Category Archives: پيغام

یومِ آزادی مبارک

پہلے معذرت ۔ 13 اور 14 اگست کو میں تیز بخار اور اسہال میں مبتلاء تھا جس کے باعث اُٹھنے کی ہمت نہ تھی ۔ اللہ کے فضل سے آج بہتر ہوں تو پیغام لکھا ہے

تمام ہموطنوں کو یومِ آزادی مبارک

آیئے سب صدق دل سے دعا کریں

کُل کائنات کو پیدا کرنے والے ۔ آپ رحمٰن و رحیم ہو اور قادر و کریم بھی
ہمیں ایک قوم بنا دے جو سب مل کر ایک ٹھوس دیوار کی طرح مضبوط بن جائے
ہمیں ایک دوسرے کو برداشت کرنے اور مِل جُل کر محنت کرنے کی توفیق عطا فرما
ہمارے وطن کو امن کا گہوارہ بنا دے
یہ وطن پاکستان آپ ہی نے ہمیں عنائت فرمایا ہے ۔ اس کی ہر قسم کے دُشمن سے حفاظت فرما
آمین ثم آمین یا رب العالمین

یہ میرا پوتا ابراھیم (4 سال 3 ہفتے) اور پوتی ھناء (ڈیڑھ سال سے ہفتہ کم) ہیں ۔ انہوں نے پاکستان کے جھنڈے کی نقل میں کپڑے پہنے ہیں ۔ ابراھیم بسکٹوں پر پاکستان کا جھنڈا بنا رہا ہے ۔ نیچے 3 میں سے ایک بسکٹ ہے جس پر ابراھیم نے پاکستان کے جھنڈے بنائے ہیں
Ebrahim

Hana

Flag

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ سوچیئے

دیکھنے والے سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو بینائی سے محروم ہیں
سُننے والے سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو قوتِ سماع سے محروم ہیں
خوشبو سُونگھنے والے سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو سونگھنے کی حس سے محروم ہیں
بولنے والے سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو قوتِ گویائی سے محروم ہیں
چلنے والے سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو چلنے سے محروم ہیں
جو سوچ کے ماضی میں دیکھی یا پڑھی باتیں یا کر سکتے ہیں وہ سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو سوچنے کی طاقت سے محروم ہیں

میری یاد داشت جو سوچنے کا نتیجہ ہوتی ہے میرے ساتھیوں ۔ دوستوں اور کچھ قارئین میں بھی مشہور تھی ۔ میری سونگھنے کی حس بھی خاصی تیز تھی ۔ میں 28 ستمبر 2010ء کے حادثہ میں اللہ کی ادا کردہ ان دونوں نعمتوں سے محروم ہو چکا ہوں ۔ میں سمجھتا تھا کہ بوڑھا ہونے پر سوچنے کی قوت کم ہو جاتی ہے ۔ اس حادثہ سے معلوم ہوا کہ سوچنے کی قوت کسی وقت بھی ختم ہو سکتی ہے ۔ سب جانتے ہیں کہ باقی قوّتوں سے آدمی کسی وقت بھی محروم ہو سکتا ہے

کُلُ عام انتم بخیر

اللہُ اکبر اللہُ اکبر لَا اِلَہَ اِلْاللہ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ
لَہُ الّمُلْکُ وَ لَہُ الْحَمْدُ وَ ھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیٍ قَدِیر
اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلہَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلہَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر کبِیرہ والحمدُللہِ کثیِرہ و سُبحَان اللہِ بکرۃً و أصِیلا

تمام مسلم محترم بزرگوں ۔ بہنوں ۔ بھائيوں اور پيارے بچوں بالخصوص قارئین اور ان کے اہلِ خانہ کی خدمت ميں عيدالفطر کا ہديہِ تبريک پيش کرتا ہوں اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی طرف سے

اللہ سبحانُہُ و تعالٰی آپ سب کے روزے اور عبادتيں قبول فرمائے اور آپ سب کو دائمی عمدہ صحت ۔ مُسرتيں اور خوشحالی سے نوازے ۔ آمين ثم آمين ۔

آیئے سب انکساری ۔ رغبت اور سچے دِل سے دعا کریں
اے مالک و خالق و قادر و کریم
رمضان المبارک میں ہمارے روزے اور دیگر عبادتیں قبول فرما
اپنا خاص کرم فرماتے ہوئے ہمارے ہموطنوں کو آپس کا نفاق ختم کر کے ایک قوم بننے کی توفیق عطا فرما
ہمارے ملک کو اندرونی اور بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھ
ہمارے ملک کو امن کا گہوارہ بنا دے
ہمارے حکمرانوں کو سیدھی راہ پر چلا
ہمارے ملک کو صحیح طور مُسلم ریاست بنا دے
آمین ثم آمین

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ بُرائی ۔ اچھائی

بُرائی کی مثال پہاڑ سے اُترنے کی ہے
ایک قدم اُٹھاؤ تو باقی اُٹھتے چلے جاتے ہیں

اچھائی کی مثال پہاڑ پر چڑھنے کی ہے
ہر قدم پچھلے قدم سے مُشکل لگتا ہے
لیکن ایک قدم چڑھنے پر مزید چڑھنے کو جی چاہتا ہے
اور آدمی بلندی (کامیابی) کی طرف بڑھتا چلا جاتا ہے

