Category Archives: منافقت

ہم ۔ ۔ ۔ يا ۔ ۔ ۔ ہم ہی ہم

نامعلوم کيوں ميں اپنے وطن کے معاشرے ميں مدغم نہ ہو سکا ۔ ميرے لئے ميرے ارد گرد کا ماحول ناقابلِ فہم ہی رہا ۔ شايد مجھ ميں خامياں بہت زيادہ ہيں يا ميں کم علم ہوں يا ميں ترقی نہ کر سکا ۔ ميرے بہت کم دوست بنے ليکن اللہ کی مہربانی ہے کہ جو آدھی درجن حضرات ميرے دوست ہيں ان پر ميں بھروسہ کر سکتا ہوں کہ بوقتِ ضرورت ميرے کام آئيں گے اور کام آتے رہتے ہيں

آج جو کچھ ميں لکھنے جا رہا ہوں بھِڑوں کے چھتے ميں ہاتھ ڈالنے کے مترادف ہو سکتا ہے يا کم از کم تُند و تيز جملوں کا حملہ ہونے کا خدشہ ہے ۔ لکھنے کو بہت کچھ ہے ليکن ميں اپنے ہموطنوں کی صرف ايک عادت جو وہ کہيں بھی چلے جائيں عام طور پر ان کا پيچھا نہيں چھوڑتی کی صرف چند مثاليں نقل کر رہا ہوں

1 ۔ تين چار دوست جب اکٹھے ہوتے تو جو دوست موجود نہ ہوتا اس کی غلطياں بيان کی جاتيں اور اس پر تبصرے کئے جاتے اور اس کی بيوقوفيوں پر قہقہے لگائے جاتے ۔ اگر ان ميں سے ايک چلا جاتا تو جانے والے کے متعلق وہی کچھ کيا جاتا ۔ اور اگر کوئی اور آ جاتا تو وہ بھی اسی لايعنی گفتگو ميں شامل ہو جاتا

2 ۔ ايسی باتيں بڑے وثوق کے ساتھ بيان کی جاتيں ہيں جو عملی طور پر ممکن نہ ہوں
طرابلس لبيا ميں تھا تو ايک ہموطن سينيئر انجيئر صاحب نے کہا “يہ ليبی انتہائی بيوقوف لوگ ہيں ۔ ايک دن ميں نے ديکھا کہ ايک ليبی اپنی بند فيملی کار ميں اُونٹ بٹھا کر لے جا رہا تھا “۔ ميں نے ان سے کہا “پک اپ ميں ليجا رہا ہو گا”۔ مگر وہ مُصِر تھے کہ پيجو فيملی کار ميں لے کر جا رہا تھا [جو کہ ممکن ہی نہ تھا]

3 ۔ ايک ہموطن جو اعلٰی عہديدار تھے نے بتايا “يہ عرب بہت جاہل قوم ہيں ۔ ايک پاکستانی بنک ميں اکاؤنٹ کھلوانے لگا تو
اسے کہا “اسماء ثلاثہ”
اُسے سمجھ نہ آئی تو کسی نے بتايا کہ “اپنا ۔ اپنے باپ کا اور اپنے دادا کا نام بتاؤ”
اس نے کہا ” نويد سن آف”
تو عرب کہنے لگا “بس بس ہو گئے تين”
کچھ دن بعد مجھے اُسی بنک ميں جانے کا اتفاق ہوا تو ميں نے ديکھا کہ وہاں سب اہلکاروں نے ميرے ساتھ شُستہ انگريزی ميں بات کی

4 ۔ ميں مسجد نبوی ميں نماز کيلئے بيٹھا تھا کہ ايک ہموطن ميرے پاس آ کر بيٹھ گئے
تھوڑی دير بعد گويا ہوئے ” آپ کب سے يہاں ہيں ؟”
ميں نے بتايا “دو ہفتے کيلئے عمرہ کرنے آيا ہوں ۔ 5 دن گذر گئے ۔ 10 دن بعد واپس چلا جاؤں گا”
بولے “چھوڑيں جی ۔ سب ايسے ہی کہتے ہيں ۔ واپس کوئی نہيں جاتا ۔ ميں بھی عمرہ کرنے آيا تھا تين سال قبل”

