” اِتنا تو میں بُرا نہیں “۔ یہ آواز ہے میرے وطن کی جس نے ہمیں سب کچھ دیا ہے لیکن ہم ناقدرے لوگ ہیں
میرا واسطہ 2 درجن سے زائد غیرممالک سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے رہا اور ان میں سے آدھے ممالک میں رہائش کا بھی موقع ملا ۔ میں نے ان لوگوں کو کبھی اپنے مُلک یا ہموطنوں کے خلاف کوئی بات کرتے نہیں سُنا ۔ حد تو یہ ہے کہ بھارت سے آئے ہوئے مسلمانوں کو بھی کبھی اپنے مُلک یا ہموطنوں کے خلاف بات کرتے نہیں سُنا ۔ یہاں تک کہ اگر ان کے مُلک یا ان کے کسی ہموطن کے خلاف کوئی بات کریں تو وہ بلاتوقف اس کا دفاع کرتے تھے
مگر میرے ہموطن جہاں کہیں بھی ہوں اپنے مُلک اور اپنے ہموطنوں کے خلاف نہ صرف بلاجواز بولنے لگتے ہیں بلکہ انہیں منع کیا جائے تو تکرار اور بدتمیزی پر اُتر آتے ہیں ۔ یہی نہیں غیرمُلکیوں سے اپنے ہموطنوں کے خلاف یا اپنے وطن کے خلاف باتیں کرنا شاید اپنی بڑائی سمجھتے ہیں
ایسا کرتے ہوئے یہ لوگ نمعلوم کیوں بھول جاتے ہیں کہ وہ اپنی ہی کشتی میں سوراخ کر رہے ہوتے ہیں اور اپنی ہی آنے والی نسل کا مستقبل تاریک کر رہے ہوتے ہیں ۔ میرے ہموطنوں کے اسی رویئے کے نتیجے میں پہلے متحدہ امارات (یو اے ای) پھر لبیا اور پھر سعودی عرب میں بھی بھارت کے لوگوں نے پاکستانیوں کی جگہ لے لی ۔ سُننے میں یہ بھی آیا ہے کہ امریکہ میں بھی ایسا ہی ہوا ۔ متعدد مصدقہ واقعات میں سے نمونے کے طور پر صرف 3 جو کم از کم میری سمجھ سے باہر ہیں قلمبند کرتا ہوں
لبیا کے شہر طرابلس میں ایک پاکستانی سکول تھا جس میں ہماری ٹیم کے بچے بھی پڑھتے تھے ۔ سکول رفاہی بنیاد پر چلایا جا رہا تھا اور اس کا تعلیمی معیار اچھا تھا ۔ سکول کی عمارت کا کرایہ لبیا کی حکومت دیتی تھی ۔ ایک پاکستانی سپیشلسٹ ڈاکٹر جس کے بچے چند سال قبل اس سکول سے فارغ التحصیل ہو کر پاکستان جا چکے تھے کا شاید کوئی ذاتی جھگڑا تھا یا کچھ اور، اُس نے سکول کی انتظامیہ کے ناکردہ گناہوں کا لکھ کر لبیا کی حکومت کو درخواست دی کہ سکول کی عمارت واپس لے لی جائے ۔ اُن دنوں ایک سڑک چوڑی کرنے کیلئے ایک پرائیویٹ لیبی سکول کی عمارت گرائی جانا تھی چنانچہ درخواست سیکریٹری تعلیم کو بھیج دی گئی ۔ ایک پاکستانی خاندان پچھلے 15 سال سے سیکریٹری تعلیم کا ہمسایہ تھا ۔ خاتونِ خانہ مجوزہ گرائے جانے والے سکول کی ہیڈ مسٹرس تھیں ۔ سیکریٹری نے اُن سے ذکر کیا کہ پاکستانی سکول بند ہونے کے بعد وہ عمارت لے لیں ۔ وہ ہمسایہ پاکستانی تصدیق کیلئے ایک پاکستانی آفیسر کے پاس گئے جس کا پاکستانی سفارتخانہ سے تعلق تھا ۔ اس طرح بات سفیر صاحب تک پہنچی اور لبیا کی وزارتِ تعلیم سے رابطے کے بعد اللہ کی مہربانی سے سکول بچ گیا
سعودی عرب میں ایک پاکستانی ڈاکٹر شاہی خاندان کا ڈینٹل سرجن تھا ۔ وزیرِ صحت کے ساتھ اُس کی دوستی تھی ۔ ایک دن وزیرِ صحت نے اُسے بتایا کہ ”ہمارے 2 اعلٰی سطح کے پاکستانی ملازم میرے پاس آ کر ایک دوسرے کی برائیاں بیان کرتے رہتے تھے چنانچہ میں نے تنگ آ کر دونوں کو فارغ کر کے پاکستان بھجوا دیا ہے“۔
ایک پاکستانی طرابلس کے ایک تاجر کے پاس ملازم تھا ۔ ملازمت ختم ہونے کے بعد وہ لبیا سے یورپ چلا گیا اور اُس لیبی تاجر کو خط لکھا جس کا لب لباب تھا ” میں اَووراِنوائسِنگ کرواتا رہا اور اب لاکھوں ڈالر یورپ کے بنک میں میرے نام پہ جمع ہو گئے ہیں ۔ تم نرے بیوقوف ہو ۔ سب لیبی بیوقوف ہیں ۔ پاکستانی تیز دماغ ہیں اور مال بنا رہے ہیں“۔ اس لیبی تاجر کے ساتھ میری سلام دعا تھی اور اُس پاکستانی سے بھی میری جان پہچان ہو گئی ہوئی تھی ۔ ایک دن میں لیبی کی دکان پر گیا تو اُس نے مجھے بٹھا لیا اور خط دکھا کر کہنے لگا ”میں نہیں جانتا کہ اس نے ایسا کیوں کیا ۔ یہ مجھے بیوقوف کہتا ہے دراصل یہ خود بیوقوف ہے جو اپنے مُلک کی بدنامی اور سارے ہموطنوں سے دشمنی کر رہا ہے“۔