Category Archives: پيغام

نشانياں ہيں ۔ عقل والوں کيلئے

پھُول کی پَتّی سے کَٹ سکتا ہے ہِيرے کا جِگَر
مَردِ ناداں پہ کلامِ نَرم و نازک بے اَثر

سورت 28 ۔ القَصَص ۔ آيت 55 ۔ اور جب بیہودہ بات کان میں پڑتی ہے تو اس سے کنارہ کر لیتے ہیں اور کہہ دیتے ہیں کہ ہمارے عمل ہمارے لئے اور تمہارے عمل تمہارے لئے ۔ تم پر سلام ہو ہم جاہلوں سے (الجھنا) نہیں چاہتے

سورت 6 ۔ الانعام ۔ آيت 68 ۔ اور جب آپ ان لوگوں کو دیکھیں جو ہماری آیات میں عیب جوئی کر رہے ہیں تو ان لوگوں سے کنارہ کش ہوجائیں یہاں تک کہ وہ کسی اور بات میں لگ جائیں اور اگر آپ کو شیطان بھلا دے تو یاد آنے کے بعد پھر ایسے ظالم لوگوں کے ساتھ مت بیٹھیں

سورت 4 ۔ النّسآء ۔ آيت 140 ۔ اور اللہ تمہارے پاس اپنی کتاب میں یہ حُکم اتار چکا ہے کہ تم جب کسی مجلس والوں کو اللہ تعالٰی کی آیتوں کے ساتھ کفر کرتے اور مذاق اُڑاتے ہوئے سنو تو اس مجمع میں ان کے ساتھ نہ بیٹھو ۔ جب تک کہ وہ اس کے علاوہ اور باتیں نہ کرنے لگیں (ورنہ) تم بھی اس وقت انہی جیسے ہو ۔ یقیناً اللہ تعالٰی تمام کافروں اور سب منافقین کو جہنم میں جمع کرنے والا ہے‏

سورت 109 ۔ الکافِرون ۔‏ آپ کہہ دیجئے کہ اے کافرو ۔ نہ میں عبادت کرتا ہوں اس کی جس کی تم عبادت کرتے ہو ۔ نہ تم عبادت کرنے والے ہو جس کی میں عبادت کرتا ہوں ۔ اور نہ میں عبادت کرونگا جسکی تم عبادت کرتے ہو ۔ اور نہ تم اس کی عبادت کرنے والے ہو جس کی میں عبادت کر رہا ہوں ۔ تمہارے لئے تمہارا دین ہے اور میرے لئے میرا دین ہے

سورت 103 ۔ العَصر ۔ زمانے کی قسم ۔ بیشک (بالیقین) انسان سراسر نقصان میں ہے ۔ سوائے ان لوگوں کے جو ایمان لائے اور نیک عمل کئے اور (جنہوں نے) آپس میں حق کی وصیت کی اور ایک دوسرے کو صبر کی نصیحت کی‏

سورت 2 ۔ البَقَرہ ۔ آيت 165 ۔ اور بعض لوگ ایسے ہیں جو غیر خدا کو شریک (خدا) بناتے اور ان سے خدا کی سی محبت کرتے ہیں لیکن جو ایمان والے ہیں وہ تو خدا ہی کے سب سے زیادہ دوست دار ہیں اور اے کاش ظالم لوگ جو بات عذاب کے وقت دیکھیں گے اب دیکھ لیتے کہ سب طرح کی طاقت خدا ہی کو ہے اور یہ کہ خدا سخت عذاب کرنے والا ہے

سورت 6 ۔ الانعام ۔ آيت 125 ۔ سو جس شخص کو اللہ تعالٰی راستہ پر ڈالنا چاہے اس کے سینہ کو اسلام کے لئے کشادہ کر دیتا ہے جس کو بےراہ رکھنا چاہے اس کے سینے کو بہت تنگ کر دیتا ہے جیسے کوئی آسمان پر چڑھتا ہے ۔اس طرح اللہ تعالٰی ایمان نہ لانے والوں پر ناپاکی مسلط کر دیتا ہے

