Category Archives: گذارش

ملک بچانا ہے تو کچھ کیجئے

ہمارا مُلک اس وقت آفات میں گھِرا ہوا ہے ۔ ہر چند اس کی وجہ قسمت نہیں ہے بلکہ ہماری بحثیت قوم کوتاہیاں ہیں ۔ اب بھی وقت ہے کہ ہم کوتاہ اندیشی کی وجہ سے اختیار کردہ اپنی ذاتی خودغرضیاں چھوڑ کر باہمی مفاد کا سوچیں اور اللہ کی طرف رجوع کریں ۔ باعِلم اور باعمل بزرگوں کی نصیحت ہے کہ سورت الشمس اور آیت کریمہ کی تلاوت کم از کم 70000 بار کی جائے ۔ ویسے جتنی زیادہ بار کی جائے اتنا ہی بہتر ہو گا ۔ میری تمام قارئین سے درخواست ہے کہ اپنے مُلک کی خاطر بلکہ اپنے خاندان اور بالخصوص خود اپنی خاطر بھی ان کا وِرد کریں اور اپنے عزیز و اقارب کو بھی یہی ترغیب دیجئے ۔ اور ہر گھرانہ 2000 بار سورت الشمس اور 2000 بار آیت کریمہ پڑھے اس کے ساتھ ساتھ ہر بُرے کام سے بچنے کی پوری کوشش کیجئے

سُورة ۔ 91 ۔ الشَّمْس
وَالشَّمْسِ وَضُحَاهَا 0 وَالْقَمَرِ إِذَا تَلَاهَا 0 وَالنَّهَارِ إِذَا جَلَّاهَا 0 وَاللَّيْلِ إِذَا يَغْشَاهَا 0 وَالسَّمَاء وَمَا بَنَاهَا 0 وَالْأَرْضِ وَمَا طَحَاهَا 0 وَنَفْسٍ وَمَا سَوَّاهَا 0 فَأَلْهَمَهَا فُجُورَهَا وَتَقْوَاهَا 0 قَدْ أَفْلَحَ مَن زَكَّاهَا 0 وَقَدْ خَابَ مَن دَسَّاهَا 0 كَذَّبَتْ ثَمُودُ بِطَغْوَاهَا 0 إِذِ انبَعَثَ أَشْقَاهَا 0 فَقَالَ لَهُمْ رَسُولُ اللَّهِ نَاقَةَ اللَّهِ وَسُقْيَاهَا 0 فَكَذَّبُوهُ فَعَقَرُوهَا فَدَمْدَمَ عَلَيْهِمْ رَبُّهُم بِذَنبِهِمْ فَسَوَّاهَا 0 وَلَا يَخَافُ عُقْبَاهَا 0

ترجمہ
سورج کی قسم اور اس کی روشنی کی 0 اور چاند کی جب اس کے پیچھے نکلے 0 اور دن کی جب اُسے چمکا دے 0 اور رات کی جب اُسے چھپا لے 0 اور آسمان کی اور اس ذات کی جس نے اسے بنایا 0 اور زمین کی اور اس کی جس نے اسے پھیلایا 0 اور انسان کی اور اس کی جس نے اس (کے اعضا) کو برابر کیا 0 پھر اس کو بدکاری (سے بچنے) اور پرہیزگاری کرنے کی سمجھ دی 0 کہ جس نے (اپنے) نفس (یعنی روح) کو پاک رکھا وہ مراد کو پہنچا 0 اور جس نے اسے خاک میں ملایا وہ خسارے میں رہا 0 ثمود نے اپنی سرکشی کے سبب (پیغمبر کو) جھٹلایا 0 جب ان میں سے ایک نہایت بدبخت اٹھا 0 تو خدا کے پیغمبر (صالح) نے ان سے کہا کہ خدا کی اونٹنی اور اس کے پانی پینے کی باری سے عذر کرو 0 مگر انہوں نے پیغمبر کو جھٹلایا اور اونٹنی کی کونچیں کاٹ دیں تو خدا نے ان کے گناہ کے سبب ان پر عذاب نازل کیا اور سب کو (ہلاک کر کے) برابر کر دیا 0 اور اس کو ان کے بدلہ لینے کا کچھ بھی ڈر نہیں 0

سُورة ۔ 21 ۔ آیت ۔ 87 کا جزو ۔ المعروف ۔ آیت کریمہ
لَّا إِلَهَ إِلَّا أَنتَ سُبْحَانَكَ إِنِّي كُنتُ مِنَ الظَّالِمِينَ

