اپنے معاشرے ميں جہاں اچھی روايات اور عادات پائی جاتی ہيں وہاں ميرے ہموطنوں کی بھاری تعداد ميں خواہ وہ کتنا ہی پڑے لکھے ہوں چند ايسی عادات پائی جاتی ہيں جو ميری سمجھ ميں آج تک نہ آسکيں
1 ۔ حقيقت کی نسبت افواہيں سننا زيادہ پسند کرتے ہيں ۔ اخباری اور ٹی وی بالخصوص بی بی سی اور اسی طرح کے فرنگی ذرائع ابلاغ پر بلا چُوں و چرا اعتبار کر ليتے ہيں مگر زمينی حقائق کو بغير غور و مطالعہ کے رَد يا نامنظور کر ديتے ہيں ۔ اگر کوئی اُن کی توجہ حقائق کی طرف دلانے کی کوشش کرے تو اُس کا تمسخر اُڑاتے ہيں ۔ بہت رعائت کريں تو کہہ ديں گے “کس دنيا ميں رہتے ہو ؟”
2 ۔ کوئی بات گھڑ کر دوسرے کو سنائيں گے ۔ سُننے والا شخص بغير غور اور تشخيص کے کسی دوسرے کو وہ من گھڑت خبر يا کہانی سنائے گا ۔ کچھ دن بعد ہر سننے اور سنانے والا اس من گھڑت خبر کو حقيقت ماننا شروع کر ديتا ہے
3 ۔ جو چيز ۔ جگہ يا ادارہ ايک شخص نے اندر تو کيا باہر سے بھی نہ ديکھا ہو گا اُس کے متعلق وہ غيرمصدقہ باتيں بڑے وثوق کے ساتھ بيان کرے گا
يہ بھولی بسری باتيں مجھے اسلئے ياد آئيں کہ کچھ ماہ قبل ايک بلاگ پر کچھ ايسے دلائل باوثوق طريقہ سے بی بی سی کے حوالے سے کچھ دلائلديئے گئے تھے جو زمينی حقائق سے ميل نہيں کھاتے تھے ۔ جس ادارے کا وہ ذکر کر رہے تھے ميں نے اپنی زندگی کا بہترين حصہ اُسی ادارے کی ملازمت ميں گذارا تھا
شايد جون يا جولائی 1965ء کی بات ہے کہ ميں کراچی ميں ورک سٹڈی ٹيکنيکس کورس کر رہا تھا ۔ ايک شام ميں اپنے ايک بزرگ جو 1947ء ميں حيدر آباد دکن سے ہجرت کر کے آئے تو کراچی ميں رہائش پذير ہو گئے تھے اُنہيں ملنے گيا ۔ اُن کے ساتھ اُن کے کوئی دوست بيٹھے تھے ۔ بزرگ نے ميرا تعارف اُن سے کراتے ہوئے کہا “يہ انجنيئر ہے اور پاکستان آرڈننس فيکڑيز ميں ملازم ہے”۔ موصوف طنزيہ بولے “وہ فيکٹری جو آج تک لِپ سٹک پاؤڈر کے علاوہ کچھ نہيں بنا سکی”
وہ بزرگ تھے اور ميری اُن سے جان پہچان بھی نہ تھی دوسرے ميں بداخلاق نہيں ہوں اسلئے خاموش رہا
بات ہے شروع 1970ء کی دہائی کی ۔ ميں واہ سے کسی ذاتی کام کے سلسلہ ميں راولپنڈی گيا اور واپس ويگن پر آ رہا تھا ۔ ميرے آگے والی نشست پر ايک صاحب بڑے وثوق کے ساتھ پاکستان آرڈننس فيکٹريز کی ويپنز فيکٹری کے متعلق باتيں کر رہے تھے ۔ ميں غور سے سُنتا رہا ۔ وہ صاحب کچھ خود ساختہ خامياں بتا رہے تھے اور کچھ ايسی چيزوں کا وہاں بننے کا ذکر کر رہے تھے جو وہاں کبھی نہيں بنيں تھيں ۔ جب من گھڑتی کی انتہاء ہو گئی تو ميں نے پوچھا “معاف کيجئے گا ۔ آپ ويپنز فيکٹری ميں کام کرتے ہيں ؟”
جواب ملا “نہيں”
ميں نے پوچھا “آپ کبھی ويپنز فيکٹری کے اندر گئے ہيں ؟”
جواب ملا “نہيں”
ميں نے پوچھا “آپ کو کوئی دوست يا رشتہ دار فيکٹری ميں کام کرتا ہے ؟”
جواب ملا “نہيں”
اس پر ميں نے کہا “ويپنز فيکٹری جس کا آپ ذکر کر رہے تھے ميں اس کا پروڈکشن منيجر ہوں”
اس کے بعد وہ صاحب چُپ بيٹے رہے
ويسے وہ زمانہ پھر بھی اچھا تھا ۔ آجکل تو لوگ اپنی غلط بات درست ثابت کرنے کيلئے جان لڑا ديتے ہيں
يہ بات 1990ء يا 1991ء کی ہے کہ ميں ايک دوست سے ملنے گيا جو ايم ايس سی انجنيئرنگ ہيں اور انجنيئرنگ کالج لاہور ميں ميرے ہمجماعت تھے ۔ اُن کے پاس ايک جوان بيٹھا تھا ۔ ميرے ساتھ عليک سليک کے بعد ميرے دوست نے اُس جوان سے کہا “تمہاری قسمت اچھی ہے ۔ اجمل صاحب آ گئے ہيں تم ان سے سيکھ سکتے ہو”
اُس جوان نے مايوس سی شکل بناتے ہوئے کہا “يہ نئی ٹيکنالوجی ہے ۔ بڑی عمر کے لوگوں کی سمجھ سے باہر ہے” اور اُٹھ کر چلا گيا
اُس کے چلے جانے کے بعد ميں نے اپنے دوست کو سواليہ نظروں سے ديکھا تو وہ بولے “ہمارے ہمسائے کا بيٹا ہے ۔ بدقسمت ہے ۔ آج کے جوان اپنے آپ کو بہت ذہين اور عِلم والا سمجھتے ہيں ۔ کمپيوٹر کے بارے ميں بات ہو رہی تھی اور کہہ رہا تھا کہ ميں سيکھنا چاہتا ہوں مگر پاکستان ميں اس ٹيکنالوجی کا اُستاد نہيں ہے جو مجھے سمجھا سکے اور ميرے سوالوں کا جواب دے سکے”