سورت 10 ۔ يُونس ۔ آيات 90 تا 92 ۔ ہم نے بنی اسرائیل کو دریا سے پار کر دیا پھر ان کے پیچھے پیچھے فرعون اپنے لشکر کے ساتھ ظلم اور زیادتی کے ارادہ سے چلا یہاں تک کہ جب ڈوبنے لگا تو کہنے لگا “میں ایمان لاتا ہوں کہ جس پر بنی اسرائیل ایمان لائے ہیں ۔ اس کے سوا کوئی معبود نہیں اور میں مسلمانوں میں سے ہوں”
(جواب دیا گیا) اب ایمان لاتا ہے ؟ اور پہلے سرکشی کرتا رہا اور مفسدوں میں داخل رہا
سو آج ہم تیری لاش کو نکال لیں گے تاکہ تو پچھلوں کیلئے عبرت ہو۔ اور بہت سے لوگ ہماری نشانیوں سے بےخبر ہیں

سورت 58 ۔ المجادلہ ۔ آيت 5 ۔ بیشک جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کی مخالفت کرتے ہیں وہ ذلیل کئے جائیں گے جیسے ان سے پہلے کے لوگ ذلیل کئے گئے تھے اور بیشک ہم واضح آیتیں اتار چکے ہیں اور کافروں کے لئے تو ذلت والا عذاب ہے‏

سورت 52 ۔ الطُّور ۔ آيات 9 تا 13 ۔ جس دن آسمان تھرتھرانے لگے گا ۔ اور پہاڑ چلنے پھرنے لگیں گے۔‏ اس دن جھٹلانے والوں کی (پوری) خرابی ہے۔‏ جو اپنی بیہودہ گوئی میں اچھل کود رہے ہیں ۔ جس دن وہ دھکے دے کر آتش جہنم کی طرف لائے جائیں گے‏

سورت 4 ۔ النِّسآء ۔ آيت 48 ۔ یقیناً اللہ تعالٰی اپنے ساتھ شریک کئے جانے کو نہیں بخشتا اور اس کے سواء جسے چاہے بخش دیتا ہے اور جو اللہ تعالٰی کے ساتھ شریک مقرر کرے اس نے بہت بڑا گناہ اور بہتان باندھا

ويکھ بنديا

ويکھ بنديا اسماناں تے اُڈدے پنچھی
ويکھ تے سہی کی کردے نيں
نہ او کردے رزق ذخيرہ
نہ او بھُکھے مردے نيں
کدی کسے نيں پنکھ پکھيرو
بھُکھے مردے ويکھے نيں ؟
بندے ای کردے رزق ذخيرہ
بندے ای بھُکھے مردے نيں

کلام بابا بھُلے شاہ

اُردو ترجمہ
ديکھ اے انسان آسمان پر اُڑتے پرندے
ديکھو تو سہی کہ کيا کرتے ہيں
نہ وہ کرتے ہيں رزق ذخيرہ
نہ وہ بھوکے مرتے ہيں
کبھی کسی نے پرندوں کو
بھوکے مرتے ديکھا ہے ؟
انسان ہی کرتے ہيں رزق ذخيرہ
اور انسان ہی بھوکے مرتے ہيں

ايک کھُلا خط

راولپنڈی سے شائع ہونے والے ايک جريدہ کے مدير صاحب کا مؤرخہ 3 مارچ 2011ء کا خط حاضر ہے

محترم ایڈیٹرصاحبان و ذمہ دار صاحبان
پاکستانی پریس اخبارات و جرائد اور چینلز

السلام علیکم و رحمة اللہ و برکاتہ

مجھے معلوم ہے میری اس گذارش کا آپ پر کوئی اثر نہیں ہو گالیکن میرا فرض بنتاہے آپ کو بتا نا

جناب نجم الدین اربکان ترکی کے دور جدید کے بانی تھے
ان ہی کی مساعی سے ترکی میں کمال اتاترک کا اسلام دشمن دور ختم ہوا
وہ وفات پاگئے مگر ہمارے ذرائع ابلاغ کے کان پر جوں تک نہیں رینگی
ہمارے ذرائع ابلاغ نے جناب اربکان کی وفات کو نظر انداز کر دیا

حالانکہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ۔ ۔ ۔
کوئی خدا کے خوف سے عاری مرد یا عورت مر جائے
کوئی بھانڈیا مراثی مر جائے ۔ کوئی گانے والا بیمار ہو جائے
کسی ناچنے والی کا کوئی سکینڈل عام ہو جائے ۔ ۔ ۔