ترجمہ
تیرے سوا کوئی معبود نہیں۔ تو پاک ہے (اور) بیشک میں قصوروار ہوں

ایک غیرمرئی طاقت ؟ ؟ ؟

پاکستان میں ہونے والی ہر دہشتگردی کے بعد چندگھنٹوں اور بعض اوقات آدھ گھنٹہ کے اندر رحمان ملک یا اُس کے کسی ترجمان کی طرف سے بیت اللہ محسود کے اس میں ملوّث ہونے کے اقرار کا اعلان ہو جاتا ہے اور بنیاد طالبان کی دہشتگردی قرار دی جاتی ہے ۔ لاہور میں لبرٹی چوک حملہ کی تحقیقات کے مطابق پنجاب حکومت کا عندیہ تھا کہ اس میں بھارت کی خُفیہ ایجنسی را کے ملوّث ہونے کے شواہد ملے ہیں ۔ اس بیان کے ایک دن بعد رحمان ملک نے کہا کہ وہ پنجاب کے وزیر کا ذاتی بیان ہے اور تحقیقات کے مطابق یہ حملہ بیت اللہ محسود نے کرایا ہے ۔ کل لاہور میں شاہراہ فاطمہ جناح پر ہونے والے دہشتگرد حملہ کے چند گھنٹے کے اندر وفاقی حکومت کی طرف سے بیان آیا کہ اس حملے کی ذمہ داری بیت اللہ محسود نے قبول کر لی ہے

مجھے یوں محسوس ہونے لگا ہے کہ بیت اللہ محسود ایک بہت بڑی غیرمرئی طاقت ہے جو جب چاہے جہاں چاہے جو چاہے کر سکتی ہے ۔ اگر بیت اللہ محسود انسان ہے تو کیا دنیا کی کسی بہت بڑی طاقت کی سرپرستی اور منصوبہ بندی کے بغیر ایسا ممکن ہو سکتا ہے ؟

مزید ۔ کل سُنا تھا کہ حکومت مطلوب دہشتگردوں پر انعام رکھ رہی ہے ۔ آج کے اخبارات میں 21 ناموں کا اشتہار شائع ہوا ہے ۔ ان میں فضل اللہ اور مُسلم خان ہیں مگر بیت اللہ محسود نہیں ہے ۔ پوچھنے پر بتایا گیا کہ یہ انعام صوبہ سرحد کی حکومت نے رکھے ہیں ۔ تو کیا وفاقی حکومت کے وڈیرے صرف غریب عوام سے نچوڑی ہوئی دولت کو غیرملکی سیر و سیاحت ۔ موج میلا ۔ 500 ڈالر فی گھنٹہ پر لیموسِین لینے اور بھارتی رقاصاؤں پر ایک نشست میں 12000 ڈالر لُٹانے کیلئے ہیں ؟ بحرحال صورتِ حال اب زیادہ مشکوک ہو گئی ہے ۔ اس سے میری آج صبح کی تحریر اہم ہوتی نظر آتی ہے ۔ میں نے اس میں جن بڑوں کی بات کی تھی وہ میرے جیسے بے اختیار ۔ کم مایہ اور کم عِلم لوگ نہیں ہیں

رات گئے کی ایک خبر جو آج کچھ آن لائین اخبارات کی زینت بھی بن گئی ہے نے میرے شُبہات کو واضح کر دیا ہے کہ پاکستان میں سب کچھ سی آئی اے اور اس کی ایماء پر اور معاونت سے بھارت کی ” را ” کر رہی ہے جس کے دو بڑے مقاصد ہیں ۔ ایک ۔ پاکستان کی بے مثال فوج کو اپنوں سے اُلجھا کر کمزور اور اپنوں میں بے اعتماد کیا جائے ۔ دو ۔ پاکستان کو غیر مستحکم کر کے اسے مکمل کٹھ پُتلی بنایا جائے ۔ ان دو عوامل کے پیچھے انتہائی رذیل مقصد ہے ۔ میرے شُبہات کے پسِ منظر میں پچھلے سات سال کی خاص خبریں ہیں جو اس طرح شروع ہوتی تھیں ” ۔ ۔ ۔ ۔ ٹی وی کو ایک وڈیو موصول ہوئی ہے جس کے مطابق ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نے کہا ہے ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ” یا ” ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ویب سائیٹ جہاں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کے احکامات یا بیانات شائع کئے جاتے ہیں پر لکھا گیا ہے کہ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ”

