Category Archives: پيغام

عید مبارک ۔ کُلُ عام انتم بخیر

رمضان کا مبارک مہینہ ختم ہونے کو ہے ۔ اللہ سبحانُہُ و تعالٰی سب کے روزے اور عبادتيں قبول فرمائے
عیدالفطر کی نماز سے قبل اور بہتر ہے کے رمضان المبارک کے اختتام سے پہلے فطرانہ ادا کر دیا جائے ۔ کمانے والے کو اپنا اور اپنے زیرِ کفالت جتنے افراد ہیں مع گھریلو ملازمین کے سب کا فطرانہ دینا چاہیئے

عید کے دن فجر کی نماز سے مغرب کی نماز تک یہ ورد جاری رکھیئے ۔ نماز کیلئے جاتے ہوئے اور واپسی پر بلند آواز میں پڑھنا بہتر ہے

اللہُ اکبر اللہُ اکبر لَا اِلَہَ اِلْاللہ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ
لَہُ الّمُلْکُ وَ لَہُ الْحَمْدُ وَ ھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیٍ قَدِیر
اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلہَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلہَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلہَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر کبِیرہ والحمدُللہِ کثیِرہ و سُبحَان اللہِ بکرۃً و أصِیلا

میں اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی طرف سے تمام مسلم محترم بزرگوں ۔ بہنوں ۔ بھائيوں اور پيارے بچوں بالخصوص قارئین اور ان کے اہلِ خانہ کی خدمت ميں عيدالفطر کا ہديہِ تبريک پيش کرتا ہوں
اللہ کریم آپ سب کو دائمی عمدہ صحت ۔ مُسرتوں اور خوشحالی سے نوازے ۔ آمين ثم آمين ۔

آیئے سب انکساری ۔ رغبت اور سچے دِل سے دعا کریں

اے مالک و خالق و قادر و کریم و رحمٰن و رحیم و سمیع الدعا
رمضان المبارک میں ہوئی ہماری غلطیوں اور کوتاہیوں سے درگذر فرما اور ہمارے روزے اور دیگر عبادتیں قبول فرما
اپنا خاص کرم فرماتے ہوئے ہمارے ہموطنوں کو آپس کا نفاق ختم کر کے ایک قوم بننے کی توفیق عطا فرما
ہمارے ملک کو اندرونی اور بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھ
ہمارے ملک کو امن کا گہوارہ بنا دے
ہمیں ۔ ہمارے حکمرانوں اور دوسرے رہنماؤں کو سیدھی راہ پر چلا
ہمارے ملک کو صحیح طور مُسلم ریاست بنا دے
آمین ثم آمین

رمضان کریم

سب مُسلم بزرگوں بہنوں بھائیوں بھتیجیوں بھتیجوں بھانجیوں بھانجوں پوتيوں پوتوں نواسيوں نواسوں کو اور جو اپنے آپ کو اِن میں شامل نہیں سمجھتے اُنہیں بھی رمضان کريم مبارک

اللہ الرحمٰن الرحيم آپ سب کو اور مجھے بھی اپنی خوشنودی کے مطابق رمضان المبارک کا صحیح اہتمام اور احترام کرنے کی توفیق عطا فرمائے

روزہ صبح صادق سے غروبِ آفتاب تک بھوکا رہنے کا نام نہیں ہے بلکہ اللہ کے احکام پر مکمل عمل کا نام ہے ۔ اللہ ہمیں دوسروں کی بجائے اپنے احتساب کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں حِلم ۔ برداشت اور صبر کی عادت سے نوازے

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کا حُکم

سورت 2 ۔ البقرہ ۔ آيات 183 تا 185

اے ایمان والو فرض کیا گیا تم پر روزہ جیسے فرض کیا گیا تھا تم سے اگلوں پر تاکہ تم پرہیزگار ہو جاؤ
چند روز ہیں گنتی کے پھر جو کوئی تم میں سے بیمار ہو یا مسافر تو اس پر ان کی گنتی ہے اور دِنوں سے اور جن کو طاقت ہے روزہ کی ان کے ذمہ بدلا ہے ایک فقیر کا کھانا پھر جو کوئی خوشی سے کرے نیکی تو اچھا ہے اس کے واسطے اور روزہ رکھو تو بہتر ہے تمہارے لئے اگر تم سمجھ رکھتے ہو
‏ مہینہ رمضان کا ہے جس میں نازل ہوا قرآن ہدایت ہے واسطے لوگوں کے اور دلیلیں روشن راہ پانے کی اور حق کو باطل سے جدا کرنے کی سو جو کوئی پائے تم میں سے اس مہینہ کو تو ضرور روزے رکھے اسکے اور جو کوئی ہو بیمار یا مسافر تو اس کو گنتی پوری کرنی چاہیے اور دِنوں سے اللہ چاہتا ہے تم پر آسانی اور نہیں چاہتا تم پر دشواری اور اس واسطے کہ تم پوری کرو گنتی اور تاکہ بڑائی کرو اللہ کی اس بات پر کہ تم کو ہدایت کی اور تاکہ تم احسان مانو