تو پاکستان کے اخبارات/رسائل/جرائد اور ٹی وی چینلز اس کو ایسی کوریج ديتے ہیں جیسے یہ اطلاع دنیا کو نہ ملی تو دنیا اندھیر ہو جائے گی صرف یہی نہیں بلکہ اللہ کے ان دشمنوں کی موت کے بعد بھی یاد دلاتے رہتے ہیں کہ اسے مرے ہوئے آج اتنے سال ہو گئے

لیکن امت مسلمہ کی اتنی بڑی خبر جس سے کہ امت کا تعلق ہونا چاہیئے تھا اسے جان بوجھ کر نظر انداز کرنا ور اسے لوگوں کی نظروں سے عمداً اوجھل رکھنا پاکستان کے میڈیا کا مشغلہ ہے

یہ شغل64 برسوں سے نہایت ڈھٹائی سے ”کر لو جو کرنا ہے “ کے اصول پر جاری ہے

عبدالہادی احمد
ایڈیٹر جہاد کشمیر ۔ راولپنڈی

اِن شاء اللہ جموں کشمير جلد آزاد ہو گا

انشاء اللہ العزيز

سِتم شَعَار سے تُجھ کو چھُڑائيں گے اِک دن
ميرے وطن تيری جنّت ميں آئيں گے اِک دن
ميرے وطن ۔ ميرے وطن ۔ ميرے وطن

ہم کيا چاہتے ہيں ؟
آزادی آزادی آزادی

آج یومِ یکجہتیءِ جموں کشمیر ہے ۔ یہ دن پہلی مرتبہ 5 فروری 1990 کو منایا گیا

انتباہ ۔ کوئی کراچی یا اسلام آباد میں رہتا ہے یا پشاور یا لاہور یا کوئٹہ میں بالخصوص وہ جو جموں کشمیر کی جد وجہد آزادی میں کوشاں لوگوں کو انتہاء پسند یا دہشتگر کہتا ہے دماغ کی کھڑکی اور آنکھیں کھول کر پڑھ لے اور یاد رکھے کہ تحریک آزادی جموں کشمیر انسانی حقوق کی ایسی تحریک ہے جو نہ صرف اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے بلکہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی تین قرار دادوں اور جنرل اسمبلی کی کئی قرار دادوں کے مطابق ہے

اِن شاء اللہ اپنے پيدائشی حق کو حاصل کرنے کی جد و جہد ميں شہيد ہونے والوں کی قرنياں رائيگاں نہيں جائيں گی

رنگ لائے گا شہيدوں کا لہو
اور ظُلم کی تلوار ٹوٹے گی
جموں کشمير آزاد ہو کر رہے
اِن شاء اللہ اِن شاء اللہ

کھايئے اور تعريف کيجئے ۔ اللہ کی

مجھے پکانا نہيں آتا ليکن کھانا خوب جانتا ہوں البتہ بسيار خور نہيں ہوں
کوئی جتنا زيادہ کھائے اور جتنا زيادہ سوئے اتنا ہی زيادہ بيمار رہتا ہے
عقلمند لوگ کہتے ہيں کہ کم کھانا صحت اور کم سونا عافيت ہے

اوہ ہو ۔ بات تو پکانے کی ہو رہی تھی

تو جناب ۔ جب شادی نہيں ہوئی تھی تو ميری پياری امی مجھے باورچی خانے کا کوئی کام نہيں کرنے ديتی تھيں
شادی ہوئی تو بيوی باورچی خانے ميں گھُسنے بھی نہيں ديتی
پھر بھی مجھے چائے بنانا اور انڈا تلنا جسے آجکل فرائی کرنا کہتے ہيں آتا ہے ۔ ہوں نا ميں ہوشيار ؟

آج ميں آپ کو اپنے ايک دلپسند ناشتہ کی ترکيب بتانے لگا ہوں جو شايد آپ نے پہلے نہيں کھايا ہو گا [يہ ميں اپنے اور اپنی بيوی کے سگے بہن بھائيوں اور اپنے بچوں کے متعلق نہيں کہہ رہا کيونکہ اُنہوں نے ميری بيوی کے ہاتھ کا بنا کھايا ہوا ہے]

يہاں ميں ايک حقيقت بتا دوں کہ جب بھی مجھے ميری بيوی کہے کہ “آپ ميرے پکائے کی تعريف نہيں کرتے” تو ميں کہتا ہوں
“تعريف اس اللہ کی جس نے جہاں بنايا اور تمہيں بھی بنايا”

