Category Archives: پيغام

کُلُ عام انتم بخیر

اللہُ اکبر اللہُ اکبر لَا اِلَہَ اِلْاللہ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ
لَہُ الّمُلْکُ وَ لَہُ الْحَمْدُ وَ ھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیٍ قَدِیر
اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلہَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلہَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر کبِیرہ والحمدُللہِ کثیِرہ و سُبحَان اللہِ بکرۃً و أصِیلا

اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی طرف سے تمام مسلم محترم بزرگوں ۔ بہنوں ۔ بھائيوں اور پيارے بچوں بالخصوص قارئین اور ان کے اہلِ خانہ کی خدمت ميں عيدالفطر کا ہديہِ تبريک پيش کرتا ہوں
اللہ سبحانُہُ و تعالٰی آپ سب کے روزے اور عبادتيں قبول فرمائے اور آپ سب کو دائمی عمدہ صحت ۔ مُسرتيں اور خوشحالی سے نوازے ۔ آمين ثم آمين ۔

آیئے سب انکساری ۔ رغبت اور سچے دِل سے دعا کریں
اے مالک و خالق و قادر و کریم
رمضان المبارک میں ہمارے روزے اور دیگر عبادتیں قبول فرما
اپنا خاص کرم فرماتے ہوئے ہمارے ہموطنوں کو آپس کا نفاق ختم کر کے ایک قوم بننے کی توفیق عطا فرما
ہمارے ملک کو اندرونی اور بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھ
ہمارے ملک کو امن کا گہوارہ بنا دے
ہمارے حکمرانوں کو سیدھی راہ پر چلا
ہمارے ملک کو صحیح طور مُسلم ریاست بنا دے
آمین ثم آمین

توجہ فرمایئے

شمالی وزیرستان سے بوڑھے جوان عورتیں مرد اور بچے جن میں شیرخوار بھی ہیں نے اپنے گھر بار ہم اپنے گھروں میں آرام سے رہنے والوں کی حفاظت کے بندوبست کے سلسلہ میں چھوڑے ہیں ۔ یکم جولائی تک 468،000 افراد کیمپوں میں پہنچ چکے تھے ۔ ذرا سوچیئے کہ نہ بستر نہ چادر نہ چارپائی ۔ شدید گرمی اور کھانے کو کچھ نہیں ۔ بے چارے کس طرح ایک ایک منٹ گذار رہے ہوں گے ۔ حکومت اور فوج اپنے طور پر امداد کر رہے ہین لیکن ناکافی ہے اور بہت زیادہ کی ضرورت ہے جو حکومت سے ممکن نہیں ہو سکتا

ہم سب کا فرض ہے کہ ان بہن بھایئوں اور بچوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کریں اور جلدی کریں ۔ امداد آٹا ۔ چاول ۔ دالیں ۔ گھی اور نقدی کی صورت میں کی جا سکتی ہے جس کیلئے زکٰوۃ ہو یا صدقہ دونوں درست ہے ۔
۔(کچھ لوگ صدقہ کو خیرات کہتے ہیں) ۔ یہ رمضان کا مہینہ ہے آپ کو کئی گنا ثواب ہو گا اور اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی آپ کے روزگار میں برکت ڈالے گا

اسلام آباد میں فوج نے فاطمہ جناح پارک (ایف ۔ 9) کے اندر گیٹ نمبر 3 کے سامنے کیمپ لگا رکھا ہے جہاں نقد امداد یا اجناس جمع کرائی جا سکتی ہیں ۔ آج قبل دوپہر میں خود وہاں گیا تھا ۔ میری عادت ہے کہ جب تک کوئی کام میں خود نہ کر لوں اسے کرنے کا دوسروں کو نہیں کہتا
اسلام آباد میں رہنے والے ہمت کریں اور گھروں سے نکل کر فاطمہ جناح پارک امداد جمع کرانے جائیں ۔ اگر میں 75 سال کی عمر میں روزہ رکھے ہوئے گرمی میں جا سکتا ہوں تو وہ بھی ہمت کریں

مندرجہ ذیل بنک اکاؤنٹ میں رقوم بھیجی جا سکتی ہیں ۔ میرا خیال ہے کہ اس اکاؤنٹ میں آن لائین ٹرانسفر ہو سکتی ہے
Chief Minister’s Relief Fund
Account # CD0047310002
Bank Code 0008
Bank of Punjab
Civil Secratariat
Lahore