ملاحظہ ہو ایک ویب سائیٹ پر رات گئے ترکی زبان میں شائع ہونے والی ایک خبر

Updated at 0545 PST on May 28, 2009
دبئی. . . .. .تحریکِ طالبان پنجاب نامی گروپ نے لاہور خودکش حملے میں ملوث ہونے کا دعویٰ کیاہے۔ترکی زبان میں کیا جانے والا یہ دعویٰ ترکش جہادی ویب سائٹس کے ذریعے سامنے آیاہے۔ویب سائیٹس کی نگرانی کرنے والے امریکی گروپ کے مطابق، تحریکِ طالبان پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور میں برائی کی جڑ پر کیا گیا حملہ سوات کے مجاہدین کے لئے ایک ادنیٰ سا تحفہ ہے۔انہوں نے پاکستانی مسلمانوں سے درخواست کی ہے کہ وہ جہادیوں کے حملوں سے بچنے کے لئے ان علاقوں سے دور رہیں ۔جہاں دشمن انکی موجودگی کا فائدہ اٹھا رہا ہے

میں اور میرے تمام عزیز و اقارب دعا گو ہیں کہ اللہ دُشمنوں کے ناپاک ارادوں سے ہمارے پیارے وطن کو محفوظ رکھے اور ہمارے حُکمرانوں کو سمجھ عطا فرمائے کہ وہ اپنی عیاشیاں چھوڑیں اور مُلک دُشمن سازشوں میں شریک بنے رہنے سے انکار کر کے وطن اور قوم کیلئے کام کرنا شروع کریں ۔ آمین ۔ ہم صرف دعا ہی نہیں اپنے پیارے مُلک کیلئے جو کچھ ہم سے ہو سکتا ہے کر رہے ہیں اور اِن شاء اللہ کرتے رہیں گے

میری تمام قارئین سے بھی استدعا ہے کہ وہ خود بھی اپنے چھوٹے چھوٹے باہمی جھگڑے چھوڑ کر دُعا اور دوا دونوں کریں اور اپنے عزیز و اقارب کو بھی اس کی ترغیب دیں

جب وطن پکارے

بدقسمت ہے وہ شخص کہ جب اُس کا وطن پکارے تو وہ لبیک کہتے ہوئے وطن کی خدمت کو نہ پہنچ جائے ۔ اس وقت وطن کے لاکھوں بچے کس مپُرسی کی حالت میں ہیں اور وطن چیخ چیخ کر پُکار رہا ہے کہ “کہاں ہیں میری مٹی کے دعویدار ؟ میرے بچے بے سر و سامانی کی حالت میں بھوک سے بِلک رہے ہیں ۔ دھوپ کی تپش سے تڑپ رہے ہیں ۔ آؤ ۔ ان کی مدد کو آؤ ۔ وقت گذر گیا تو کل کو تمہارے ساتھ بھی یہی کچھ ہو سکتا ہے پھر تمہاری مدد کو بھی کوئی نہیں آئے گا ”

پچھلے ایک ہفتہ میں مُلک کے شمال مغربی علاقے کے 15 لاکھ سے زائد بوڑھے بچے عورتیں اپنے ہی مُلک میں مہاجر ہو کر تپتی ریت پر پڑے ہیں ۔ حکومت اور اقوامِ متحدہ ان میں سے 25 فیصد کیلئے بھی کیمپ مہیا نہیں کر سکے ۔ اور جہاں ان کے کیمپ لگائے گئے ہیں وہاں ریت تپتی ہے تو گرمی برداشت سے باہر ہو جاتی ہے جبکہ یہ لوگ سرد علاقوں کے رہنے والے ہیں ۔ اس پر طُرّہ یہ کہ ان 25 فیصد کی اکثریت کے سر پر سائیبان بھی نہیں ہے ۔ 75 فیصد سے زائد جنہیں ان کے عزیز و اقارب اور دوسرے دردمند لوگوں نے اپنے گھروں میں جگہ دی ہے وہ سارا دن کیمپوں کے پاس جا کر قطاریں لگا کر کھڑے رہتے ہیں اور اُنہیں کیمپ میں نہ ہونے کی وجہ سے کچھ کھانے کو نہیں ملتا