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے رمضان کی فضيلت سورت ۔ 97 ۔ القدر ميں بيان فرمائی ہے

بیشک ہم نے اس (قرآن) کو شبِ قدر میں اتارا ہے
اور آپ کیا سمجھے ہیں (کہ) شبِ قدر کیا ہے
شبِ قدر (فضیلت و برکت اور اَجر و ثواب میں) ہزار مہینوں سے بہتر ہے
اس (رات) میں فرشتے اور روح الامین (جبرائیل) اپنے رب کے حُکم سے (خیر و برکت کے) ہر امر کے ساتھ اُترتے ہیں
یہ (رات) طلوعِ فجر تک (سراسر) سلامتی ہے

بلاگر خواتین و حضرات متوجہ ہوں

میں نے 25 مارچ 2015ء کو محترمات بلاگرات و محترمان بلاگران (Ladies and gentlemen bloggers) متوجہ ہوں کے عنوان سے 19 اپریل 2015ء کو سہ پہر 5 بجے اسلام آباد میں بلاگران کی مجلس کے انعقاد کی اطلاع دی تھی

اُمید تھی کہ میٹرو بس پروجیکٹ 19 اپریل سے قبل مکمل ہو جائے گا اور راولپنڈی و اسلام آباد کی متعلقہ سڑکوں پر ٹریفک خوش اسلوبی سے چلنے لگے گی ۔ باقی کام تو تقریباً مکمل ہو گیا ہے لیکن پشاور موڑ انٹرچینج مکمل ہوتا نظر نہیں آ رہا جس کے باعث راولپنڈی شہر ۔ کوہ مری اور جہلم کی طرف سے مجلس میں شرکت کیلئے تشریف لانے والوں کو دقت کا سامنا ہو سکتا ہے
مزید یہ کہ پروجیکٹ مکمل ہونے پر میٹرو بس تشریف لانے والوں کیلئے سہولت کا باعث بن سکتی ہے

اسلئے مجلس 19 اپریل کی بجائے اِن شاء اللہ 3 مئی 2015ء کو بوقت 5 بجے سہ پہر ہو گی اور اِن شاء اللہ یہ تاریخ بدلی نہیں جائے گی

تشریف لا کر شکریہ کا موقع دیجئے
کچھ استفسارات ہوں تو بلاتامل پوچھیئے ۔ بندہ تشریح کی پوری کوشش کرے گا

آمد کی اطلاع جمعہ یکم مئی تک بذریعہ اس تحریر پر تبصرہ
یا ای میل
یا ٹیلیفون دیجئے

iftikharajmal@gmail.com
0321-5102236

مقام انعقاد اور راستہ

مکان نمبر 14 بی ۔ سٹریٹ نمبر 31 ۔ سیکٹر ایف 8 ۔ اسلام آباد

یہ گھر سٹریٹ نمبر 31 کے آخر میں بائیں جانب ہے ۔ آخری سے پہلے والے گیٹ کے بائیں ستون پر لگی قندیل پر B۔14 لکھا ہے اور ستون پر میرا اور میرے دونوں بیٹوں (زکریا اور فوزی) کے نام لکھے ہوئے ہیں ۔ اس کے نیچے گھنٹی کا بٹن ہے

سٹریٹ نمبر 31 سروس روڈ ویسٹ ایف 8 پر واقع ٹریفک پولیس کے دفتر کے سامنے ہے ۔ ایف 8 کے ساتھ نائنتھ اوینیو (9th Avenue) کے ایک طرف فاطمہ جناح پارک (ایف 9 پارک) ہے اور دوسری طرف سروس روڈ ویسٹ ایف 8 متوازی چلتی ہے

نائنتھ اوینیو پر آتے ہوئے جناح اوینیو عبور کرتے ہی داہنی طرف ناظم الدین روڈ پر مُڑ کر فوراً بائیں جانب سروس روڈ ویسٹ ایف 8 پر مُڑ جایئے

موٹر وے سے اسلام آباد آتے ہوئے آپ سیدھے شاہراہ کشمیر (Kashmir Highway) پر پہنچیں گے ۔ چلتے جایئے اور جی 4/9 اور جی 1/8 کے درمیان پشاور موڑ سے بائیں جانب نائنتھ اوینو پر مُڑ جایئے

راولپنڈی صدر یا ٹیکسلا سے آنے کیلئے جی ٹی روڈ سے شاہراہ کشمیر پر مُڑ جایئے پھر جی 4/9 اور جی 1/8 کے درمیان پشاور موڑ سے بائیں جانب نائنتھ اوینو پر مُڑ جایئے