5 ۔ جو ہموطن لبيا ۔ سعودی عرب يا متحدہ عرب امارات جاتے ۔ پاکستان آنے پر يا وہاں ملاقات ہو تو کہتے ” عرب بہت بُرے لوگ ہيں ۔ ميں تو اس سال کنٹريکٹ ختم ہونے کے انتظار ميں ہوں ۔ واپس چلا جاؤں گا”۔ مگر يہ سب حضرات بيس بائيس سال بعد ريٹائرمنٹ پر ہی وطن واپس آئے

6 ۔ ايک صاحب پاکستان ميں ايک دھوکا دہی ميں ملوث قرار ديئے گئے مگر قبل اسکے کہ انہيں فارغ کيا جائے ملازمت چھوڑ کر چلے گئے ۔ لوگوں کو بتايا کہ متحدہ عرب امارت ميں ملازمت مل گئی ہے ۔ ايک سال بعد انگريزی سوٹ پہنا ہوا اور ہاتھ ميں بريف کيس پکڑے ادارے ميں آئے اور کسی کو بتايا پچاس لاکھ روپيہ جمع کر ليا ہے کسی کو کچھ بتايا اور انہيں پاکستانی سرکار کی نوکری کے طعنے دے کر چلے گئے ۔ کچھ ماہ بعد ميرا سابقہ ماتحت افسر اور سکول کے زمانہ کا ہمجماعت جو تين سال کی چھٹی لے کر متحدہ امارات ميں ملازمت کر رہا تھا واپس آيا ۔ وہاں کے حالات کے متعلق بات کرتے ہوئے متذکرہ بالا افسر کا بھی ذکر کيا کہ “بے چارہ بُرے حال ميں تھا ہموطنوں نے مدد کی اور واپسی کا ٹکٹ خريد کر ديا”

7 ۔ جو ہموطن دساور ميں ملازمت وغيرہ کر کے آتے ہيں کوئی وہاں کی تعرفيں کرتے نہيں تھکتا اور بتاتا ہے کہ وہ وہاں بادشاہ ہے اور کوئی وہاں کی برائياں بيان کرتے نہيں تھکتا ۔ بہت کم ايسے ہيں جو اصل صورتِ حال بتاتے ہيں

8 ۔ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے وطن سے باہر درجن بھر ممالک ميں رہنے کا موقع ديا ۔ وہاں ديکھا کہ جہاں دو چار ہموطن اکٹھے ہيں وہ ايک دوسرے کے خلاف کام کر رہے ہيں ۔ جبکہ دوسرے ممالک سے آئے ہوئے لوگ ايک دوسرے کی مدد کرتے نظر آئے ۔ ميں نے 1975ء میں متحدہ عرب امارات ميں ديکھا تھا کہ بھارت سے آئے لوگوں نے ايک ايسوسی ايشن بنا رکھی تھی ۔ جو نيا شخص بھارت سے آتا روزگار ملنے تک اس کا کھانا پينا رہنا اور اس کے روزگار کيلئے کوشش کرنا اس ايسوسی ايشن کے ذمہ ہوتا ۔ جب وہ برسرِ روزگار ہو جاتا تو وہ بھی اپنی آمدن کا شايد 5 فيصد اس ايسوی ايشن کو دينے لگ جاتا

9 ۔ تمام ممالک کے سفارتخانے اپنےملک کے لوگوں کی ہر طرح سے مدد کرنے کی کوشش کرتے ہيں ۔ ان کے برعکس ہمارے سفارتخانوں کے متعلق کچھ ہموطنوں نے کہا “بھارت کے سفارتخانہ جانے کيلئے ويزہ نہيں لينا پڑتا مگر اپنے سفارتخانہ ميں جانے کيلئے ويزہ کی ضرورت ہے”

10 ۔ ہموطنوں ميں کسی کو تنگ کرنا يا چھيڑنا يا اس کے خلاف افواہيں پھيلانا عام طور پر شايد عقلمندی کی علامت سمجھا جاتا ہے

11 ۔ دوسرے کا حق مارنے يا اسے نقصان پہنچانے کی کوشش کرنا ہموطنوں ميں شايد ذہانت سمجھا جاتا ہے