آفرین ہے وہاں کے مقامی بھائیوں کی جنہوں نے اپنی ہمت سے بڑھ کر امدادی کام کیا ہے اور دن رات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے 75 فیصد لوگوں کو پناہ دی ہے ۔ ایک مقامی بھائی جو کچھ مالدار ہے نے اپنی زمیں پر خیمے لگائے ہیں ۔ ایک یہی کیمپ ہے جہاں اول روز سے بجلی اور پنکھے مہیا کئے گئے ہیں ۔ وہ شخص مزید خیموں کا بندو بست کر رہا ہے ۔ اس کے عزیز و اقارب اس کی مالی اور جسمانی امداد کر رہے ہیں ۔ اللہ ان سب کی کوششیں قبول فرمائے ۔ اس کے علاوہ اُمہ ویلفیئر ٹرسٹ ۔ جماعت اسلامی کا الخدمت اور فلاح و بہبود کے چھوٹے چھوٹے نجی ادارے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں

راولپنڈی میڈیکل کالج کے ڈاکٹروں اور سٹاف کی ٹیم پورے ساز و سامان کے ساتھ مصروفِ عمل ہے ۔ بحریہ کالج کی میڈیکل ٹیم صرف انجیکشنز لے کر پہنچی ہوئی ہے ۔ کل ایدھی فاؤنڈیشن والے بھی وہاں پہنچ گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ کچھ گروہ امداد کے نام پر آتے ہیں اور اپنی اپنی مووی فلمیں بنوا کر چلے جاتے ہیں ۔ وہ تمام این جی اوز جو ہمیں ٹی وی پر اور اخبارات میں نظر آتی رہی ہیں اور جن میں سے کچھ کے نام بین الاقوامی طور پر جانے جاتے ہیں ان میں سے نہ کوئی وہاں پہنچا ہے اور نہ ہی کہیں وہ نظر آ رہے ہیں ۔ کہاں ہیں وہ انسانیت کے ٹھیکیدار عاصمہ جہانگیر ۔ حنا جیلانی ۔ اقبال حیدر ۔ وغیرہ وغیرہ وغیرہ ؟

میری تمام دردمند ہموطنوں سے التماس ہے کہ سوچ میں نہ پڑے رہیئے ۔ ایک لمحہ ضائع کئے بغیر امداد کیلئے آگے بڑھیئے ۔ اکتوبر 2005ء کے زلزلہ کے بعد کے تجربہ کی بنیاد پر میں کہنے میں حق بجانب ہوں کہ اپنے عطیات کسی حکومتی ادارے کو نہ دیجئے کہ ان عطیات میں سے کم ہی حقداروں تک پہنچتا ہے ۔ جو ایس ایم ایس کی مہم شروع ہوئی ہے یہ سب پیسہ بھی حکومت کو دیا جائے گا ۔ آپ براہ راست موقع پر اپنے عطیات پہنچا سکتے ہیں تو اس سے بہتر کوئی اور طریقہ نہیں ۔ ہم لوگ تو ایسے ہی کر رہے ہیں ۔ اگر ایسا کرنا آپ کیلئے ممکن نہیں تو مندرجہ ذیل ادارے جو وہاں کام کر رہے ہیں کے پاس اپنے عطیات جمع کرایئے ۔

یو این ایچ سی آر
الخدمت جماعت اسلامی والا
اْمہ ویلفیئر ٹرسٹ
ایدھی فاؤنڈیشن

وقتِ دُعا

کوئی جو بھی لبادہ پہنا دے لیکن حقیقت یہ ہے کہ پچھلے حُکمرانوں نے اپنی ذاتی اغراض اور اپنے غیرمُلکی آقاؤں کی خوشنودی کیلئے پہلے بلوچستان میں اور پھر صوبہ سرحد خانہ جنگی کو جنم دیا جو اب تک جاری ہے ۔ اس میں ہلاک ہونے والے کی اکثریت بے قصور عام شہریوں کی ہے ۔ امریکہ نے جو ڈرون حملے قبائلی علاقہ میں اب تک کئے ہیں ان میں درجن بھر انتہاء پسند اور 700 بے قصور شہری ہلاک ہوئے ہیں ۔ چند دن قبل شروع ہونے والی فوجی کاروائی کے نتیجہ میں 30 فوجی ہلاک اور 80 کے قریب زخمی ہو چکے ہیں سرکاری ذرائع کے مطابق 700 سے زائد شدت پسند ہلاک کر دیئے گئے ہیں ۔ 13 لاکھ سے زائد شہری اپنا سب کچھ چھوڑ کر اپنے ہی وطن میں مہاجر اور بے یار و مددگار پناہ گزین ہو گئے ہیں ۔ سینکڑوں بچے لاوارث ہو گئے ہیں ۔ ابھی مزید کیا ہونے والا ہے اس کا اندازہ نہیں ۔