راولپنڈی شہر سے آنے کیلئے مری روڈ سے بائیں جانب سٹیڈیم روڈ پر مُڑ کر سیدھے نائنتھ اوینیو پر چلے جایئے

جہلم کی طرف سے آنے کیلئے اسلام آباد ایکسپریس وے پر چلے جایئے ۔ زیرو پوائنٹ انٹر چینج سے بائیں جانب شاہراہ کشمیر پر چلے جایئے پھر جی 1/8 اور جی 4/9 کے درمیان پشاور موڑ سے داہنی طرف نائنتھ اوینیو پر مُڑ جایئے

کوہ مری کی طرف سے آنے کیلئے شاہراہ کشمیر پر چلتے ہوئے جی 1/8 اور جی 4/9 کے درمیان پشاور موڑ سے داہنی طرف نائنتھ اوینیو پر مُڑ جایئے

مطالعہءِ خود (Reading Yourself)

اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ لوگ آپ کے متعلق کیا خیال رکھتے ہیں
تو
جب آپ لوگوں سے ملتے ہیں ۔ اُن کے چہروں کے انعکاس دیکھیئے
اور اپنا عکس اُن کی آنکھوں میں دیکھیئے

دنیا میں تمام چہرے آئینے کی طرح ہیں
صرف یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ انہیں پڑھا کیسے جائے

جلدی کیجئے

میں نے کل بھی درخواست کی تھی ۔ اُمید ہے قارئین نے میری حوصلہ افزائی کی ہو گی
جو رہ گئے ہیں وہ جلدی کریں
اور ہاں اپنے تمام عزیز و اقارب اور احباب سے بھی ووٹ ڈالنے کی درخواست کیجئے
کل جب میں نے درخواست کی تو فرق 2000 ووٹ سے زیادہ کا تھا
آج صبح پونے 12 بجے فرق تقریباً 1000 کا رہ گیا ہے

نام کھلاڑی ۔ ۔ ۔ ۔ حاصل کردہ ووٹ
وسیم اکرم ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 73409
ساچِن ٹَنڈولکر ۔ ۔ ۔ ۔74349
ایم ایس دھونی ۔ ۔ ۔ 26682
وِوِیئن رِچرڈز ۔ ۔ ۔ ۔۔ 15652
آدم گلکرائسٹ ۔۔ 8902

وقت تھوڑا اور مقابلہ سخت ہے

جلدی کیجئے ۔ وسیم اکرم کو ووٹ دیجئے مقابلے میں ساچن ٹنڈولکر ہے
ووٹ دینے کیلئے یہاں پر کلِک کیجئے
جو صفحہ کھُلے اُس پر نچے جایئے جہاں 5 نام لکھے ہیں ۔ سب سے اُوپر وسیم اکرم کا نام ہے ۔ نام کے بائیں طرف چھوٹے سے دائرے پر کلِک کیجئے
پھر ناموں کے نیچے submit پر کلِک کیجئے

راہنمائی فرمایئے

محترم قارئین اور قاریات ۔ السلام علیکم و رحمۃ اللہ
درخواست ہے کہ اپنی مصروفیات سے کچھ وقت نکال کر میری رہنمائی فرمائیں ۔ بہت مشکور ہوں گا
مجھے ایک عدد آئی پیڈ (iPad) یا پی سی ٹیبلٹ (PC Tablet) خریدنا ہے جس میں مندرجہ ذیل خصوصیات ہوں

1 ۔ سائیز 7 انچ کے لگ بھگ
2 ۔ موجودہ زمانے کا اینڈرائیڈ (Android) ہو
3 ۔ کیمرے 2 ہوں ایک سامنے سکائپ (Skype) کیلئے اور دوسرا پیچھے تصاویر کھینچنے کیلئے
4 ۔ اس میں سِم (SIM) لگ سکے یعنی بطور موبائل فون بھی کام کرے
5 ۔ وائی فائی (WiFi) پر کام کرتا ہو
6 ۔ اس میں اُردو لکھی جا سکتی ہو
7 ۔ وارنٹی والا ہو
8 ۔ قیمت کے معاملہ میں خیال رہے کہ مجھے ضرورت پوری کرنا ہے ۔ کسی پر مہنگی چیز کا رُعب نہیں ڈالنا
ورنہ مائیکروسافٹ سرفیس پرو 3 اور ایپل آئی فون 6 پلس کا مشورہ دینے والے بہت ہیں

اگر آپ اپنی تجویز بلاگ پر لکھنا مناسب خیال نہ کریں یا لکھنے میں دشواری ہو تو مندرجہ ذیل ای میل ایڈریس پر ای میل بھیج دیجئے
iftikharajmal@gmail.com