12 ۔ وعدہ کر کے نہ نباہنا شايد مہارت اور ہوشياری سمجھا جاتا ہے

13 ۔ راہ جاتی جوان لڑکيوں کو چھيڑنا يا ان پر آواز کسنا کئی جوان لڑکے اور مرد شايد اپنا حق سمجھتے ہيں ۔ ميں نے صرف کراچی ميں جوان لڑکيوں کو نو وارد لڑکوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرتے ديکھا ۔ دسمبر 1960ء ميں ڈی جے سائنس کالج کی طالبات نے مجھے گھير ليا اور فرسٹ ايئر کا طالب علم سمجھ کر بيوقوف بنانے کی کوشش کی ۔ ميں اُن کی باتيں سُن کر محظوظ ہوتا رہا پھر ميں نے کہا “آپ نے مجھے اپنے پرنسپل صاحب کے دفتر کا راستہ بتانے کی پيشکش کی ہے بہت شکريہ مگر اس وقت مجھے اپنے ہمجماعت لڑکوں سے ملنا ہے جو اين ای ڈی انجنيئرنگ کالج ميں ٹھہرے ہيں”۔ يہ کہتے ہی جھُرمٹ چھَٹ گيا ۔ اس کے بعد ميں نے 1984ء ميں کراچی يونيورسٹی ميں ايک نوجوان لڑکے کے ساتھ لڑکيوں کا حُسنِ سلوک ہوتے ديکھا۔ وہ بيچارہ پريشان تھا کيونکہ اُسے بھاگنے بھی نہيں ديا جا رہا تھا

اقوامِ متحدہ کی قرار دادیں

بنيادی طور پر ہند و پاکستان کی آزادی کا جو منصوبہ تھا اُس میں صوبوں کی بنياد پر تقسيم ہونا تھی مگر ہندو رہنماؤں کی ايماء پر صوبوں کی بجائے ضلعوں کی بنياد پر تقسيم کا فيصلہ کر ديا گيا اس طرح دو صوبے بنگال اور پنجاب کو تقسيم کر ديا گيا ۔ ہندو رہنماؤں نے کمال مکاری کرتے ہوئے لارڈ مؤنٹ بيٹن کو بننے والے بھارت کا پہلا گورنر جنرل مان ليا ۔ پھر جواہر لال نہرو کی ليڈی مؤنٹ بيٹن سے دوستی رنگ لائی اور حکومتِ برطانيہ کے منظور شدہ فيصلہ کی بھی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریڈکلف اور ماؤنٹ بیٹن نے خفيہ طور پر بھاری مسلم اکثريت والے ضلع گورداسپور کو تقسيم کر ديا اور جس کا اعلان پاکستان بننے کے چند دن بعد کيا گيا

بھارت کو جموں کشمیر سے ملانے والی واحد سڑک ضلع گورداس پور کے قصبہ پٹھانکوٹ سے جموں کے ضلع کٹھوعہ میں داخل ہوتی تھی جسے بھارت ميں شامل کر کے بھارت کو جموں کشمير جانے کا راستہ مہياء کر ديا گيا تھا ۔ پھر جب 24 اکتوبر 1947ء سے جموں کشمير کی آزادی کی جنگ لڑنے والے جموں کشمير کے باشندے جنوری 1948ء ميں ضلع جموں ميں اکھنور کے قريب پہنچ گئے تو بھارت نے خطرہ کو بھانپ لیا کہ مجاہدین نے اگر مزيد آگے بڑھ کر کٹھوعہ پر قبضہ کر لیا تو بھارت کے لاکھوں فوجی جو 27 اکتوبر 1947ء کو جموں کشمیر میں زبردستی داخل ہو گئےتھے محصور ہو جائیں گے ۔ چنانچہ بھارت کے وزیراعظم جواہر لال نہرو فوراِ امريکا پہنے اور اقوام متحدہ سے رحم کی بھیک مانگی

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا ۔ پنڈت نہرو نے اقوام متحدہ میں تقریر کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ امن قائم ہوتے ہی اقوامِ متحدہ کے زيرِ اہتمام عام رائے شماری کرائی جائے گی اور جو فیصلہ جموں کشمير کے عوام کریں گے اس پر عمل کیا جائے گا اور اس بناء پر فوری جنگ بندی کی درخواست کی ۔ اس معاملہ میں پاکستان کی رائے پوچھی گئی ۔ پاکستان کے وزیرِ اعظم لیاقت علی خان جنگ بندی کے حق میں نہیں تھے مگر وزیرِ خارجہ سر ظفراللہ نے کسی طرح ان کو راضی کر لیا

