے دا آوا ای وگڑیا اے“ (بھٹے کی ایک اینٹ نہیں بٹھے کی سب اینٹیٹں ہی خراب ہیں)
کوئی وعدہ کرے تو کم ہی وفا کرتا ہے
کوئی آپ کی چیز سنبھال کر رکھے تو حیرت ہوتی ہے
اگر کوئی کتاب لے کر گیا وہ واپس کم ہی آتی ہے
جس نے کہا میں فلاں وقت آؤں گا وہ کم ہی اس وقت پر پہنچا ۔ زیادہ تر تو ایک سے دو گھنٹے دیر سے آتے ہیں
سوائے چند لوگوں کے ۔ جس نے کوئی کام کرنے کا وعدہ کیا وہ نہ ہوا
ضلعی عدالتوں کا تو ذکر ہی نہیں اعلٰی بلکہ عدالتِ عظمٰی کے احکامات پر کوئی عمل نہیں کرتا ۔ میری ذاتی مثال یہ کہ پچھلے سال میری پوری پنشن بحال ہونا تھی تو درخواستیں دے کر اس سال یعنی 10 ماہ بعد بحال ہوئی مگر کیا ؟ 1992ء میں جو 3217 روپے کمیُوٹ ہوئے تھے وہ 20 سال بعد ویسے ہی یعنی 3217 تھما دیئے گئے جبکہ 5 جنوری 2012ء کو فیڈرل سروس ٹرِبیونل نے فیصلہ دیا تھا کہ سالانہ اضافے بھی دیئے جائیں ۔ اس کے خلاف حکومتِ پاکستان نے اپیل کی تھی جو عدالتِ عظمٰی (سپریم کورٹ آف پاکستان) نے 24 اپریل 2012ء کو مسترد کر دی تھی ۔ یہ صرف میرے ساتھ نہیں ہزاروں پنشنروں کے ساتھ ہوا ہے ۔ یہ ظالمانہ حُکم پرویز مشرف شوکت عزیز حکومت نے 2001ء میں دیا تھا اور پی پی پی (زرداری) حکومت نے اسے بحال رکھا ۔ اس سے پہلے کی حکومتیں پنشن کی بحالی تمام اضافوں کے ساتھ کرتی تھیں

کسی ادارے میں انتطامات درست نہیں ۔ اس کی بھی ایک ذاتی مثال جو صرف میری نہیں لاکھوں پاکستانیوں کی ہے ۔ جس بنک کے ذریعہ میں پنشن لیتا ہوں اُنہوں نے اس سال مارچ میں میری پنشن کا جھگڑا ڈال دیا ۔ میں نے کہا میری فائل نکالئے ۔ 4 دن بعد فائل نکلی تو اس میں سوائے پہلے خط کے جو 1992ء کا تھا اور کوئی خط نہ تھا ۔ وہ خطوط بھی نہیں تھے جو میں نے اس سال جنوری اور فروری میں دیئے تھے ۔ منیجر صاحب کے پاس گیا تو بولے ”آپ کی تو فائل مل گئی ہے ۔ یہاں تو بہت سے پنشروں کی فائلیں بنی ہی نہیں ہیں“۔ گویا یہ شرم کی بات نہیں بلکہ فخر کی بات ہے

یہ دیگ میں سے نمونے کے چند چاول ہیں ۔ ہماری بد اعمالیوں کی فہرست تو بہت لمبی ہے

کون کرے گا ان سب کو تبدیل ؟ ؟ ؟

ہمّت

کہتے ہیں ”ہمّتِ مرداں ۔ مددِ خدا“۔ اور اللہ کا فرمان (سورت 53 النّجم ۔ آیت 39) بلاگ کے بائیں حاشیئے میں درج ہے جس کا مطلب یہی ہے کہ انسان جس کام کیلئے صبر و تحمل کے ساتھ محنت کرتا ہے اللہ اُسے کامیاب کرتا ہے
اس کی ایک عمدہ عملی مثال جَیسِکا کوکس ہے جیسکا بغیر بازوؤں کے پیدا ہوئی مگر اُس نے وہ کچھ بھی کر دکھایا جو بہت سے بازو رکھنے والے بھی نہیں کر سکتے
جیسکا 25 لفظ فی منٹ کی رفتار سے لکھتی ہے ۔ اپنے بال سوکھا اور بنا لیتی ہے
جیسکا بنباؤ سنگار کر لیتی ہے اور اپنی آنکھ میں کانٹیکٹ لینز بھی لگا لیتی ہے
جیسکا کا قد 155 سینٹی میٹر ہے ۔ وہ 26 سال کی عمر میں جہاز اُڑانے کے 130 گھنٹے پورے کر چکی ہے











