Category Archives: معاشرہ

عوام کے دوست یا دُشمن ؟

یہ جو 3 نومبر 2016ء کو اسلام آباد بند کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ کیا یہ عوام کے دوست ہیں یا دُشمن ؟

2014ء میں جب عمران خان ۔ طاہر القادری ۔ شیخ رشید اور اُن کے پیروکار اسلام آباد کی شاہراہِ دستور پر دھرنا دیئے ہوئے تھے ۔ میرے کئی کام اُن دفاتر میں نہ جا سکنے کی وجہ سے رُکے رہے جن کے راستے پر وہ بیٹھے تھے
اُن علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے بچے تین چار ماہ سکول نہ جا سکے اور خواتین گھروں میں قید ہو کر رہ گئیں
اُن علاقوں کے دکانداروں کا کاروبار بند رہا ۔ کھوکھے ۔ ریڑھی اور خوانچے والوں کے بیوی بچے فاقوں تک پہنچ گئے تھے
عمران خان شام کو آ کر لڑکیوں کو نچا کر گھر چلا جاتا تھا
خیبر پختونخوا کے وزیر اور اراکین اسمبلی سرکاری گاڑیوں پر آتے سرکاری خرچ پر رہتے اور شام کو میلہ سجانے شاہراہِ دستور پر پہنچ جاتے
طاہر القادری کے پیروکار وہاں 24 گھنٹے موجود رہتے تھے ۔ عمران خان اور شییخ رشید کے مقامی پیروکار شام کو میلہ سجانے آتے تھے البتہ خیبر پختونخوا سے لائے گئے عوام وہاں موجود رہتے تھے
ایسے جلسوں میں آنے والے زیادہ تر 3 قسم کے لوگ ہوتے ہیں ۔ سرکاری خرچ پر آئے ہوئے لوگ ۔ کرائے کے لوگ اور تماش بین جو ہر جلسے میں پہنچے ہوتے ہیں

شاہراہِ دستور کے طویل دھرنے پر کروڑوں روپیہ خرچ کیا گیا تھا ۔ ناجانے وہ پیسہ کہاں سے آیا تھا ۔ لوگوں کی شوکت خانم ہسپتال کیلئے دی ہوئی زکوٰۃ اور صدقات کا تھا یا کسی پاکستان دُشمن غیرمُلکی ایجنسی نے دیا تھا
اپنی حلال کی کمائی تو کوئی ایسے ضائع نہیں کرتا

اب عمران خان اور شیخ رشید اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں گویا اسلام آباد کے 6 لاکھ لوگ جن میں بوڑھے ۔ عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں کو قید کرنا چاہتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ہزاروں لوگ جو روزانہ روزگار کے سلسلہ میں اسلام آباد آتے ہیں اُن کا روزگار بند کرنا چاہتے ہیں

جس الزام کی بنیاد پر عمران خان اسلام آباد بند کرنا چاہتا ہے اُسی کا مقدمہ سپریم کورٹ اورالیکشن کمیشن میں کیا ہوا ہے جن پر کاروائی کیلئے یکم اور 2 نومبر کو حاضر ہونے کے نوٹس عمران خان اور نواز شریف کے ساتھ باقی متعلقہ لوگوں کو پہنچ چکے ہیں ۔ پھر سڑکوں پر احتجاج اور اسلام آباد بند کرنے کا کیا جواز ہے ؟

جو آدمی دفتر نہ جائے ۔ دفتر کا کام نہ کرے ۔ کیا اُسے تنخواہ ملتی ہے ؟ کیا وہ تنخواہ کا حقدار ہوتا ہے ؟
عمران خان کا انصاف اور دیانتداری یہ ہے کہ جس اسمبلی کو وہ نہیں مانتا اور جس میں وہ کبھی کبھار صرف رُونمائی کیلئے جاتا ہے ۔ اُس کی ہر ماہ پوری تنخواہ لیتا ہے اور اُس کی ساری مراعات بھی لیتا ہے
اپنے اس کردار کے ساتھ عمران خان دوسروں پر بد دیانتی کے الزامات لگاتا ہے

شاید اِسی لئے پرانے زمانے میں جو شخص بہت چالباز ہو اُسے ”سیاستدان“ کہتے تھے

کالا نُکتہ

ایک نیک بزرگ نے دیوار پر ایک بڑا سا سفید کاغذ لگا کر اس پر کالی سیاہی سے ایک نقطہ لگا دیا
پھر لوگوں کو بُلا کر پوچھا ”آپ کو دیوار پر کیا نظر آ رہا ہے ؟“
سب نے کہا ”کالا نُکتہ “۔
بزرگ بولے ”کمال ہے ۔ آپ میں سے کسی کو اتنا بڑا سفید کاغذ نظر نہیں آیا اور ایک کالا نُکتہ نظر آ گیا ہے“۔

یہی حال انسان کا ہے کہ کسی کو اُس کی ساری زندگی میں کی ہوئی ڈھیروں اچھائیاں نظر نہیں آتیں لیکن ایک چھوٹی سی بُرائی نظر آ جاتی ہے

احساسِ کمتری یا وطن دُشمنی ۔ بیکن ہاؤس سکول سِسٹم

میرے عِلم میں یہ بات آئی ہے کہ بیکن ہاؤس سکول سِسٹم نے طلباء کے والدین کو ایک خط بھیجا جس پر 22 اگست 2016ء کی تاریخ ہے
یہ خط طالب عِلموں کے نظم و نسق کے متعلق ہے
اس خط کا پانچواں نقطہ یہ ہے
Foul language is NOT ALLOWED within and outside the school premises, in the morning, during the school hours beaconhouse and after home time. Foul language includes taunts, abuses, Punjabi and the hate speech.