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جنوری 1948ء میں جنگ بندی کی قرارداد اس شرط کے ساتھ منظور کی کہ اس کے بعد جلد حالات بہتر کر کے رائے شماری کرائی جائے گی اور عوام کی خواہش کے مطابق پاکستان یا بھارت سے ریاست کا الحاق کیا جائے گا ۔ پھر یکے بعد دیگرے کئی قرار دادیں اس سلسلہ میں منظور کی گئیں ۔ مجاہدین جموں کشمیر نے پاکستان کی عزت کا خیال کرتے ہوئے جنگ بندی قبول کر لی ۔ بعد میں نہ تو بھارت نے یہ وعدہ پورا کیا نہ اقوام متحدہ کی اصل طاقتوں نے اس قرارداد پر عمل کرانے کی کوشش کی

اقوامِ متحدہ کی سکيوريٹی کونسل اور اقوامِ متحدہ کے کميشن کی قرارداديں جو چيخ چيخ کر دنيا سے انصاف کا تقاضہ کر رہيں ہيں مندرجہ ذيل ہيں ۔ متعلقہ قرارداد اس پر کلِک کر کے پڑھی جا سکتی ہے

اقوامِ متحدہ کی سکيوريٹی کونسل کی قرارداد 21 اپريل 1948ء

اقوامِ متحدہ کے کميشن کی قرارداد 13 اگست 1948ء

اقوامِ متحدہ کے کميشن کی قرارداد 5 جنوری 1949ء

اقوامِ متحدہ کی سکيوريٹی کونسل کی قرارداد 14 مارچ 1950ء

اقوامِ متحدہ کی سکيوريٹی کونسل کی قرارداد 30 مارچ 1951ء

اقوامِ متحدہ کی سکيوريٹی کونسل کی قرارداد 24 جنوری 1957ء

اقوامِ متحدہ کی سکيوريٹی کونسل کی قرارداد 20 ستمبر 1965ء

حق پرست يہودی صيہونيوں کے زيرِ عتاب

يہ تو سب جانتے ہی ہيں کہ فلسطينی باشندے پچھلے 62 سالوں سے اسرائيل کی صيہونی حکومت کے ظُلم و ستم کا نشانہ بنتے آ رہے ہيں ۔ ايک حقيقت جو بہت کم لوگ جانتے ہيں يہ ہے کہ اسرائيل کے حق پرست يہودی باشندوں کو بھی صيہونی حکومت کے جھوٹے مقدموں کا شکار ہيں

يہاں کلک کر کے پڑھيئے اس کی ايک جھلک
Israel’s liberals face state prosecution

اسے کہتے ہيں “امن کی آشا”

بھارت کے شہرچندی گڑھ میں حریت راہنما میرواعظ عمر فاروق پاک بھارت تعلقات کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے کہ انتہا پسند ہندو پنڈتوں نے زور زور سے بولتے ہوئے ان پر حملہ کر دیا ۔ ان کے بال نوچے ۔ ان کی ٹوپی گرادی اور کپڑے پھاڑنے کی کوشش کی

یہ انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے تیسرے کشمیری رہنما پر حملہ ہے ۔ اس سے قبل سيّد علی گیلانی اور شبیر شاہ پر بھی حملے کئے جا چکے ہيں

اوباما کيلئے بڑا چيلنج

کيا امريکا کا صدر اوباما شرق الوسط کو جوھری اسلحہ خانہ سے پاک علاقہ بنا سکتا ہے ؟ يہ ايک بڑا سوال ہی نہيں بلکہ ايک بڑا چيلنچ بھی ہے

وِکی لِيکس [Wiki Leaks] کی طرف سے افغانستان ميں امريکا کی 9 سال سے جاری يلغار کے متعلق امريکی دستاويزات کے انکشاف نے تمام امريکيوں کو مبہوت کر رکھا ہے ۔ ان ميں ايسی بھی دستاويز ہے جس کے مطابق پاکستان کے خُفيہ والے افغانستان کے طالبان کو مالی امداد ۔ اسلحہ اور تربيت ديتے رہے ہيں

متذکرہ دستاويزات سے عياں ہونے والے کوائف کی درستگی ايک الگ مسئلہ ہے اور ان انکشافات کے اثرات نمودار ہونا ابھی باقی ہے مگر اس ابلاغی دھماکے نے ايک بڑی حيران کُن حقيقت کو امريکيوں اور باقی دنيا کے عوام کی نظروں سے اوجھل کر ديا ہے ۔ امريکی حکومت کے احتسابی ادارے [US Government Accountability Office (GAO)] نے مئی 2010ء ميں ايک سربستہ راز جس کی 32 سال سے حفاظت کی جارہی تھی جزوی طور پر غير مخفی [Partialy declassified] کيا جس کا عنوان ہے