اجزاء

مکئی کا آٹا ۔ 3 پيالی [اگر اُردو نہ آتی ہو تو 3 کپ ۔ اور ہاں ۔ مکئی کا آٹا ايک سال پرانا کڑوا نہ ہو]
چينی ۔ ڈيڑھ پيالی [چينی بھارت سے درآمد شدہ نہ ہو]
انڈے ۔ 3 عدد [مرغی کے انڈے ۔ کيا معلوم آپ کونسے انڈے ڈال ديں ۔ اور ہاں انڈے چھوٹے چھوٹے نہ ہوں]
دودھ ۔ ايک پيالی [آپ کے پاس گائے يا بھينس ہو تو بہتر ورنہ پانی ملا دودھ بازار ميں عام ملتا ہے ۔ خبردار مِلک پَيک شَيک نہيں ڈالنا البتہ پرَيما دودھ ڈال سکتے ہيں اگر دو دن سے زيادہ پرانا نہ ہو]

ترکيب

چاروں اجزاء کو اچھی طرح ملا کر گوند ليجئے حتٰی کہ اتنا نرم ہو جائے کہ توے پر لکڑی کے چمچے کے ساتھ آسانی سے پھيلايا جا سکے ۔ اگر ضرورت پڑے تو تھوڑا پانی ڈال ليجئے ۔ اگر آپ کے پاس آٹا گوندھنے والی مشين جسے انگريزی ميں ڈَو ہُک کہتے ہيں ہو تو اسے استعمال کرنے ميں کوئی ہرج نہيں

سرد موسم ميں 10 اور گرم موسم ميں 5 منٹ کيلئے رکھ ديجئے

توا چولہے پر رکھ کر مناسب حد تک گرم ہونے ديجئے [توے کی بجائے انگريزی والے فرائنگ پَين کو بھی استعمال کيا جا سکتا ہے]
پھر توے پر تھوڑا سا گھی ڈالئے [ديسی گھی ہو تو بہتر ہے ۔ يہ سفيد خالص مکھن سے بھی بنايا جا سکتا ہے ۔ تيل استعمال نہ کيجئے]
پھر 3 کھانے کے چمچے کے برابر گوندھا ہوا مکئی کا آٹا توے پر ڈال کر پھيلا ديجئے
نچلا حصہ پکنے پر اُلٹا کر مکمل پکا ليجئے

آپ کيلئے بہترين ناشتہ تيار ہے
کھايئے اور اللہ کا شکر ادا کيجئے جس نے بے شمار نعمتيں عطا کی ہيں
اگر ہو سکے تو ميری بيوی کی ہميشہ اچھی صحت کيلئے بھی دعا کيجئے

عيد مبارک

آج يہ ورد کرتے ہوئے حجاج منٰی سے حرم کعبہ مکہ کی طرف رواں دواں ہيں

لَبَّيْکَ اَللَّہُمَّ لَبَّيْکَ لَبَّيْکَ لاَ شَرِيْکَ لَکَ لَبَّيْکَ اِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَة لَکَ وَالْمُلْکَ لاَ شَرِيْکَ لَکَ

میں حاضر ہوں یااﷲ میں حاضر ہوں ۔ تیرا کوئی شریک نہیں ميں حاضر ہوں ۔ تمام تعریفیں اور نعمتیں تیرے لئے ہیں اور ملک بھی ۔ تیرا کوئی شریک نہیں

باقی لوگ عيد سے پچھلی رات مغرب کی نماز کے بعد سے عيد کے تيسرے دن نصف النہار تک يہ ورد رکھيں کم از کم ہر نماز کے بعد ايک بار

اللہُ اکبر اللہُ اکبر لَا اِلَہَ اِلْاللہ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ
لَہُ الّمُلْکُ وَ لَہُ الْحَمْدُ وَ ھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیٍ قَدِیر
اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلہَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلہَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر کبِیرہ والحمدُللہِ کثیِرہ و سُبحَان اللہِ بکرۃً و أصِیلا

جنہوں نے حج کی سعادت حاصل کی ہے ان کو حج مبارک اور اللہ ان کا حج قبول فرمائے
سب مسلمانوں کو عیدالاضحٰے مبارک ۔ اللہ سب مسلمانوں کو اپنی شريعت پر قائم کرے اور شيطان کے وسوسوں سے بچائے
جنہوں نے سیّدنا ابراھیم علیہ السلام کی سُنّت کی پيروی کرتے ہوئے قربانی کی ہے اللہ اُن کی قربانی قبول فرمائے