پنجابی زبان کو گندھی زبان کے تحت لکھا گیا ہے اور طنز ۔ گالی ۔ نفرت انگریز تقریر کے برابر کہا گیا ہے
اس طرح ایک طرف مُلک کی قومی زبان کے بعد پاکستان میں سب سے زیادہ بولی اور سمجھی جانے والی زبان کی توہین کی گئی ہے تو دوسری طرف دُنیا کے 9 کروڑ پنجابی بولنے والوں کی توہین کی گئی ہے

یہاں یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ سکول کے کرتا دھرتا شدید قسم کے احساسِ کمتری میں مُبتلاء ہیں ۔ جس زبان کو آجکل پنجابی کہا جاتا ہے یہ صرف صدیوں پرانی ہی نہیں بلکہ پنجابی ادب کا معیار بہت اُونچا ہے اور پرانے زمانہ میں اس زبان میں بہت سا صوفیانہ کلام بھی لکھا گیا ہے ۔ بابا فرید ۔ بابا بھُلہے شاہ اور اُستاد محمد بخش کے صوفیانہ کلام بین الاقوامی شہرت رکھتے ہیں

میں بہت پہلے لکھ چکا ہوں کہ جس زبان کا نام 200 سال قبل اُردو رکھا گیا اس نے اُسی لاہور میں جنم لیا جسے آج پنجابی کا گھر کہا جاتا ہے اور پنجابی کو اُردو کی ماں کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا ۔ پنجابی دنیا میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں گیارہویں نمبر پر ہے
1 ۔ چینی ۔ ایک ارب 10 کروڑ
2 ۔ انگریزی ۔ 33 کروڑ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 3 ۔ ہسپانوی ۔ 30 کروڑ
4 ۔ اُردو ۔ 25 کروڑ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 5 ۔ عربی ۔ 20 کروڑ
6 ۔ بنگالی ۔ 18 کروڑ 50 لاکھ ۔ ۔ ۔ ۔ 7 ۔ ولندیزی ۔ 16 کروڑ
8 ۔ روسی ۔ 16 کروڑ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 9 ۔ جاپانی ۔ 12 کروڑ 50 لاکھ
10 ۔ جرمن ۔ 10 کروڑ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 11 ۔ پنجابی ۔ 9 کروڑ
12 ۔ جاوانیز ۔ 8 کروڑ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 13 ۔ فرانسیسی ۔ 7 کروڑ 50 لاکھ
۔
حیرت تو یہ ہے کہ پنجابی بیکن ہاؤس سکول سِسٹم کے مالکوں کے آباؤ اجداد کی زبان بھی ہے

بیکن ہاؤس سکول سِسٹم نے اپنی آفِیشِیئل ویب سائٹ پر وضاحت اِن الفاظ میں کی ہے

We are NOT going to disown the circular that has been shared on social media, but we need to STRONGLY clarify (which anyone who reads English can easily understand from context) that our School Head in Sahiwal was referring to a ban on profanity and cursing in Punjabi,

گویا پڑھنے والوں کو انگریزی کی سمجھ نہیں آئی ۔ beaconhouse-2بیکن ہاؤس سکول سِسٹم کے کارپرادزوں کی آنکھ سے دیکھتے تو اُنہیں Punjabi کی بجائے Punjabi cursesلکھا ہوا نظر آتا جبکہ curses کا لفظ وہاں موجود ہی نہ تھا ۔
اس وضاحت سے ایک اور سوال جنم لیتا ہے کہ ”کیا گالی صرف پنجابی میں ہی گندی ہوتی ہے کسی اور زبان میں نہیں ؟“

اس پاکستانیوں سے اربوں روپے کمانے والے سکول سِسٹم کی فاؤنڈر اور ڈائریکٹر ہیں بیگم نسرین محمود قصوری جو قوم کی سب سے زیادہ ہمدرد ہونے کی دعویدار سیاسی جماعت تحریکِ انصاف کے ایک اہم راہنما خورشید محمود قصوری کی بیوی ہیں

خاوند بیوی کا رشتہ

خاوند بیوی کا روحانی ساتھی ہے
بیوی جب پریشان ہوتی ہے تو خاوند اس کی بات تحمل کے ساتھ سُنتا ہے اور جب بیوی روتی ہے تو اسے سہارا دیتا ہے
کبھی کبھی پیار میں خاوند بیوی کے ساتھ دل لگی بھی کرتا ہے
خاوند بیوی کا صرف پیار کرنے والا نہیں ہوتا بلکہ بیوی کا بہترین اور قابلِ اعتماد دوست ہوتا ہے جسے بیوی غیر مشروط پیار کرتی ہے جب وہ دن بھر کی تھکی ہوئی ہوتی ہے تو اُس کے چہرے پر مُسکراہٹ لاتا ہے
جس کی عدم موجودگی میں وہ اُس کے حق میں دعا کر سکتی ہے کیونکہ خاوند اور بیوی کے باہمی دعا کرنے سے زیادہ رومانی ۔ محافظ اور پیارا کوئی اور عمل نہیں ہے
اللہ ہمارے اس باہمی رشتے میں برکت ڈالے

بلاعیب خاندان

کوئی خاندان بلاعیب نہیں ہوتا
خاندان میں جھگڑا ہوتا ہے لڑائی ہوتی ہے
بعض اوقات آپس میں بول چال بھی بند ہو جاتی ہے
لیکن آخر کار خاندان خاندان ہی ہوتا ہے
ان میں باہمی محبت ختم نہیں ہوتی
اسی لئے کسی نے لکھا ہے
اپنا ہے پھر بھی اپنا ۔ بڑھ کر گلے لگا لے
اچھا ہے یا بُرا ہے ۔ اپنا اسے بنا لے