وہ نام نہاد سِول سوسائٹی کے لیڈر جو ہردم انسانی حقوق کا گیت گاتے تھے اور سوات اور قبائلی علاقوں میں فوجی کاروائی کروانے کیلئے تقریریں کرتے اور جلوس نکالتے تھے وہ کہاں گم ہو گئے ہیں ؟ 13 لاکھ بے قصور بوڑھے ۔ جوان ۔ بچے ۔ مرد اور عورتیں اپنی زندگی کی سب سے بڑی آفات میں مبتلا ہیں ۔ اُن میں بمشکل ایک لاکھ کو حکومت خیمے مہیا کر سکی ہے اور ان کی خوراک کا بندوبست عام شہری اور ایک دو کونسلر کر رہے ہیں مگر کوئی نام نہاد سِول سوسائٹی یا ڈالر کمانے والی این جی او وہاں نظر نہیں آتی

ہم کیا کرنا چاہ رہے ہیں اور ہمارا مقصد کیا ؟ اس کا جواب شاید آصف علی زرداری کے پاس بھی نہ ہو کیونکہ اسے اپنی غُربت دُور کرنے کے لئے اربوں ڈالروں کی اشد ضرورت ہے اور اس کیلئے وہ امریکہ کی سرتابی نہ کرنے پر مجبور ہے ۔ دوسری طرف ہموطنوں کی اکثریت دُشمنوں کے پروپیگنڈہ سے اتنی محسور ہو چکی ہے کہ اللہ اور رسول کے فرمان کی بجائے اخبار اور ٹی وی کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیا ہے ۔ اب وہ قرآن کو بھی پاکستانی ٹی وی چینلز پر آنے والے نام نہاد روشن خیال عُلماء کی زبان سے سمجھتے ہیں قرآن کی اصلیت سے نہیں

ایک صدی قبل اُمت کے ایک غمخوار ۔ الطاف حسین حالی صاحب ۔ نے یہ نظم لکھی تھی اور میں نے آدھی صدی سے زیادہ قبل سکول کے زمانہ میں پڑھی تھی ۔ کتنی اَشَد ضرورت ہے آج اسے پڑھ کر صدق دِل سے اپنے گناہوں کی معافی مانگنے کی فقط مسلمانوں کو

اے خاصہءِ خاصانِ رُسل وقتِ دُعا ہے
اُمت پہ تیری آ کے عجَب وقت پڑا ہے

جو دِین بڑی شان سے نِکلا تھا وطَن سے
پردیس میں وہ آج غرِیبُ الغُرَباء ہے

وہ دین ہُوئی بزَمِ جہاں جس سے چراغاں
اب اس کی مجالس میں نہ بَتّی نہ دِیا ہے

وہ دِین جو تفَرّقے اَقوام کے آیا تھا مِٹانے
اس دِین میں خُود تفَرّقہ اب آ کے پڑا ہے

جس دِین نے دِل آ کے تھے غَیروں کے مِلائے
اس دِین میں خُود بھائی سے اب بھائی جُدا ہے

ہے دِین تیرا اب بھی وہی چشمہءِ صافی
دِینداروں میں پر آب ہے باقی نہ صفا ہے

جِس قوم میں اور دِین میں ہو عِلم نہ دولت
اس قوم کی اور دِین کی پانی پہ بِناء ہے

[پانی پہ بِناء ۔ پانی پر بنیاد۔ یعنی عمارت کی ایسی کچی بنیادجو رکھتے ہی بہہ جائے]

مُختصر سوانح
خواجہ الطاف حسین حالی 1837ء میں پانی پت میں پیدا ہوئے ۔ انکے والد کا نام خواجہ ایزو بخش تھا – ابھی 9 سال کے تھے کہ والد کا انتقال ہوگیا ۔ بڑے بھائی امداد حسین نے پرورش کی ۔ اسلامی دستور کے مطابق پہلے قرآن شریف حفظ کیا۔ بعد ازاں عربی کی تعلیم شروع کی ۔ غالباً 18 برس کی عمر میں انہوں نے دلی کا قصد کیا اور 2 سال تک عربی صرف و نحو اور منطق وغیرہ پڑھتے رہے۔ 1856ء میں حصار کے کلکٹر کے دفتر میں ملازم ہوگئے لیکن 1857ء میں پانی پت آ گئے۔ تین چار سال بعد جہانگیر آباد کے رئیس مصطفٰی خان شیفتہ کے بچوں کے اتالیق مقرر ہوئے ۔ تقریباَ 8 سال دہلی چلے گئے ۔ مرزا اسداللہ غالب کی وفات پر لاہور چلے گئے اور گورنمنٹ بک ڈپو میں ملازمت اختیار کی ۔ لاہور میں محمد حسین آزاد کے ساتھ مل کر انجمنِ پنجاب کی بنیاد ڈالی یوں شعر و شاعری کی خدمت کی اور جدید شاعری کی بنیاد ڈالی ۔ 4 سال لاہور میں رہنے کے بعد پھر دہلی چلے گئے اور اینگلو عربک کالج میں معلم ہوگئے ۔ ملازمت سے فارغ ہونے کے بعد پانی پت میں سکونت اختیار کی ۔ 1904ء میں شمس العلماء کا خطاب ملا ۔ 31 دسمبر 1914ء کو پانی پت میں وفات پائی