‘Nuclear Diversion in the US? 13 Years of Contradiction and Confusion’,
تفصيل ميرے بلاگ “حقيقت اکثر تلخ ہوتی ہے ۔۔۔ Reality is Often Bitter ” پر يا يہاں کلِک کر کے پڑھيئے

جو چاہيں زرداری کريں

سُنا تھا کہ رنجيت سنگھ کی حکومت ميں سارا ظُلم رنجيت سنگھ نے نہيں کيا تھا بلکہ زيادہ تر احکامات رنجيت سنگھ کی ترِيمت کے بھائی کے چلتے تھے جسے عام زبان ميں سالا کہتے ہيں ۔ سالا بطور گالی بھی شايد اسی لئے استعمال ہوتا ہے ۔ ہمارے ملک ميں يہ حال ہے کہ

ناحق ہماری پارليمنٹ پہ تُہمت ہے خُود مُختاری کی
جو چاہے وہ زرداری کرے جمہوريت کو فقط بدنام کيا
سالے جو دو تھے پار کئے ۔ سوتيلے اپنے استوار کئے
خُفيہ اور آئی ايس آئی والے دبئی سے بے اختيار کئے

صدر آصف علی زرداری کی سفارش اور زرداری ہاؤس دبئی کے حُکم پر ٤ ماہ کے عرصہ میں دبئی ميں پاکستانی قونصلیٹ سے 150 ہندوستانیوں اور 86 امریکیوں کو پاکستان کے ویزے جاری کرنے کا اسکینڈل

پاکستان میں بلیک واٹر کی موجودگی کی خبروں اور بعض امریکیوں کی غیرقانونی اور مشکوک سرگرمیوں کے بعد قومی سلامتی کے اداروں کے دباؤ پر وزارت خارجہ نے امریکیوں کو ویزے کی اجراء کو آئی ایس آئی اور وزارت داخلہ کی کلیرنس سے مشروط کردیا ہوا ہے لیکن جن مشکوک امریکیوں اور ہندوستانیوں کو یہ ویزے دیئے گئے ہیں ان میں سے کسی بھی امریکی یا ہندوستانی شہری کی دستاویزات کو مذکورہ پراسس سے نہیں گزارا گیا

ایوان صدر کے دباؤ پر بعض امریکیوں کو چھُٹی کے روز قونصل خانہ کھُلوا کر ویزے جاری کروائے گئے

جن امریکیوں کو دبئی قونصل خانے سے غیرقانونی طور پر پاکستان کے ملٹی پل انٹری کے ویزے جاری کئے گئے ان میں ایک امریکی مرد کے علاوہ 6 ایسی امریکی خواتین بھی شامل ہیں جنہوں نے ویزا فارم میں اپنے دورہ پاکستان کا مقصد ایوان صدر یا زرداری ہاؤس کا وزٹ ظاہر کیا ہے ۔ امریکی خاتون مس کیتھلین مارگریٹ جن کا پاسپورٹ نمبر 208330960 ہے نے 3 مارچ 2010ء کو ویزے کے لئے درخواست دی اور ان کو اسی روز ویزا جاری کیا گیا۔ اس خاتون نے اپنے ویزا فارم میں دورہ پاکستان کا مقصد ایوان صدر اسلام آباد کا وِزٹ قرار دیا تھا اور انہیں 90 دن کا مَلٹی پَل اَينٹری وِِیزہ جاری کیا گیا ۔ دبئی قونصل خانہ کے مطابق ویزے کے اجراء کا حکم زرداری ہاؤس دبئی سے صدر مملکت کے سوتیلے بھائی اویس ٹپی نے جاری کیا تھا

دو مزید امریکیوں یعنی ایک خاتون مس میری جان پاسپورٹ نمبر 219245827 اور ایک مرد نیکولس لوئز پاسپورٹ نمبر 208266130 کو بھی اسی روز (3مارچ 2010) کو دبئی قونصل خانہ سے تین تین ماہ کے ملٹی پل اينٹری ویزے جاری کئے گئے اور ان دونوں کے لئے بھی حُکم زرداری ہاؤس دبئی سے اویس ٹپی نے جاری کیا تھا