رمضان کریم

سب مُسلم بزرگوں بہنوں بھائیوں بھتیجیوں بھتیجوں بھانجیوں بھانجوں پوتيوں پوتوں نواسيوں نواسوں کو اور جو اپنے آپ کو اِن میں شامل نہیں سمجھتے اُنہیں بھی رمضان کريم مبارک

اللہ الرحمٰن الرحيم آپ سب کو اور مجھے بھی اپنی خوشنودی کے مطابق رمضان المبارک کا صحیح اہتمام اور احترام کرنے کی توفیق عطا فرمائے

روزہ صبح صادق سے غروبِ آفتاب تک بھوکا رہنے کا نام نہیں ہے بلکہ اللہ کے احکام پر مکمل عمل کا نام ہے ۔ اللہ ہمیں دوسروں کی بجائے اپنے احتساب کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں حِلم ۔ برداشت اور صبر کی عادت سے نوازے

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کا حُکم

سورت 2 ۔ البقرہ ۔ آيات 183 تا 185

اے ایمان والو فرض کیا گیا تم پر روزہ جیسے فرض کیا گیا تھا تم سے اگلوں پر تاکہ تم پرہیزگار ہو جاؤ
چند روز ہیں گنتی کے پھر جو کوئی تم میں سے بیمار ہو یا مسافر تو اس پر ان کی گنتی ہے اور دِنوں سے اور جن کو طاقت ہے روزہ کی ان کے ذمہ بدلا ہے ایک فقیر کا کھانا پھر جو کوئی خوشی سے کرے نیکی تو اچھا ہے اس کے واسطے اور روزہ رکھو تو بہتر ہے تمہارے لئے اگر تم سمجھ رکھتے ہو
‏ مہینہ رمضان کا ہے جس میں نازل ہوا قرآن ہدایت ہے واسطے لوگوں کے اور دلیلیں روشن راہ پانے کی اور حق کو باطل سے جدا کرنے کی سو جو کوئی پائے تم میں سے اس مہینہ کو تو ضرور روزے رکھے اسکے اور جو کوئی ہو بیمار یا مسافر تو اس کو گنتی پوری کرنی چاہیے اور دِنوں سے اللہ چاہتا ہے تم پر آسانی اور نہیں چاہتا تم پر دشواری اور اس واسطے کہ تم پوری کرو گنتی اور تاکہ بڑائی کرو اللہ کی اس بات پر کہ تم کو ہدایت کی اور تاکہ تم احسان مانو

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے رمضان کی فضيلت سورت ۔ 97 ۔ القدر ميں بيان فرمائی ہے

بیشک ہم نے اس (قرآن) کو شبِ قدر میں اتارا ہے
اور آپ کیا سمجھے ہیں (کہ) شبِ قدر کیا ہے
شبِ قدر (فضیلت و برکت اور اَجر و ثواب میں) ہزار مہینوں سے بہتر ہے
اس (رات) میں فرشتے اور روح الامین (جبرائیل) اپنے رب کے حُکم سے (خیر و برکت کے) ہر امر کے ساتھ اُترتے ہیں
یہ (رات) طلوعِ فجر تک (سراسر) سلامتی ہے

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ نظر رکھیئے

My Id Pak

اپنے خیالات پر نظر رکھیئے کہ یہ الفاظ کو جنم دیتے ہیں
اپنے الفاظ پر نظر رکھیئے کہ یہ فعل یا عمل کو جنم دیتے ہیں
اپنے فعل یا عمل پر نظر رکھیئے کہ یہ عادت بنتے ہیں
اپنی عادات پر نظر رکھیئے کہ یہ آپ کے کردار کی نشانی بنتی ہیں
اپنے کردار پر نظر رکھیئے کہ یہ آپ کا مقدّر یا نصیب بنتا ہے

آپ کے مقدّر یا نصیب میں 11 مئی کو آپ کے کردار کا بھی حصہ ہے
اسلئے ووٹ ضرور دیجئے اور ایسے اُمیدوار کو دیجئے کہ بعد میں پچھتانے کا کوئی خدشہ نہ رہے
فرشتے تلاش نہ کیجئے جو ملیں گے نہیں اور آپ گھر بیٹھے رہیں گے
نتیجہ یہ ہو گا کہ ووٹروں کی کُل تعداد کے 20 سے 30 فیصد ووٹ لینے والا آدمی کامیاب ہو جائے گا جو نہائت بُرا ہو سکتا ہے اور اس کے آپ ذمہ دار ہوں گے

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ راستہ اور منزل

My Id Pak

اگر راستہ خوبصورت ہے تو معلوم کیجئے کہ کس منزل کو جاتا ہے
اگر منزل خوبصورت ہو تو راستہ کی پرواہ مت کیجئے

کیونکہ خوبصورت منزل مل جانے پر راستہ کی دُشواریوں کا احساس ختم ہو جاتا ہے
لیکن منزل خوبصورت نہ ہو تو آدمی کے پاس سوائے پچھتاوے کے کچھ نہیں رہ جاتا

آج سے 20 دن بعد مُلک میں انتخابات ہوں گے ۔ اگر میرے ہموطن خوبصورت منزل کو بھُول کر سیاستدانوں کے خوبصورت وعدوں کے پیچھے لگ گئے تو اگلے 5 سال روتے ہوئے ہی گذاریں گے

نہ فرشتے اُمیدوار ہیں اور نہ نبی ۔ اسلئے اُن کی تلاش چھوڑ دیجئے
ووٹ ضرور ڈالیئے مگر اُسے جو باقی سب سے اچھا ہو ۔ باتوں یا شکل میں نہیں ۔ عمل میں اچھا