Click on “Reality is Often Bitter” and see that conditions for marriage written in Qur’aan are the same as were written in the Bible write the following URL in browser and open http://iabhopal.wordpress.com

ماں کا ایک دن یا عمر بھر

کل دنیا میں ماں کا دن [Mothers Day] منایا گیا ۔ جب کوئی قوم مادہ پرست یا مردہ پرست ہو جائے تو زندگی کی عمدگیوں سے محروم ہو جاتی ہے اور بظاہر ترقی دراصل اُس کا بحثیت انسان تنزل ہوتی ہے ۔ والدین بالخصوص ماں کی خدمت بنی نوع انسان پر ہر لمحہ فرض ہے اور والدین کی حُکم بجا آوری کا اللہ سُبحانہُ و تعالٰی نے متعدد بار حُکم دیا ہے سوائے اس کے کہ کفر یا شرک کا حُکم دیں ۔ دین سے دور ہو جانے والے لوگوں کی اکثریت مادی دنیا میں کھو کر ماں جیسی عظیم ہستی کی خدمت میں ملنے والی نعمتوں سے نا آشنا ہو چکی ہے اور رسمی طور پر اپنی پردہ پوشی کیلئے ماں کی یاد کو صرف ایک دن پر محمول کر دیا ہے ۔ بدقسمتی ہے ہماری قوم کی کہ اب میرے ہموطن بھی اُن کے ساتھ شامل ہوناشروع ہو گئے ہیں ۔

میں یہ نہیں کہتا کہ ماں کا دن نہ منایا جائے ۔ ایسا کریں گے تو انفرادی طور پر مجھے اور میری بیگم کو نقصان ہو گا یعنی ہمارے بیٹے ۔ بہو بیٹی اور پیاری پوتی کا بھیجا ہوا جو کیک ہم نے کل کھایا ہے اور جو تحفے پچھلے سالوں میں اِنہوں نے ۔ بیٹی نے ۔ چھوٹے بیٹے اور چھوٹی بہو بیٹی نے ہمیں بھیجے یا دیئے وہ ملنا بند ہو جائیں گے ۔ :lol: ۔ اللہ کی مہربانی سے ہمارے بچے ہمیشہ سے ہمارا بہت خیال و خدمت کرتے ہیں اور اس طرح کے دنوں کا بھی بھرپور استعمال کرتے ہیں ۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ ہم پر اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کی بڑی رحمت ہے اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ سب کو ایسی اولاد دے ۔ میرا بڑا بیٹا زکریا ۔ بڑی بہو بیٹی اور ہماری پیاری پوتی امریکہ میں ہیں ۔ چھوٹا بیٹا فوزی اور چھوٹی بہو بیٹی سوا سال سے دبئی میں ہیں اور بیٹی ہمارے پاس ہے

کچھ لوگ ماں کی قبر پر کتبہ لکھ کر اس کمی کو پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں
mother2
دن منانے کے ساتھ ساتھ ماں کا ہمیشہ خیال رکھنا اور خدمت کرنا چاہیئے ۔ ماں کی زندگی میں اس کی خدمت کا نہ صرف بہت اجر ہے بلکہ اس سے خدمت کرنے والے بچے کو سکون بھی ملتا ہے اور میرا یقین ہے کہ اللہ ایسے بچوں کی بالخصوص مدد کرتا ہے ۔ اسی لئے کہا گیا ہے کہ ماں کے پاؤں میں جنت ہے ۔ رسول اللہ سیْدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا تھا “غارت ہو وہ جس نے بوڑھے والدین پائے اور اُس کی بخشش نہ ہوئی” ۔ مطلب یہ ہے کہ والدین کی خدمت کر کے جنت حاصل نہ کر سکا