باقی اپنے اپنے شہروں میں بھی معلوم کیا جا سکتا ہے ۔ لیکن دیں یا تو حکومت کے اکاؤنٹ میں یا فوج کے اکاؤنٹ میں ۔ کسی دوسرے ادارے یا شخص کو دے کر بعد میں پچھتانے کا کوئی فائدہ نہیں

رمضان کریم

سب مُسلم محترم بزرگوں ۔ بہنوں ۔ بھائيوں اور پيارے بچوں بالخصوص قارئین اور ان کے اہلِ خانہ کی خدمت ميں رمضان کريم مبارک
اللہ الرحمٰن الرحيم آپ سب کو اور مجھے بھی اپنی خوشنودی کے مطابق رمضان المبارک کا صحیح اہتمام اور احترام کرنے کی توفیق عطا فرمائے

روزہ صبح صادق سے غروبِ آفتاب تک بھوکا رہنے کا نام نہیں ہے بلکہ اللہ کے احکام پر مکمل عمل کا نام ہے ۔ اللہ ہمیں دوسروں کی بجائے اپنے احتساب کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں حِلم ۔ برداشت اور صبر کی عادت سے نوازے

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کا حُکم

سورت 2 ۔ البقرہ ۔ آيات 183 تا 185
اے ایمان والو فرض کیا گیا تم پر روزہ جیسے فرض کیا گیا تھا تم سے اگلوں پر تاکہ تم پرہیزگار ہو جاؤ
چند روز ہیں گنتی کے پھر جو کوئی تم میں سے بیمار ہو یا مسافر تو اس پر ان کی گنتی ہے اور دِنوں سے اور جن کو طاقت ہے روزہ کی ان کے ذمہ بدلا ہے ایک فقیر کا کھانا پھر جو کوئی خوشی سے کرے نیکی تو اچھا ہے اس کے واسطے اور روزہ رکھو تو بہتر ہے تمہارے لئے اگر تم سمجھ رکھتے ہو
‏ مہینہ رمضان کا ہے جس میں نازل ہوا قرآن ہدایت ہے واسطے لوگوں کے اور دلیلیں روشن راہ پانے کی اور حق کو باطل سے جدا کرنے کی سو جو کوئی پائے تم میں سے اس مہینہ کو تو ضرور روزے رکھے اسکے اور جو کوئی ہو بیمار یا مسافر تو اس کو گنتی پوری کرنی چاہیے اور دِنوں سے اللہ چاہتا ہے تم پر آسانی اور نہیں چاہتا تم پر دشواری اور اس واسطے کہ تم پوری کرو گنتی اور تاکہ بڑائی کرو اللہ کی اس بات پر کہ تم کو ہدایت کی اور تاکہ تم احسان مانو

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے رمضان کی فضيلت سورت ۔ 97 ۔ القدر ميں بيان فرمائی ہے

بیشک ہم نے اس (قرآن) کو شبِ قدر میں اتارا ہے
اور آپ کیا سمجھے ہیں (کہ) شبِ قدر کیا ہے
شبِ قدر (فضیلت و برکت اور اَجر و ثواب میں) ہزار مہینوں سے بہتر ہے
اس (رات) میں فرشتے اور روح الامین (جبرائیل) اپنے رب کے حُکم سے (خیر و برکت کے) ہر امر کے ساتھ اُترتے ہیں
یہ (رات) طلوعِ فجر تک (سراسر) سلامتی ہے

ایسا کیوں ہو رہا ہے ؟

میں موزیلا فائرفاکس استعمال کرتا ہوں ۔ ونڈوز ایکس پی سروس پیک 2 دوبارہ انسٹال کی ہے
میں جی میل کھولتا ہوں تو موزیلا فائرفاکس میں کھُلتی ہے
آئندہ سہولت کیلئے جی میل کا آئیکون ڈیسک ٹاپ پر محفوظ کرتا ہوں تو وہ انٹرنیٹ ایکسپلورر کا بن جاتا ہے

کمپیوٹر آپریشن کے ماہرین سے درخواست ہے کہ میری رہنمائی فرمائیں
ایسا کیوں ہو رہا ہے
اور
اس کیسے درست کیا جائے ؟

باخبر رہیئے

جی حضور ۔ باخبر رہنا اچھا ہوتا ہے

میرے پاس اس وقت یہ خبر ہے کہ اِن شاء اللہ بندہ آج دبئی سے ساڑھے چار بجے بعد دوپہر بذریعہ پی آئی اے روانہ ہو کر اِن شاء اللہ شام ساڑھے آٹھ اسلام آباد پہنچ جائے گا