کون آگے ؟

کون آگے ؟
مغرب یا مشرق ؟
حساب خود لگایئے

چین میں ایک نیا قانون نافذ کیا گیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ
وہ اپنے والدین کی ضرورتوں کو پورا کریں
ان کا خیال رکھیں
وہ افراد جو اپنے والدین سے الگ یا دور رہتے ہیں وہ با قاعدگی سے انہیں ملنے جائیں اور فون کال کریں

لاپروائی برتنے پر انہیں جیل بھی بھیجا جاسکتا ہے

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ قابلِ غور

کوشش ترک کرنے سے قبل ضرور غور کیجئے

کہ آپ اتنا عرصہ اس کی دُھن میں کیوں لگے رہے

میرا دوسرا بلاگ ” حقیقت اکثر تلخ ہوتی ہے ۔ Reality is often Bitter“۔ ” گذشتہ ساڑھے 8 سال سے معاشرے کے مختلف پہلوؤں پر تحاریر سے بھر پور چلا آ رہا ہے ۔ اور قاری سے صرف ایک کلِک کے فاصلہ پر ہے ۔ بالخصوص پڑھیئے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کا کیا پھڈا ہے

Important Prepositionاہم حرفِ جار ۔

معاشیات کی کلاس میں طلباء نے مؤقف اختیار کیا کہ قوم صرف گِلرڈ براؤن کے کُلیئے کے مطابق مساوات پر عمل کر کے ترقی کر سکتی ہے

پروفیسر نے اگلے ٹیسٹ میں تمام طلباء کے حاصل کردہ نمبروں کو جمع کر کے طلباء کی تعداد پر تقسیم کر دیا ۔ ہر طالب علم کو گریڈ ”بی“ ملا اور سب پاس ہو گئے ۔ جنہوں نے کم محنت کی تھی وہ خوش ہوئے اور جنہوں نے زیادہ محنت کی تھی وہ پریشان ہوئے

دوسرے ٹیسٹ کیلئے جن طلباء نے کم پڑھا تھا اُنہوں نے اور بھی کم پڑھا اور جنہوں نے پہلے ٹیسٹ کیلئے زیادہ محنت کی تھی اُنہوں نے بھی کم محنت کی ۔ جس کے نتیجہ میں دوسرے ٹیسٹ میں سب کو گریڈ ”ڈی“ ملا جس سے کوئی بھی خوش نہ ہوا

تیسرے ٹیسٹ کی اوسط گریڈ ”ایف“ آیا ۔ نوک جھونک ۔ الزام تراشی حتٰی کہ گالی گلوچ ہوتی رہی مگر کوئی دوسرے کی خاطر محنت کرنے کو تیار نہ ہوا ۔ نتیجہ یہ ہوا کہ سالانہ امتحان میں سب طلباء فیل ہو گئے

اس پر پروفیسر نے طلباء کو سمجھایا کہ سوشلزم صرف ایک نعرہ ہے اس پر عمل پیرا ہو کر قوم ترقی نہیں کر سکتی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

محترمات و محترمان ۔ ہوشیار ۔ انتخابات ہو چکے ۔ نئی حکومت بن گئی ۔ مندرجہ ذیل فقرے یاد رکھیئے

1 ۔ حکومت کسی سے لئے بغیر کسی کو کچھ دے نہیں سکتی

2 ۔ ایسا قانون کوئی نہیں جس سے غریبوں کو خوشحالی اور امیروں کو بدحالی عطا کی جائے

3 ۔ محنت کرنے والے سے چھین کر محنت نہ کرنے والے کو دینے سے ترقی نہیں ہو سکتی

4 ۔ دولت ناحق تقسیم کرنے سے بڑھتی نہیں

5 ۔ جب عوام کو سمجھایا جائے کہ تمہیں حصہ سب کے برابر ملے گا تو کام چور سوچیں گے کہ دوسروں کا کمایا اُنہیں ملے گا اور محنت کرنے والے سوچیں گے کہ ان کی محنت کوئی اور چُرا لے گا تو یہ قوم کی تباہی کا پیش خیمہ ہو گا

6 ۔ قوم کی فلاح نعروں اور وعدوں میں نہیں ۔ فلاح اور ترقی کی بنیاد دیانت ۔ محنت اور عدل ہیں