سورت ۔ 4 ۔ النسآء ۔ آیت ۔ 36 ۔ ۔ اور اللہ ہی کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ بناؤ اور ماں باپ اور قرابت والوں اور یتیموں اور محتاجوں اور رشتہ دار ہمسائیوں اور اجنبی ہمسائیوں اور رفقائے پہلو اور مسافروں اور جو لوگ تمہارے قبضے میں ہوں سب کے ساتھ احسان کرو کہ اللہ تکبر کرنے والے بڑائی مارنے والے کو دوست نہیں رکھتا

سورت ۔ 6 ۔ الانعام ۔ آیت ۔ 151 ۔ ۔ کہو [لوگو] آؤ میں تمہیں وہ چیزیں پڑھ کر سناؤں جو تمہارے پروردگار نے تم پر حرام کر دی ہیں ۔ کسی چیز کو اللہ کا شریک نہ بنانا اور ماں باپ [سے بدسلوکی نہ کرنا بلکہ] سلوک کرتے رہنا ۔ ۔ ۔

سورت ۔ 17 ۔ بنٔی اسرآءیل ۔ آیات ۔ 23 و 24 ۔ ۔ اور تمہارے رب نے فیصلہ کر دیا ہے کہ اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور ماں باپ کے ساتھ بھلائی کرتے رہو ۔ اگر ان میں سے ایک یا دونوں تمہارے سامنے بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو اُن کو اُف تک نہ کہنا اور نہ انہیں جھڑکنا اور اُن سے بات ادب کے ساتھ کرنا ۔ اور عجزو نیاز سے ان کے آگے جھکے رہو اور ان کے حق میں دعا کرو کہ اے پروردگار جیسا انہوں نے مجھے بچپن میں [شفقت سے] پرورش کیا ہے تو بھی اُن [کے حال] پر رحمت فرما

[تبصرہ ۔ انسان اُس وقت اُف کرتا ہے جب اُسے تکلیف پہنچتی ہے ۔ سو اللہ کا حُکم ہے کہ اگر والدین سے کوئی تکلیف بھی پہنچے تو بُرا نہ مناؤ]

سورت ۔ 31 ۔ لقمٰن ۔ آیات ۔ 14 و 15 ۔ ۔ اور ہم نے انسان کو جسے اُس کی ماں تکلیف پر تکلیف سہہ کر پیٹ میں اُٹھائے رکھتی ہے [پھر اس کو دودھ پلاتی ہے] اور [آخرکار] دو برس میں اس کا دودھ چھڑانا ہوتا ہے [اپنے نیز] اس کے ماں باپ کے بارے میں تاکید کی ہے کہ میرا بھی شکر کرتا رہ اور اپنے ماں باپ کا بھی [کہ تم کو] میری ہی طرف لوٹ کر آنا ہے
اور اگر وہ تیرے درپے ہوں کہ تو میرے ساتھ کسی ایسی چیز کو شریک کرے جس کا تجھے کچھ بھی علم نہیں تو ان کا کہا نہ ماننا۔ ہاں دنیا [کے کاموں] میں ان کا اچھی طرح ساتھ دینا اور جو شخص میری طرف رجوع لائے اس کے رستے پر چلنا پھر تم کو میری طرف لوٹ کر آنا ہے۔ تو جو کام تم کرتے رہے میں سب سے تم کو آگاہ کروں گا

سورت ۔ 46 ۔ الاحقاف ۔ آیات ۔ 15 تا 18 ۔ ۔ اور ہم نے انسان کو اپنے والدین کے ساتھ بھلائی کرنے کا حکم دیا۔ اس کی ماں نے اس کو تکلیف سے پیٹ میں رکھا اور تکلیف ہی سے جنا۔ اور اس کا پیٹ میں رہنا اور دودھ چھوڑنا ڈھائی برس میں ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ جب خوب جوان ہوتا ہے اور چالیس برس کو پہنچ جاتا ہے تو کہتا ہے کہ اے میرے پروردگار مجھے توفیق دے کہ تو نے جو احسان مجھ پر اور میرے ماں باپ پر کئے ہیں ان کا شکر گزار ہوں اور یہ کہ نیک عمل کروں جن کو تو پسند کرے۔ اور میرے لئے میری اولاد میں صلاح [وتقویٰ] دے۔ میں تیری طرف رجوع کرتا ہوں اور میں فرمانبرداروں میں ہوں
یہی لوگ ہیں جن کے اعمال نیک ہم قبول کریں گے اور ان کے گناہوں سے درگزر فرمائیں گے اور [یہی] اہل جنت میں [ہوں گے]۔ [یہ] سچا وعدہ [ہے] جو ان سے کیا جاتا ہے
اور جس شخص نے اپنے ماں باپ سے کہا کہ اُف اُف! تم مجھے یہ بتاتے ہو کہ میں [زمین سے] نکالا جاؤں گا حالانکہ بہت سے لوگ مجھ سے پہلے گزر چکے ہیں۔ اور وہ دونوں اللہ کی جناب میں فریاد کرتے [ہوئے کہتے] تھے کہ کم بخت ایمان لا۔ اللہ کا وعدہ تو سچا ہے۔ تو کہنے لگا یہ تو پہلے لوگوں کی کہانیاں ہیں
یہی وہ لوگ ہیں جن کے بارے میں جنوں اور انسانوں کی [دوسری] اُمتوں میں سے جو ان سے پہلے گزر چکیں عذاب کا وعدہ متحقق ہوگیا۔ بےشک وہ نقصان اٹھانے والے تھے