اسی طرح 26 مارچ 2010ء کو 3 مزيد امریکی خواتین جن میں 2 بنیادی طور پر یوکرائن نژاد ہیں کو بھی پاکستان کے تين تين ماہ کے ملٹی پل اينٹری ویزے جاری کئے گئے ۔ مسز لیوبا ڈمبووسکی پاسپورٹ نمبر 217861895 ‘ مسز لاریسا ڈمبووسکی پاسپورٹ نمبر 212813645 اور مسز انجیلک اے ویکٹوریا نے بھی اپنے ویزے فارم میں اپنے دورہ پاکستان کا مقصد ایوان صدر اسلام آباد کی زیارت تحریر کیا ہے اور ان کو اسی روز بغیر کسی چھان بین کے ویزے جاری کرنے کا حُکم بھی زرداری ہاؤس دبئی سے اویس ٹپی نے جاری کیا تھا

صرف 5 روز بعد ایک اور امریکی خاتون مس نیکولی ورنیکا پاسپورٹ نمبر 203171445 کو بھی اسلام آباد اور کراچی کے دورے کے لئے 3 ماہ کا ملٹی پل اينٹری ویزہ جاری کیا گیا ۔ انہوں نے ویزہ فارم میں اپنے دورہ پاکستان کا مقصد ایوان صدر کی بجائے زرداری ہاؤس اسلام آباد تحریر کیا ہے

پراسرار سرگرمیوں میں ملوث امریکیوں نے پاکستان آنے کے لئے دبئی اور ایوان صدر اسلام آباد کا روٹ استعمال کرنا شروع کردیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سینکڑوں کی تعداد میں امریکی اور ہندوستانی اپنے ممالک میں ویزہ لینے کی بجائے دبئی کے راستے سے پاکستان پہنچ رہے ہیں

اِس کا ديرپا حل کيا ہے؟

ميں جانتا ہوں کہ مندرجہ ذيل خبر پڑھنے پر انٹرنيٹ صارف اس عمل کو جاہليت بھی قرار دے سکتے ہيں ليکن ميرا صرف ايک سوال ہے کہ اِس کا حل کيا ہے ؟ کيا اپنے دين کی توہين اور قرآن شريف ميں تحريف برداشت کر لی جائے ؟

لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ نے گستاخانہ مواد کی اشاعت اور قرآن پاک میں تحریف کے الزامات پر 9 ویب سائٹس یاہو، ایم ایس این، ہاٹ میل، یو ٹیوب ، گوگل ، اسلام ایکسپوزڈ، ان دا نیم آف اللہ ، امیزون اور بنگ کو فوری طور پر بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت عالیہ بہاولپور بنچ نے بہاولپور کے ایک شہری محمد صدیق کی طرف سے دائر کردہ رٹ پٹیشن نمبر3246/2010 پر چیئرمین پی ٹی اے کو ہدایت جاری کی اور 28 جون کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ وفاق کی طرف سے ڈپٹی اٹارنی جنرل محمد حسین آزاد نے بھی رٹ پٹیشنر کے مؤقف کی تائید کی۔ جسٹس مظہر اقبال کی عدالت میں مدعی کے وکیل لطیف الرحمن ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اِن ویب سائٹس پر توہین آمیز موادموجود ہے، عدالت کو اس حوالے سے سی ڈی اور ریکارڈ بھی پیش کیا گیا، جس پر عدالت نے مذکورہ ویب سائٹس کو بلاک کرنے کا حکم دیا، ڈپٹی اٹارنی جنرل محمد حسین آزاد نے بتایا کہ انہوں نے پٹیشنر کی پٹیشن اور اس کا مطالبہ دیکھتے ہوئے عدالت میں خود استدعا کی کہ ان ویب سائٹس جن پر گستاخانہ مواد شائع کیا جارہا ہے کو فوری بلاک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان ویب سائٹس پر اس قسم کے مواد کا شائع ہونا نہایت قابل مذمت ہے اور مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہمارا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ ہم اس کی جتنی مذمت کریں اتنا کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے پٹیشنر اور میری استدعا پر ان ویب سائٹس کو بلاک کرنے کا حکم دیا۔ بعد ازاں صدر ہائیکورٹ بار اسلم دھکڑ نے کہا کہ عدالت نے تاریخی فیصلہ دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ بہاو لپور کے وکلا آج مکمل ہڑتال کریں گے اوراس سلسلہ میں خصوصی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