یعنی آنے والی تھاں پر پہنچ جائے گا

اللہ کریم وقت خیریت سے گذراے

نوسَر بازوں سے ہوشیار رہیئے

جمعہ 17 جنوری 2014ء کو جب میں اسلام آباد میں تھا تو میرے ساتھ ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا ۔ سوچا کہ اسے عام کر دیا جائے تاکہ سادہ لوح جوان کہیں نقصان نہ اُٹھا لیں ۔ سہ پہر کے وقت مجھے بتایا گیا کہ باہر کوئی شخص آیا ہے ۔ میں گھر کے دروازہ سے نکل کر گیٹ کی طرف روانہ ہوا ۔ وہ شخص مجھے دیکھ کر بے تکلفی سے گیٹ کھول کر میری طرف چل پڑا ۔ میں نے قریب پہنچ کر سلام کیا تو بولا
اجنبی ”آپ نے پہچانا نہیں ؟“۔
میں ”نہیں“
اجنبی ”آپ کہاں سے ریٹائر ہوئے تھے ؟“
میں ”کیوں تمہارا تعلق واہ سے ہے ؟“
اجنبی ”میں کریم داد کا بیٹا ہوں“

اجنبی نے بال کالے اور داڑھی مہندی رنگ کی ہوئی تھی اور اُس کی عمر ساٹھ سال یا زیادہ تھی ۔ پاکستان آرڈننس فیکٹری میں ایک ڈرائیور کریم داد تھا ۔ اُس کا بیٹا اتنی زیادہ عمر کا نہیں ہو سکتا تھا ۔ لیکن اصل بات یہ تھی کہ کیا یہ اُسی کریم داد کی بات کر رہا ہے ؟ اگر ہے بھی تو میرا اُس سے کیا تعلق ؟ مجھے پی او ایف چھوڑے ہوئے بھی 19 سال سے زیادہ ہو چکے ہیں ۔ خیر ۔ میں نے نظرانداز کرتے ہوئے پوچھا
”کیسے آئے ہیں ؟“
اجنبی نے مزید قریب ہو کر مدھم آواز میں رازداری کے انداز میں کہا ”بیٹی کے ہاں بچہ ہونے والا ہے جو آپریشن سے ہو گا ۔ ہسپتال میں پیسے جمع کرانے ہیں ۔ بھائی گاؤں چلا گیا ہے ۔ کل صبح آ جائے کا ۔ میری وقتی ضرورت ہے کل صبح واپس کر دوں گا“

نہ جان نہ پہچان ۔ میں تیرا مہمان ۔ میرے پاس رقم ہو تو میں بغیر کسی واسطے کے مدد کرنے کا عادی ہوں لیکن میرے پاس اُس وقت فالتو رقم نہ تھی
میں نے کہا ”میرے پاس اس وقت پیسے نہیں ہیں“
اجنبی بڑے قربت کے انداز میں بولا ”گھر سے پتہ کر لیں ۔ اتنے زیادہ نہیں ہیں نکل ہی آئیں گے ۔ میں صبح سویرے واپس کر دوں گا“
میں ” میرے پاس پیسے نہیں ہیں ۔ گھر سے کیا مطلب ؟ میں گھر میں شامل نہیں ؟“

اسکے بعد میں واپس آ گیا ۔ وہ واپس چلا گیا ۔ اُس کے چہرے پر مجھ سے بات کرنے سے قبل اور ناکام واپس جاتے ہوئے کسی قسم کی پریشانی یا فکر کے تاءثرات نہیں تھے

پھر نہ کہنا خبر نہ ہوئی

سُنیئے جنابِ والا
کیا کہتا ہے بلاگ والا
پہلے اسے پڑھیئے غور سے
پھر بات کیجئے کسی اور سے

میں پچھلی بار (جون تا اگست 2012ء) دبئی گیا تو شکائت موصول ہوئی تھی کہ ”خبر نہ ہوئی“۔
چنانچہ تمام محترمات قاریات اور محترمان قارئین مطلع رہیئے کہ
اِن شاء اللہ بندہ بشر کل یعنی 23 جنوری 2014ء اسلام آباد سے روانہ ہو کر دبئی پہنچ جائے گا
اور اِن شاء اللہ 22 اپریل 2014ء کو واپس” آنّے والی تھاں“ یعنی اسلام آباد پہنچ جائے گا
اللہ کریم وقت خیریت سے گذراے

اپنے بلاگ پر تحاریر اور دوسروں کے بلاگوں پر تنقید اِن شاء اللہ جاری رہے گی

لکھ دیا ہے تاکہ سند رہے اور بوقتِ ضرورت کام آئے