اللہ کم از کم سب مسلمانوں کو ماں کی عظمت کو عملی طور پر سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے

جاگو اَو و و و و و

دیر ہو گئی ہے مگر جاگو ۔ ابھی کچھ وقت باقی ہے کہ پانی سر کے اُوپر سے نہیں گذرا

دوسروں کا حق مارنے کی جو عادت پڑ چکی ہے اس بُری عادت سے جان چھڑاؤ
ہوشیاری بہت ہو چکی ۔ ہیراپھیری ۔ جھوٹ ۔ دھوکہ ۔ فریب ۔ بھتہ خوری چھوڑ کر محنت سے کام کرو
اپنی خطاؤں اور نااہلی کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کی بجائے اپنی خامیاں دُور کرو
اپنی محرومیوں کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھہرانے کی بجائے اپنے اطوار و اخلاق درست کرو
کم کھاؤ ۔ سادہ کھاؤ مگر حلال کی روزی کما کے کھاؤ
دوسروں کو کج رَو کہنے کی بجائے اپنی روِش کی سمت درُست کرو
سُرخ بتی کراس کرنے یا کراس کرنے کی کوشش والی عادت اب چھوڑ دو
ملک کے آئین اور قانون کا زبانی احترام نہیں بلکہ عملی طور پر اس کی پابندی کرو
اسلام ماتھے پر سجانے والا جھُومر نہیں ۔ اگر مسلمان ہو تو اللہ کے احکام پر عمل کرو
قرآن صرف مُردوں پر پڑھنے کیلئے نہیں ۔ اسے سمجھو اور اس پر عمل کرو
اپنے آپ کو اور اپنے ماتحت لوگوں اور اداروں کو درست کر چُکو تو دوسروں کی تنقید نہیں ۔ اُن کی مدد کرو
قومی سُرخ بتی جل چکی ۔ زیادہ مُہلت ملنے کے آثار نہیں ۔ اب راہِ فرار چھوڑ دو

آندھی کے آثار صاف نظر آ رہے ہیں ۔ آندھی چل پڑی تو اُسے ساری دنیا کے انسان مل کر بھی نہیں روک سکیں گے
ڈرو اُس وقت سے جب آندھی چل پڑے ۔ پھر اللہ کو پُکارنے کا بھی کوئی فائدہ نہ ہو گا

Click on “Reality is Often Bitter” to read my another blog with different posts and articles or write the following URL in browser and open http://iabhopal.wordpress.com

طارق راحیل صاحب متوجہ ہوں

جب بھی میں آپ کے بلاگ پر اوپن آئی ڈی منتخب کر کے اپنے بلاگ کا یو آر ایل لکھ کر تبصرہ شائع کرتا ہوں تو مندرجہ ذیل لکھا آتا ہے

We’re sorry, but we were unable to complete your request.
When reporting this error to Blogger Support or on the Blogger Help Group, please:
Describe what you were doing when you got this error.
Provide the following error code and additional information.
bX-5q5qoz

میں ایک بار اپنی بہت پرانی گوگل کی آئی ڈی کے ساتھ اور ایک بار گوگل کے بعد والی مگر پھر بھی پرانی آئی ڈی کے ساتھ تبصرہ کر چکا ہوں ۔ میں نے آپ سے درخواست کی تھی کہ متعلقہ خرابی دور کر دیں مگر ۔ ۔ ۔
کل میں نے گوگل اور ورڈ پریس دونوں کے ساتھ کوشش کی تو لکھا آیا ۔

This is not your ID